Tag: منشیات

  • کراچی میں گرفتار منشیات فروش اقبال بین الاقوامی نیٹ ورک کا اہم کارندہ نکلا

    کراچی میں گرفتار منشیات فروش اقبال بین الاقوامی نیٹ ورک کا اہم کارندہ نکلا

    کراچی (31 جولائی 2025): شہر قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں گرفتار منشیات فروش اقبال بین الاقوامی نیٹ ورک کا اہم کارندہ نکلا، ملزم نے دوران تحقیقات اہم انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہائی ویلیو منشیات فروش اقبال بین الاقوامی ڈرگ سپلائی گروہ کا اہم کارندہ نکلا ہے، ملزم کی کار سے 60 لاکھ سے زائد مالیت کی اعلیٰ کوالٹی کی 700 گرام ویڈ برآمد ہوئی تھی۔

    ملزم نے پولیس کو ابتدائی تحقیقات کے دوران اہم انکشافات کیے، جس کے مطابق ملزم کا موجودہ پتا میرپورخاص جب کہ مستقل ایران چاہ بہار کا ہے، ملزم اقبال ابتدا میں مزدوری کرتا تھا اور اکثر کراچی کا چکر لگتا تھا، جہاں منشیات فروشوں سے دوستی ہوئی۔

    منشیات فروش گروہ کا گروپ لیڈر میرزاد ایرانی ہے اور ایران کے شہر شیراز میں رہتا ہے، جب کہ ساتھی مصطفیٰ دبئی اور ترکی میں ہوتا ہے، ملزم منشیات فروش گروہ سے وابستہ ہوا تو منشیات سپلائی کرنے لگا، ملزم نے پہلے گوادر سے امان اور امان سے گوادر سمندر میں منشیات کا کام کیا۔

    منشیات فروش اقبال نے 8 سال پاکستان میں ایرانی ڈیزل فروخت کرنے کا کام بھی کیا، ڈیزل کا کام بند ہو گیا تھا تو جیوانی کے غفور مکرانی سے ملاقات ہوئی اور غفور نے ویڈ سپلائی کے بدلے اچھی رقم دینے کی پیشکش کی، ملزم کے مطابق کار میں ویڈ کا فی ڈبہ کراچی پہنچانے کے 10 ہزار روپے میں بات طے ہوئی۔


    کراچی : اغوا میں ناکامی پر 8 سالہ بچے کے سر میں گولی مار دی گئی


    ملزم نے بتایا کہ مال جیوانی میں ملتا تھا جسے کار کے خفیہ خانوں میں چھپا دیا جاتا تھا، منشیات کراچی کے پوش علاقوں میں علی، شہزاد اور سردار کو دیتا تھا، گزشتہ روز بھی پہلے 15 پیکٹ علی اور شہزاد کو فراہم کیے اور دیگر پیکٹ سپلائی کرنے جا رہا تھا کہ پولیس نے گرفتار کر لیا۔

    پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • ایک ارب سے زائد مالیت کی منشیات ودیگر اشیا نذر آتش

    ایک ارب سے زائد مالیت کی منشیات ودیگر اشیا نذر آتش

    کراچی (30 جولائی 2025) کسٹمز نے مختلف کارروائیوں میں ضبط کی گئی ایک ارب سے زائد مالیت کی منشیات ودیگر مضر صحت اشیا نذر آتش کر دیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کسٹمز نے مختلف کارروائیوں میں ضبط کی جانے والی منشیات، مضر صحت اور زائد المعیاد اشیا کو تلف کرنے کے لیے کراچی میں نذر آتش کر دیا۔

    ترجمان کسٹمز کے مطابق تلف کی گئی اشیا کی مالیت ایک ارب 15 کروڑ تھی۔

    جلائی جانے والی منشیات میں 3969 بوتل غیر ملکی شراب، 408 کین بیئر، 2316 کلو منشیات، 337 ٹن چھالیہ اور 26 ٹن انڈین گٹکا بھی شامل ہے۔

    اس کے علاوہ 90 ہزار غیر ملکی سگریٹس اور 48 ہزار کین ایرانی جوس نذر آتش کیا گیا۔

    ترجمان کسٹمز نے بتایا کہ منشیات کے علاوہ انسانی صحت کے لیے مضر 26 ہزار لیٹر خوردنی تیل، 4 ٹن گھی، 53 ٹن چائنیز نمک اور 62 ٹن خشک دودھ بھی تلف کیا گیا ہے۔

