Tag: منشیات

  • کراچی میں 60 فی صد اسٹریٹ کرائمز کا تعلق نشے کے عادی افراد سے ہے: آئی جی کا انکشاف

    کراچی میں 60 فی صد اسٹریٹ کرائمز کا تعلق نشے کے عادی افراد سے ہے: آئی جی کا انکشاف

    کراچی: آئی جی سندھ نے انکشاف کیا ہے کہ شہر قائد میں 60 فی صد اسٹریٹ کرائمز کا تعلق نشے کے عادی افراد سے ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں بڑھتی منشیات فروشی اسٹریٹ کرائمز میں اضافے کا بھی سبب بن رہی ہے، نشے کے عادی افراد اپنی لت پوری کرنے کے لیے چوری ڈکیتی کی وارداتیں کرتے ہیں۔

    آئی جی سندھ نے بھی 60 فی صد اسٹریٹ کرائمز کا ذمہ دار نشے کے عادی افراد کو قرار دیا ہے، لیکن کراچی میں منشیات کے بڑے اڈوں کے خاتمے میں پولیس ناکام نظر آ رہی ہے۔

    کراچی میں عادی جرائم پیشہ افراد کی بڑی تعداد دراصل نشے کی بھی عادی ہوتی ہے، شہر میں منشیات کے اڈے اور اسٹریٹ کرائمز یکساں طورپر بڑھ رہے ہیں۔

    شہر قائد میں اس وقت منگھوپیر مشکی پاڑہ، بلدیہ داؤد گوٹھ، اورنگی فقیر کالونی، مدینہ کالونی، پرانی سبزی منڈی اور ریڑھی گوٹھ کے علاقوں میں کھلے عام منشیات فروخت ہو رہی ہے۔

    اورنگی ایرانی کیمپ میں تو کھیلوں کے میدان کے ساتھ منشیات کا اڈا کھلا ہوا ہے۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بھی انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں 60 فی صد سے زائد اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں نشے کے عادی افراد ملوث ہیں۔

    شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں منشیات کی سپلائی ختم کرنے کے لیے پولیس منشیات فروشوں کے خلاف حقیقی انداز میں ایکشن کرے اور نشے کی ڈیمانڈ کے خاتمے کے لیے سرکاری سطح پر بحالی کے مراکز قائم کیے جائیں۔

  • بے بی وائپس میں چھپا کر لے جائی جانے والی کوکین پکڑی گئی

    بے بی وائپس میں چھپا کر لے جائی جانے والی کوکین پکڑی گئی

    امریکا میں بے بی وائپس لے جانے والے ایک ٹرک سے کروڑوں مالیت کی منشیات برآمد ہوئی جس کے بعد حکام نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق مذکورہ ٹرک امریکا اور میکسیکو کی سرحد پر پکڑا گیا۔

    امریکی کسٹمز اور بارڈر پروٹیکشن افسران نے کولمبیا سولڈیرٹی برج پر مشکوک ٹریلر ٹرک کو روکا، یہ پل امریکا اور میکسیکو کی 2 ریاستوں کو آپس میں ملاتا ہے۔

    ٹرک میں بے بی وائپس کی کھیپ موجود تھی جسے پہلے جانے دیا گیا تاہم شک ہونے پر دوبارہ انسپکشن کی گئی تو ٹرک سے کوکین برآمد ہوئی۔

    19 سو سے زائد پیکٹس میں موجود کوکین کی مقدار 15 سو 33 پاؤنڈز تھی جبکہ اس کی مالیت 11.8 ملین (1 کروڑ 18 لاکھ) ڈالر تھی۔

    منشیات برآمدگی کے بعد حکام نے ٹرک اور اس کے ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردیں۔ امریکی امیگریشن، کسٹم انفورسمنٹ، اور ہوم لینڈ سیکیورٹی انویسٹی گیشن کے ادارے بھی معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • موٹر سائیکل سے کیا برآمد ہوا؟

    موٹر سائیکل سے کیا برآمد ہوا؟

    کراچی: حب سے کراچی منشیات لانے کا ایک انوکھا طریقہ سامنے آیا ہے، منشیات فروش موٹر سائیکل سیٹ میں چھپا کر اسمگلنگ کرنے لگے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں بن قاسم پولیس نے 2 منشیات فروشوں کو 5 کلو منشیات سمیت گرفتار کیا ہے، یہ ملزمان موٹر سائیکل کی سیٹ کے اندر منشیات چھپا کر کراچی لا رہے تھے۔

