Tag: مناسکِ حج

  • مناسکِ حج کا آغاز آج  ہوگا، لاکھوں عازمین وادی منیٰ روانہ

    مناسکِ حج کا آغاز آج ہوگا، لاکھوں عازمین وادی منیٰ روانہ

    مکہ مکرمہ : مناسک حج کا آغاز آج ہوگا، جہاں دنیا کی سب سےبڑی خیمہ بستی آباد ہوگی تاہم رکن اعظم وقوف عرفہ جمعرات کو ادا کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حج 2025 کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں، آج سے مناسک کا آغاز ہوگا اور شام سے عازمین وادی منیٰ پہنچنا شروع ہوجائیں گے۔

    جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی، عازمین وادیِ منی کی عارضی خیمہ بستی میں رات قیام کریں گے۔

    منی اورعرفات میں انتظامات مکمل ہیں، منی میں خیموں کے علاوہ دس منزلہ عمارت تعمیر کی گئی ہے، جہاں تیس ہزارعازمین قیام کرسکیں گے۔

    عازمین جمعرات 9 ذی الحجہ کو میدان عرفات جائیں گے، جہاں حج کارکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

    میدان عرفات میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر، عصر ملا کر اداکریں گے اور وقوف عرفات کے بعد حجاج کرام مغرب کے بعد میدان عرفات سے مزدلفہ پہنچیں گے جہاں حجاج کرام مغرب اورعشا کی نمازیں ادا کریں گے۔

    حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لئے کنکریاں اکٹھی کریں گے، 10ذی الحجہ کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد عازمین جمرات روانہ ہوجائیں گے۔ جمرات پر شیطان کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج قربانی کریں گے اور اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا۔

    جس کے بعد عازمین اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جب کہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔

    10ذی الحجہ کوحجاج کرام طواف زیارت اورسعی کریں گے اورمنیٰ لوٹ آئیں گے، 11 اور 12 ذی الحجہ کو حجاج منیٰ میں قیام اور رمی کریں گے۔

    12 ذی الحجہ کو مغرب سے قبل حجاج منیٰ سے نکل جائیں گے اور وطن واپسی سے قبل طواف الوداع کریں گے۔

  • منی میں مناسکِ حج کا آغاز ہوگیا

    منی میں مناسکِ حج کا آغاز ہوگیا

    منی: دنیا بھر سے حجاج کرام اپنے رب کی کبریائی بیان کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں جمرات کی شام غروبِ آفتاب کے ساتھ ہی منیٰ میں حج کے مناسک شروع ہوگئے ہیں۔

    کل سے غروبِ آفتاب کے ساتھ مناسک حج کا آغاز ہوگیا، حجاج کرام منیٰ میں عبادات میں مصروف ہیں، جمعہ کو عازمین حج میدانِ عرفات کیلئے روانہ ہونگے، جو حج کا رکن اعظم ہے، میدانِ عرفات میں خطبہ حج کے بعد ظہر اورعصر کی نماز ملاکر پڑھی جائیگی۔

    حجاج مغرب سے پہلے مزدلفہ کی طرف روانہ ہونگے، جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نماز اکٹھا پڑھیں گے، مزدلفہ میں ہی حجاج کرام شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکٹھی کرینگے، رات مزدلفہ میں گزارنے کے بعد چار اکتوبر کی صبح حجاج کرام منیٰ واپس روانہ ہونگے جہاں وہ رمی جمارکرینگے۔

    شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام اللہ کی راہ میں جانور قربان کرینگے، سر منڈوائیں گے اور احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے، مزید دو روز منیٰ میں ہی قیام کے بعد چار اکتوبر کو ہی حجاج کرام بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ مکرمہ جائینگے۔

    اتوار کو دوبارہ رمی جمار کریں گے اور پورا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے، چھ اکتوبر کو آخری بار تینوں شیطانوں کوکنکریاں مارنے کے بعد حجاج مغرب سے پہلےمنیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