Tag: منشیات

  • آن لائن منشیات نیٹ چلانے والے کارندوں کو ایس آئی یو نے کیسے پکڑا؟ امان اللہ، عزیز پٹھان کون ہیں؟

    آن لائن منشیات نیٹ چلانے والے کارندوں کو ایس آئی یو نے کیسے پکڑا؟ امان اللہ، عزیز پٹھان کون ہیں؟

    کراچی: ایس آئی یو نے گلشن اقبال 13 ڈی ٹو میں ایک مکان سے آن لائن منشیات نیٹ چلانے والے 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن کے خلاف ایس آئی یو میں نارکوٹکس ایکٹ کی دفعات کے تحت 2 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

    دونوں مقدمات سب انسپکٹر ممتاز کی مدعیت میں درج ہوئے، مدعی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ منشیات فروشوں کا گروہ آن لائن ڈیلیوری کرتا ہے، ایک کارندہ ویڈ ڈیلیوری دینے کے لیے گلشن چورنگی پر موجود تھا، ٹیم نے آن لائن بائیک رائیڈر کو پکڑ لیا، جس نے اپنا نام جاوید بتایا۔

    ڈیلیوری کرنے والے کارندے جاوید کی تلاشی کے دوران اس کی موٹر سائیکل سے معروف آن لائن کوریئر کمپنی کے 5 پارسل ملے، جن کے ڈبوں میں ویڈ پلاسٹک کی تھیلیوں میں موجود تھی، جن کا وزن 50 گرام پایا گیا۔

    ملزم نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ اس نے کچھ فاصلے پر مکان سے منشیات حاصل کی، مکان سے بھاری مقدار میں اندرون کراچی ویڈ سپلائی کی جاتی ہے، اس کے بعد ملزم کی نشان دہی پر ایس آئی یو ٹیم گلشن وسیم باغ کے اس مکان پر پہنچی، جہاں ظہیر نامی شخص موجود تھا۔


    دبئی جانے والے شہریوں کو راولپنڈی پولیس اہلکاروں نے کیسے لوٹا؟ سنسنی خیز تفصیلات


    ظہیر کے ہاتھ میں سفید رنگ کے پلاسٹک کا ڈبہ تھا، ظہیر الحق کی نشان دہی پر پہلی منزل سے روم کولر ملا، روم کولر کے اندر بھی پلاسٹک کے 4 ڈبے موجود تھے، پلاسٹک کے ان ڈبوں میں ویڈ تھی، جن کا وزن 918 گرام تھا، برآمد شدہ ویڈ کی مالیت 85 لاکھ کے قریب ہے۔

    مکان سے ڈیجیٹل ترازو، مختلف کورئیر کمپنیوں کے خالی شاپر ملے، گھر سے چھوٹے بڑے ڈبے بھی بڑی تعداد میں برآمد ہوئے، ملزم ظہیر الدین نے انکشاف کیا کہ نیٹ ورک کا مالک امان اللہ ہے، جو مکان کے کرائے سمیت دیگر ضروریات پوری کرتا ہے، ملزم نے پولیس کو بتایا کہ امان اللہ کے بتائے پتوں پر رائیڈر کے ذریعے ویڈ سپلائی کی جاتی ہے، جب کہ کراچی میں ویڈ سپلائی کا منیجر عزیز پٹھان ہے، جو کراچی میں سب کارندوں کی نگرانی کرتا ہے۔

  • چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب

    چوری کی موٹر سائیکل لے آؤ بدلے میں منشیات لے جاؤ، کراچی میں نیا دھندہ بے نقاب

    کراچی: شہر قائد میں گینگ وار کے ملزمان کا نیا دھندہ بے نقاب ہوا ہے، اگر منشیات خریدنے کے پیسے نہیں تو کوئی بھی قیمتی چیز دے کر منشیات لی جا سکتی ہیں، ضلع کیماڑی اینٹی اسٹریٹ کرائم سیل نے رات گئے جہان آباد میں گینگ وار ارشد پپو گروپ کے اڈے پر چھاپا مار کر 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کیماڑی، کراچی فیضان علی نے بتایا ارشد پپو گروپ کے اڈے پر کارروائی کر کے گینگ وار کے نو ملزمان کو دھر لیا گیا ہے، ملزمان سے چوری کی 20 موٹر سائیکلیں، 50 کلو منشیات، 20 موبائل فون، 4 عدد پستولیں، ایک لاکھ روپے اور رکشہ برآمد کیا گیا ہے، یہ ملزمان دیگر جرائم میں بھی مطلوب تھے۔

