Tag: منشیات

  • منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عارف علوی

    منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں، عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ منشیات کے خاتمےکے لیے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں انسداد منشیات پر آگاہی مہم، تعلیمی اداروں سے خاتمے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر گفتگو کے ساتھ انسداد منشیات کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو سی پی ایل سی میں انسداد منشیات سیل سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ اے این ایف، پولیس، سی پی ایل سی کے تعاون سے آگاہی مہم جاری ہے۔

    اس موقع پر صدرِ پاکستان نے کہا کہ منشیات کے خاتمےکے لیے گورنرسندھ کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نےکہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا خاتمہ ہر صورت یقینی بنایا جائے، ملوث عناصر کے خلاف بھرپور ایکشن لینا وقت کا تقاضہ ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نوجوان نسل کو موذی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے تسلسل سے آگاہی مہم چلانا ہوگی، والدین بچوں کو منشیات سے محفوظ رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

  • منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، عارف علوی

    منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، عارف علوی

    کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، دنیا میں 90 فیصد منشیات افغانستان میں پید ا ہو رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے منشیات نذر آتش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں 10ہزار ٹن سالانہ افیون پیدا ہو رہی ہے۔

    ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ منشیات کا استعمال افراد کو ہی نہیں خاندان تباہ کر دیتا ہے، دنیا میں 90 فیصد منشیات افغانستان میں پید ا ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو اپنے بچوں پر خصوصی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

    حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہاد کر رہی ہے، شہریار آفریدی

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی کا کہنا تھا کہ حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لیے جہاد کر رہی ہے، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھنے کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

    شہریارآفریدی کا کہنا تھا کہ طالب علم اپنے ساتھیوں کو منشیات کے استعمال سے بچائیں، طالب علموں کے ڈرگ ٹیسٹ اور ان کے علاج کا پلان بنایا، چرس، کوکین ، شیشہ یہ فیشن نہیں ذلت ورسوائی کے گڑھے ہیں۔

  • لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

    لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

    لاہور: منشیات برآمدگی کیس میں لاہور ہائی کورٹ میں رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور ہو گئی، عدالت نے رانا ثنا کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا، عدالت نے سابق وزیر قانون پنجاب کو 10،10 لاکھ کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

    یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز منشیات اسمگلنگ کیس سے متعلق رانا ثنا اللہ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا، رانا ثنا کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ رانا ثنا سے منشیات برآمدگی کے وقت کوئی ویڈیو یا تصویر موجود نہیں، دعوے کے برعکس مال مسروقہ کے ساتھ تصویر جاری نہیں کی گئی اور موقع پرتعین نہیں کیا گیا کہ سوٹ کیس میں کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  رانا ثنا کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس کھولنے سے متعلق سماعت 4 جنوری کو ہوگی

    وکیل کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے وقت قبضے میں لی گئیں چیزوں کا موقع پر میمو میں اندراج نہیں کیا گیا، جائے وقوعہ پر نقشہ بنانے کی بجائے اگلے دن نقشہ بنایا گیا جو الزامات کو مشکوک ثابت کرتا ہے۔

    اے این ایف کے پراسیکیوٹر نے کہا تھا کہ تفتیشی افسر نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے، ٹرائل کورٹ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے ویڈیوز اور کال ریکارڈ کو بلا جواز عدالت طلب کیا۔ رانا ثنا پر سنگین الزامات ہیں ضمانت کی درخواست مسترد کی جائے۔

    یاد رہے کہ یکم جولائی کو پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حراست میں لیا تھا۔ اے این ایف کے مطابق فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران ان کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی گئی تھی، گاڑی سے برآمد منشیات میں ہیروئن شامل تھی۔

