Tag: منشیات

  • مودی کی بندرگاہ سے منشیات کی دنیا کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

    مودی کی بندرگاہ سے منشیات کی دنیا کی سب سے بڑی کھیپ پکڑی گئی

    نئی دہلی: نریندر مودی وزیر اعظم یا اسمگلر؟ مودی نے دنیا کو حیران کر دیا، ان کی بندرگاہ سے ساڑھے 4 کھرب روپے کی منشیات پکڑی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم کی زیر ملکیت بندر گارہ سے 445 ارب روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئی، ہندوستان ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ جس بندرگاہ پر منشیات پکڑی گئی ہیں اس میں مودی کے 25 فی صد شیئرز ہیں۔

    یہ دنیا کی سب سے بڑھی منشیات کھیپ ہے جو پکڑی گئی ہے، یہ کھیپ افغانستان سے 2 کنٹینرز کے ذریعے اڈانی بندرگاہ پر بھیجی گئی تھی۔

    ملک کے تمام بڑے صحافی، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس اور سیاست دان مودی حکومت پر سخت تنقید کر رہے ہیں، کانگریس نے سوال اٹھایا ہے کہ بھارت میں اس طرح کا ڈرگ سنڈیکیٹ وفاقی حکومت کے ناک کے نیچے کیسے کام کر رہا ہے۔

    بھارتی وزیراعظم مودی کو دورہ امریکا کے حوالے سے بڑا دھچکا ، کھلبلی مچ گئی

    کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے ایک پریس کانفرنس میں کہا وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر امیت شاہ، جو گجرات سے ہیں، اس منشیات کے سنڈیکیٹ کو کیوں نہیں روکتے؟ انھوں نے کہا کہ بھارت میں منشیات کی اسمگلنگ گزشتہ دو سالوں میں کافی بڑھ گئی ہے۔

    انھوں نے تشویش کا اظہار کیا کہ یہ بھارت کے نوجوانوں کے مستقبل کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا، یہ عالمی سطح پر دہشت گرد تنظیموں کے لیے ممکنہ فنڈنگ ​​کا راستہ ہے۔

    تلگو دیشم جشن کے سربراہ دھلی پلی نریندر کمار نے ایک پریس کانفرنس میں کہا دنیا بھر میں منشیات اور یورینیم مافیا آندھرا پردیش میں وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے عہدے داروں کی مدد کے بغیر کیسے کام کر سکتا ہے۔

  • وفاقی دارلحکومت میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع، ڈائریکٹوریٹ میڈیا قائم

    وفاقی دارلحکومت میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع، ڈائریکٹوریٹ میڈیا قائم

    اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع ہو گیا، اسلام آباد پولیس ہیڈکوارٹر میں ڈائریکٹوریٹ میڈیا بھی قائم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں ایس ایس پی ڈاکٹر مصطفیٰ تنویر نے بتایا کہ وفاقی پولیس میں ڈائریکٹوریٹ میڈیا قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ہفتہ وار بریفنگ دی جائے گی اور کرائمز کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر مصطفیٰ تنویر کو میڈیا ڈائریکٹوریٹ کا ڈائریکٹر بنایا گیا ہے، انھوں نے بتایا کہ وفاقی دارلحکومت میں منشیات کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جس کے دوران 123 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

    وفاقی پولیس کے مطابق منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن گزشتہ 5 دن سے جاری ہے، جس میں یہ ساری گرفتاریاں ہوئی ہیں، کارروائیوں کے دوران 27 کلو گرام ہیروئن، پونے 3 کلو آئس، اور ایک من چرس برآمد کی گئی۔

    ایس ایس پی آپریشن ڈاکٹر مصطفیٰ نے بتایا کہ وفاقی پولیس میں اینٹی نار کوٹکس اسکواڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے، منشیات فروخت کرنے میں بچوں اور خواتین کے استعمال کا انکشاف ہوا ہے، جو گرفتاریاں ہوئی ہیں ان میں خواتین بھی شامل ہیں، بچوں کے ذریعے بھی منشیات فروخت کروائی جاتی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اب سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزمان کی جائیدادیں بھی ضبط کرائی جائیں گی، جب کہ منشیات کے کیسز میں پکڑے گئے غیر ملکیوں کو واپس بھجوانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

