Tag: ممنون حسین

  • صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اکیس اپریل کو طلب کر لیا

    صدر مملکت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اکیس اپریل کو طلب کر لیا

    اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اکیس اپریل صبح نو بجکر پچیس منٹ پر طلب کرلیا۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے چینی صدر ژی جن پنگ خطاب کریں گے۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم ،وفاقی کابینہ کے اراکین ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان ،بیوروکریٹس اورغیر ملکی سفیر شریک ہوں گے۔

    تمام مہمانوں کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں جن میں انہیں بروقت شرکت کی تاکید کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق چین کے صدر پاکستان اور خطے کے بارے میں چین کی پالیسی کا اعلان کریں گے ۔

    ان کا خطاب دنیا بھر میں براہ راست نشر کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ چینی صدر اپنی اہلیہ سمیت ساٹھ رکنی وفد کے ہمراہ کل پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

    اسلام آباد پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا جس کےلئے تیاریوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔علاوہ ازیں عمران خان چینی صدر سے کل اہم ملاقات کریں گے۔

    تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان چینی صدر ژی جن پنگ سے کل اہم ملاقات کریں گے،دو طرفہ تعلقات سمیت اہم امور پر بات چیت ہو گی۔

    ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چینی صدر کی پاکستان آمد کے موقع پر پارٹی چیئر مین عمران خان ان سے کل شام ساڑھے چھ بجے اہم ملاقات کریں گے۔

    ملاقات میں وائس چیئر مین شاہ محمود قریشی بھی شریک ہوں گے،ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت خطے میں جاری اہم معاملات اور امور زیر غور آئیں گے۔ذرائع کے مطابق یہ ملاقات اسلام آباد کے نجی ہوٹل میں ہو گی۔

  • سری لنکن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرےگی، سری لنکن صدر

    سری لنکن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرےگی، سری لنکن صدر

    اسلام آباد : سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرےگی۔

    تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کے موقع پرسری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرےگی۔

    صدر پاکستان ممنون حسین سے سری لنکن صدر میتھری پالاسری سینا نے اسلام آباد میں ملاقات کی، اس موقع پر صدرممنون حسین نے کہا کہ لاہورمیں سری لنکن ٹیم پرحملہ افسوسناک واقعہ تھا، ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ اس طرح کا کوئی واقعہ رونما نہ ہو ۔

    سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کا خیر مقدم کرتے، آئندہ اس قسم کا واقعہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    اس موقع پر سری لنکن صدر نے کہا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرےگی۔

    واضح رہے کہ 2009 میں لاہور کے ایک مقامی ہوٹل سے  قذافی اسٹیڈیم جاتے ہوئے سری لنکن ٹیم پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔

    سانحے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ خوش قسمتی سے سری لنکن کرکٹ ٹیم محفوظ رہی، جس کے بعد سے اب تک سیکیورٹی خدشات کے باعث کسی بیرونی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

  • صدر مملکت نے عدالتی کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا

    صدر مملکت نے عدالتی کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا

    اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے عام انتخابات دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن کے قیام کا آرڈیننس جاری کردیا ہے۔

    آرڈیننس کا اطلاق پورے پاکستان پر ہوگا اور وہ فوری طور پر نافذالعمل ہوگا۔آرڈیننس کے مطابق وفاقی حکومت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لئے آرڈیننس کے اجراء کے تین دن کے اندر چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استدعا کرے گی، جس کے نتیجے میں چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کے لیے تین ججوں اور چیرمین کا نام تجویز کریں گے۔

    اگر چیف جسٹس خود کمیشن کا حصہ ہوئے تو وہ چیئرمین کے فرائض سرانجام دیں گے۔کمیشن ان نکات کا جائزہ لے گا کہ کیا عام انتخابات دو ہزار تیرہ کا انعقاد غیرجانبدارانہ، دیانتدارانہ ، شفاف اور قانون کے مطابق تھا؟