    معلوم ہوا ہے کہ ملزمان منشیات کی موٹر سائیکل سمیت ڈیلوری دیتے ہیں، ساکران چیکو باغ سے منشیات لاکر کراچی شہر میں فروخت کر دیتے ہیں۔

    بن قاسم پولیس نے شک کے تحت ایک موٹر سائیکل کو روکا تو تلاشی کے دوران اس کی سیٹ کے نیچے سے چرس برآمد ہو گئی، جس کا وزن 5600 گرام تھا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کی شناخت شاہد عرف شدو اور عارف کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان بلوچستان کے علاقے ساکران سے چرس لا کر کراچی میں فروخت کرتے ہیں۔

    پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • عدالت نے اسد عرف مچھر کی سزا برقرار رکھنے کا حکم سنا دیا

    عدالت نے اسد عرف مچھر کی سزا برقرار رکھنے کا حکم سنا دیا

    کراچی: منشیات برآمدگی کے ایک کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے دو مجرمان اسد عرف مچھر اور وحید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم سنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں منشیات برآمدگی کیس میں سزا کے خلاف مجرمان کی اپیل مسترد ہو گئی، عدالت نے اسد عرف مچھر اور وحید کی سزا برقرار رکھنے کا حکم جاری کر دیا۔

    اس کیس کا فیصلہ جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سنایا، عدالت نے قرار دیا کہ معاشرے میں منشیات جیسا گھناؤنا جرم کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

    خیال رہے کہ ٹرائل کورٹ نے دونوں افراد کو جرم ثابت ہونے پر قید اور جرمانوں کی سزا سنائی تھی، وحید کو 9 سال قید کی سزا اور 90 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا، اسد عرف مچھر کو 6 سال قید، اور 30 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

    استغاثہ کے مطابق دونوں افراد سے 1550 گرام آئس اور 4200 گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی، اور ان کے خلاف مقدمہ نیو کراچی تھانے میں 2020 میں درج کیا گیا تھا۔

  • منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کر لی

    منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کر لی

    کراچی: منشیات فروشی کے خلاف کراچی پولیس نے اپنی حکمت عملی تبدیل کر لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد سے منشیات کی لت ختم کرنے کا ٹاسک پورا کرنے کے لیے کراچی پولیس نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے منشیات پکڑنے کی بجائے منشیات فروشوں اور ڈیلرز کی گرفتاریوں پر توجہ مرکوز کر دی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے اس سلسلے میں بتایا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے کراچی پولیس نے بہت بڑا اقدم اٹھا رکھا ہے، اب ہم حکمت عملی کو تبدیل کر کے منشیات فروشوں اور ڈیلرز کے خلاف کام کر رہے ہیں۔

    غلام نبی میمن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس کی بجائے کہ ہم منشیات پکڑنے پر توجہ مرکوز کریں، ہم نے منشیات فروخت کرنے اور اس کے ڈیلرز کے خلاف کام کرنے کی حکمت عملی بنا لی ہے، اس سلسلے میں شہر میں سرگرم منشیات فروش اور ڈیلرز کی فہرست بھی تیار کر رکھی ہے۔

    کراچی پولیس چیف کے مطابق فہرست میں موجود کئی منشیات فرشوں کو گرفتار کر کے جیل بھی بھجوایا جا چکا ہے، اور اب اگلے قدم کے طور پر ان منشیات فروشوں کے خلاف مضبوط کیسز تیار کیے جائیں گے، انھوں نے بتایا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملزمان کے خلاف بہتر سے بہتر کیس بنائیں۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف حکومت سے خصوصی پراسیکیوٹرز مختص کرنے کی درخواست بھی کی گئی ہے، کیوں کہ اس پر پیسا بھی لگتا ہے اور دوسری طرف منشیات فروشوں کے پاس پیسہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ حکومت نے جو منشیات کے لیے نیا قانون پاس کیا ہے، اس کے تحت منشیات پر سخت سزائیں رکھی گئی ہیں، اگر اچھے کیسز بنیں گے تو سزا بھی زیادہ ہوگی۔

