Tag: منصوبہ

  • گوادر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    گوادر میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام

    گوادر: سیکورٹی فورسز اور بی ڈی ایس نے گوادر میں دہشت گرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔

    گوادر کے علاقے منڈی میں سیکورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ (بی ڈی ایس ) نے بروقت کارروائی کرکے دہشت گرد کارروائی کی کوشش ناکام بنا دی۔

    رات کے پہر دہشت گردوں نے دیسی ساختہ بارودی مواد منڈی کے علاقے میں چھپایا تھا، موثر کارروائی سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے محرم اور آئندہ ہونے والے جلسے میں دہشت گردی کرنے کے عزائم کو ناکام بنا دیا گیا۔ سیکورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ہے۔

  • ’دہشت گردوں نے کراچی سے روہڑی جانے والی زائرین کی ٹرین اڑانے کا منصوبہ بنا لیا تھا‘

    ’دہشت گردوں نے کراچی سے روہڑی جانے والی زائرین کی ٹرین اڑانے کا منصوبہ بنا لیا تھا‘

    کراچی: سی ٹی ڈی سندھ پولیس  نے کراچی سے روہڑی جانے والی زائرین کی ٹرین کو اڑانے کی منصوبہ بندی ناکام بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کراچی سے روہڑی جانے والی زائرین کی ٹرین کو اڑانے کی منصوبہ بندی ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیم سے وابستہ سلیپر سیل کے 2 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق ملزمان افغانستان سے عسکری اور بم بنانے کی تربیت حاصل کر چکے ہیں، ملزمان کا اندرون سندھ سے فروٹ کے تاجر کو اغوا کر کے کے پی لے جانے کا منصوبہ تھا۔

    سی ٹی ڈی انچارج خرم وارث نے بتایا کہ دہشت گردوں نے کراچی سے روہڑی جانے والی زائرین کی ٹرین اڑانے کا منصوبہ بنا لیا تھا، اشرف عرف اچھو اور ذیشان حمید سے دھمکا خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے، گرفتار ملزمان فرقہ وارانہ کارروائیوں میں بھی ملوث ہیں۔

  • شوہر کا یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر بیوی کی ڈیلیوری خود کرنے کا افسوسناک انجام

    شوہر کا یوٹیوب ویڈیوز دیکھ کر بیوی کی ڈیلیوری خود کرنے کا افسوسناک انجام

    نئی دہلی: یوٹیوب دیکھ کر ایک شخص نے گھر میں اپنی بیوی کی زچگی کا عمل انجام دیا جس کی وجہ سے بچے کی پیدائش کے بعد خاتون کی موت ہو گئی۔

    یہ عجیب و غریب واقعہ بھارت کی ریاست تمل ناڈو کے ضلع کرشنا گیری میں پیش آیا گاؤں انومنتا پورم سے تعلق رکھنے والے مادیش کی شادی سال 2021 میں لوکا نائیکی نامی خاتون سے ہوئی تھی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مادیش بیوی کے حاملہ ہونے کے بعد سے ہی وہ اس کی نارمل ڈیلیوری کا منصوبہ بنا چکا تھا اس نے اپنی بیوی کا کسی بھی طرح کا علاج نہیں کروایا۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب خاتون کی زچگی کا وقت قریب آیا تو اس نے 22 اگست کو گھر میں فون میں یوٹیوب دیکھتے ہوئے بیوی کی زچگی کا عمل انجام دیا۔

     بھارتی میڈیا کا بتایا ہے کہ مناسب طبی امداد نہ ملنے پر بچے کی پیدائش کے بعد ماں بے ہوش ہوگئی جس کے بعد اسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں خاتون نے دم توڑ دیا۔

    ‌رپورٹ کے مطابق پولیس نے خاتون کی نعش کو ضبط کر لیا تاکہ پوسٹ مارٹم کروایا جا سکے گورنمنٹ لیڈی ڈاکٹر کی شکایت پر پولیس نے کیس درج کر کے چھان بین شروع کر دی ہے۔

