حب (13 اگست 2025): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی کے لیے 100 ملین گیلن اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے لیے اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں حب میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو نے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے اور آج کراچی کیلیے اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔ اب حب ڈیم سے نئی کینال کے ذریعہ کراچی کو پانی ملے گا اور کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہوگا۔ مجھے یقین دلایا گیا ہے یہاں سے پانی لیاری کو بھی فراہم کریں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی دینے کے قابل ہو گئے۔ ہم اس منصوبے کے ذریعے ضلع شرقی اور کیماڑی کو پانی فراہم کریں گے۔ جلد اس 100 ملین گیلن منصوبے کو 200 ایم جی ڈی تک لے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ سمندر کے پانی کو میٹھا کرنے پر بھی کام کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے جیالوں نے ہمیشہ جدوجہد کی اور دونوں شہروں کے عوام نے پی پی پر اعتماد کیا۔ اب کراچی اور حیدرآباد میں کام ہو رہا ہے اور پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد کیلیے مزید بھی کام کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر دیا۔ بلدیاتی انتخابات میں کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں سے درخواست کی تھی کہ جیالا میئر منتخب کریں گے تو مسائل حل کروں گا اور آج یہ افتتاح اسی سلسلےکی کڑی ہے۔