  • گٹکے اور مین پوری کے استعمال پر قید اور جرمانے کی سزا

    گٹکے اور مین پوری کے استعمال پر قید اور جرمانے کی سزا

    کراچی: سندھ اسمبلی نے گٹکے اور مین پوری پر پابندی کا بل منظور کر لیا جس کی خلاف ورزی پر جیل اور جرمانے کی سزا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں گٹکا اور مین پوری کی خریدو فروخت قابل سزا جرم بن گیا، سندھ اسمبلی نے گٹکے اور مین پوری پر پابندی کا بل منظور کر لیا ہے۔

    گٹکا اور مین پوری بنانے، خریدنے، فروخت کرنے اور ذخیرہ کرنے پر پابندی ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ، سرکاری و غیر سرکاری مقامات پرگٹکا اور مین پوری کے استعمال پر مکمل پابندی عائد ہوگی اسی طرح تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں بھی گٹکے اور مین پوری کے استعمال پرمکمل پابندی ہوگی۔

    پابندی کی خلاف ورزی پر قانون کےمطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، خلاف ورزی پر کم سےکم سزا ایک سے 6 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔

    یہ بھی پڑھیں: گٹکا ماوا اور مین پوری کھانے والوں کی شامت آگئی، قید و جرمانہ اور جائیداد ضبط ہوگی

    واضح رہے کہ رواں سال 6 اکتوبر کو سندھ حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سندھ میں گٹکے، ماوے اور مین پوری کے استعمال اس کے بنانے اور فروخت کرنے کے خلاف بل سندھ اسمبلی میں پیش کیا تھا۔

    سندھ اسمبلی میں پیش گئے گئے مسودے کے مطابق ماوا ، گٹکا اور مین پوری بنانے اور بیچنے والوں کی جائیداد ضبط کرلی جائے گی، گٹکے کا استعمال اور فروخت عوامی مقامات کالجز اسکول اور اسپتالوں میں ممنوع قرار دے دیا گیا۔

    گٹکا کھانے والے کو چھ سال قید اور پانچ لاکھ روپے تک کا جرمانہ بھی ہوگا۔ بل کے مطابق گٹکے کی تلاش میں بغیر وارنٹ کسی جگہ چھاپہ مارا جاسکتا ہے۔

  • کسٹمز کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ایل ای ڈیز بر آمد

    کسٹمز کارروائیاں، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ایل ای ڈیز بر آمد

    کراچی: محکمہ کسٹمز نے کراچی جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور فیصل آباد میں اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں میں کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ایل ای ڈیز بر آمد کر لیں۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز کلکٹریٹ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی کارروائی میں بیرون ملک ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ڈپٹی کلکٹر کسٹم توصیف امان نے خفیہ اطلاع پر کراچی سے براستہ دوحہ بنکاک جانے والے ارسلان انور نامی پاکستانی مسافر کے سامان سے آدھا کلو ہیروئن بر آمد کر کے گرفتار کر لیا۔

    کلکٹر کسٹم کے مطابق ہیروئن کو ملزم نے انتہائی مہارت سے اپنے شولڈر بیگ کے ہینڈلز میں چھپایا ہوا تھا، ہیروئن کی مالیت 55 لاکھ روپے ہے۔

    دوسری کارروائی میں کسٹم پریوینٹو نے فیصل آباد میں اسمگلنگ کے خلاف بڑا ایکشن لیا، جس میں کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ ایل ای ڈیز برآمد کی گئیں، کلکٹر کسٹم محمد سلیم کے مطابق چھاپا فیصل آباد کے علاقے جھنگ بازار گودام پر مارا گیا جہاں اسمگل شدہ ایل ای ڈیز چھپائی گئی تھیں، کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ ایل ای ڈیز مختلف سائز اور برانڈز کی تھیں۔

    محکمہ ایکسائز نے بھی کراچی ایم اے جناح روڈ پر مشکوک شخص کی تلاشی کے دوران چار کلو گرام چرس برآمد کر کے گرفتار کیا گیا۔

  • ریلوے پولیس کی بڑی کارروائی، بولان میل سے 10 کلو سے زائد چرس برآمد

    ریلوے پولیس کی بڑی کارروائی، بولان میل سے 10 کلو سے زائد چرس برآمد

    کراچی: پاکستان ریلوے پولیس کی ایک کارروائی میں بولان میل سے 10 کلو 500 گرام چرس برآمد کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریلوے پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ٹرین بولان میل سے دس کلو سے زائد چرس برآمد کر لی۔

