Tag: منشیات

  • رانا ثنا کی گاڑی پولیس نے روک لی، تلاشی دینے سے انکار

    رانا ثنا کی گاڑی پولیس نے روک لی، تلاشی دینے سے انکار

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کی گاڑی کو پولیس نے ریگل چوک پر روک لیا، تاہم انھوں نے تلاشی دینے سے انکار کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا کی گاڑی کو آج ریگل چوک لاہور پر پولیس نے روک لیا، پولیس کا کہنا تھا کہ گاڑی کی تلاشی لینے کے بعد ہی آگے جانے دیا جائے گا۔

    تاہم رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جب تک میڈیا نہیں آئے گا گاڑی کی تلاشی نہیں دوں گا۔ ان کا مؤقف تھا کہ وہ گاڑی کی تلاشی صرف میڈیا کی موجودگی ہی میں دیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس یکم جولائی کو اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے فیصل آباد کے قریب ایک خفیہ کارروائی کے دوران رانا ثنا کی گاڑی سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی تھی، گاڑی سے برآمد منشیات میں ہیروئن شامل تھی جس کے بعد انھیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

    بعد ازاں 26 دسمبر کو لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثنا کو منشیات برآمدگی کیس میں ضمانت پر رہا کر دیا تھا، وہ اس کیس کے دوران اس بات پر بہ ضد رہے کہ ان کی گاڑی سے منشیات برآمدگی کی ویڈیو دکھائی جائے۔ رانا ثنا کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس بھی نیب میں چل رہا ہے، جس میں انھوں نے عبوری ضمانت کرائی تھی۔

    آج ریگل چوک پر تلاشی کے لیے روکے جانے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پولیس نے مجھے ناکے پر ریگل چوک پر روک لیا اور کہا کہ میں پہلے گاڑی کی تلاشی دوں، لیکن میں نے کہا جب تک میڈیا نہیں آئے گا گاڑی کی تلاشی نہیں دوں گا، کیا پتا پولیس کے پاس ہیروئن کا تھیلا ہو پہلے پولیس اپنی تلاشی دے۔

    رانا ثنا نے کہا پہلے بھی مجھے روک کر گاڑی سے ہیروئن برآمد کرائی گئی تھی، گارڈ، ڈرائیور اور میں گاڑی میں موجود ہوں، گاڑی کے باہر سول کپڑوں میں بہت سے لوگ موجود ہیں، ریگل چوک پر کوئی اعلیٰ عہدیدار بھی موجود نہیں ہے، مجھ سے کوئی رابطہ کرے گا تو صورت حال بتاؤں گا۔

  • بڑی کارروائی، اربوں روپے مالیت  کی منشیات برآمد، 11غیر ملکی گرفتار

    بڑی کارروائی، اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، 11غیر ملکی گرفتار

    کراچی: میری ٹائم سیکیورٹی اور کسٹمز نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے منشیات سے بھری 2 کشتیاں پکڑ لیں اور 11 غیرملکیوں سمیت 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق میری ٹائم اور کسٹمز نے کھلے سمندر میں اہم اطلاعات پر بڑی کاررائی کی اور 14 ارب روپے مالیت کی منشیات برآمد سمیت 16 ملزمان کو بھی گرفتار کیا، اہلکارں نے 2 کشتیاں کو بھی قبضے میں لے لیا۔

    متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی 26اپریل کو میری ٹائم اور کسٹمز نے کھلےسمندر میں کی۔ منشیات میں 2410 کلو حشیش، 133 کلو براؤن کرسٹل اور 181کلو آئس شامل ہیں۔ منشیات کی قیمت ساڑھے 14 ارب سے زائد ہے۔

    اے این ایف کی کراچی میں بڑی کارروائی، 7 ارب روپے کی منشیات برآمد

    رواں ماہ کے آغاز میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 7 ارب روپے کی منشیات برآمد کی تھی۔ بعد ازاں مؤثر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

    یاد رہے کہ رواں سال 10 فروری کو اینٹی نارکوٹکس فورس نے بیرون ملک اسمگل کی جانے والی 98 کروڑ روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لی تھی۔اے این ایف کے مطابق ہیروئن کنٹینر کے ذریعے ہالینڈ بھجوائی جا رہی تھی۔منشیات کنٹینر کے نچلے حصے میں منشیات انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی۔