  • منشیات فروش گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

    منشیات فروش گینگ کے 4 ملزمان گرفتار

    کراچی(19 جولائی 2025): بوٹ بیسن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش گینگ کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بوٹ بیسن پولیس نے منشیات فروش گروہ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان دھر لیے، گرفتار ملزمان مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتے تھے۔

    ڈی آئی جی اسد رضا کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان میں ملک عمار، عبدالرؤف، ظہیر اور  علی شامل ہے، ملزمان سے آئس، 3 موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی، ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، پہلے بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہوچکے ہیں۔

    اس سے قبل بھی بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 5 انڈر بائی پاس کے قریب مشتبہ کار سوار ملزمان کو رکنے کا اشارہ دیا، تاہم ملزمان نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی اور دورانِ فرار چلتی گاڑی سے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی، جس کے دوران ملزمان کی گاڑی تیز رفتاری کے باعث فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا تھا۔

    گرفتار زخمی کی شناخت 24 سالہ عبد الرحمن کے نام سے ہوئی، جسے اسپتال منتقل کیا گیا تھا، زخمی ملزم کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور استعمال شدہ کار برآمد کر لی گئی ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/sajawal-drug-dealers-hostage-cia-in-charge/

  • سعودی عرب: منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 37 ارکان گرفتار

    سعودی عرب: منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 37 ارکان گرفتار

    سعودی عرب میں سکیورٹی حکام کی جانب سے ریاض اور حائل سے منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث کریمنل گینگ کے 37 ارکان کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے سرکاری ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں وزارت داخلہ کے 6 ملازمین شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق زیر حراست افراد میں 28 سعودی، 5 شامی، دو ایتھوپین، اور دو یمنی شہری شامل ہیں، جو نشہ آور اشیا اور منشیات کے حصول اور اسمگلنگ میں ملوث پائے گئے۔

    اس کے علاوہ سعودی شہریوں میں وزارت دفاع اور وزارت نیشنل گارڈ کے دو، دو جبکہ وزارت داخلہ اور وزارت صحت کا ایک اہلکار شامل ہے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے حراست میں لئے گئے افراد کو ضروری قانونی کارروائی کے بعد پبلک پراسیکوشن کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    بیان کے مطابق سکیورٹی ایجنسیاں منشیات کے ذریعے مملکت اور اس کے نوجوانوں کو ہدف بنانے کی تمام مجرمانہ سازشوں کے خلاف چوکس ہیں۔

    اس سے قبل سعودی عرب میں جازان سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ایتھوپیا سے تعلق رکھنے والے 3 غیر ملکیوں کو گرفتار حراست میں لیا گیا تھا۔

    تینوں غیر ملکی شہری غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے ملک میں داخل ہوئے تھے۔ مذکورہ افراد کی گرفتاری سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو سے ہوئی ہے۔

    ایک صارف کی جانب سے مذکورہ افراد کی ویڈیو بناکر شیئر کی گئی تھی اور متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا تھا کہ یہ لوگ مشکوک افراد ہیں۔

    سعودی عرب: سنگین جرم میں تین غیر ملکیوں کو سزائے موت

    جازان پولیس کے مطابق مذکورہ ویڈیو کی بنا پر تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی اور ریکارڈ وقت میں تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتار شدگان کو تفتیش کے بعد متعلقہ محکمے کے حوالے کردیا گیا ہے۔

    جازان پولیس نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی افراد کے ساتھ کسی بھی قسم کا تعاون نہ کیا جائے۔

  • اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں میں منشیات فراہمی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    اے این ایف کا بڑا کریک ڈاؤن، تعلیمی اداروں میں منشیات فراہمی کا بڑا نیٹ ورک بے نقاب

    انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں سمیت مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کاروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے 1 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 40.322 کلو گرام منشیات قبضے میں لے لی۔

     تعلیمی اداروں میں کاروائیوں کے دوران گرفتار ملزم نے تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرنے کا اعتراف کرلیا، رنگ روڈ پشاور میں یونیورسٹی کے قریب ملزم کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمد ہوگئی۔

    دیگر کاروائیوں میں چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں کوریئر آفس میں میرپور بھیجے جانے والے پارسل سے 18 گرام ویڈ برآمد ہوا، چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ایک اور کارروائی کے دوران برطانیہ سے گجرات بھیجے جانے والے پارسل سے 104 گرام ویڈ برآمد کرلی گئی۔

    صدر بائی پاس روڈ فیصل آباد کے قریب ٹرک سے 7 کلو ہیروئن برآمد کرکے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، شاہ فیصل روڈ کراچی پر موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان سے 1200 گرام ویڈ اور کچلاک بائی پاس کوئٹہ کے قریب اسمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 30 کلو آئس برآمد کرلی گئی۔

