Tag: منشیات استعمال

  • پاکستان کے تعلیمی اداروں میں کتنی منشیات استعمال ہوتی ہے؟ حکومت لاعلم

    پاکستان کے تعلیمی اداروں میں کتنی منشیات استعمال ہوتی ہے؟ حکومت لاعلم

    اسلام آباد : وزیر انسدادِ منشیات نے قومی اسمبلی میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق حکومت لاعلم ہے، آخری سروے 12سال پہلے ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے داخلہ و انسدادِ منشیات محسن نقوی نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کرواتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کے استعمال سے متعلق حکومت کے پاس مستند ڈیٹا موجود نہیں۔

    محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات کی فراہمی اور استعمال کے متعلق تازہ معلومات محدود ہیں اور ملک میں منشیات کے استعمال سے متعلق کوئی جامع اور مستند ڈیٹا دستیاب نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں منشیات سے متعلق آخری قومی سروے 2013 میں کیا گیا تھا، تاہم اس سروے میں تعلیمی اداروں کو شامل ہی نہیں کیا گیا تھا۔

    وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ایک نیا قومی سروے شروع کیا گیا ہے جو ملک میں منشیات کے استعمال کا مکمل جائزہ لے گا، اور یہ سروے 2026 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔

    تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سروے میں یونیورسٹیوں اور کالجوں کے اندر منشیات کے رجحان کا جائزہ بھی شامل ہے اور یہ سروے تعلیمی اداروں میں منشیات سے متعلق جامع اور مستند معلومات فراہم کرے گا، جس سے ڈرگ انفارمیشن پکچر کو درست انداز میں ترتیب دینے میں مدد ملے گی۔

    محسن نقوی نے بتایا کہ انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے پاکستان بھر کی 263 یونیورسٹیوں میں 269 آپریشنز کیے، جن کے دوران 1,427 کلوگرام منشیات ضبط کی گئی اور 426 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

    وزیر انسداد منشیات کا کہنا تھا کہ حکومت تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، تاہم مؤثر پالیسی سازی کے لیے مستند ڈیٹا ناگزیر ہے۔

  • دبئی:منشیات استعمال کرنے کے جرم میں تین بہنیں گرفتار

    دبئی:منشیات استعمال کرنے کے جرم میں تین بہنیں گرفتار

    دبئی:پولیس نے متحدہ عرب امارات کے مقامی ہوٹل سے منشیات استعمال کرنے کے جرم میں خیلجی ممالک سے تعلق رکھنے والی تین بہنوں کو منشیات اسمگلنگ کرنے والے شخص کے ہمراہ گرفتار کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت دبئی میں پولیس نے خفیہ اطلاعات کے موصول ہونے پر مقامی ہوٹل میں کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا استعمال کرنے والی تین بہنوں کو منشیات فروش کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے۔

    پولیس کے حکّام کا کہنا ہے کہ خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی حالیہ دنوں وزٹ ویزے پر دبئی آئی تھی، مذکورہ لڑکی نے پہلے سے دبئی میں مقیم اپنی 26 سالہ بہن کے ذریعے ہوٹل میں اپارٹمنٹ کرائے پر لیا تاکہ تینوں بہنیں مشترکہ طور پر نشہ کرسکیں۔

    پولیس حکّام نے کہا کہ تینوں خواتین کو ہوٹل میں ایک عربی شخص نے منشیات فراہم کی تھی، مذکورہ شخص پہلے بھی دیگر افراد کو منشیات فروخت کرنے کے جرم میں متعدد مقدمات کا سامنا کرتا رہا ہے۔

    دبئی نارکوٹکس ڈپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تینوں خواتین کو منشیات کا استعمال اور نشہ آور اشیاء فراہم کرنے والے شخص کو منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں پولیس نے حراست میں لےکر عدالت میں پیش کردیا ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل دبئی میں اماراتی پولیس اور نارکوٹکس اہلکاروں نے خفیہ اطلاعات کے موصول ہونے پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات سمیت دنیا بھر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 5 ملزمان پر مشتمل گروہ کو گرفتار کرکے 2،200 کلو گرام سے زائد ہیروئن برآمد کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں