اسلام آباد : وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے لیگی رہنماؤں اورمریم نواز کو حکومت کے کامیاب جوان اور ن لیگ کے یوتھ پروگرام کے مناظرے کا چیلنج دے دیا اور کہا عوام فیصلہ کریں گے کونسا پروگرام بہتر ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن رہنما محسن رانجھا کی جانب سے حکومت پر منصوبوں میں نقل کے الزام کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے لیگی رہنماؤں اورمریم نوازکو چیلنج دے دیا ، عثمان ڈارنے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں مناظرے کا چیلنج دیا۔
عثمان ڈار نے کہا پوری ن لیگ بشمول مریم نواز، محسن رانجھا مناظرے کا چیلنج قبول کریں، حکومت کےکامیاب جوان،ن لیگ کے یوتھ پروگرام کا براہ راست مناظرہ کریں، کونسا پروگرام بہتر ہے فیصلہ عوام کریں گے۔
میں مسلم لیگ نواز کے تمام رہنماوں بشمول مریم نواز اور محسن رانجھا کو چیلنج کرتا ہوں کہ ARY کے پروگرام پاور پلے میں PTI حکومت کے کامیاب جوان پروگرام اور ن لیگ کے یوتھ پروگرام پر مناظرہ کریں! کونسا پروگرام بہتر فیصلہ عوام کرے گی@arsched @adeelraja @MaryamNSharif @MNAMohsinRanjha pic.twitter.com/O2lRwp5f3Q
— Usman Dar (@UdarOfficial) November 22, 2019
عثمان ڈاراور محسن رانجھا میں اےآروائی کے پروگرام میں بحث وتکرارہوئی تھی جبکہ عثمان ڈارنے اے آر وائی نیوز کا کلپ شیئرکرتے ہوئے مریم نوازکو بھی ٹیگ کیا تھا، مریم نوازلیگی دورحکومت میں یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن تھیں۔
یاد رہے 17 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے فلاحی منصو بے کامیاب جوان پروگرام کا افتتاح کیا تھا ، پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ایک لاکھ روپے تک کا بلاسود جبکہ پچاس لاکھ روپے تک کا کم شرح سود پر قرض مل سکے گا۔
وزیراعظم نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ ہوگا اپنے کاروبار کے لیے 10 لاکھ نوجوانوں کو قرضے دیے جائیں، کامیاب جوان پروگرام میں سفارش نہیں چلے گی، میرٹ پر کام ہوگا۔
بعد ازاں عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی کے یوتھ پروگرام سیاست کی نذر ہوئے تھے ، کوشش ہےدسمبر سے قرض کی فراہمی شروع ہوجائے، 21 سے 45سال تک کے نوجوان درخواست دے سکتے ہیں جبکہ ملازمت پیشہ نوجوان بھی پروگرام میں درخواست دے سکتے ہیں۔