Tag: منتشر

  • داعش منتشر ہوکر غیرمنظم تنظیم بن گئی، انجیلا مرکل نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کردیا

    داعش منتشر ہوکر غیرمنظم تنظیم بن گئی، انجیلا مرکل نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کردیا

    برلن : جرمن چانسلر انجیلا مرکل ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتےہوئے کہا کہ ’داعش سے شام و عراق کا بڑا رقبہ آزاد ہوچکا ہے لیکن وہ ختم نہیں ہوئے ہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن چانسلر انجیلا مرکل نے دارالحکومت برلن میں ملکی خفیہ ادارے کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا داعش کو مشرق وسطیٰ کے زیادہ تر علاقے سے بے دخل کیا جاچکا ہے لیکن وہ اب بھی سلامتی کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔

    انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ داعشی جنگجوؤں کو شام و عراق میں منتشر ضرور کیا گیا ہے جس کے بعد وہ ایک غیر منظم تنظیم میں تبدیل ہوگئے ہیں۔

    انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’میں امریکی صدر ٹرمپ کے دعوے سے اختلاف کرتی ہوں کہ داعش کو شام میں مکمل طور پر شکست دے دی‘۔

    انجیلا مرکل کا کہنا تھا کہ شام میں انٹیلی جنس معاملات کی نگرانی بی اینڈ ڈی (جرمنی کی خفیہ ایجنسی) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 19 دسمبر کو اعلان کیا تھا کہ ہم نے داعش کو شکست دے دی، اور آئندہ 30 دنوں میں امریکی فورسز شام سے نکل جائیں گی۔

    مزید پڑھیں: صدر ٹرمپ نے شام سے امریکی فوج واپس بلانے کا اعلان کردیا

    ایک ہفتے میں شام و عراق سے داعش کا مکمل خاتمہ کردیں گے، ٹرمپ

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ ایک ہفتے میں داعش کا مکمل خاتمہ کرکے 100 فیصد خلافت ہمارے پاس ہوگی۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے خطاب میں کہا کہ دہشت گردوں نے کچھ عرصے انٹرنیٹ کا استعمال ہم سے بہتر انداز میں کیا لیکن اب اس شعبے میں وہ اتنے اچھے نہیں رہے۔

    مزید پڑھیں : صدر ٹرمپ سے اختلافات، امریکی وزیر دفاع مستعفی ہوگئے

    شام سے امریکی فوج کے انخلا سے متعلق ٹرمپ کے بیان پر امریکی وزیر دفاع جیمزمیٹس اور دولت اسلامیہ مخالف اتحاد کے خصوصی ایلچی بریٹ میکگرک نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

    خیال رہے کہ داعش کے خلاف شام میں صدر باراک اوبامہ نے پہلی مرتبہ سنہ 2014 میں فضائی حملوں کا آغاز کیا تھا اور 2015 کے اواخر میں اپنے 50 فوجی بھیج کر باضابطہ شام کی خانہ جنگی میں حصّہ لیا تھا۔

  • کراچی: اساتذہ کا احتجاج منتشر کرنے کیلئے پولیس کا تشدد ،3اساتذہ زخمی

    کراچی: اساتذہ کا احتجاج منتشر کرنے کیلئے پولیس کا تشدد ،3اساتذہ زخمی

    کراچی: اساتذہ کی ریلی پر سندھ پولیس ٹوٹ پڑی لاٹھی چارج آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، متعدد استاتذہ کو حراست میں لے لیا۔

    قومی پرچم اٹھائے سندھ پروفیسر اینڈ لیکچر رزایسوسی ایشن کے اساتذہ نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا جن کا مطالبہ تھا کہ انہیں تنخواہیں ادا کی جائیں، سپلا مظاہرین نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کی جانب پیش قدمی شروع کی تو پولیس نے ڈی جے سائنس کالج کے قریب انہیں روک لیا۔

    ملازمین کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیا اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، پولیس نے نہتے اساتذہ پر واٹر کینن کا استعمال کرکے اساتذہ کی دھلائی کرڈالی دھلائی سے پولیس کا دل نہیں بھرا تو اساتذہ پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج شروع کردی۔

    پولیس تشدد سے خاتون سیمت تین اساتذہ زخمی ہوگئے ، جبکہ متعدد استاتذہ کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

    ڈی جے سائنس کالج کے باہر سندھ بھر کے کالج اساتذہ پر پولیس کی جانب سے تشدد اور واٹر کینن کے استعمال کے خلاف کل ملک بھر کے تمام سرکاری کالجوں میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    آل پاکستان پروفیسرز اینڈ لیکچرار ایسوسی ایشن نے اساتذہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے سپلا کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    ڈی جے سائنس کالج میں ہنگامی جنرل باڈی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سپلا سندھ کے صدر مرتضیٰ علی نے کہا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے کالج اساتذہ کو بھی چار درجاتی فارمولے کے تحت ترقیاں دی جائیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ بلاجواز واٹر کینن استعمال کی گئی ، جس کے بعد پچیس اپریل کو ڈی جے سائنس کالج میں سندھ کے اساتذہ کا جنرل کنونشن طلب کیا گیا ہے اور جنرل کنونشن کے بعد دوبارہ وزیراعلیٰ ہاؤس پر دھرنا دیں گے ۔

    اساتذہ رہنماؤں کاکہنا تھا کہ سیکریٹری تعلیم نے تضحیک آمیز زبان استعمال کی ہے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری تعلیم ریحان بلوچ پر سپلا نے کرپشن کے سنگین نوعیت کے الزام عائد کیے ہیں۔