  • منشیات کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے پولیس کو طلب کرنے والا شخص گرفتار

    منشیات کی کوالٹی چیک کرنے کے لیے پولیس کو طلب کرنے والا شخص گرفتار

    امریکا میں ایک شخص نے پولیس کو کال کر کے نشہ آور آئس کا معیار چیک کرنے کے لیے کہا جس کے بعد پولیس نے اس شخص کے گھر پہنچ کر اسے گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے علاقے اسپرنگ ہل میں مقامی پولیس کو ایک کال موصول ہوئی، کال کرنے والے نے اپنا نام تھامس یوجین بتایا۔

    تھامس نے کہا کہ اس نے گزشتہ رات بار میں ایک شخص سے میتھمفیٹامین یعنی آئس خریدی ہے اور وہ چاہتا ہے کہ پولیس چیک کرے کہ آیا وہ اصلی منشیات ہے یا نہیں۔

    پولیس اس کے گھر پہنچی تو تھامس نے بتایا کہ اس نے گزشتہ رات بار میں ایک شخص سے اسے خریدا، اور اس وقت چکھنے پر اسے ٹھیک لگی لیکن اب یہ اسے نمک جیسی لگ رہی ہے۔

    تھامس کا کہنا تھا کہ وہ عادی نشئی ہے اور باقاعدگی سے منشیات لیتا ہے، اور چاہتا کہ پولیس اسے ٹیسٹ کرے تاکہ لوگ اس جعلی نشے کو خرید کر اپنے پیسے نہ ضائع کریں۔

    پولیس نے اسی وقت اس منشیات کا فیلڈ ٹیسٹ کیا جس میں پتہ چلا کہ یہ اصل آئس ہی ہے، اور اس کے بعد پولیس نے تھامس کو گرفتار کرلیا۔

    تھامس پر منشیات کے استعمال اور گھر میں منشیات رکھنے کے چارجز عائد کیے گئے ہیں، ابتدا میں اسے سینے میں درد کی شکایت پر اسپتال لے جایا گیا تاہم ڈاکٹرز نے اسے صحت مند قرار دیا جس کے بعد پولیس نے تھامس کو حراستی مرکز منتقل کردیا۔

  • عجیب واقعہ، سرکاری مال خانے میں منشیات پتھر اور مٹی بن گئیں

    عجیب واقعہ، سرکاری مال خانے میں منشیات پتھر اور مٹی بن گئیں

    کراچی: شہر قائد کے ماڈل کورٹ کے مال خانے میں جمع کرائی گئی کیس پراپرٹی پتھروں اور مٹی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن شرقی ماڈل کورٹ کے مال خانے میں جمع کرائی گئی 38 کلو گرام افیون پتھروں میں، اور 22 کلو چرس مٹی میں تبدیل ہو گئی ہے۔

    یہ انکشاف ملزم خالد کے خلاف کیس کی سماعت کے دوران ہوا، عدالت نے مال خانہ انچارج سٹی کورٹ شرقی پولیس کانسٹیبل عجب خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔

    عدالت نے مال خانہ انچارج سے استفسار کیا کہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، کیوں نہ آپ کے خلاف ایڈیشنل آئی جی کراچی کو مِس کنڈکٹ کی کارروائی کا حکم دیا جائے، مال خانہ انچارج کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے ملزم کو فائدہ پہنچے گا، بطور سرکاری ملازم آپ نے رشوت وصول کی ہے۔

    عدالت نے کہا کیس کے تفتیشی افسر آصف علی نے کیس پراپرٹی مال خانے میں جمع کرائی تھی، کیس پراپرٹی میں 38 کلو افیون اور 22 کلو چرسں شامل تھی، عدالت نے 11 فروری کو کیس پراپرٹی پیش کرنے کا حکم دیا تھا، لیکن کیس پراپرٹی جب عدالت میں کھولی گئی تو ایک بیگ میں منشیات کی جگہ پتھر اور دوسرے میں مٹی پائی گئی۔

