Tag: منسوب

  • اسرائیل کا گولان آبادکاری کو ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب کرنے کا فیصلہ

    اسرائیل کا گولان آبادکاری کو ڈونلڈ ٹرمپ سے منسوب کرنے کا فیصلہ

    تل ابیب : اسرائیل کے وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ وہ گولان ہائیٹس پر اسرائیل کا قبضہ تسلیم کرنے پر وہاں بنائے جانے والی نئی آباد کاری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ان سے منسوب کریں گے۔

    فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ نئی آباد کاری کو امریکی صدر سے منسوب کرنے لیے ایک قرار داد پیش کی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی جانب سے گولان ہائیٹس پر اسرائیل کا قبضہ تسلیم کرنے کے تاریخی فیصلے پر تمام اسرائیلی عوام کے جذبات بہت شدید تھے۔

    امریکی صدر کی جانب سے یہ فیصلہ اسرائیل میں قبل از وقت انتخابات سے 2 ہفتے قبل کیا گیا تھا جس کے بعد بنجمن نیتن یاہو کے پانچویں مرتبہ وزیراعظم بننے کے امکانات میں اضافہ ہوگیا تھا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد امریکی پالیسی کو اسرائیل کے حق میں استعمال کیا ہے جس میں یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا فیصلہ سب سے اہم ہے۔

    امریکی صدر نے رواں برس 25 مارچ کو 1967 میں 6 روزہ جنگ کے دوران قبضے میں لیے گئے علاقے گولان ہائٹس پر اسرائیلی قبضے کو تسلیم کرکے عالمی برادری کی مخالفت کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں : تاریخ کے مطالعے کے بعد گولان ہائیٹس کا فیصلہ کیا، امریکی صدر

    اسرائیل نے گولان میں لاکھوں یہودی آبادکاروں کو بسانے کا منصوبہ تیار کرلیا

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کی جانب سے امریکی صدر کے اس فیصلے کی بھرپور مخالفت بھی کی گئی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دروز فرقے سے تعلق رکھنے والے تقریبا 18 ہزار شامی شہری مقبوضہ گولان میں موجود ہیں، جن کی اکثریت اسرائیلی شہریت حاصل کرنے سے انکار کرتی ہے۔تقریبا 20 ہزار اسرائیلی آباد کار گولان ہائٹس میں 33 آبادکاریوں تک پھیلے ہوئے ہیں۔

  • ناسا نے نئے سیارچے کو سعودی طالب علم کے نام سے منسوب کردیا

    ناسا نے نئے سیارچے کو سعودی طالب علم کے نام سے منسوب کردیا

    ریاض : امریکی خلائی ایجنسی ’ناسا‘ نے ماضی قریب میں دریافت ہونے والا سیارچے کو سعودی طالب علم کے نام سے نسبت دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے طالب فیصل الدوسری کی علمی و تعلیمی کوششوں کو سراہتے ہوئے حال میں دریافت ہونے والے چھوٹے سیارے کو سعودی طالب علم کے نام سے منسوب کردیا۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی خلائی ایجنسی نے نئے سیارچے کا (الدوسری 34559) رکھا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیصل الدوسری تیسرے سعودی طالب علم ہیں جنہیں ناسا کی جانب سے یہ اعزاز دیا گیا ہے اس سے قبل 2017 میں فاطمہ الشیخ اور سنہ 2016 میں عبدالجبّار الحمود کو یہ اعزاز دیا گیا تھا۔

    سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ اعزاز عموماً ان طلبہ و طالبات کو دیا جاتا ہے کہ جو سائنس و انجینئرنگ کی انٹیل انٹرنیشنل ایگزیبیشن میں سائنس کو آگے بڑھائیں۔

    سعودی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ فیصل الدوسری ابھی امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کی بارکلے یونیورسٹی میں سال اوّل کے طالب علم ہیں۔

    فیصل الدوسری نے زرعی شعبے میں استعمال کے لیے پودوں کے ہارمونز کی تیاری کے حوالے سے تحقیقی مقالہ پیش کیا تھا۔ سعودی طالب علم مذکورہ موضوع کے لیے متعدد بین الاقوامی اعزازات حاصل کر چکا ہے۔

  • نیویارک میں ’محمد علی جناح‘ کے نام سے منسوب سڑک کا افتتاح

    نیویارک میں ’محمد علی جناح‘ کے نام سے منسوب سڑک کا افتتاح

    واشنگٹن : امریکی حکام نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے نام منسوب نیویارک کی اہم ترین شاہراہ کا افتتاح کردیا۔