  • جموں: غیر قانونی شراب کے ساتھ ایک گرفتار

    جموں: غیر قانونی شراب کے ساتھ ایک گرفتار

    کشتواڑ: جموں و کشمیر کے علاقے کشتواڑ میں پولیس نے غیر قانونی شراب کے ساتھ اشرداس نامی ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جموں کے ضلع کشتواڑ میں پولیس نے شراب کی 20 بوتل کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کر لیا، پولیس کا کہنا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹاگود میں ناکہ بندی کر کے اشرداس نامی شخص کو شراب کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران کشتواڑ پولیس نے منشیات مخالف مہم کو تیز کرتے ہوئے 20 سے زائد افراد کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    کشتواڑ پولیس کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف ان کی مہم جاری رہے گی، یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع کشتواڑ کے شالیمار ناکے پر پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 130 گرام چرس ضبط کی تھی۔

    جنوبی کشمیر میں منشیات کے خلاف جموں و کشمیر پولیس کے جاری کریک ڈاؤن میں 16 اپریل کو 24 گھنٹوں کے دوران 6 منشیات اسمگلروں کو الگ الگ آپریشنز کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

    پولیس نے ان منشیات اسمگلروں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی جس میں ہیروئن، کوڈین فاسفیٹ اور سائکوٹراپک ادویات بھی شامل تھیں۔

  • منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    منشیات رکھنے والے امریکی شخص نے خود ہی پولیس کو اپنے گھر بلا لیا

    امریکا میں ایک شخص نے پولیس کو فون کر کے جعلی ڈکیتی رپورٹ کی تاہم پولیس نے اس کے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی۔

    امریکی ریاست ایریزونا میں 42 سال جون ہربسن نے پولیس کو کال کی اور کہا کہ ان کے گھر کی کھڑکی ٹوٹی ہوئی ہے اور کسی نے ان کے گھر میں نقب لگائی ہے۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو جون نے دروازہ کھول دیا اور انہیں اندر داخل ہونے کی دعوت دی۔ تاہم پولیس نے دیکھا کہ وہاں نقب زنی کے کوئی آثار موجود نہیں تھے۔

    بعد ازاں پولیس نے گھر سے بھاری مقدار میں منشیات اور نقد رقم برآمد کرلی، رقم کی مالیت 4 ہزار ڈالرز سے زائد تھی۔

    پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا۔

  • کراچی میں ہیروئن کی فروخت کے حوالے سے سنسنی خیز انٹیلی جنس رپورٹ

    کراچی میں ہیروئن کی فروخت کے حوالے سے سنسنی خیز انٹیلی جنس رپورٹ

    کراچی: شہر قائد میں ہیروئن کی فروخت کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ ہیروئن اسمگلرز کے گینگ وار اور بلوچستان کالعدم جماعت سے بھی رابطے ہیں، جب کہ کراچی میں سفید زہر فروخت کرنے والے کارندوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں چھوٹی پڑیا میں بڑے زہر کی فروخت کے حوالے سے ملیر سٹی پولیس نے ایک اہم کارروائی کی ہے، معلوم ہوا ہے کہ ایک نہیں دو نہیں پورا خاندان ہیروئن کی فروخت میں ملوث ہے۔

    نوجوان نسل میں زہر گھولنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ملیر سٹی پولیس نے ہیروئن اسمگلر اور ڈیلر کی تصاویر اور کریمنل ریکارڈ جاری کر دیا، انٹیلی جنس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سفید زہر فروخت کرنے والے کارندوں میں خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سفید پاوڈر کے کالے دھندے کو امیر بخش آپریٹ کرتا ہے، امیر بخش، یار محمد اور اپنی بیوی آمنہ کو ہیروئن سپلائی کرتا ہے، یہ دونوں سعود آباد میں ہیروئن سپلائی کرتے ہیں، ملیر سعود آباد تھانے کی حدود میں منشیات کے بے شمار اڈے قائم ہیں، آمنہ کے علاقوں میں کوثر ٹاؤن، انڈس مہران، لاسی پاڑہ اور لیاقت مارکیٹ شامل ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پولیس کی پکڑ سے بچنے کے لیے خواتین کا سہارا لے کر ہیروئن سپلائی کرتے ہیں۔