    انسداد منشیات فورس (اے این ایف) ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • منشیات ضبط کرنے والے اداروں کے لیے ویڈیو گرافی لازمی قرار

    منشیات ضبط کرنے والے اداروں کے لیے ویڈیو گرافی لازمی قرار

    پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے منشیات ضبط کرنے والے افسر کے لیے ویڈیو گرافی کو لازمی قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے منشیات کی ضبطگی کی ویڈیو گرافی کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے لازمی قرار دے دیا ہے، اور مؤقف اپنایا ہے کہ منشیات ضبط کرنے والا افسر کسی بھی کمی کی معقول وجہ بیان کرے گا۔

    یہ فیصلہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سید محمد عتیق شاہ نے تحریر کیا ہے، فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ہم اکیسویں صدی میں رہ رہے ہیں، جہاں ہر دوسرا شخص سمارٹ فونز اور جدید کیمرے جیسی جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔ لہٰذا منشیات کے معاملات سے متعلق مقدمات کی ویڈیو گرافی تفتیشی افسر کو موبائل فون کے ذریعے کرنی چاہیے تاکہ اس کے پاس شواہد موجود رہے۔

    فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اگر ضبط کرنے والا یا تفتیشی افسر کسی معقول وجہ سے ویڈیو گرافی نہیں کر سکتا، تو اسے عدالتوں کی تشریح کے لیے تحقیقات میں اس کمی کی وجہ درج کرنی ہوگی۔ فیصلے کے مطابق ویڈیوگرافی کو مضبوط اور قابل اعتماد ثبوت کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، بلکہ یہ خاص طور پر منشیات کے معاملات میں معصوم افراد کو جھوٹے مقدمات میں ملوث ہونے سے بچائے گی۔

    فاضل بنچ نے یہ فیصلہ منشیات کے مقدمے میں گرفتار ملزم مجاہد خان کی ضمانت کی درخواست پر دیا، ملزم کو سربند پولیس نے 18 مئی 2025 کو گاڑی میں 6 کلو چرس اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ ملزم کے وکیل امجد نور خان نے دلیل دی کہ اگرچہ ایف آئی آر میں الزام لگایا گیا تھا کہ مبینہ واقعے کی ویڈیو متعلقہ افسر نے اپنے موبائل فون میں بنائی تھی، جو بعد میں میموری کارڈ میں تبدیل کر دی گئی، لیکن درحقیقت کچھ بھی نہیں ہوا تھا۔

    انھوں نے کھلی عدالت میں مبینہ ویڈیو چلانے کی درخواست کی، جس پر عدالت نے تفتیشی افسروں کو طلب کیا، جن سے کہا گیا کہ وہ مذکورہ ویڈیو چلائیں، تاہم میموری کارڈ چلانے کی کوششیں کی گئیں لیکن یہ خالی تھا اور نہیں چل سکا۔ بینچ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں واضح کیا کہ عدالت میں موجود پولیس افسر کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے موبائل فون سے مبینہ ویڈیوگرافی چلائے، جس میں یہ محفوظ تھی، لیکن حیرت انگیز طور پر، یہ ویڈیو بھی اس کے موبائل فون میں دستیاب نہیں تھی۔

    بعد ازاں، بنچ نے اعلیٰ افسروں کو طلب کیا، جس کے بعد پشاور کیپٹل سٹی پولیس آفیسر قاسم خان بنچ کے سامنے پیش ہوئے اور انھوں نے عدالت کو یقین دلایا کہ معاملے میں مناسب انکوائری کی جائے گی۔ بنچ نے انھیں ہدایت دی کہ وہ معاملے میں ایک ایمان دار اور اعلیٰ درجے کے پولیس افسر کے ذریعے مناسب اور غیر جانب دارانہ انکوائری کریں اور دو ہفتوں کے اندر حتمی انکوائری رپورٹ پیش کریں۔

    بینچ نے درخواست گزار کو ہر ایک کی 100,000 روپے کی دو ضمانتی بانڈز پیش کرنے کی شرط پر ضمانت بھی دے دی، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ بنچ نے نوٹ کیا کہ ویڈیو گرافی کو عدالتوں میں ’خاموش گواہ‘ کے اصول کے تحت بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جس کا مطلب ’’منشیات کے معاملات میں، یقیناً، معاشرے خاص طور پر نوجوانوں کو منشیات کی لت سے بچانے کے لیے منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت اور مضبوط اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، لیکن ساتھ ہی، پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ جرائم کو کنٹرول کرنے میں ایمان دار، سیدھے، سچے اور غیر جانب دار رہے۔‘‘