  • سستی بجلی کا مہنگا ترین منصوبہ بجلی کی پیداوار شروع نہ کرسکا

    سستی بجلی کا مہنگا ترین منصوبہ بجلی کی پیداوار شروع نہ کرسکا

    اسلام آباد: سستی بجلی کا مہنگا ترین منصوبے سے اب تک بجلی کی پیداراوار شروع نہ کرسکا، 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم پن بجلی منصوبے سے بجلی کی پیداوار بحال نہیں ہوسکی۔

    ذرائع کے مطابق ایک سال سے بند منصوبے سےگزشتہ ماہ جولائی میں بجلی کی پیداوار شروع ہونا تھی، نیلم جہلم منصوبے کی بندش سے 969 میگاواٹ سستی بجلی سسٹم سے آؤٹ ہے، نیلم جہلم کی بندش سے سستی بجلی کی سہولت بھی ایک سال سے دستیاب نہیں ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کی ٹیل ریس ٹنل گزشتہ سال جولائی میں بند ہوئی تھی، ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ٹنل بیٹھنے سے سسٹم سے 969 میگاواٹ بجلی آوٹ ہوگئی تھی۔

    واضح رہے کہ نیلم جہلم ہائیڈرو پروجیکٹ کے جولائی کے آخری ہفتے میں بحالی کا اعلان کیا گیا تھا، واپڈا نے ساڑھے 3کلو میٹر طویل ٹیل ریس ٹنل مضبوط کر کے بحالی کا دعویٰ کیا تھا۔

    واپڈا کی جانب سے ایک سال سے سسٹم سے آؤٹ سستی بجلی کی بحالی کا اعلان کیا گیا تھا، نیلم جہلم منصوبہ 512 ارب روپے سے زائد کی لاگت سے 2018 میں مکمل کیاگیا تھا۔

  • کے الیکٹرک کا 484 ارب روپے کا سرمایہ کاری منصوبہ

    کے الیکٹرک کا 484 ارب روپے کا سرمایہ کاری منصوبہ

    اسلام آباد: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے 7 سالہ انویسٹمنٹ پلان نیپرا میں جمع کروا دیا جس کی سماعت 21 فروری کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کو بجلی کے تقسیم کار ادارے کے الیکٹرک نے آئندہ 7 سال کا انویسٹمنٹ پلان نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کروا دیا۔

    مجوزہ منصوبے کے تحت کے الیکٹرک 7 سال میں 484 ارب روپے کی انویسٹمنٹ کرے گا، ترسیلی منصوبوں پر 280 ارب 91 کروڑ 50 لاکھ روپے انویسٹ ہوں گے۔

    ڈسٹری بیوشن منصوبوں پر 184 ارب 65 کروڑ روپے اور دیگر منصوبوں پر 18 ارب 51 کروڑ 40 لاکھ روپے انویسٹ کیے جائیں گے۔

    یہ انویسٹمنٹ 24-2023 سے 30-2029 کے دوران کی جائے گی، کے الیکٹرک کے انویسٹمنٹ پلان پر نیپرا 21 فروری کو سماعت کرے گا۔

  • سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ

    سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 75 کروڑ روپے کا منصوبہ

    کراچی: صوبہ سندھ میں آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا، منصوبے میں کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں 18 لاکھ آوارہ کتوں کی آبادی کو کنٹرول کرنے کا منصوبہ بنا لیا گیا، منصوبے کے تحت 75 کروڑ روپے سے زائد رقم سے انڈس اسپتال کی خدمات حاصل کرلی گئیں۔

    جاری کردہ دستاویزات کے مطابق محکمہ بلدیات نے ریبیز کنٹرول پروگرام کا نیا منصوبہ منظور کرلیا ہے، آوارہ کتوں کو ویکسین، چپ اور ٹیگ سمیت دیگر مد میں 75 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔

    دستاویز میں کہا گیا ہے کہ 18 لاکھ کتوں کی آبادی میں 40 فیصد بچے، 35 فیصد مادہ اور 25 فیصد نر کتے ہیں، آوارہ کتوں کی آبادی کنٹرول کرنے کے لیے 80 ڈاکٹر بھی بھرتی ہوں گے۔

    آوارہ کتوں کو لگائی جانے والی ویکسین کا 3 سال تک اثر ہوگا، منصوبے میں کتوں کو کنٹرول کرنے اور کاٹنے سے روکنے کے لیے جدید طریقے استعمال کیے جائیں گے۔

  • لاہور کے بڑے مسائل صاف پانی کی کمی اور بےترتیب تعمیرات ہیں،وزیراعظم

    لاہور کے بڑے مسائل صاف پانی کی کمی اور بےترتیب تعمیرات ہیں،وزیراعظم

    لاہور: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ لاہور کے بڑے مسائل صاف پانی کی کمی اور بے ترتیب تعمیرات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں وزیراعظم عمران خان کو راوی ریورفرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر دوران لاگت کے تخمینے، زمین دستیابی، پانی فراہمی، فزیبلٹی، قانونی پہلوؤں،ٹائم لائن پر بریفنگ دی گئی۔

    وزیراعظم نے کہا کہ لاہور کے بڑے مسائل صاف پانی کی کمی اور بےترتیب تعمیرات ہیں، 10 سال بعد لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں بہت کمی آجائےگی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ایسا منصوبہ بنائیں کہ آنے والی نسلوں کو پانی کے مسائل درپیش نہ ہوں، منصوبےمیں کسی بھی طرح کی رکاو ٹ کو دور کیاجائے، منصوبہ شاندار ماڈرن سٹی ہوگا اور عوام کے لیے کشش کا باعث ہوگا۔

    واضح رہے کہ واسا نے فراہمی و نکاسی آب کے لیے 2040 تک کا ماسٹر پلا ن تیار کر لیا، ماسٹر پلان میں کنزرویشن، میٹرنگ اور واٹر سٹوریج کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

    ڈویژنل ماسٹر پلان کمیٹی نے واسا کے ماسٹر پلان پر مرحلہ وار عمل در آمد کا مشور ہ دیا، واسا کے سروس ایریا میں توسیع کی تجویز پر غور کیا گیا، بزنس پلان بھی دیا گیا ہے جس کے ذریعے ریونیو اکٹھا کیا جائے گا۔

  • ایران نے امریکی منصوبے کو ڈراؤنا خواب قرار دے دیا

    ایران نے امریکی منصوبے کو ڈراؤنا خواب قرار دے دیا

    تہران: اسرائیل اور فلسطین سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے منصوبے کو ایران نے ایک ڈراؤنا خواب قرار دے دیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے فلسطین اور اسرائیل سے متعلق امریکی منصوبے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے اور دنیا کے لیے ایک ڈراؤنا خواب ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ منصوبے سے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان تنازعہ بڑھے گا، امریکی منصوبہ نام نہاد اور خیال پر مبنی ہے، جس کے منفی اثرات ہی مرتب ہوں گے، یہی وقت ہے دنیا کے مسلمان جاگ جائیں۔

    فلسطین نے امریکی صدر کا منصوبہ مسترد کردیا

    خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے مشرق وسطیٰ کے لیے امن منصوبے کا اعلان کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقبوضہ یروشلم اسرائیل کا غیرمنقسم دارالحکومت جبکہ مشرقی علاقہ فلسطین کا دارالحکومت رہے گا۔ ردعمل میں اس منصوبے کو فلسطینی اتھارٹی نے مسترد کرتے ہوئے ناقابل برداشت قرار دیا۔

