کراچی: پولیس نے گینگ وار کا منشیات فروخت کا نیٹ ورک پکڑ لیا، مقابلے کے بعد 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، جس میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف ایکشن جاری ہے، کیماڑی پولیس نے پاک کالونی کے علاقے میں ریاست جدگال اور نعیم ڈاڈا کے اڈوں پر کریک ڈاؤن کیا۔
مقابلے کے بعد 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے ، گرفتارملزمان میں میاں بیوی بھی شامل ہیں، جو منشیات سپلائی کرتے تھے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ مزکورہ اڈوں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات بھی برآمد کی گئی، ان اڈوں سے شہر بھر میں منشیات سپلائی کی جاتی تھی۔
اس کے علاوہ شہر کے پوش علاقوں میں ہونے والی پارٹیزمیں منشیات سپلائی ہوتی تھی۔
یاد رہے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے شہرقائد میں منشیات فروشی کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاون کے احکامات جاری کئے تھے۔
مزید پڑھیں : کراچی میں منشیات فروشی کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریاں مکمل
غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ منشیات ایک بین الاقوامی مسئلہ ہے پاکستان یاسندھ مستثنیٰ نہیں، یہاں پر بھی منشیات بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے، کرائم بھی منشیات فروشی کے ساتھ گٹھ جوڑ میں ہے۔
انھوں نے بتایا تھا کہ اس کاروبار میں اتنا زیادہ منافع ہے کہ یہ رک نہیں پارہا، لوگ یہاں کی مارکیٹ استعمال کرتے ہیں، کاروباربڑھتا جارہاہے، پوری کوشش ہے اگلے چنددنوں میں بھرپورکریک ڈاؤن کریں۔