Tag: منشیات اسمگلنگ

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد : اے ایس ایف نےاسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اور دوحہ جانیوالے مسافر سے حشیش برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے اسلام آبادایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دوحہ جانیوالے مسافر شاہ زیب سے حشیش برآمد کرلی ، ملزم نے مٹھائی کے اندر حشیش چھپا رکھی تھی۔

    حکام نے بتایا کہ ملزم نے امنشیات بھرے کیپسول نگلنے کا انکشاف بھی کیا ہے ، جس کے بعد اے ایس ایف نےملزم کو اےاین ایف کےحوالےکردیا، ملزم کو اسپتال منتقل کرکے پیٹ سے کیپسول نکالے جائیں گے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تعینات ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے اہلکاروں نے 6 کلو سے زائد آئس سعودی عرب منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    سعودی شہر دمام جانے والا مسافر میر سجاد علی 6.330 کلو آئس اسمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا، مسافر نے ہیروئن بیگ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی۔

  • اسلام آباد، ملتان ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد، ملتان ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: اے ایس ایف نے اسلام آباد اور ملتان ایئرپورٹ پر بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2 خواتین سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیواسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران مسافرکے سامان سے 840 گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی گئی۔

    ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے مطابق خیبرکا رہائشی زیرہ جان جی ایف 771 سے بحرین جا رہا تھا، مسافرکو گرفتار کر کے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

    دوسری جانب ملتان ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے سعودی عرب منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی۔ اے ایس ایف کے مطابق مسافروں کے سامان سے 4 کلو ہیروئن برآمد کی گئی۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے بتایا کہ 2خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کر کے اے این ایف کے حوالے کر دیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار

    یاد رہے کہ رواں ماہ 6 نومبر کو نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے عمان جانے والے مسافر کے سامان سے 3 کلو 378 گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس برآمد کی تھی۔

    اے ایس ایف حکام کا کہنا تھا کہ ملزم کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) حکام کے حوالے کردیا گیا۔

  • منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد تھانے لے جانے تک کی فوٹیج عدالت میں طلب

    منشیات برآمدگی کیس: رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے بعد تھانے لے جانے تک کی فوٹیج عدالت میں طلب

    لاہور: سابق صوبائی وزیر رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے گرفتاری کی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے سیف سٹی حکام کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کی انسداد منشیات عدالت میں سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کے خلاف منشیات برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی، اسپیشل جج سینٹرل خالد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔

    رانا ثنا اللہ کو جوڈیشل ریمانڈ کے بعد وکلا کی ہڑتال کے باعث عدالت میں پیش نہ کیا جا سکا، عدالت نے انہیں آئندہ تاریخ پر پیش کرنے کا حکم دیا۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ہڑتال کوئی وجہ نہیں کہ ملزم کو پیش نہ کیا جائے، اتنی پولیس کی موجودگی میں ملزم کو پیش کیاجا سکتا تھا۔

    وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ موٹر وے کی سی سی فوٹیج کی درخواست دی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے اے این ایف دفتر تک کی فوٹیج منگوائی جائے۔ خدشہ ہے کہ اہم ثبوت ضائع نہ ہو جائیں۔ مقدمے میں جو مدعی ہے وہ تفتیشی افسر بھی ہے۔

    سرکاری وکیل نے کہا کہ عدالت کو دیکھنا ہے فوٹیج دینے کی درخواست اہم ہے یا نہیں، فوٹیج میں صرف گاڑیاں گزرنے کے علاوہ کیا نظر آئے گا۔

    انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر کیس کو سیاسی بنایا جا رہا ہے۔ جب کیس شروع ہوگا تو تمام حقائق سامنے آجائیں گے، ملزموں کی فوٹیج فراہمی کی درخواست بے بنیاد ہے اسے مسترد کیا جائے۔

    وکیل صفائی نے کہا کہ ایک شخص کے خلاف موت اور عمر قید کی دفعات کا مقدمہ درج ہے، درخواست پر یہ کہنا کہ اہم نوعیت کی نہیں ہے، سمجھ سے باہر ہے۔ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ فوٹیج محفوظ کرلی جائے۔

    عدالت نے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کر کے ٹھوکر نیاز بیگ سے تھانے لے جانے کی سیف سٹی کی بننے والی فوٹیج محفوظ کرنے کی درخواست منظورکرلی۔ عدالت نے سیف سٹی حکام کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت بھی کی۔ رانا ثنا اللہ کے خلاف کیس کی مزید سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔

    خیال رہے کہ رانا ثنا اللہ کو یکم جولائی کو انسداد منشیات فورس نے اسلام آباد سے لاہور جاتے ہوئے موٹر وے سے حراست میں لیا تھا، رانا ثنا اللہ کی گاڑی سے بھاری مقدار میں ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

    اے این ایف ذرائع نے بتایا تھا کہ رانا ثنا کی گاڑی کے ذریعہ منشیات اسمگلنگ کی انٹیلی جنس اطلاع پر کارروائی کی گئی، گرفتاری کے وقت رانا ثنا کے ساتھ گاڑی میں ان کی اہلیہ اور قریبی عزیز بھی تھا۔

    اے این ایف ذرائع کے مطابق ایک گرفتار اسمگلر نے دوران تفتیش رانا ثنا اللہ کی جانب سے منشیات اسمگلنگ میں معاونت کا انکشاف کیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کے منشیات فروشوں سے تعلقات اور منشیات کی اسمگلنگ سے حاصل شدہ رقم کالعدم تنظیموں کو فراہم کرنے کے ثبوت ہیں، رانا ثنا اللہ کے منشیات فروشوں سے رابطوں سے متعلق 8 ماہ سے تفتیش کی جارہی تھی۔

    گرفتار افراد نے انکشاف کیا تھا کہ رانا ثنا اللہ کے ساتھ چلنے والی گاڑیوں میں منشیات اسمگل کی جاتی ہے، فیصل آباد ایئرپورٹ بھی منشیات اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔

  • معاشرے کو منشیات سے بچانے کیلیے اسمگلنگ کی روک تھام ضروری ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    معاشرے کو منشیات سے بچانے کیلیے اسمگلنگ کی روک تھام ضروری ہے، ڈاکٹرعارف علوی

    اسلام آباد : صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ منشیات معاشرے کو تباہ کر دیتی ہے، اس سے لوگوں بچانے کا بہترین طریقہ اس کی اسمگلنگ روکنا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے دنیا بھر میں منشیات اور منی لانڈرنگ کے مجرموں کے ڈیٹابیس سے متعلق مصنوعی ذہانت کے مقامی طور پر تیارکردہ منصوبے امان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حکومت منشیات کی روک تھام کے لئے انقلابی اقدام کر رہی ہے۔ دنیا میں منشیات کی مہلک ترین اقسام بنائی جا رہی ہیں اور اس لعنت کے باعث ہلاکتوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، لہذا اس کے تدارک کے لئے مربوط کاوشیں درکار ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغان جنگ کے بعد بڑے پیمانے پر افغان مہاجرین کی پاکستان آمد سے ملک میں منشیات کی سمگلنگ میں اضافہ ہوا۔ منشیات صرف پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے۔

    مغربی ممالک میں منشیات کاشت نہیں کی جاتیں تاہم سنتھیٹک ڈرگز کی پیداوار کے باعث ان ممالک میں منشیات کا استعمال بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد محدود کیا جاتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگ ڈپریشن اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہونے کے باعث منشیات کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام کے ساتھ ساتھ اس کے علاج پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

  • اینٹی نارکوٹکس فورس کی رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت

    اینٹی نارکوٹکس فورس کی رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت

    لاہور: اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کیس میں اہم پیش رفت کی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ زیر حراست افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی ایس پی ایس پی یو ملک خالد و دیگر زیر حراست افراد کے بیانات ریکارڈ کر لیے گئے، ذرایع نے کہا ہے کہ اے این ایف پنجاب نے مزید اہم شواہد اکھٹے کر لیے۔

    ذرایع نے بتایا کہ اے این ایف نے اسمگلر بخاری کی نشان دہی پر رانا ثنا اللہ کی ریکی کی تھی، رانا ثنا کے نمبرز اور ان کے ساتھیوں کی نقل و حرکت کو بھی دیکھا گیا۔

    معلوم ہوا ہے کہ رانا ثنا اللہ کی گاڑیاں منشیات اسمگلنگ میں استعمال کی گئیں، اے این ایف نے رانا ثنا کیس کی تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

    ذرایع نے بھی بتایا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس نے رانا ثنا اللہ کے قریبی ساتھیوں کو تفتیش میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا، رانا ثنا کے قریبی پولیس افسران کو بھی شاملِ تفتیش کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رانا ثنااللہ کی گھر کا کھانا نہ دینے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    خیال رہے کہ آج لاہور کی سیشن عدالت میں منشیات برآمدگی کیس میں گرفتار رانا ثنا اللہ کو گھر کا کھانہ نہ دینے کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔

    جیل حکام کا کہنا تھا کہ رانا ثنا کو ان کی طبیعت کے مطابق کھانا دیا جا رہا ہے اور ان کا روزانہ کی بنیاد پر میڈیکل چیک اپ بھی کیا جا رہا ہے، ان کی طبیعت ٹھیک ہے۔

    رانا ثنا کے وکیل کا مؤقف تھا کہ وہ بیمار ہیں، جیل قوانین کے مطابق زیر ٹرائل ملزم کو گھر کا کھانا دیا جا سکتا ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد ایئرپورٹ پرمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اسلام آباد: نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دوحا جانے والے مسافر کے سامان سے 824 گرام منشیات برآمد کرلی۔

    اے ایس ایف کے مطابق ملزم عنایت اللہ کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم کا تعلق ہنگو سے ہے، منشیات سبز چائے میں چھپا رکھی تھی۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملزم کو گرفتار کرکے اے این ایف کے حوالے کردیا گیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے ایس ایف کی کارروائی، 1 کلو آئس ہیروئن برآمد

    اس سے قبل رواں ہفتے نیواسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے دوحا جانے والے مسافر کے سامان سے 1 کلو آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ پراے این ایف کی کارروائی‘ 2 افراد گرفتار

    یاد رہے کہ 24 مئی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پراینٹی نارکوٹکس فورس نے مسافر کے قبضے سے1 کلو سے زائد آئس ہیروئن برآمد کی تھی۔

    اے این ایف حکام کے مطابق ملزم چائے کے پیکٹ میں آئس ہیروئن چھپا کراسمگل کرنا چاہتا تھا، ملزم ثاقب کے ہمراہ خاتون جمیل اختربھی سفرکرنا چاہتی تھی۔

  • ایف آئی اے اہل کار سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

    ایف آئی اے اہل کار سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد

    کراچی: شہرِ قائد کے ایئر پورٹ پر ہیروئن اسمگلنگ کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، اے ایس ایف نے ایف آئی اے اہل کار کے زیر جامے سے بھاری مقدار میں ہیروئن بر آمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے ایف آئی اے اہل کار کو گرفتار کر کے اس کے زیر جامے میں چھپائی گئی بھاری مقدار میں ہیروئن بر آمد کر لی، ملزم کی نشان دہی پر ساتھی اہل کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔

    ذرایع کے مطابق ایف آئی اے اہل کار ضامن ایئر پورٹ کے انٹرنیشنل ڈیپارچر لاؤنج میں اندر داخل ہو رہا تھا جس پر اے ایس ایف اہل کار نے تلاشی لی۔

    اس دوران ایف آئی اے اہل کار کی حرکات و سکنات مشکوک ہونے پر اے ایس ایف کی جانب سے جامہ تلاشی لینے پر زیر جامے سے 772 گرام ہیروئن کے تین پیکٹ بر آمد ہوئے، جس کی بین الاقوامی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

    اے ایس ایف نے ایف آئی اے اہل کار سے تفتیش کی تو اس کی گاڑی سے ڈیڑھ لاکھ روپے رقم بھی برآمد ہوئی۔

    دوران تفتیش ایف آئی اے اہل کار نے بتایا کہ اس کے ساتھی اہل کار حسنین عباس زیدی نے اس سے منشیات منگوائی تھی، اے ایس ایف نے نشان دہی پر ساتھی اہل کار کو بھی حراست میں لے لیا۔

    ذرایع کے مطابق اے ایس ایف نے دونوں گرفتار ایف آئی اے اہل کاروں سے مزید تفتیش کے لیے انھیں اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا ہے۔

  • روسی پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار صحافی کو رہا کردیا

    روسی پولیس نے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار صحافی کو رہا کردیا

    ماسکو : روسی پولیس نے عوامی اپیل اور احتجاج پر منشیات اسمگلنگ کے مقدمات کو ختم کرتے ہوئے گرفتار معروف صحافی کو آزاد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق روسی پولیس نے معروف مقامی صحافی کو منشیات فروخت کرنے کے الزام میں دو ماہ کے لیے گھر میں نظر بند کردیا تھا، ایوان گولونوف نامی صحافی نے خود پر عائد الزامات مسترد کرتے ہوئے اسے اپنے خلاف سازش قرار دیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایوان گولونوف منگل کے روز رہائی کی خبر سننے کے بعد روتے ہوئے پولیس اسٹیشن سے باہر آئے اور تحقیقاتی صحافت کو جاری رکھنے کے عزم و ارادے کا اظہار کیا۔