  • مشکوک کشتی سے 2 ارب سے زائد مالیت کی آئس ڈرگ برآمد

    مشکوک کشتی سے 2 ارب سے زائد مالیت کی آئس ڈرگ برآمد

    کوئٹہ: پاک بحریہ اور ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس نے بلوچستان کے علاقے پشوکان سے ملحقہ سمندر میں مشترکہ انسداد منشیات آپریشن میں 100 کلو گرام آئس ڈرگ برآمد کر لی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاک بحریہ نے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس کے ساتھ مشترکہ آپریشن میں پشوکان، بلوچستان کے قریب سمندر میں ایک مشکوک کشتی سے سو کلوگرام آئس منشیات برآمد کر لی ہے۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیا گیا، قبضے میں لی گئی منشیات کی مالیت تقریباً 2ارب 25 کروڑ روپے ہے۔

    ترجمان کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب آپریشن پاک بحریہ کی سمندر میں مؤثر نگرانی کا نتیجہ ہے، برآمد شدہ منشیات اور گرفتار ملزم مزید قانونی کارروائی کے لیے ڈائریکٹوریٹ آف کسٹم انٹیلی جنس کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔

    ملزم یاسین جمال برآمد شدہ چرس کے پیکٹس کے ساتھ، جسے نیو ٹاؤن، راولپنڈی پولیس نے گرفتار کیا

    راولپنڈی سے اے آر وائی نیوز کے نمایندے بابر ملک کے مطابق آج نیو ٹاؤن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی سے 15 کلو سے زائد چرس برآمد کر کے ایک ملزم یاسین جمال کو گرفتار کر لیا جس کے انکشاف پر پولیس کانسٹیبل اظہر شیخ کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ ایس پی راول کا کہنا تھا کہ پولیس کانسٹیبل جرائم پیشہ عناصر کی پشت پناہی کرتا تھا۔

    ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن مرزا جاوید اقبال نے دوران چیکنگ ملزم یاسین جمال کو گرفتار کر کے مہران کار سے 15 کلو 905 گرام چرس برآمد کی تھی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔

  • بریک کے دوران منشیات کا استعمال، 3 بچیاں اسکول سے اسپتال پہنچ گئیں

    بریک کے دوران منشیات کا استعمال، 3 بچیاں اسکول سے اسپتال پہنچ گئیں

    لندن: برطانوی اسکول میں منشیات کا استعمال کرنے پر 3 طالبات کی طبیعت بگڑ گئی جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ برطانیہ کے علاقے گرمس بے میں قائم ایک اسکول میں پیش آیا جہاں تین بچیوں نے مارننگ بریک کے دوران نشہ آور گولیوں(ایسٹسی) کا استعمال کیا جس کے باعث ان کی حالت بگڑی تاہم طالبات کی حالت بہتر ہے۔

    تین ماہ قبل اسی اسکول میں ایک طالب علم بھی نشہ کرتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نشہ کرنے والی تینوں بچیوں کی عمریں 9 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔

    پولیس نے متاثرہ بچیوں کے والدین اور اسکول انتظامیہ کو واقعے سے متعلق شامل تفتیش کرلیا ہے۔ ’’ٹول بار‘‘ نامی اسکول کی خاتون پرنسپل نے منشیات کے  حوالے سے اسکول کے سخت موقف کا اعادہ کیا۔ اس سے قبل بھی اسکول میں میشیات کے استعمال کی شکایات موصول ہوئی تھیں۔

    خیال رہے کہ تین ماہ قبل اسی اسکول سے 11 سالہ لڑکے کو پولیس نے منشیات کے استعمال اور فروخت پر گرفتار کیا تھا۔ برطانیہ کے تعلیمی اداروں میں منشیات کا استعمال آہستہ آہستہ عام ہوتا جارہا ہے۔

    پولیس نے چند ماہ قبل ایک ہائی اسکول میں چھاپہ مار کر لاکھوں پاؤند مالیت کی کوکین(نشہ) برآمد کی تھی۔

  • معروف خاتون ماڈل نے منشیات کا کالا دھندا شروع کردیا

    معروف خاتون ماڈل نے منشیات کا کالا دھندا شروع کردیا

    منیلا: فلپائن میں منشیات فروشی اور اسمگلنگ کے الزام میں خاتون سابقہ ماڈل گرفتار ہوگئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 24 سالہ چارلینا نامی ماڈل مقبول ترین میگزین ’ایف ایم ایچ‘ کے لیے ماڈلنگ اور فوٹو شوٹ کرتی تھی جسے پولیس نے ڈرگ فروخت کرنے کے الزام میں کرفتار کیا ہے۔