    کراچی موٹر سائیکل منشیات گینگ وار

    چھاپا گزشتہ رات مخبر کی اطلاع پر مارا گیا، اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گینگ وار ارشد پپو گروپ کے متعدد کارندے جہان آباد لاشاری محلے میں واقع اڈے پر موجود ہیں، چھاپے کے دوران ایک ملزم رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت بلال عرف بلا ولد محمد اقبال، محمد مبارک ولد طفیل، سمیر ولد عبدالرحمان، سید مرین شاہ ولد میاں جان شاہ، عامر سواتی ولد صلاح الدین، علی یاسر ولد حاجی عبدالرحمان، ماجد ولد اسلام الدین، شعیب ولد فاروق، جہانزیب ولد رفیق کے ناموں سے ہوئی، جب کہ فرار ملزم کی شناخت اکرم ولد نامعلوم کے نام سے ہوئی ہے۔


    کراچی : جعلی پولیس وردی میں ڈکیتیاں کرنے والے گروہ کا کارندہ گرفتار


    ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمان نشے کے عادی افراد کو چوری شدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کے عوض نشہ فراہم کرتے ہیں، جب کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد رکشہ منشیات سپلائی کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے برآمدہ موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کا ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔

    گرفتار ملزمان پیشہ ور عادی جرائم پیشہ ہیں، جو اس سے قبل بھی متعدد مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

  • کورئیر سروس کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

    کورئیر سروس کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

    پشاور: اے این ایف نے ایک کارروائی میں پشاور میں کورئیر سروس کے ذریعے منشیات کی ترسیل کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے نوشہرہ سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا ہے، جس نے 11 منشیات بھرے پارسل مختلف شہروں کے لیے بک کیے تھے، پارسل میں سے 5.7 کلو چرس، 200 گرام آئس، 120 ایکسٹسی گولیاں، 150 گرام افیون برآمد کی گئیں۔

    ملزم کے قبضے سے جعلی 1 لاکھ روپے اور 30 بور پستول بھی برآمد کی گئی ہے، اے این ایف ٹیم کی مکمل نگرانی کے بعد حاجی کیمپ پشاور کے قریب مزید 3 ملزمان رنگے ہاتھوں گرفتار کیے گئے۔

    ملزمان سے 2 کلو چرس برآمد ہوا، تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان بین الصوبائی منشیات ترسیل میں ملوث تھے، ملزمان نے 12 اور دیگر علاقوں سے منشیات حاصل کر کے کورئیر سروس کے ذریعے منتقل کیں۔

    آن لائن کورئیر نیٹ ورکس کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن میں اے این ایف کی جانب سے تیزی آ گئی ہے، کورئیر سروسز سے مشتبہ پارسلز کی نگرانی سخت کرنے اور تعاون کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

    اے این ایف کا کہنا ہے کہ منظم انٹیلیجنس، مؤثر کارروائیوں اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر مبنی ان کی کوششیں جاری ہیں، ڈیجیٹل منشیات ترسیل کا نیٹ ورک قومی سلامتی کے لیے ایک خطرہ ہے۔ اے این ایف کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • بچے کی گرفتاری کی کوشش، پولیس اہلکار اور خواتین کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو کی اصل کہانی

    بچے کی گرفتاری کی کوشش، پولیس اہلکار اور خواتین کے درمیان ہاتھا پائی کی ویڈیو کی اصل کہانی

    کراچی: شہر قائد کے علاقے سرجانی میں پولیس ایک بچے کو منشیات کے الزام میں گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی تھی کہ خواتین نے جھگڑا کر کے انھیں ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی پولیس کے اہلکار اور خواتین کے درمیان ہاتھا پائی کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جسے خواتین نے الگ رنگ دینے کی کوشش کی، تاہم اصل معاملہ اب سامنے آ گیا ہے۔

    علاقہ گشت پر مامور پولیس اہلکاروں نے ایک کم عمر منشیات فروش ملزم سعود کو ویڈیو میں نظر آنے والی ہیروئن پاؤڈر کے ساتھ گرفتار کر کے لے جانے کی کوشش کی تھی۔

    ابتدائی تحقیقات کے مطابق اس دوران بچے کی والدہ اور دیگر لوگوں نے آ کر بچے کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالی، اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے پروپیگنڈا ویڈیو ریکارڈ کر لی۔


    سرکاری لائن سے آئل چوری کے معاملے میں بڑی پیش رفت، ایک اور ٹینکر پکڑا گیا


    ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی منگھوپیر ڈویژن کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے، انکوائری افسر کی جامع رپورٹ موصول ہونے پر واقعے کے متعلق مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • کراچی: ڈیفنس میں عمارت کی چھٹی منزل سے گر کر جاں بحق ہونیوالی خاتون کون تھی؟