    انٹیلی جنس رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ امیر بخش ہیروئن کے پیسوں سے گینگ وار اور بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو فنڈنگ کرتا ہے، امیر بخش گینگ وار کے فیصل پٹھان اور سلیم چاکلیٹی سے رابطے میں رہتا ہے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آمنہ کی تین بہنیں اور دو بھائی بھی اس دھندے میں ملوث ہیں، یہی نہیں بلکہ اس کی بہنوں کے شوہروں کے علاوہ دیور اور ان کی بیویاں، آمنہ کے کزنز بھی سفید زہر پھیلانے میں ملوث ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سفید زہر بیچنے والے ملزمان پر تھانے میں مقدمات درج ہیں، چند کو ماضی میں گرفتار بھی کیا گیا تاہم بعد میں ضمانت پر رہا ہوئے،۔

  • منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام، مسافر گرفتار

    لاہور : ائیرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر سے 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کرکے گرفتار کرلیا، ہیروئن کی مالیت عالمی منڈی میں 7کروڑ روپے تک بتائی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کسٹمز حکام نے منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی، لاہورائیرپورٹ پر کسٹمز حکام نے کارروائی کرتے ہوئے قطرائیر لائن کے ذریعے بیرون ملک جانے والے مسافر محمد عثمان سے چیکنگ کے دوران 7 کلوگرام ہیروئن برآمد کر لی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم محمد عثمان بیگ کے خفیہ جانے میں منشیات چھپا کر بیرون ملک لے جارہا تھا، کسٹمز حکام نے ملزم کو گرفتار کرکے مزید تفتیش کیلئے اے این ایف کے حوالے کر دیا۔

    کسٹمز ذرائع کے مطابق ہیروئن کی مالیت عالمی منڈی میں 7کروڑ روپے تک بتائی جارہی ہے۔

    دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب نے وہاڑی میں 2 کارروائیوں میں اندرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اےاین ایف حکام کا کہنا تھا کہ وہاڑی میں مشکوک گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی جبکہ دوسری کارروائی میں گھر سے منشیات برآمد ہوئی، برآمد منشیات میں513کلوچرس اور168کلو ہیروئن شامل ہیں۔

  • وفاقی حکومت کا ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اہم فیصلہ

    وفاقی حکومت کا ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اہم فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات پر ملک کو منشیات سے پاک کرنے کی کوششیں تیز کردی گئیں، بڑے منشیات اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن اور ان کی گرفتاریوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بڑے منشیات اسمگلرز پر ہاتھ ڈالنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا۔

    اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے کی۔ اجلاس میں صوبوں کے آئی جیز، رینجرز کے ڈی جیز، ڈی جی اے ایف ایف، ایف سی کمانڈنٹس اور کوسٹ گارڈز کے سربراہ شریک ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے سول و عسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف پوری قوت سے مشترکہ آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کریک ڈاؤن سے قبل حساس اداروں نے بڑے منشیات اسمگلرز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، تصدیق کے لیے فہرست دوبارہ حساس اداروں کے حوالے کردی گئی، حتمی فہرست کی بنیاد پر کریک ڈاؤن اور گرفتاریاں شروع ہوں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں منشیات اسمگلرز کے خلاف مشترکہ آپریشن کا طریقہ کار طے کر لیا گیا ہے، وفاقی وزارت انسداد منشیات، اسمگلرز کے تمام آپریشنز کو لیڈ کرے گی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مالی، تکنیکی اور لاجسٹک وسائل کی کمی نہیں آنے دی جائے گی، بیرون ملک سے ملنے والی مالی معاونت انسداد منشیات سرگرمیوں پر خرچ ہوگی۔

    علاوہ ازیں شہروں، تعلیمی اداروں اور گلی محلوں میں بھی منشیات کی سپلائی روکنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سعودی عرب: مٹھائی میں منشیات کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    سعودی عرب: مٹھائی میں منشیات کی بھاری مقدار اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    ریاض: سعودی کسٹم حکام نے بیرون ملک سے آنے والی شپمنٹ سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر کے 5 افراد کو حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی کسٹم حکام نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر کے 5 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    سعودی کسٹم حکام کے مطابق اسمگلرز نے انتہائی مہارت سے مٹھائیوں کے اندر نشہ آور گولیاں چھپائی تھیں۔ملزمان نے مٹھائی کے پیکٹس کو انتہائی مہارت اور خوبصورتی سے منشیات اسمگل کرنے کے لیے استعمال کیا تھا۔

