Tag: منتخب

  • جم یانگ کم دوسری بارورلڈ بینک کے صدر منتخب

    جم یانگ کم دوسری بارورلڈ بینک کے صدر منتخب

    واشنگٹن: جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے جم یانگ کم دوسری مدت کے لیے بھی عالمی بینک کے صدر منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق جم یانگ کم کے مقابلے میں کسی اور امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے جس کے بعد یہ بات یقینی ہوگئی ہے کہ یانگ کم ہی آئندہ پانچ سال کے لیے ورلڈ بینک کے صدر رہیں گے۔

    جم یانگ کم کی موجودہ مدت ملازمت 30 جون 2017 کو ختم ہوگی اور انہیں باضابطہ طور پر ورلڈ بینک کے صدر کے عہدے پر دوبارہ فائز کرنے کا فیصلہ 7 سے 9 اکتوبر تک ہونے والے سالانہ اجلاس 2016 میں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ 56 سالہ کم کورین نژاد امریکی شہری ہیں جنہوں نے بطور صدر ورلڈ بینک دنیا سے غربت کے خاتمے پر توجہ مرکوز رکھی اور انہیں عہدہ صدارت کے لیے امریکا، فرانس، جرمنی، چین اور دیگر بڑے ملکوں کی حمایت حاصل ہے۔

    جم یانگ کم 2012 میں پہلی بار ورلڈ بینک کے صدر بنے تھے تاہم ناقدین ورلڈ بینک کے صدر کے انتخاب کے طریقہ کار اور اس کی شفافیت پر سوالات اٹھاتے ہیں۔

    واضح رہے کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد عالمی معیشت کی بحالی کی غرض سے وجود میں آنے والے عالمی بینک کے غیر تحریر شدہ قانون کے مطابق اس کا سربراہ ہمیشہ ایک امریکی شہری ہوتا ہے جسے واشنگٹن کی جانب سے منتخب کیا جاتا ہے۔

  • پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مسعود خان آزاد کشمیر کے صدر منتخب

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مسعود خان آزاد کشمیر کے صدر منتخب

    آزاد کشمیر: آزاد کشمیر میں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مسعود خان 42 ووٹ لے کر صدر منتخب ہوگئے۔

    صدر کے انتخاب کے لیے آزاد کشمیر اسمبلی میں مسعود خان مسلم لیگ ن اور چوہدری لطیف اکبر پیپلز پارٹی کی جانب سے امیدوار تھے۔ مسعود خان کو 42 جبکہ چوہدری لطیف کو 6 ووٹ ملے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 48 اراکین جبکہ کشمیر کونسل کے 7 اراکین نے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

    دوسری جانب اپوزیشن کی جماعتوں مسلم کانفرنس اور تحریک انصاف نے صدارتی الیکشن کا بائیکاٹ کیا جبکہ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے سربراہ سردار خالد ابراہیم خان نے ابھی تک اسمبلی رکنیت کا حلف نہیں اٹھایا لہٰذا وہ اپنا ووٹ استعمال نہیں کر سکے۔

    نو منتخب صدر مسعود خان کا تعلق ضلع پونچھ کے شہر راولا کوٹ کے نواحی گاؤں کوٹ متے خان سے ہے۔

    سنہ 1980 میں وزارت خارجہ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے مسعود خان سفارتی دفتر میں مختلف عہدوں پر بیجنگ، ہیگ، نیویارک اور واشنگٹن میں تعینات رہے۔ وہ چین میں پاکستان کے سفیر رہے جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے بھی کام کر چکے ہیں۔

    سنہ 2003 سے 2005 کے دوران انہوں نے ترجمان وازرت خارجہ کے عہدے پر بھی کام کیا۔ وہ انسٹیٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اسلام آباد کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہ چکے ہیں۔

    واضح رہے کہ مسعود خان آزاد کشمیر کے 23ویں صدر منتخب ہوئے ہیں۔