Tag: منحرف اراکین

  • دیگر جماعتوں کے منحرف اراکین بھی ن لیگ کا ہی ٹکٹ چاہتے ہیں: جاوید لطیف

    دیگر جماعتوں کے منحرف اراکین بھی ن لیگ کا ہی ٹکٹ چاہتے ہیں: جاوید لطیف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ دیگر جماعتوں کے منحرف اراکین بھی ن لیگ کا ہی ٹکٹ چاہتے ہیں۔

    پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیگر جماعتوں سے منحرف ہونیوالے امیدوار بھی ن لیگ کا ہی ٹکٹ چاہتے ہیں، لیگ کے اندر الیکٹیبلز موجود ہیں۔

    لیگی رہنما  نے کہا کہ عدم اعتماد کے وقت ہونیوالی کمٹمنٹس کو پورا کیا جارہا ہے تاہم ن لیگ کا پارلیمانی بورڈ ہی حتمی فیصلے کررہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طلال چوہدری اور دانیال عزیز نے پارٹی کیلئے قربانیاں دی ہیں، ذاتی رائے ہے طلال چوہدری، دانیال عزیز کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

    جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اتنی بڑی جماعت میں کوئی ناراض ہوتا ہے اور کوئی راضی ہوتا ہے، جماعتوں کے اندر غصہ، ناراضی اور صلح کے معاملات چلتے رہتے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ بلاول کو جب آصف زرداری سنجیدہ لیں گے تب بلاول کی بات کا جواب ضرور دینگے، ہوسکتا ہے انتخابی جلسوں کا شیڈول کل ہی جاری کردیا جائے۔

  • پی ٹی آئی منحرف اراکین کا میئر الیکشن ووٹ کاسٹ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ

    پی ٹی آئی منحرف اراکین کا میئر الیکشن ووٹ کاسٹ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ

    پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے منحرف اراکین کے ہونے والے اجلاس میں میئر الیکشن ووٹ کاسٹ کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر  الیکشن سے قبل پی ٹی آئی کے اراکین کا   اجلاس ہوا، جس میں پی ٹی آئی کے 30 منحرف ارکان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یونین کونسل (یو سی) چیئرمین اسد امان کو اپنا پارلیمانی لیڈر نامزد کردیا ہے۔

    اراکین کا کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈر اسد امان جسے کہےگا اسے ووٹ کرینگے وہ کہے گا ووٹ نہیں کرنا تو نہیں کرینگے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یونین کونسل (یو سی) چیئرمین اسد امان نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ وہ 12 جون کے اعلان پر قائم ہیں، میئر کراچی کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہیں ڈالیں گے۔

    کراچی کی میئرشپ کے لیے الیکشن آج کراچی آرٹس کونسل میں منعقد ہوگا، میئر کراچی کے لیے مرتضیٰ وہاب پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں، جب کہ حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کے امیدوار ہیں۔

    ڈپٹی میئر کراچی کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار سلمان عبداللّٰہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

  • سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اپیلیں خارج کر دیں

    سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اپیلیں خارج کر دیں

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کی اپیلیں خارج کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی اپیلیں غیر مؤثر ہونے کی بنا پر خارج کر دیں۔

    سپریم کورٹ میں منحرف اراکین کی اپیلوں کی سماعت کے دوران عدالت میں پنجاب کے انتخابات کا ذکر بھی ہوا، چیف جسٹس نے ڈی جی الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کو شاید ہائیکورٹ نے پنجاب انتخابات کے حوالے سے حکم دیا ہے، تو ہائیکورٹ کے حکم کے بعد اب الیکشن کمیشن کیا کر رہا ہے؟

    ڈی جی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ای سی پی نے کل گورنر پنجاب سے مشاورت کی ہے، تاہم گورنر سے ملاقات کے منٹس ابھی وصول نہیں ہوئے، اس معاملے پر گورنر پنجاب شاید قانونی راستہ اپنائیں گے۔

    چیف جسٹس نے پھر استفسار کیا کہ کمیشن الیکشن کی تاریخ کے لیے گورنر سے کیوں مشاورت کر رہا ہے؟ جسٹس عائشہ ملک نے کہا آپ کو انتخابات کے لیے مشاورت کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟

    جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ شاید ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو گورنر سے مشاورت کا حکم دیا ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہائیکورٹ کا حکم ہے تو پھر الیکشن کمیشن مشاورت کرے۔

  • عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کردیا

    عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ چیلنج کردیا

    اسلام آباد : سابق وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس خارج ہونے کے فیصلے کیخلاف درخواست دائر کردی۔