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم خالد کو 4 فروری 2021 موسمیات پی سی ایس آر سی لیبارٹری کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا، ملزمان کی تلاشی لی گئی تو ایک بیگ میں 38 کلو افیون اور دوسرے بیگ سے 22 کلو چرس برآمد ہوئی تھی، ملزم خالد نے بتایا کہ 22 کلو چرس فرار ہونے والے ملزم عبد الحق کی تھی۔

  • کراچی میں بین الاقوامی ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کارروائی

    کراچی میں بین الاقوامی ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کارروائی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بیرون ملک ہیروئن اور آئس کیپسول اسمگل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان متعدد مرتبہ منشیات سے بھرے کیپسول کی کھیپ بھجوا چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اجمیر پولیس نے بین الاقوامی ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک ہیروئن اور آئس کیپسول اسمگل کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    ایس ایس پی سینٹرل ملک مرتضیٰ کا کہنا ہے کہ ملزمان میں زبیر صدیقی اور وقار صدیقی شامل ہیں، ملزمان سے متعدد کیپسول برآمد کیے گئے۔

    ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان انٹرنیشنل اسمگلنگ گروہ کے اہم کارندے ہیں، ملزمان اسمگلنگ کے لیے سادہ لوح افراد کو استعمال کرتے تھے، پہلے لوگوں کو کیپسول نگلنے کی باقاعدہ ٹریننگ دی جاتی تھی، پریکٹس مکمل ہونے کے بعد تیار شخص کو پشاور لے جایا جاتا۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک شخص کیپسول کے ذریعے آدھا کلو منشیات نگل سکتا ہے، ہیروئن یا آئس کیپسول دبئی، قطر اور دیگر عرب ممالک بھیجے جاتے ہیں۔ پشاور میں ہیروئن لے جانے والے شخص کی دستاویزات بنائی جاتی تھی، اسمگلنگ میں اصل سفری دستاویزات کا استعمال کیا جاتا تھا۔

    ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ 12 رکنی گروہ کراچی، لاہور، پشاور اور عرب ممالک تک پھیلا ہوا ہے، ملزمان متعدد مرتبہ منشیات سے بھرے کیپسول کی کھیپ بھجوا چکے ہیں۔ کیپسول کی اسپیشل پیکنگ کے لیے لاہور میں نائیجیرین موجود ہیں۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ پیکنگ لیک ہونے سے مسافر کی موت بھی واقع ہوسکتی ہے، منشیات سے بھرے کیپسول لے جانے والے کو 2 لاکھ دیے جاتے ہیں۔

  • کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار، خاتون بھی شامل

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں منشیات فروشی میں ملوث خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گرفتار ملزمان کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے باگڑی پاڑہ گلستان جوہر بلاک ون میں پولیس اور رینجرز نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران منشیات فروشی اور مختلف جرائم میں ملوث خاتون سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کراچی یونیورسٹی میں منشیات فروخت کرتے ہیں، یونیورسٹی سے ملحقہ علاقوں میں بھی منشیات فروخت کی جاتی ہے۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان سے منشیات برآمد بھی کی گئی، ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

  • 3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    3 غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز گرفتار

    راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے غیر ملکیوں سمیت 10 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این ایف انٹیلیجنس نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر کارروائیاں کر کے 595 کلوگرام ہیروئن اور 5.033 کلوگرام کوکین برآمد کر لی۔

    ان کارروائیوں کے دوران 10 اسمگلرز گرفتار کیے گئے ہیں، جن میں 3 ویسٹ افریقن باشندے شامل ہیں، اور ان میں ایک عورت بھی ہے۔

    علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ لاہور پر ایتھوپیا سے آنے والی مغربی افریقی خاتون سے جب 1.393 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی، تو اس کیس کے تعاقب میں اے این ایف نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 2 غیر ملکی باشندوں کو گرفتار کر لیا۔

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر بحرین سے آنے والے 2 ویسٹ افریقی باشندوں کے قبضے سے 3.640 کلوگرام کوکین برآمد کی گئی۔

    اے این ایف انٹیلیجنس کی سری لنکن سیکیورٹی حکام کو فراہم کی جانے والی خفیہ معلومات کے نتیجے میں کھلے سمندر میں ایک کارروائی کی گئی، جس کے دوران 2 کشتیوں سے مجموعی طور پر 595 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی۔

    اس کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 7 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں پاکستانی و غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔ ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