    کراچی: ڈیفنس میں عمارت کی چھٹی منزل سے گر کر جاں بحق ہونیوالی خاتون کون تھی؟

    کراچی: ڈیفنس فیز 6 خیابان مسلم کمرشل میں رہائشی عمارت سے گر کر خاتون جاں بحق ہوگئی جس کی شناخت 35 سالہ افشین کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کے مطابق واقعہ پولیس کے چھاپے کے دوران پیش آیا، درخشاں تھانے کے مقدمے میں مطلوب منشیات فروش عبید کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا جس کی نشاندہی پر خاتون کے گھر چھاپا مارا گیا۔

    ایس ایس پی مہروز علی نے کہا کہ درخشاں میں چھاپے کے دوران خاتون کا فلیٹ سے چھلانگ لگانے کا واقعہ پیش آیا، درخشاں تھانے کے مقدمے میں مطلوب منشیات فروش عبید کو رات گئےگرفتار کیا گیا، ملزم نے دوران تفتیش بتایا افشین نامی خاتون منشیات فروشی میں کاروباری پارٹنر ہے۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ملزم کی نشاندہی پر ملزمہ کے مسلم کمرشل میں واقع فلیٹ پر کارروائی کی گئی، پولیس نے متعدد بار ملزمہ کے فلیٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا لیکن ملزمہ نے دروازہ کھولنے کے بجائے فلیٹ سے چھلانگ لگادی۔

    ایس ایس پی مہروز نے کہا کہ ملزمہ کو فوری اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج دم توڑ گئی، 25 سالہ ملزمہ فلیٹ میں اکیلی رہتی تھی ملزمہ کے فلیٹ سے شراب کی بوتلوں سمیت نشے کی دیگر اشیا بھی برآمد ہوئی ہیں۔

    ایس ایس پی کا مزید کہنا تھا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمہ نشےکی عادی تھی، پوسٹ مارٹم اور دیگر قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

  • ہارمونیم میں منشیات چھپا  کر بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    ہارمونیم میں منشیات چھپا کر بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام

    کراچی : ہارمونیم میں منشیات چھپا کر بیرون ملک اسمگلنگ کرنے والے دو مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ہارمونیم میں آئس چھپا کر بیرون ملک اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی، ائیرپورٹس سیکورٹی فورس نے کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹس پر کارروائیاں کی، جس میں 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔

    ترجمان نے بتایا کہ کراچی سے دبئی جانے والے مسافر سے ڈیڑھ کلو آئس برآمد ہوئی ، شوکت خان نامی مسافر ہارمونیم ساتھ لے جارہا تھا،شبہ پر تلاشی لی گئی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ اسلام آبادایئرپورٹ پر بھی ہارمونیم سے 2 کلو آئس برآمد کرکے مسافر کو گرفتار کرلیا گیا تاہم دونوں ملزمان کواےاین ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے اےاین ایف کی مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اس دوران حکام نے 11 کارروائیوں میں نائیجرین باشندے سمیت 15 ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

  • منشیات سپلائی کرنے والا ’’برقع پوش مرد‘‘ گرفتار

    منشیات سپلائی کرنے والا ’’برقع پوش مرد‘‘ گرفتار

    پولیس کا منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور لاہور میں ایک برقع پوش مرد منشیات ڈیلر کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    ملک بھر میں منشیات کی روک تھام کے لیے اس کی خرید وفروخت کرنے والے سماج دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور میں پولیس نے ایک منشیات ڈیلر کو گرفتار کیا ہے جو برقعہ پہن کر منشیات سپلائی کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

    پولیس کے مطابق ملزم عطا الرحمان بچنے کے لیے برقعہ پہن کر منشیات سپلائی کرنے جا رہا تھا جس کو پٹرولنگ کے دوران صوفیا آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    پولیس نے ملزم کے قبضے سے 10 کلو منشیات برآمد کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جب کہ اس کے زیر استعمال کار بھی تحویل میں لے لی گئی ہے۔

    ملزم عطا الرحمان نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ پشاور سے لاہور منشیات سپلائی کرنے آیا تھا۔

  • بھارت منشیات کا مرکز، عالمی اداروں اور میڈیا آؤٹ لیٹس نے حیران کر دیا

    بھارت منشیات کا مرکز، عالمی اداروں اور میڈیا آؤٹ لیٹس نے حیران کر دیا

    بھارت سے منشیات کی عالمی اسمگلنگ عروج پر ہے، جس کی وجہ سے لاکھوں زندگیاں خطرے میں پڑ چکی ہیں، ڈی ڈبلیو نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ بھارت ہمیشہ سے منشیات کی اسمگلنگ کا مرکز رہا ہے، اور بھارت سے منشیات اسمگلنگ کے راستے اور طریقے مزید جدید ہو گئے ہیں۔