    عمران خان کےوکیل فیصل چوہدری نےسپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جائے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے11مئی کومنحرف اراکین کیخلاف ریفرنسزخارج کیا، الیکشن کمیشن کاریفرنسزخارج کرنے کا فیصلہ غیرآئینی ہے۔

    عمران نے کہا کہ تمام ثبوت موجود تھےپھربھی عدم شواہدکی بنیادپرریفرنسز خارج ہوئے جمہوریت کےلیےہارس ٹریڈنگ اورفلورکراسنگ کےخلاف فیصلہ دینا چاہیے تھا۔

    درخواست میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الیکشن کمیشن اورراجہ ریاض کو فریق بنایا ہے۔

    یاد رہے 11 مئی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف نا اہلی ریفرنس مسترد کرتے ہوئے کہا گتھا کہ منحرف اراکین کے حوالے سے ٹھوس شواہد نہیں دیے جاسکے، آرٹیکل 63اےکےتحت ریفرنس ثابت نہیں کیا جا سکا۔

  • منحرف اراکین کا نااہلی ریفرنس مسترد : تحریک انصاف  کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    منحرف اراکین کا نااہلی ریفرنس مسترد : تحریک انصاف کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے منحرف اراکین کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کرتے ہوئے فیصلے کو احمقانہ قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے پر درعمل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کافیصلہ متوقع تھا، یہ بات واضح ہو چکی تھی کہ کیا فیصلہ آ رہا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے اور الیکشن کمشنر کے خلاف جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائرکریں گے۔

    پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ن لیگ کی بی ٹیم بن چکا ہے، الیکشن کمیشن سےکسی کوانصاف کی امیدنہیں رہی ، یہ سمجھ رہے ہیں کہ لوگ اندھے ہوگئے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ جو لوٹے ہوئےالیکشن کمیشن کہتاہے وہ آپ کاحصہ ہی ہیں، لوٹے اپنےحلقوں میں نواز شریف کی تصاویر لگاکر پھر رہے ہیں۔

    فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو احمقانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی لاقانونیت کے خلاف تحریک انصاف میدان میں آئے گی، یہ جنگ عوام کے ساتھ جیت کر دکھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امید ہےکہ سپریم کورٹ اس فیصلےکودیکھےگی، سپریم کورٹ سے اس فیصلے پرانصاف کی امید ہے ، اس مسئلے پر پی ٹی آئی نہیں پاکستان کا آئین نافذ ہوگا،

    منحرف ارکین کے حوالے سے سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنی پارٹی چھوڑکردوسری پارٹی جوائن کرلی تودوبارہ الیکشن لڑکرآئیں،ف کیا یہ بات عقل تسلیم کرتی ہے کہ لوٹے پی ٹی آئی میں ہیں؟ لوٹے ارکان کی وجہ سے سارا بھونچال ہوا، اب کہا جارہاہے یہ لوٹےآپ کی پارٹی میں ہیں۔

  • نااہلی ریفرنس : تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی استدعا

    نااہلی ریفرنس : تحریک انصاف کے منحرف اراکین کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی استدعا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے منحرف اراکان نے الیکشن کمیشن میں تحریری جوابات جمع کرادیے اور نااہلی کی درخواستیں ناقابل سماعت قراردینے کی استدعا کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں قومی اسمبلی کے منحرف اراکین کی نااہلی ریفرنس پر سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے جواب الجواب دینے کا موقف اپناتے ہوئے مزید مواد مہیا کرنے کا کہا ، جس پرچیف الیکشن کمشنر نے سوال کیا کہ کیا ریفرنس کے ساتھ میٹیریل لگایا نہیں ہوا۔
    .
    فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی جانب سے جواب جمع نہیں کرایاگیا، میں شواہد الیکشن کمیشن کے پاس رکھنا چاہتا ہوں ، اب کمیشن ٹریبونل ہے، اس میں شواہد کے بغیر کیسے چل سکتے ہیں۔

    منحرف اراکین کے وکیل نے مزید مواد پراعتراض کرتے ہوئے پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر فیصلہ دینے کا موقف پیش کیا۔

    پی ٹی آئی وکیل نے مزید کہا کہ ایم این ایز کی ڈکلیریشن علیحدہ ہے، ایم این ایز نے دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کی ، مجھے مواد پیش کرنے کا موقع دیں ، میں سب پبلک دستاویز پیش کر رہا ہوں، میٹریل میں اسدعمر ،شاہ محمود قریشی کی ہدایات میں شامل ہیں۔

    چیف الیکشن کمیشن نے ریفرنس کے ساتھ شواہد نہ جمع کرانے کی وجہ پوچھی تو فیصل چوہدری نے کہا کہ شواہد ممبران کیلئے نہیں، الیکشن کمیشن کےلئے تھے۔