    روسی وزیر داخلہ ولادیمیر کولوکولٹو نے اعتراف کیا سیکیورٹی اداروں کے عائد کردہ الزامات ثابت نہیں ہوسکے، جس کے باعث ہم نے داخلی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

    روسی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مذکورہ فیسلہ فارنسک، بائیولوجیکل، فنگر پرنٹ اورجینیاتی معائنوں کے بعد کیا گیا ہے۔

    کولوکولٹو کا کہنا تھا کہ انہوں نے صدر ولادیمیر پیوٹن سے درخواست کی ہے کہ ایوان گولونوف کے کیس میں شامل دو اعلیٰ سطحی افسران کو ان کے عہدوں سے برطرف کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے ایک نام داخلی امور کے سربراہ جنرل پچکو اور دوسرا نام انسداد منشیات کے شربراہ جنرل دیویاٹکن کا تجویز کیے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کیس کی فائل کرائم انویسٹی گیٹرز کو بھجوا دی گئی ہے، تاکہ اس بات کی تحقیق کی جاسکے کہ ایک شہری کو نظربند کرنے کے معاملے پر افسران کے برائے راست ملوث کی قانونی حیثیت کیا ہے۔

    واضح رہے کہ 36 سالہ گولونوف لٹویا سے تعلق رکھنے والے خبر رساں ادارے ’میڈوزا‘ کے لیے صحافتی خدمات انجام دینے والے فری لانس رپورٹر کے طور پر کام کرتے ہیں، جنہیں جمعرات کے روز گرفتار کرکے دو ماہ کےلیے گھر میں نظر بند کردیا گیا تھا۔

  • سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ پر ایک اور پاکستانی کا سر قلم کردیا گیا

    سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ پر ایک اور پاکستانی کا سر قلم کردیا گیا

    ریاض : سعودی عرب میں ہیروئن اسمگلنگ پر ایک اور  پاکستانی کو سزائے موت دے دی گئی، عمران حیدر نامی ملزم کو آدھا کلو ہیروئن اسمگل کرنے کے الزام میں موت کی سزا سنائی گئی تھی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں ان کے قانون کے مطابق منشیات کے مقدمے میں ایک اور پاکستانی کا سر تن سے جدا کردیا گیا۔

    عمران حیدر ولد غلام حسین 12 دسمبر 2013 کو سیالکوٹ سے جدہ گیا تھا جہاں اسے سعودی پولیس نے500 گرام ہیروئن رکھنے پر گرفتار کرلیا تھا۔

    مذکورہ کیس حال ہی میں ختم ہوا جس میں عمران کو سزائے موت سنائی گئی، یاد رہے کہ سعودی عرب میں معمولی سی مقدار کی منشیات پر بھی موت کی سزا دی جاتی ہے۔

    اس سے قبل 11 اپریل کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے میاں بیوی کے سر قلم کردیئے گئے تھے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں سزائے موت دیئے جانے کی شرح دنیا میں بلند ترین سطح پر ہے جہاں دہشت گردی، ریپ، مسلح ڈکیتی اور منشیات کی اسمگلنگ پر موت کی سزا دی جاتی ہے۔

  • اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    اسلام آباد: اے این ایف نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے مسافر کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب جانے والے مسافر کے سامان سے 1130 گرام آئس ہیروئن برآمد کرلی گئی، جبکہ ملزم کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ ہنگو کا رہائشی مسافر اسلام آباد سے نجی ایئرلائن سے جدہ جارہا تھا، مسافر کو اے این ایف نے گرفتار کرکے سیل منتقل کردیا۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کے جرم میں درجنوں مسافر گرفتار ہوچکے ہیں، حال ہی میں اے این ایف کی کارروائی میں دو ملزم گرفتار ہوا تھا۔

    واضح رہے کہ 31 جنوری کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات سپلائی کرنے والے نیٹ ورک کے 2 افراد گرفتارکیے تھے۔

    اسلام آباد ایئرپورٹ سے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    اے این ایف حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان سے کروڑوں مالیت کی ایک کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، ملزمان قطرایئرلائن کی پروازکیو آر633 اے سے دوحا جا رہے تھے۔