    انسداد منشیات کے حوالے سے قائم کیے گئے ادارے کی جانب سے کامیاب کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ملزمہ کی گرفتار عمل میں آئی، ماڈل صوبہ ریزائل سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں منشیات کا دھندا کرتی تھی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ منیلا میں خاتون سمیت اس کے ایک ساتھی کو رنگے ہاتھوں گھر سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 1 ہزار پاؤنڈ مالیت کی منشیات برآمد ہوئی، اس دوران ڈرگ استعمال کیے جانے والے آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    متعلقہ ادارے کے مطابق خاتون نے 2013 میں ایف ایم ایچ کے لیے ماڈلنگ کی جس کے بعد ذاتی وجوہات کی بنیاد پر ادارہ اور ماڈلنگ سے راہیں جدا کرلیں، ملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    دریں اثنا ایک اور کارروائی کے نتیجے میں ملزمہ کا ڈرگ سپلایئر بھی گرفتار ہوا جس کے قبضے سے تقریباً 5 پاؤنڈ مالیت کی منشیات برآمد ہوئی ہے۔

  • سعودی عرب میں پکڑ دھکڑ، 51 غیرملکی شہریوں کا برا انجام

    سعودی عرب میں پکڑ دھکڑ، 51 غیرملکی شہریوں کا برا انجام

    ریاض: سعودی عرب میں پولیس نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ ماہ 51 غیرملکیوں کو گرفتار کیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں سرحدی فورس نے گزشتہ ماہ بڑے پیمانے پر منشیات اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنائیں، مختلف کاررائیوں میں 1 ٹن سے زیادہ حشیش ، 7 ٹن سے زیادہ نشہ آور پودہ (قات) برآمد ہوا۔

    سرحدی فورس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسمگلنگ کی مختلف کوششوں میں 51 افراد گرفتار ہوئے ہیں۔ گرفتار غیرملکیوں میں وہ افراد بھی شام ہیں جنہوں نے جنوبی سرحدوں کی خلاف ورزی اور دراندازی کی بھی کوششیں کیں۔

    متعلقہ ادارے کے مطابق گرفتار شدگان میں ایتھوپیا کے 34، یمنی سے 10، 4 صومالی اور 3 سعودی شہری بھی شامل ہیں۔ ضبط شدہ منشیات اور گرفتار شدگان کو ادارہ انسداد منشیات کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہے۔

  • کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئی

    کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی گئی

    کراچی:پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات پکڑی لی جب کہ اسلحہ برآمد کر کے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے خفیہ اطلاع پر موبائل گشت کے دوران بلوچستان پیشگان کے مقام پر مشکوک کار کا تعاقب کر کے گاڑی کو روک کرتلاشی لی اور اس دوران ایک ایس ایم جی ،ایک پسٹل بمعہ چھ میگزین اور150کلو گرام چرس اور 9 کلو گرام کی ہیروئن برآ مدکر کے 4افراد کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ منشیات بیرون ملک اسمگل کی جانی تھی جبکہ ایک اور کارروائی کے دوران ناکہ کھاری چیک پوسٹ سے خا لی کنٹینر سے 45کلو گرام چرس برآمد کر تے ہو ئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پکڑی جانے والی منشیات اور اسلحہ کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً56 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ برآمد شدہ منشیات،اسلحہ اور05اسمگلرزکو تحویل میں لے کر مزید تفتیش کی جاری ہے۔

  • پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی

    اسلام آباد: ملک سے منشیات کے خاتمے کے لیے وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان اتفاق، پاکستان سپر لیگ 5 میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر وسیم خان وزارت انسداد منشیات پہنچے جہاں وزیر انسداد منشیات شہریار خان آفریدی سے ان کی ملاقات ہوئی۔

    وزارت انسداد منشیات اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان منشیات کے خلاف مشترکہ شعوری و آگاہی مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا، منشیات کے خلاف آگاہی مہم کا آغاز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں کیا جائے گا۔

    وزیر انسداد منشیات شہریار آفریدی نے کرکٹ کی بحالی کے لیے وسیم خان کی جانب سے شروع کی گئی اسٹرکچرل ریفارمز اور جدید ماڈل پر لیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات کرکٹ کی بحالی میں دور رس نتائج کا پیش خیمہ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے تدبر اور ان کی سوچ کے مطابق کرکٹ کو نئے عالمی اسٹرکچر پر مرتب کرنے پر وسیم خان سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔

    شہریار آفریدی نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی پر احسان مانی اور وسیم خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اب پاکستانی کرکٹ کو نئی زندگی ملے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے منشیات کی طلب میں کمی کرنا اہم مشن ہے۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر قوم کے بچوں اور جوانوں کو منشیات کے استعمال کے برے اثرات سے آگاہ کریں گے۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزارت انسداد منشیات کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کارپوریٹ سوشل رسپانسبلٹی کے فرائض کی ادائیگی میں پاکستان کرکٹ بورڈ، وزارت انسداد منشیات کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔

  • جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    اسلام آباد: اسلام آباد ائیر پورٹ پر پی آئی اے ویجلینس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے افغانی باشندے کو حراست میں لے لیا، لاہور ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی دستاویزات پر گرفتار ہونے والا افغان مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو جا رہا تھا، پی آئی اے کے ویجلینس افسر نے مسافر میر زادہ سے سفری دستاویزات طلب کیے، افسر کو شک ہوا کہ دستاویز جعلی ہے۔

    جعلی کینیڈا ریزیڈنٹ کارڈ پر مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر گرفتار

    ویجلینس افسر نے شک ہونے پر ایف آئی اے سے مسافر کے سفری دستاویز کی تصدیق کرائی تو کینیڈا ریزیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا، جس پر مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا، بعد ازاں ویجلینس افسر نے مسافر کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے ایمگریشن کے حوالے کر دیا، ایف آئی اے نے مسافر کو اپنی تحویل میں لے کر مزید تفتیش کے لیے سیل منتقل کر دیا۔

    علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مسافر کے جوتوں سے چرس برآمد

    دوسری طرف اے ایس ایف نے علامہ اقبال ائیر پورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی، لاہور سے دوحہ جانے والے مسافر سے چرس برآمد کی گئی، اے ایس ایف ذرایع نے بتایا کہ گجرانوالہ کا رہایشی محمد اصغر نجی پرواز سے دوحہ جا رہا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اے ایس ایف نے دوران چیکنگ مسافر کے جوتوں سے 850 گرام چرس برآمد کی، جس پر اے ایس ایف نے مسافر کو قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) کے حوالے کر دیا۔

  • جدہ: یونیورسٹی میں طالبات کو منشیات فروخت کرنے والی ملازمہ پولیس کی حراست میں

    جدہ: یونیورسٹی میں طالبات کو منشیات فروخت کرنے والی ملازمہ پولیس کی حراست میں

    ریاض: جدہ کی کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی میں ایک ملازمہ کے پاس سے نشہ آور گولیاں برآمد ہونے کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا، ملزمہ کے بارے میں شک ہے کہ وہ نشہ آور گولیاں طالبات کو فراہم کر رہی تھی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کی سیکریٹری ھنا جمجوم نے بتایا کہ فی الحال یہ علم نہیں کہ ملزمہ کے پاس سے برآمد ہونے والی گولیاں کس نوعیت کی ہیں تاہم ملزمہ وہ نامعلوم چیزیں انتہائی خفیہ طریقے سے طالبات میں فروخت کرتی رہی۔

    سیکریٹری کے مطابق یونیورسٹی کے باخبر ذرائع نے ملزمہ کے بارے میں یہ اطلاعات دیں جس کے بعد ایک لمحے کی تاخیر کیے بغیر کارروائی کی گئی۔

    انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے محکمہ انسداد منشیات سے رابطہ کیا جنہوں نے ملزمہ کے سامان کی تلاشی لینے کے بعد وہاں سے ملنے والی نشہ آور گولیاں برآمد کر کے اسے گرفتار کیا۔

    ھنا جمجوم کا کہنا تھا کہ ملزمہ کی تلاشی لینے پر اس کے قبضہ سے دو گولیاں برآمد ہوئیں تاہم گولیاں کس نوعیت کی تھیں یہ محکمہ انسداد منشیات کی رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہو سکے گا۔

    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمہ کا اپنی ایک ہم وطن واقف کار سے، جو مقامی اسپتال میں کام کرتی ہے، مسلسل رابطہ تھا۔ ممکن ہے کہ وہ نشہ آور گولیاں اس سے حاصل کرتی ہو تاہم متعلقہ ادارے مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔

    دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طالبات میں منشیات پھیلانے کی معمولی سے معمولی کوشش کو کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا۔ طالبات ہمارا مستقبل ہیں اور ان کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