    ممبرسندھ کے استفسار پرپی ٹی آئی کے وکیل نے بتایاکہ منحرف ارکان نے دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کی جس پرشوکازنوٹسزجاری کئے۔

    چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ کہ پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پرفیصلہ دینگے، کمیشن نے سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    منحرف ارکان پنجاب اسمبلی نے کمیشن میں جواب جمع کروایا جبکہ پی ٹی آئی وکلاء نے 25 اراکین پنجاب اسمبلی کو رکنیت معطل کرنے کی استدعا کی توچیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اونچا بول کر تاریخ نہیں لی جاسکتی ، منحرف ارکان کے دلائل جمعہ کو ہوں گے۔

    الیکشن کمیشن میں منحرف ارکان پنجاب اسمبلی نے تحریری جوابات جمع کرادیے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔

  • تحریک انصاف کے 26 منحرف اراکین کا سیاسی مستقبل داؤ پر، نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال

    تحریک انصاف کے 26 منحرف اراکین کا سیاسی مستقبل داؤ پر، نااہلی ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال

    لاہور : اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ نے تحریک انصاف کے 26 منحرف اراکین کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالہیٰ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پی ٹی آئی کے 26 منحرف ایم پی ایز کیخلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو ارسال کردیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے موصول ریفرنس اسپیکرنے الیکشن کمیشن بھجوایا، ریفرنس میں آرٹیکل 63 کے مطابق 26 ایم پی ایز کیخلاف نااہلی کی کارروائی کا کہا گیا ہے۔

    26 ارکان میں عبد العلیم خان،راجہ صغیراحمد، غلام رسول، سعید اکبر، محمد اجمل، فیصل حیات ،مہراسلم ، خالد محمود، نذیر چوہان، نعمان لنگڑیال ، امین ذوالقرنین، محمد سلمان ،زوار حسین اور نذیر احمد کا نام شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ فدا حسین ، زہرہ بتول ، عائشہ نواز، محمد طاہر ، ساجدہ یوسف، ہارون اسلم، عظمیٰ کاردار، ملک اسد ، اعجاز مسیح ، سبطین رضا، جاوید اختر اور محسن کھوسہ بھی منحرف ارکان میں شامل ہیں۔

    منحرف ارکان کے خلاف اسپیکر کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا ہے۔

    خیال رہے تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں 20 منحرف ارکان کے خلاف فلور کراسنگ کا ریفرنس بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

  • عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کی تاحیات نااہلی کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان نے تاحیات نااہلی کے لیے آرٹیکل 184 تین کی آئینی درخواست دائر کر دی، جس میں الیکشن کمیشن، اسپیکر قومی اسمبلی، سیکریٹری قانون، اور سیکریٹری کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے، یہ درخواست ڈاکٹر بابر اعوان کے ذریعے دائر کی گئی ہے۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ قرار دیا جائے کہ منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوگی،جو رکن پارٹی چھوڑنا چاہتا ہے وہ پہلے اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے، پارٹی سے منحرف ہونے والے اراکین صادق اور امین نہیں رہتے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلوں میں انحراف کو ناسور قرار دے چکی ہے، منحرف ہونے والے ارکان کا ڈالا گیا ووٹ گنتی میں شمار نہیں ہونا چاہیے۔

    درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ منحرف ہونے والے ارکان کا ڈالا گیا ووٹ متنازعہ تصور کیا جائے، اور کوئی وجہ نہیں کہ منحرف ارکان کی نااہلی تاحیات قرار نہ دی جائے۔

  • منحرف اراکین کو 7 دن میں پوزیشن واضح کرنے کا نوٹس

    منحرف اراکین کو 7 دن میں پوزیشن واضح کرنے کا نوٹس

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات نے خبر دی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے منحرف اراکین کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین کو نوٹس جاری کر کے کہا گیا ہے کہ 7 دن میں اپنی پوزیشن واضح کریں۔

    فواد چوہدری کے مطابق ایک ہفتے بعد منحرف اراکین کی نشستوں کو خالی قرار دینے کی کارروائی ہوگی، اور تمام اراکین تاحیات نااہل ہوں گے، انھوں نے یہ بھی کہا کہ مخصوص نشستوں پر نئے ارکان نامزد کیے جا رہے ہیں۔

    دوسری طرف آج وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ انھیں امید ہے کہ اتحادی جلد واپس آ جائیں گے، اور امید ہے منحرف اراکین میں سے بھی کچھ واپس آ جائیں گے۔

    سندھ ہاؤس پر حملہ: 2 پی ٹی آئی ایم این ایز کے نام بھی ایف آئی آر میں شامل