    خیال رہے کہ اسرائیلی وزیراعظم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بیت المقدس اسرائیل کا غیرمنقسم دارالحکومت رہے گا جبکہ فلسطینیوں کو مقبوضہ مشرقی یروشلم میں دارالحکومت بھی فراہم کیا جائے گا۔

    اس منصوبے کے اعلان کے بعد دنیا بھر میں مسلمانوں نے مخالفت کی۔ جبکہ فلسطینی اتھارٹی نے بھی مذکورہ منصوبہ مسترد کرتے ہوئے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

  • وزیراعظم کا نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم منصوبہ

    وزیراعظم کا نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم منصوبہ

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم منصوبہ سامنے آگیا۔ ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام آج سے شروع ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ہنرمند پاکستان منصوبے کا آغاز کریں گے۔ اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں پروگرام لانچنگ کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

    کنونشن سینٹر میں اسکرینز نصب کردیے گئے۔ نوجوانوں کا خصوصی ترانہ بھی ریلیز کر دیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے کنونشن سینٹر کا دورہ کیا۔

    عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ہنرمند جوان پروگرام کے تحت لاکھوں نوجوانوں کو فنی تربیت دی جائے گی، 50 ہزار نوجوانوں کو جدید ترین صلاحیتیوں پر مبنی تربیت دی جائے گی۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، روبوٹکس اور کلاؤڈ کمپیوٹنگ کے علوم شامل ہوں گے۔

    70 مدارس میں بھی تکنیکی تعلیم کی فراہمی کا انتظام کیا جائے گا، دوست ممالک کے اشتراک سے سینٹرآف ایکسیلینس قائم کیے جائیں گے، ہنر یافتہ نوجوانوں کو عالمی اداروں کے خصوصی سرٹیفیکیٹس دیے جائیں گے۔

    عثمان ڈار کا مزید کہنا تھا کہ ہنر حاصل کرنے والے نوجوان قرض حاصل کرکے اپنا روزگار شروع کرسکیں گے، پروگرام کے تحت ملک میں نیشنل اکریڈیٹیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

  • سعودی عرب کا سب سے بڑا اور جدید ترین جمالیات سے آراستہ واٹرفرنٹ

    سعودی عرب کا سب سے بڑا اور جدید ترین جمالیات سے آراستہ واٹرفرنٹ

    ریاض: وژن 2030 کے تحت سعودی عرب میں سب سے بڑا اور جدید ترین جمالیاتی معیار سے آراستہ واٹر فرنٹ کا افتتاح کردیا گیا، منصوبے کی تکمیل میں خطیررقم خرچ ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں وژن 2030 کے تحت جہاں خواتین کو ہرشعبے میں برابری کا حصہ دیا جارہا ہے وہیں ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سعودی ساحل پر جدید ٹیکنالوجی اور جمالیاتی منظر سے آراستہ ملک کا سب سے بڑا واٹرفرنٹ عوام کے لیے کھول دیا گیا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب کے جنوب مغربی علاقے عسیر کے ساحل پر 500 ملین ریال کی خطیر لاگت سے مکمل ہونے والا یہ منصوبہ اعلیٰ ترین برقی آلات اور معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    گورنر عسیر شہزادہ ترکی بن طلال بن عبدالعزیز نے واٹرفرنٹ کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبہ 2.4 ملین مربع میٹر کے رقبے پر مکمل کیا گیا۔ واٹر فرنٹ سبزہ زاروں اور شائقین کی جملہ ضروریات کی تکمیل کرنے والی سہولیات سے آراستہ ہے۔

    عسیر کے گونر نے افتتاحی تقریب کے دوران انتہائی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں دیگر منصوبوں کی جلد تکمیل کی بھی خوش خبری دی۔ خیال رہے کہ سعودی فرمانرواں شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان وژن 2030 کے تحت مملکت کو روشن خیالی کی طرف دیکھنا چاہتے ہیں۔