    اقوام متحدہ کی اینٹی ڈرگ ایجنسی UNODC کے مطابق بھارت منشیات اور کیمیکل اسمگلنگ کا بڑا مرکز ہے، منشیات کی میانمار سے وسطی امریکا اور افریقہ تک فراہمی جاری ہے۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارت سے افیون کی ترسیل سے ہزاروں زندگیاں تباہ ہو رہی ہیں، بھارت سے جاری منشیات اسمگلنگ صحت عامہ کے بحران کو بڑھا رہی ہے، بھارت بین الاقوامی سطح پر وسطی افریقہ کو منشیات فراہم کرتا ہے۔

    نائیجیریا کی منشیات کنٹرول ایجنسی نے 2023 میں بھارت سے سپلائی پر کارروائی کی تھی، منشیات کنٹرول ایجنسی نے بھارت سے اسمگل 100 ملین ڈالر سے زائد مالیت کی افیون ضبط کی تھی۔ بی بی سی کے مطابق نائیجیریا کی ایجنسی نے ٹراماڈول ضبط کیے جو نشہ آور دواؤں کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، نائیجیریا میں 40 لاکھ سے زائد افراد بھارت سے اسمگل افیون استعمال کر رہے ہیں۔

    منشیات کنٹرول ایجنسی اہلکار کا کہنا ہے کہ بھارت سے آنے والی افیونی ادویات نائیجیریا میں بڑا مسئلہ بن چکی ہیں، 2018 میں حکومت نے افیونی ادویات کی فروخت اور بھارت سے درآمد پر پابندی لگائی تھی، تب سے اب تک سرحد پار سے مزید افیونی ادویات کی اسمگلنگ جاری ہے، بھارت سے افیون گھانا اسمگل کی جاتی ہیں اور پھر گھانا کی سرحد سے نائیجیریا پہنچتی ہیں۔

    بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق گھانا کا شہر تمالی بھی بھارت سے اسمگل شدہ افیون کا سب سے بڑا شکار ہے، صحافی یحییٰ مسعود کہتے ہیں کہ منشیات پورے خاندانوں اور ملک کے باصلاحیت افراد کو تباہ کر رہی ہیں، افیون سانس کے مسائل کا سبب جب کہ زیادہ مقدار جان لیوا ہو سکتی ہے، افیون کی قسم ٹفرادول خطرناک ترین منشیات میں شامل ہے اور پہلا انجکشن ہی جان لیوا ہو سکتا ہے۔

  • پاکستان سے  جوتوں میں چھپا  کر دبئی اور بحرین  منشیات اسمگل  کرنے کی کوشش ناکام

    پاکستان سے جوتوں میں چھپا کر دبئی اور بحرین منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    اسلام آباد : ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ سے منشیات جوتوں میں چھپا کر بیرون ملک اسمگل کرنے کی تین کوششیں ناکام بنا دیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے پشاور اور اسلام آباد ایئرپورٹ پر تین بڑی کارروائیاں کیں، جس میں دبئی اور بحرین جانےوالے مسافروں کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا کہ پشاور سے دبئی جانے والے مسافر سے455  گرام چرس برآمد ہوئی۔

    دوسری کارروائی میں اسلام آباد سے بحرین جانے والی خاتون کے جوتوں سے ڈیڑھ کلو سے زائد آئس برآمد ہوئی۔

    تیسری کارروائی بھی اسلام آباد ائیرپورٹ کی گئی، جہاں بحرین جانے والے مسافر سے چھ کلو ہیروئن سے بھیگے کپڑے برآمد ہوئے تاہم ملزمان کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی گئی۔

  • لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل اور اربوں روپے کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل اور اربوں روپے کی منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    کوسٹ گارڈز نے بلوچستان اور سندھ کے کوسٹل ایریاز میں انسداد منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف بڑی اور کامیاب کاررورائیاں کی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کوسٹ گارڈز نے بلوچستان اور سندھ میں انسداد منشیات اور ڈیزل اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے سمندر کے راستے لاکھوں لیٹر ایرانی ڈیزل اور اربوں روپے کی منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی ہے۔

    ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق 9 لاکھ 15 ہزار 440 لیٹر ایرانی ڈیزل کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ اس کے علاوہ اوتھل اور جیوانی سے تقریباً 57 ملین ڈالر (15 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کی منشیات بھی برآمد کر کے ضبط کر لیں۔

    اس کے علاوہ چیک پوسٹس پر دوران چیکنگ تین کروڑ 60 لاکھ سے زائد مالیت کی اشیا برآمد کر کے ضبط کر لیں۔ ان اشیا میں گٹکا، چھالیہ، نسوار، ٹائر، الیکٹرانکس مصنوعات، کپڑا اور سگریٹ شامل ہیں۔