    کیا اس انتخابی عمل میں منظم اور سوچی سمجھی کا دھاندلی کا اہتمام کیا گیا؟ کیا دو ہزار تیرہ کا انتخاب مجموعی طور پر عوامی مینڈیٹ کا عکاس ہے یا نہیں؟ان نکات کی تحقیقات کے لیے کمیشن کو فوجداری عدالت کے اختیارات حاصل ہوں گے اور وہ ضابطہ فوجداری اور دیوانی کے قوانین کے مطابق کا م کرے گا۔

    کمیشن کسی بھی شخص کو معلومات، دستاویزات، نکات یا مواد فراہم کرنے کا حکم دے سکتا ہے جو تحقیقات کے لیے ضروری ہوسکتی ہے۔کمیشن کو کسی کو سزا دینے کے وہی اختیارات ہوں گے جو سپریم کورٹ کو حاصل ہورتے ہیں۔

    جو شخص کمیشن کی کارروائی کا رخ موڑنے کی کوشش کرے یا اس میں روکاٹ پیدا کرے یا کمیشن کی ہدایات کے خلاف عمل کرے یا کمیشن یا اس کے کسی رکن کو بدنام کرے یا ان کے خلاف کو ئی ایسی بات کرے جس سے نفرت ، تضحیک یا توہین کا اظہار ہو یا کوئی ایسا عمل کرے جس سے کمیشن کسی کارروائی متاثر ہو یا کوئی ایسا اقدام کرے جس سے توہین عدالت ہوتی ہو تو کمیشن سپریم کورٹ کی طرح توہین عدالت کی سزا سنا سکتا ہے ۔

    تاہم کمیشن کی رپورٹ پر درست جو تبصرے جو نیک نیتی سے عوامی دلچسپی کے لیے کیے جائیں گے ، توہین کمیشن کے زمرے میں نہیں آئیں گے۔

  • کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا، ممنون حسین

    کرپشن نے ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا، ممنون حسین

    اسلام آباد : صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کرپشن نے اس ملک کو دیمک کی طرح چاٹ لیا ہے۔ بڑے بڑے خاندان کرپشن میں ملوث پائے جاتے ہیں۔

    ایوان صدر میں نیب کے زیراہتمام واک کا اہتمام کیا گیا۔ واک کی قیادت صدر مملکت اور چئیرمین نیب قمر الزمان چوہدری نے کی۔ واک میں سفارت کاروں کے علاوہ کاروباری کمیونٹی اور سرکاری اداروں کے افسروں نے بھی شرکت کی۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ دو ہزار آٹھ میں پاکستان پرسولہ ہزار سات سو ارب روپے کا قرضہ تھا ۔ مسلم لیگ ن نے جب حکومت سنبھالی تو ملکی قرضہ چوبیس ہزار آٹھ سو ارب روپے تک پہنچ چکا تھا۔

    پاکستان میں کرپشن کے خلاف جذبات موجود ہیں اور سب کو مل کر اس کے خلاف آواز اٹھانی چاہئیے۔ انہوں نے واک میں موجود سفارت کاروں کو کہا کہ وہ اپنے ممالک کو بتائیں کہ پاکستانی قوم کرپشن کے خلاف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ملک میں کرپٹ لوگ سینہ تان کر چلتے ہیں۔اگر ایمانداری کو ترجیح دی جائے تو چہرے پر رونق کے ساتھ ساتھ خوشحالی بھی آئے گی۔

  • شکارپوردھماکے پرصدروزیراعظم و دیگرکا اظہارمذمت

    شکارپوردھماکے پرصدروزیراعظم و دیگرکا اظہارمذمت

    کراچی : شکار پور میں ہونے والے ہولناک واقعے پر سیاسی اور مذہبی شخصیات نے شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیاہے۔

     تفصیلات کے مطابق صدرپاکستان ممنون حسین اور وزیرداخلہ چوہدری نثاراحمد نے امام بارگاہ دھماکے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا

      وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دھما کے کی مذمت کرتے ہو ئے اسے انسان دشمنی سے تعبیر کیا ۔ ۔شکار پور دھماکے پر ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ دھماکا کرنیوالے انسان نہیں حیوان ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد معصوم لوگوں کو نشانہ بنا کر خوف کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں۔

    تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے امام بارگاہ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے انتہائی درجے کی سفاکیت ہے۔

    پاکستان عوامی تحریک کے سر براہ ڈاکٹر طاہر القادری نے شہید ہونیوالوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکومت کی رٹ کا وجود ہی نہیں ہے ،امن کی مسلسل دھجیاں بکھیری جا رہی ہیں ۔

    دھماکے کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سمیت دیگر سیاسی اور مذہبی رہنماؤں نےدھماکے پر گہرےدکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

  • شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکے انتقال پراہم شخصیات کا اظہارافسوس

    شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکے انتقال پراہم شخصیات کا اظہارافسوس

    اسلام آباد: صدر ممنون حسین اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سعودی فرمانرواشاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف جنازے میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

    سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کے انتقال پر صدر ممنون حسین نے اظہار تعزیت کیا ہے اور کہا ہے کہ شاہ عبداللہ کاانتقال امت مسلمہ کےلیےناقابل تلافی نقصان ہے۔

    وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانیوں کے دلوں میں شاہ عبداللہ کاخاص مقام تھا۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی شہلا رضا نے شاہ عبداللہ کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نےبھی اظہار افسوس کرتے ہوئے سعودی شاہی خاندان سےاظہارتعزیت کیا ہے۔عمران خان اور طاہر القادری نے بھی خادم حرمین شریفین کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے بھی سعودی فرمانروا کی رحلت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اورگورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب نے کا کہنا ہے شاہ عبداللہ کی وفات سے پاکستان بہترین دوست سے محروم ہوگیا،وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی خادم حرمین شریفین کے انتقال ہر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

  • صدرممنون حسین سے کے الیکٹرک کے وفد کی ملاقات

    صدرممنون حسین سے کے الیکٹرک کے وفد کی ملاقات

    اسلام آباد :صدر ممنون حسین نے کےالیکٹرک کے وفد کی ملاقات کی ۔ ملاقات میں صدر مملکت نے کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی میں ساٹھ فیصدلائن لاسز پر قابو پانے کے عمل کو قابل تعریف قراردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صدر ممنون حسین نے کےالیکٹرک کے وفد کی ملاقات کی ۔ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ کےالیکٹرک جدیدٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر عوام کو سہولتیں فراہم کرے۔

    صدر مملکت نے کے الیکٹرک کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں لائن لاسز پر قابو پانا قابل تعریف بات ہے۔۔

    انھوں نے مزید کہا کہ حکومت بجلی کی کمی پورا کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے۔اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے بلا تعطل بجلی کی فراہمی ضروری ہے۔

  • دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی،ممنون حسین

    دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی،ممنون حسین

    اسلام آباد :صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد پشاور جیسے واقعات سے حکومتی عزم کمزور نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اخری دم تک جنگ جاری رہے گی۔

    ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے لکھی گئی کتاب کی تقریب رو نمائی سے خطاب کر تے ہوئے کیا، صدر پاکستان نے کہا کہ حکومت دہشت گردی پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی، دہشت گردوں کو ان کے بلوں سے نکال کر مارا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بہادر قوم ہیں اس طرح کے بزدلانہ اقدامات سے ہمارا عزم کمزور نہیں کیا جا سکتا، انہوں نے کہا کہ پشاور میں معصوم جانوں سے کھیلنے والے کبھی نہیں بچ سکیں گے، صدر نے کہا کہ پاکستان کو چین کے ساتھ دوستی پر فخر ہے دونوں ممالک کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی آزمائش کی ہرگھڑی میں پوری اتری ہے، ان کا کہنا تھا کہ چین کے صدر نے اپنی کتاب میں ترقی اچھی طرز حکمرانی کی صحیح نشاندہی کی ہے پاکستان میں چین کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی احترام اعتماد پر مبنی ہے دونوں قریبی ہمسائے اور مظبوط دوست ہیں جن کی دوستی مزید مستحکم ہو گی۔

    انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے، پاک چین انسٹی ٹیوٹ کے چیئر مین مشاہد حسین سید نے کہا کہ کرپشن پر قابو پانے اور اچھی گورننس کے لئے چین کے صدر کی کتاب اہم تحفہ ہے۔

    چین علاقائی سے عالمی طاقت بن گیا ہے، انہوں نے کہا کہ چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر ملک کو ترقی اور امن کے راستے پرڈالا جا سکتا ہے، مشاہد حسین نے کہا کہ چین کے صدر کی کتاب کا اردو میں ترجمہ کیا جائے گا۔

  • بلدیاتی انتخابات :صدرِپاکستان نے دو ترمیمی آرڈیننس جاری کردیئے

    بلدیاتی انتخابات :صدرِپاکستان نے دو ترمیمی آرڈیننس جاری کردیئے

    اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے ملک میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے دو ترمیمی آرڈیننس جاری کردیے۔ترمیمی آرڈیننس دو ہزار چودہ ملک میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔

    صدارتی آرڈیننس کے مطابق الیکشن کمیشن کو بلدیاتی حلقہ بندیاں کرنے کے اختیارات حاصل ہوگئے ہیں ۔الیکشن کمیشن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بلدیاتی حلقہ بندیوں کا کام جلد مکمل کرے۔

    اس کے علاو ہ حلقہ بندیوں سے متعلق تنازعات کے حل کا اختیار بھی الیکشن کمیشن کو مل گیا ہے۔ ترمیمی آرڈیننس دو ہزار چودہ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے ووٹر لسٹوں کی تیاری کا کام بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہوگی۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ انتیس اکتوبر تک مستقل چیف الیکشن کمشنر کا تقررکردیا جائے بصورت دیگر سپریم کورٹ اپنے جج کی خدمات واپس لے لے گی۔

  • نوبل انعام سے بچوں کےحقوق کیلئےجدوجہدکی ہمت ملی، ملالہ یوسف زئی

    نوبل انعام سے بچوں کےحقوق کیلئےجدوجہدکی ہمت ملی، ملالہ یوسف زئی

    برمینگھم: ملالہ یوسف زئی نے کہا ہے کہ نوبل انعام ملنےکایقین نہیں آرہا، بطورپاکستانی یہ اعزازملنےپرفخرہے۔

    امن کے نوبل انعام حقدار پاکستانی شخصیت ملالہ یو سف زئی نے پریس کا نفرنس میں کہا کہ پا کستانی عوام دہشت گرد تنظیمو ں کو سخت نا پسند کرتے ہیں، انہو ں نے مزید کہاکہ مجھے نو بل انعام کی اطلا ع اسکو ل میں ملی۔ میں تمام کلاسسز لینے کے بعد اسکول سے روانہ ہو ئی۔ پاکستانی عوام دہشت گرد تنظیموں کیخلاف ہیں،  پاک بھارت سرحدی کشیدگی دونوں مما لک کیلئے بہتر نہیں، دونوں ممالک اپنی توجہ تعلیم پر مرکوز کریں۔

    ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ بھرپور تعاون پر میں اپنے والدین کا شکریہ ادا کرتی ہوں، میرے والد نے مجھے قید نہیں رکھا بلکہ تعلیم حاصل کرنے کیلئے آزادی دی، یہ صرف ایک ایوارڈ نہیں، مجھے اس سے یہ احساس ملا ہے کہ میں ایک آزاد لڑکی ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کو ایک ساتھ امن کا نوبل ایوارڈ دیا جانا امن اور محبت کا پیغام ہے، میں وزیر اعظم نواز شریف اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ یہ ایوارڈ دینے کے لئے ہونے والی تقریب میں شرکت کریں ، دونوں ممالک کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر میری خواہش ہے کہ دونوں ممالک امن قائم کریں ، اپنی عوام کی بہتری کے لئے اقدامات کریں اور یہ دونوں ممالک مل کر بچوں کے لئے تعلیم کا حصول ممکن بنائیں۔