لاہور : رحیم یار خان میں مندر پر حملے میں ملوث 50 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، تمام افرادکوویڈیو فوٹیجز کے تجزیے کے بعد گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ رحیم یار خان میں مندر واقعے میں ملوث 50 سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، تمام افرادکوویڈیو فوٹیجز کے تجزیے کے بعد گرفتار کیا گیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کی حفاظت ریاست کی ذمے داری ہے، ایسے واقعات کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائےگا، مندر کی بحالی کا کام تیزی سےجاری ہے۔
یاد رہے وزیراعلی پنجاب نے رحیم یار خان کےعلاقے بھونگ میں مندر میں توڑ پھوڑ کے واقعے پر کمشنر اور آر پی او بہالپور سے رپورٹ طلب کرلی تھی جب کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر مندر کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور رینجرز کی نفری بھی تعینات کر دی گئی تھی۔
گذشتہ روز سپریم کورٹ نےمندرحملےکےملزمان فوری گرفتارکرنےاور شرپسندی پراکسانےوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم دیا جبکہ مندربحالی کے اخراجات بھی ملزمان سے ہرصورت وصول کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ دندناتےپھرتےملزمان ہندوکمیونٹی کیلئےمسائل پیداکرسکتے، یقینی بنایاجائےآئندہ ایسے واقعات نہ ہوں۔