اسلام آباد: حکومت کی جانب سے قومی بچت کی اسکیموں پر شرح منافع میں کمی کر دی گئی ہے ، جس کے باعث بیواؤں اور بزرگ پینشنرز کی آمدنی میں کمی ہوگئی ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے بعد حکومت نے قومی بچت اسکیموں کے منافع میں بھی کمی کردی ہے، منافعے میں کمی کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا۔
نئے ریٹس کے تحت بہبود سیونگ سرٹیفکیٹ پر صفر اعشاریہ چار آٹھ فیصد کمی کے بعد دس اعشاریہ آٹھ فیصد منافع ملے گا یعنی بیواؤں ،بزرگوں اور پینشنرز کو ایک لاکھ روپے کی سرمایا کاری پر ملنے والے منافع میں چالیس روپے کی کمی کر دی گئی ہے۔
ڈیفنس سیونگ سرٹیفیکیٹ پر منافع اعشاریہ پانچ آٹھ فیصد کمی سے آٹھ اعشاریہ نو دو فیصد، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر اعشاریہ چھ فیصد کمی سے سات اعشاریہ چھ فیصد اور سیونگ اکاونٹس پر منافع اعشاریہ چھ پانچ فیصد کمی سے چار اعشاریہ ایک فیصد کردیا گیا ہے۔