    ملزم احمد اللہ نے سیب کے کاٹن میں چرس کے 09 پیکٹ چھپا رکھے تھے، دوران سفر ریلوے پولیس نے ملزم کے مشکوک سامان کی تلاشی لی تو اس میں سیب کے کاٹن میں سے چرس نکل آئی۔

    ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس کوئٹہ میں مقدمہ کا اندراج کر کے اسے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت نئی نسل کومنشیات سے بچانے کے لئے جہاد کر رہی ہے، شہریار آفریدی

    خیال رہے کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر آئے دن منشیات اسمگلنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، تاہم ایئرپورٹس حکام یہ کوششیں ناکام بناتے رہے ہیں، اب ریل گاڑی کے ذریعے بھی منشیات اسمگلنگ ہو رہی ہے۔

    یاد رہے کہ دو دن قبل وفاقی وزیر نارکو ٹکس شہر یار آفریدی نے کہا تھا کہ حکومت نئی نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے جہاد کر رہی ہے، ڈرگ رپورٹس کو خفیہ رکھا جا رہا ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو نشے کی لت سے بچانا ہے۔

  • منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج

    منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج کردی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزمان کو پکڑا گیا تو وہ خواتین کو استعمال کرنے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ملزمان پر ہاتھ ڈالا گیا تو وہ کاروبار میں خواتین کو استعمال کرنے لگے، خواتین کی پکڑ دھکڑ شروع ہوئی تو بچوں کو استعمال کیا گیا۔ قانون بہتر ہوتا ہے تو جرائم پیشہ عناصر طریقہ واردات بدل لیتے ہیں۔

    ملزمہ کے وکیل نے استدعا کی کہ ملزمہ کی بیٹی کی شادی ہے، انسانی ہمدردی پر سزا ختم کی جائے۔

    جسٹس قاضی امین نے کہا کہ اداروں کی ناکامی ہے صرف منشیات سپلائی کرنے والے کو پکڑا جاتا ہے، ادارے منشیات سپلائی کرنے اور لینے والوں پر ہاتھ نہیں ڈالتے۔

    انہوں نے کہا کہ منشیات منتقل کرنے والے تو غربت کے ہاتھوں مجبور ہوتے ہیں۔

    عدالت نے ملزمہ کی سزا کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے 3 سال قید کی سزا برقرار رکھی۔

  • حکومت کا منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    حکومت کا منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    پشاور: وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث بڑے مگرمچھوں کے خلاف کارروائی ہوگی، ہماری نسل اور پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول شہریار آفریدی نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے منشیات کی روک تھام پر توجہ نہیں دی، ماضی میں اے این ایف کو افرادی قوت کی کمی کا سامنا رہا ہے، ملک بھر میں اے این ایف اہلکاروں کی تعداد 2900 ہے۔

    شہریار آفریدی نے کہا کہ منشیات کی نئی شکل آئس اور کرسٹل نوجوان نسل کو برباد کر رہی ہے، بدقسمتی سے دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے مگر مچھ چاہیں جتنے بھی بڑےعہدے پر ہوں،عبرت کا نشان بنایا جائے گا۔

    وزیر برائے نارکورٹکس کنٹرول نے کہا کہ منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے سینٹرز کے قیام پر بھی کام کر رہے ہیں، بچے والدین کی توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے۔

    انہوں نے کہا کہ منشیات کا کاروبار کرنے والے مگرمچھ ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں، کوئی چاہے کتنا بھی بڑا ہو، معاف نہیں کیا جائے گا، ہماری نسل اورپاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ 25 ستمبر کو خیبرپختونخوا کے تعلیمی اداروں میں منیشات فروخت کرنے والے گروہ کے رکن کو 6 کلو ہیروئن سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔

  • امرود میں چرس چھپا کر بیرون ملک لے جانے کی کوشش ناکام

    امرود میں چرس چھپا کر بیرون ملک لے جانے کی کوشش ناکام

    پشاور/ اسلام آباد: چرس اسمگلنگ کے دو الگ الگ واقعات میں 2 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس نے اسمگلنگ کی دونوں کوششیں ناکام بنا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے امرود میں چھپا کر بیرون ملک چرس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، اے ایس ایف ذرایع کا کہنا ہے کہ ضلع کرم کا رہایشی امرود میں چرس اسمگل کرتے پکڑا گیا۔

    ذرایع نے بتایا کہ ملزم قومی ائیر لائن کی پرواز سے دوحہ جا رہا تھا، تلاشی پر امرود سے چرس نکل آئی، جس پر مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔

    دوسرے واقعے میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے عمان منشیات اسمگلنگ کی کوشش نا کام بنا دی اور مسافر کو حراست میں لے لیا، مسافر پرواز ڈبلیو وائے 346 سے مسقط جا رہا تھا، جس سے 2 کلو 378 گرام چرس برآمد ہوئی۔

    یہ بھی پڑھیں:  کیا آپ کو امرود کے یہ فوائد معلوم ہیں؟

    اے ایس ایف کے مطابق مسافر نے چرس گھر کی بنی ہوئی مٹھائی میں چھپا رکھی تھی، جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے، ملزم کو اے ایس ایف حکام نے قانونی کاروائی کے لیے اے این ایف کے حوالے کر دیا۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے ایک مسافر کو حراست میں لیا تھا جو نمکو کے پیکٹس کے اندر تین کلو آئس ہیروئن چھپا کر اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا، صوابی کا رہایشی بختی رحمان سعودی عرب جا رہا تھا۔

  • سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

    سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ

    کراچی: سندھ حکومت منشیات کے عادی افراد کی بحالی کے لیے متحرک ہو گئی، اس سلسلے میں بحالی سینٹرز قائم کیے جا رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں منشیات کے عادی افراد کے لیے بحالی سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، بحالی سینٹر کے قیام کا آغاز کراچی سے کیا جائے گا۔

    بحالی سینٹر کے قیام کے لیے ایک 6 رکنی کمیٹی بھی قائم کر لی گئی ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ہے، بحالی سینٹر سے متعلق کمیٹی کے سربراہ کمشنر کراچی افتخار شالوانی ہوں گے۔

    یہ کمیٹی بحالی سینٹرز کے قیام کی سفارشات تیار کرے گی اور 15 روز میں اپنی رپورٹ چیف سیکریٹری کو پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ سندھ میں منشیات کے استعمال خصوصاً تعلیمی اداروں میں استعمال بہت بڑھ گیا ہے، کچھ عرصہ قبل تعلیمی اداروں میں طلبہ کی سالانہ بلڈ اسکریننگ کا بھی فیصلہ کیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  سندھ کابینہ نے خواجہ سراؤں کیلیے نوکریوں کا کوٹہ مقرر کرنے کی منظوری دیدی

    منشیات کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے سپریم کورٹ میں ایک کیس بھی چل رہا ہے، گزشتہ ماہ کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے سندھ حکومت کی ایک رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کراچی منشیات فروخت اور استعمال میں دنیا میں دسویں نمبر پر ہے، کیا آئی جی سندھ نے ان حقائق کو چیک کیا ہے۔

    سندھ کابینہ نے اس مسئلے پر ایک ہفتے قبل آئی جی سندھ کلیم امام کی بھی سرزنش کی تھی، اور کہا گیا تھا کہ منشیات کے پھیلاؤ میں پولیس کی کالی بھیڑیں بھی شامل ہیں جن کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

    خیال رہے کہ حال ہی میں جاری ایک رپورٹ کے مطابق کراچی دنیا میں سب سے زیادہ چرس استعمال کرنے والے شہروں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، کراچی میں سالانہ 42 ٹن چرس پی جاتی ہے، فہرست میں امریکی شہر نیویارک پہلے اور بھارتی دارالحکومت نئی دہلی تیسرے نمبر پر ہے۔