    محکمہ کسٹم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھیجی جانے والی منشیات کی کھیپ میں 31 لاکھ 6 ہزار 214 گولیاں برآمد ہوئی جنہیں محکمہ انسداد منشیات کے حوالے کر دیا گیا۔

    کسٹم حکام نے بتایا کہ کارگو وصول کرنے کے لیے آنے والے پانچوں افراد کو حراست میں لے کر انہیں محکمہ انسداد منشیات کے حوالے کر دیا گیا جہاں ان کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

  • نائیک محمد اکبر کو شہید کرنے والے منشیات فروش کا بھائی پولیس میں تعینات ہونے کا انکشاف

    نائیک محمد اکبر کو شہید کرنے والے منشیات فروش کا بھائی پولیس میں تعینات ہونے کا انکشاف

    راولپنڈی: گزشتہ دنوں گرفتار منشیات فروشوں سے تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ نائیک محمد اکبر کو شہید کرنے والے منشیات فروش کا بھائی پولیس میں تعینات ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد، مانگا میں قائم منشیات کے سب سے بڑے بین الصوبائی اڈے پر اے این ایف کی کارروائی میں نائیک محمد اکبر کی شہادت کے معاملے میں تحقیقات میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔

    ذرایع نے بتایا ہے کہ مانگا میں قائم منشیات کے اڈے پر کنٹینرز سے منشیات اتاری جاتی تھی، اور پھر یہ منشیات مری، آزاد کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سپلائی کی جاتی تھی۔

    یہ بھی معلوم ہوا کہ اے این ایف کے چھاپے کے دوران فائرنگ سے نائیک محمد اکبر کو شہید کرنے والے فیضان عباسی کا بھائی یاسر عباسی اسلام آباد پولیس میں تعینات ہے، جو منشیات سے بھرے کنٹینرز کو پولیس ناکوں سے کلیئر کرواتا تھا۔

    چھاپے کے دوران ملزم فیضان عباسی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں، ملزم گاؤں کے مکینوں کو دھمکیاں بھی پہنچا رہا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اہم شخصیات کے پروٹوکول میں تعینات اہل کاروں سے بھی ملزمان کے رابطے ہیں۔

  • ہیروئن اسمگلنگ کے لیے عروسی ملبوسات کا استعمال، ملزم گرفتار

    ہیروئن اسمگلنگ کے لیے عروسی ملبوسات کا استعمال، ملزم گرفتار

    بیروت: لبنان میں ہیروئن اسمگلنگ کے لیے عروسی ملبوسات استعمال کرنے والا ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق لبنان میں اینٹی نارکوٹکس سیل نے عروسی ملبوسات میں ہیروئن سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی، منشیات شمالی افریقہ کے ممالک کو اسمگل کی جا رہی تھی۔

    اینٹی نارکوٹکس سیل نے ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 2.2 کلو گرام ہیروئن برآمد کی، جو عروسی ملبوسات اور کچن کے سامان میں چھپائی گئی تھی۔

    لبنانی فورسز کے مطابق ملزم کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے، ملزم کا تعلق لبنان سے ہے جو عروسی ملبوسات اور کچن کے سامان کی آڑ میں شمالی افریقہ میں ہیروئن اسمگل کر رہا تھا، اس کے خلاف کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، محکمہ انسداد منشیات کو یہ اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم افراد کارگو سروس کے ذریعے بڑی مقدار میں ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    اینٹی نارکوٹکس اہل کاروں نے شپمنٹ کی تلاشی لی تو اطلاع درست ثابت ہوئی، شپمنٹ میں بڑی تعداد میں عروسی ملبوسات اور کچن میں استعمال ہونے والے کٹلری سیٹس موجود تھے، جس کی تلاشی پر چھپائی گئی ہیروئن بھی برآمد ہو گئی۔

    اینٹی نارکوٹکس حکام کے مطابق اسمگلنگ کے لیے ملزم نے فرضی شناختی کارڈ کا استعمال کیا تھا، استعمال ہونے والے موبائل نمبر بھی تلف کر دیے گئے تھے، ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