    تفصلات کے مطابق امریکی شہر نیویارک کی سٹی کونسل نے قائد اعظم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایک قرار داد کے تحت بروکلین ٹاؤن کی کونی آئی لینڈ شاہراہ کے ایک حصّے کا نام ’محمد علی جناح وے‘ رکھ دیا ہے جو پاکستانیوں کے لیے ایک اعزاز ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بروکلین ٹاؤن کونی آئی لینڈ کی شاہراہ کو قائد اعظم کے نام سے منسوب کرنے کا فیصلہ گزشتہ برس دسمبر میں کیا گیا تھا جس کا افتتاح اب کیا گیا ہے۔

    محمد علی جناح وے کی افتتاحی تقریب میں پاکستانی عوام کے علاوہ امریکی شہری بھی موجود تھے جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی نیویارک میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل نعیم اقبال چیمہ تھے۔

    نعیم اقبال چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افتتاح کی تقریب میں پاکستانی اور امریکی عوام کی موجودگی دونوں ملکوں کی عوام کے رابطوں اور اتحاد و اتفاق کی عکاسی کرتی ہے۔

    پاکستانی برادری کےلیے کام کرنے والی تنظیم ’پاکستانی امریکن یوتھ آرگنائزیشن صدر وکیل احمد کا کہنا تھا کہ ’لٹل پاکستان‘ کے نام سے مشہور کونی آئی لینڈ کو قائداعظم کے نام منسوب کرکے سٹی کونسل نے ہمارے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا ہے۔

    تقریب میں موجود سٹی کونسل کے رکن جمانے ولیمز کا کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ’محمد علی جناح وے‘ کی افتتاحی تقریب موقع پر موجود ہوں۔

    جمانے ولیمز نے کہا کہ مجھے اس بات کا علم ہے کہ’پاکستانی عوام نائن الیون کے بعد سے مشکلات کا شکار ہے‘ لیکن پاکستانی قوم مشکلات کا سامنا کرنے کے بعد ایسے مقام پر پہنچ گئی ہے کہ سٹی کونسل نے ان کے بانی کے اعزاز میں ان کے نام سے شاہراہ منسوب کردی۔

    یاد رہے کہ نیویارک کی سٹی کونسل میں رکن ’جمانے ولیمز‘ نے 25 دسمبر کو قائد اعظم کی سالگرہ کے موقع پر قرار داد پیش کی گئی تھی جسے اکثریت رائے سے منظور کیا گیا تھا۔

  • اسپین کی اسٹریٹ محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب

    اسپین کی اسٹریٹ محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب

    میڈرڈ : ہسپانوی حکام نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بارسلونا کی ایک اسٹریٹ کو محترمہ کے نام سے منسوب کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک اسپین کے شہر بارسلونا کی ایک اسٹریٹ کا نام تبدیل کرکے پاکستان کی دو مرتبہ وزیر اعظم منتخب ہونے والی خاتون بے نظیر بھٹو شہید کے نام سے منسوب کردی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہسپانوی حکام کی جانب سے گلی کا نام پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تبدیل کیا گیا ہے، جس کے بعد سے ہسپانوی عوام گلی کو ’کیرر دی بے نظیر بھٹو‘ کے نام سے جانی جاتی ہے۔

    خیال رہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو 21 جون سنہ 1953 کو پیدا ہوئیں اور سنہ 1988 سے 1990 تک اور پھر 1993 سے 1996 تک پاکستان کی وزیر اعظم منتخب ہوئیں تھیں، جنہیں 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں شہید کردیا تھا۔

    شہید محترمہ بے نظیر بھٹو پہلی خاتون تھیں جنہوں نے مسلم اکثریتی والے ملک میں جمہوری حکومت کی قیادت کی تھی اور سنہ 1979 میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دینے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بھی رہی ہیں۔

    پاکستان پیپلز پارٹی یورپ کے سیکریٹری اطلاعات حافظ عبد الرزاق صادق کا کہنا تھا کہ اسپین میں محترمہ بے نظیر بھٹو کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے سنہ 2009 میں اسٹریٹ کو رسمی طور پر منسوب کیا گیا تھا۔

    بارسلونا کی سوشلسٹ پارٹی کے نائب صدر حافظ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ ’میں نے محترمہ کے نام اسٹریٹ کو رسمی طور پر منسوب کرنے کے معاملے کو اٹھایا اور اپنے کچھ دوستوں کی مدد سے مذکورہ کیس میں فتح حاصل کی‘ ۔

    سوشلسٹ پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہسپانوی حکومت نے مذکورہ معاملے پر ایک کمیٹی بنائی کہ اسٹریٹ کو ’محترمہ بے نظیر بھٹو کے نام سے منسوب کیا جائے یا نہیں‘ تاہم کمیٹی کے دس ارکان نے اسٹریٹ کو محترمہ کے نام سے منسوب کرنے کے حق میں ووٹ دیا۔

    حافظ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ اسپین کے شہر بارسلونا کی کئی گلیاں ایسی ہیں جنہیں خواتین لیڈروں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