Tag: منشیات اسمگلنگ

  • سعودی عرب: 1 پاکستانی اور 5 سعودی باشندوں‌ کے سرقلم

    سعودی عرب: 1 پاکستانی اور 5 سعودی باشندوں‌ کے سرقلم

    ریاض: سعودی عرب میں منشیات اسمگلنگ اور قتل کے جرم میں سزا سنائے جانے کے بعد ایک پاکستانی شہری اور 5 سعودی باشندوں کے سر قلم کردیے گئے۔

    خبر رساں ادارے اے ایف پی (ایسوسی ایٹڈ فرانس پریس) نے سعودی عرب کے سرکاری حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ان افراد کو سزا سنائے جانے کے بعد پیر کو ان کے سر قلم کردیے گئے۔

    سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے مطابق رواں برس یہ واحد دن ہے جس میں ایک ہی دن میں 6 افراد کا سر قلم کیا گیا، پاکستانی شہری کو منشیات اسمگلنگ اور سعودی باشندوں کو قتل کے جرم میں یہ سزا دی گئی۔

    میڈیا کو ملنے والی اطلاعات میں فوری طور پر پاکستانی شہری کی شناخت ظاہر نہیں ہوسکی۔

    اے ایف پی نے سرکاری اعداد و شمار کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر کو 6 افراد کے سرقلم کیے جانے کے بعد رواں برس سر قلم کیے گئے افراد کی تعداد 44 ہوگئی ہے۔

    یاد رہے کہ سعودی عرب میں سر قلم کیے گئے افراد کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے جن افراد کے سرقلم کیے جاتے ہیں ان میں منشیات کی اسمگلنگ، دہشت گردی، قتل، زیادتی، مسلح ڈکیتی کے جرائم شامل ہیں

    برطانیہ سے تعلق رکھنے والی انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ برس سعودی عرب میں ان جرائم پر 153 افراد کو سر قلم کی سزا دی گئی۔

  • جکارتہ : انڈونیشیا میں سولہ افراد کی سزائے موت کی تیاری

    جکارتہ : انڈونیشیا میں سولہ افراد کی سزائے موت کی تیاری

    جکارتہ : انڈونیشیا میں ایک پاکستانی سمیت سولہ افراد کو سزائے موت دینے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی،سزائے موت وسطی جاوا کے جزیرے نوساکا بنگن کی جیل میں دی جائے گی.

    تفصیلات کے مطابق جکارتہ میں پاکستانی سفارت خانے میں تعینات ناظم الامور سید زاہد رضا نے بتایا کہ منشیات اسمگلنگ کے الزام میں جمعہ انتیس جولائی کو پاکستانی شہری ذوالفقار علی کی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا جائے گا.

    انہوں نے بتایا کہ اٹارنی جنرل کے دفتر نے پاکستانی سفارت خانے کے حکام کو ملاقات کے لیے بلایا تھا اور اس دوران انہوں نے آگاہ کیا کہ سزائے موت پر عمل درآمد جمعے کے روز کیا جائے گا.

    منشیات سے متلعق جرائم میں ملوث قیدیوں کو سزائے موت وسطی جاوا کے جزیرے نوساکا بنگن کی جیل میں دی جائے گی.

    انڈونیشین حکام نے سزائے موت پانے والے غیر ملکیوں کی شہریت ظاہر نہیں کی ہے تاہم ان میں فرانس،برطانیہ اور فلپائن کے شہریوں کے شامل ہونے کی اطلاعات ہیں.

    اس سے قبل انڈونیشین حکام نے کہا تھا کہ رواں برس منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث سولہ افراد کو سزائے موت دی جائے گی اور اس میں نائیجیریا،زمبابوے اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہوں گے تاہم انہوں نے حتمی تاریخ نہیں بتائی تھی.

    گزشتہ برس بھی آسٹریلیا اور برازیل کے شہریوں کو انڈونیشیا میں سزائے موت دی گئی تھی جس کے بعد آسٹریلیا نے جکارتہ سے اپنا سفیر واپس بلالیا تھا جبکہ برازیل نے تعلقات پر از سر نو غور شروع کردیا تھا.

    انڈونیشین حکومت کا کہنا ہے کہ اسے منشیات کی اسمگلنگ کے حوالے سے ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے اور وہ اسمگلرز کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کرے گی.

    اس حوالے سے انڈونیشین صدر جوکو ودودو ہر قسم کے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے آئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ وہ منشیات کے خلاف جنگ کو جاری رکھیں گے

    یاد رہے کہ وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں موجود انڈونیشین سفیر کو طلب کیا تھا اور انہیں کہا تھا کہ وہ موت کے منتظر پاکستانی شہری کے حوالے سے پاکستانی حکومت کے خدشات اپنی حکومت کو پہنچائیں اور مقدمے کا شفاف ٹرائل یقینی بنائیں.

    واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی منشیات اسمگلنگ میں ملوث چودہ ملزمان کو سزائے موت دی گئی تھی جس پر عالمی برادری نے شدید احتجاج کیا تھا.

  • منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، تیرہ غیر ملکی مغوی بازیاب

    منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام، تیرہ غیر ملکی مغوی بازیاب

    کراچی : اینٹی نارکوٹکس فورس نےکراچی میں کارروائی کر کےمنشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی اوریرغمال بنائے گئے تیرہ غیر ملکیوں کو بازیاب کرا لیا۔

    ترجمان اینٹی نارکوٹیکس کےمطابق فورس نے خفیہ اطلاع پر ملیرکےگوٹھ محمد میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ایک کلو ہیروئن اور بیس کلو حشیش برآمد کرلی گئی ۔

    حکام کے مطابق زرِضمانت کےطور پر یرغمال بنائےگئےغیر ملکیوں کوبھی بازیاب کرایا گیا۔ بازیاب تیرہ غیر ملکیوں کو منشیات کے عالمی اسمگلر سلیم بلوچ نے منشیات کے زر ضمانت کے طور پر رکھا ہوا تھا۔

    بازیاب کرائے گئے 8افراد کا تعلق تنزانیہ سے اور پانچ کا تعلق نائجیریا سے ہے۔ اسمگلر سلیم بلوچ مفرور ہے جس کیخلاف مقدمہ درج کرکے بلوچستان حکومت کو اطلاع دیدی گئی ہے۔

    اے این ایف حکام کے مطابق منشیات فروش سلیم بلوچ منشیات کی آدھی قیمت کی رقم ایڈوانس میں وصول کر تا تھا، باقی رقم کی وصولی تک امانتا ایک شخص کو اپنے پاس رکھتا تھا۔