    بنچ نے مزید کہا: ’’بلاشبہ، منشیات کی اسمگلنگ جیسے منظم جرائم کو کنٹرول کرنے کے لیے سخت قانون ضروری ہے، تاہم، بعض اوقات قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے سخت دفعات کا غلط استعمال کرتے ہیں، جس سے نہ صرف کچھ معصوم افراد کو جھوٹے طور پر ملوث کیا جاتا ہے بلکہ اس سے ان کی طویل، غیر معقول اور غیر قانونی حراست ہوتی ہے۔‘‘

    بنچ نے کہا: ’’مزید برآں، ضبطگی کے عمل کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا بنیادی مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ صرف حقیقی مجرموں کو سزا ملے، اور معصوم افراد جھوٹی ضبطگی کی وجہ سے غلط طور پر پکڑے نہ جائیں یا ذہنی، جسمانی یا مالی طور پر تکلیف نہ اٹھائیں۔‘‘

  • لاہور کے پوش علاقوں میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام ، منشیات ڈیلر گرفتار

    لاہور کے پوش علاقوں میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام ، منشیات ڈیلر گرفتار

    لاہور : پولیس نے پوش علاقوں میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام بناتے ہوئے منشیات ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے پوش علاقوں میں منشیات کی بڑی ترسیل ناکام بنادی اور منشیات ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔

    بین الاضلاعی منشیات ڈیلر راشد حسین سے بیئر کی پیٹیوں سے بھرا منی ٹرک برآمد ہوا۔

    اے ایس پی ڈیفنس شہر بانو نقوی نے بتایا کہ ملزم کے قبضے سے 10ہزار بیئر کین برآمد ہوئے، ملزم منی ٹرک کنٹینرمیں منشیات لیکر جا رہا تھا خفیہ اطلاع پرگرفتار کیا گیا ہے۔

    اے ایس پی ڈیفنس کا کہنا تھا کہ ملزم نے پوش علاقوں میں منشیات بیچنے کا انکشاف کیا تاہم مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : مہنگی ترین منشیات ویڈ کی اسمگلنگ کا نیا طریقہ سامنے آگیا

    دوسری جانب مانگا منڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے چرس برآمد کرلی۔

    لاہور: ملزمان کی شناخت عرفان عرف فانی اورامیرعلی کےنام سےہوئی، ملزمان سےلاکھوں روپے کی 5 کلو 200 گرام سے زائد چرس برآمد ہوئی۔.

    ملزمان نے تعلیمی اداروں، ہوسٹلز اور کالجز کے اطراف جوان نسل کو منشیات بیچنے کا اعتراف کیا تاہم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • ویڈیو: منشیات اسمگل کرنے والی ’’بلی‘‘ پکڑی گئی

    ویڈیو: منشیات اسمگل کرنے والی ’’بلی‘‘ پکڑی گئی

    آپ نے اب تک انسانی اسمگلر دیکھے ہوں گے جو مختلف طریقوں سے منشیات اسمگلنگ کرتے ہیں لیکن اب جانور بھی اسمگلر بن گئی ہے۔

    دنیا بھر میں اسمگلنگ غیر قانونی عمل ہے لیکن دھڑلے سے جاری ہے۔ انسان منشیات سمیت قیمتی اشیا اور انسان بھی غیر قانونی طور پر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔

    آپ نے اب تک بہت بڑے ڈرگ اسمگلروں کے بارے میں سنا ہوگا۔ کوئی جوتوں میں، تو کوئی کپڑوں حد یہ کہ کوئی اپنے پیٹ کے اندر چھپا کر منشیات اسمگل کرتا ہے لیکن آج ہم جس اسمگلر کی بتا رہے ہیں وہ انسان نہیں بلکہ جانور ہے۔

    جی ہاں یہ ایک بلی ہے جو کوسٹاریکا میں منشیات اسمگل کرتے پکڑی گئی ہے۔ اس انوکھی اسمگلر کو دیکھ کر سب ہی حیران رہ گئے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک جیل کے باہر بلی کو مشتبہ حرکت کرتے اور جیل کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرتے پایا گیا۔ جیل اہلکاروں نے جب اس کو قریب جا کر دیکھا تو اس کے جسم کے ساتھ منشیات کے پیکٹ بندھے ہوئے تھے۔

    پولیس نےفوری کارروائی کرتے ہوئے "نارکو بلی” کو پکڑ لیا۔ اس کے جسم کے ساتھ دو تھیلیاں باندھی گئی تھیں۔ ان میں سے ایک میں 235 گرام بھنگ اور 66 گرام کوکین کے علاوہ سگریٹ پیپرز برآمد ہوئے۔

    ان پیکٹس کو جیل عملے نے احتیاط سے بلی کے جسم سے علیحدہ کیا اور بعد ازاں بلی کو مزید جانچ کے لیے نیشنل اینیمل ہیلتھ سروس کے حوالے کر دیا ہے۔

    اس حوالے سے کوسٹا ریکا کی وزارت انصاف نے ایک بیان میں کہا کہ بلی کو "رنگے ہاتھوں” جرم کا ارتکاب کرتے ہوئے اس وقت پکڑ لیا گیا، جب وہ شمال مشرقی علاقے کانتون بوکوچی میں واقع جیل کی باڑ پر چڑھ گئی تھی۔

    وزارت کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں ایک جیل گارڈ کو سیاہ و سفید رنگ کی بلی کو باڑ سے پکڑتے اور نرمی سے سہلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ دیگر اہلکار منشیات کو محفوظ طریقے سے ہٹا رہے ہیں۔

     

  • 43 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار

    43 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد، خاتون سمیت 6 ملزمان گرفتار

    اےاین ایف نے 43 کروڑ سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرکے خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف کا ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 9 کارروائیوں کے دوران خاتون سمیت 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان اےاین ایف کے مطابق ان کارروائی کے دوران 43 کروڑ 44 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 2294.81 کلو گرام منشیات برآمد ہوا، پہلی کارروائی اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر دوحہ جانیوالے مسافر سے 4.5 کلو گرام آئس نکلا۔

    ترجمان نے بتایا کہ راولپنڈی میں کوریئر آفس میں ہالینڈ سے بھیجے گئے پارسل سے 40 گرام ایم ڈی ایم اے پاؤڈر برآمد ہوا، لاہور میں کوریئر آفس میں آسٹریلیا سے بھیجے جانیوالے 2 پارسلز سے 470 گرام آئس برآمد کی گئی۔

    گوجرہ بس اسٹیشن ٹوبہ ٹیک سنگھ کے قریب ملزم کے قبضے سے 2.4 کلوگرام منشیات برآمد ہوا، چنددا قلعہ، گوجرانوالہ کے قریب رکشہ میں سوار خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اےاین ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

  • ری ہیب سینٹر پر مشتعل افراد کا بڑا حملہ، نشے کی لت میں مبتلا 127 افراد فرار

    ری ہیب سینٹر پر مشتعل افراد کا بڑا حملہ، نشے کی لت میں مبتلا 127 افراد فرار

    کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں واقع ری ہیب سینٹر پر مبینہ منشیات فروشوں نے بڑا حملہ کیا ہے، جس میں وہاں سے نشے کی لت میں مبتلا 127 افراد فرار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مبینہ منشیات فروشوں نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے مرکز پر حملہ کر کے نشہ کی لت میں مبتلا ایک سوستائیس زیر علاج افراد کو فرار کروا دیا۔

    حملہ آوروں نے منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے قائم ادارے میں توڑ پھوڑ کی، اور ری ہیب سینٹر کے عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا، حملے کے دوران پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ سن شائن ری ہیب سینٹر کو سندھ پولیس کے افسر عبدالخالق انصاری چلاتے ہیں۔ مرکز میں 10 سے 12 افراد پر مشتمل عملہ تعینات تھا، جو مریضوں کی دیکھ بھال کر رہا تھا۔


    کراچی میں منشیات فروشی کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں مکمل ، لسٹیں تیار


    مومن آباد پولیس تھانے کے ایس ایچ او کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ یہ کارروائی منشیات فروشوں کی جانب سے نہیں بلکہ علاقہ مکینوں کی طرف سے کی گئی تھی، علاقہ مکین نشے کے عادی افراد کی وجہ سے شدید پریشانی میں مبتلا تھے، جو چوری چکاری کرتے رہتے تھے۔

    مومن آباد تھانے نے سرکاری مدعیت میں منشیات بحالی مرکز پر دھاوا بولنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ایف آئی آر میں اقدام قتل، بلوا، ہنگامہ آرائی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں محمد شکیل اور اسلم باکسر سمیت کم از کم 150 نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ اسپتال میں گھس کر فائرنگ کی گئی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، ملزمان نے اسپتال میں موجود افراد پر بھی حملہ کیا، ملزمان نے تالا توڑ کر اسپتال میں موجود افراد کو فرار کروایا، اسپتال پر حملہ آور ملزمان 85 ہزار کی رقم بھی لے گئے۔