Tag: منظوری

  • حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ

    حج پالیسی 2026 کی منظوری، سرکاری اور نجی کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد (30 جولائی 2025): وفاقی کابینہ نے نئی حج پالیسی برائے سال 2026 کی منظوری دیتے ہوئے سرکاری وپرائیوٹ کوٹہ سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے آئندہ برس 2026 کے لیے نئی حج پالیسی کی منظوری دے دی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ نے نئی حج پالیسی کے لیے سرکاری کوٹے میں اضافہ اور پرائیوٹ کوٹے میں کمی کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے حج 2026 کے لیے سرکاری کوٹہ 70 فیصد اور پرائیوٹ کوٹہ 30 فیصد کر دیا ہے۔

    کابینہ اراکین کو بریفنگ دیتے ہوئے متعلقہ حکام نے بتایا کہ حج کوٹہ سرکاری اور نجی سیکٹر میں 70 اور 30 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا۔

    حج پالیسی میں آئندہ برس ایک ہزار نشستیں ہارڈ شپ کیسز کے تحت مختص کی گئی ہیں جب کہ کسی بھی نجی کمپنی کے لیے حاجیوں کی کم از کم تعداد دو ہزار رکھی گئی ہے۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے آئندہ برس حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے وزیر آئی ٹی کو وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر حج آپریشن کی مکمل ڈیجیٹائزیشن یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

    وزیراعظم نے وزارت مذہبی امور کو حج پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کو ہر قسم کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ آئندہ برس 2026 میں سرکاری حج پر ساڑھے 11 لاکھ سے ساڑھے 12 لاکھ روپے تک اخراجات آئیں گے۔

    دریں اثنا وفاقی وزیر سردار یوسف کے مطابق حج 2026 کے لیے 29 جولائی تک 313,000 افراد نے اپنی رجسٹریشن کرا لی ہے۔

    حج 2026: اخراجات کیلیے کب اور کتنی رقم وصول کیے جانے کا امکان ہے؟

    واضح رہے کہ ہر سال سعودی عرب سے پاکستان کو ملنے والے حج کوٹے کو سرکاری اور نجی ٹور آپریٹرز کے درمیان مساوی 50، 50 فیصد تقسیم کیا جاتا ہے۔

    تاہم رواں برس پاکستان کی تاریخ میں حج کا سب سے بڑا اسکینڈل سامنے آیا اور نجی ٹور آپریٹرز کے ذریعہ حج پر جانے والے 67 ہزار عازمین اس سال حج پر جانے سے محروم رہ گئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/67000-pilgrims-at-risk-na-standing-committee-scandal/

  • برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی

    برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی

    برطانیہ نے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی ہے سائز ویل سی منصوبے کی تعمیر پر 38 ارب پاؤنڈ کی لاگت آئے گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق برطانیہ نے 38 ارب پاؤنڈ کی لاگت سے نئے ایٹمی پلانٹ کی منظوری دے دی ہے۔ سائزویل سی کے نام سے بنایا جانے والا یہ منصوبہ مشرقی انگلینڈ کے علاقے سفوک میں قائم کیا جائے گا۔

    رپورٹ کے مطابق سائزویل سی منصوبے سے 6 ملین گھروں کو بجلی فراہم کی جا سکے گی جب کہ اس منصوبے سے 10 ہزار نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔

    سائزویل سی منصوبہ ابتدائی طور پر ای ڈی ایف اور چینی کمپنی نے پیش کیا تھا اور اس وقت اس کی لاگت 20 ارب پاؤنڈ تھی۔ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ منصوبے کی لاگت تقریباً دگنی ہو کر 38 ارب پاؤنڈ ہو چکی ہے۔

    برطانیہ کی حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے باوجود 2022 میں چینی فرم کے حصص کو خرید لیا تھا اور تنقید کے باوجود اس منصوبے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ برطانوی حکومت 44.9 فیصد کے ساتھ منصوبے میں سب سے بڑی سرمایہ کار ہوگی۔

    اس منصوبے کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے۔ تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ سیزویل منصوبے کی تعمیر کے دوران صارفین کے بجلی بلوں میں ماہانہ تقریباً ایک پاؤنڈ اضافہ ہوگا جبکہ یہ پلانٹ مستقبل میں کم کاربن بجلی کے نظام کی لاگت کو اوسطاً 2 بلین پاؤنڈ فی سال کم کر سکتا ہے۔

    برطانوی وزیر توانائی ایڈملی بینڈ کا کہنا ہےکہ یہ منصوبہ نسلوں تک گھریلو صارف کو توانائی فراہم کرے گا۔ جب کہ وزیر خزانہ ریچل ریوز کا کہنا ہےکہ بجلی کی اگلی نسل تک فراہمی ہماری توانائی کی حفاظت اور ترقی کے لیے یہ منصوبہ بہت ضروری ہے۔

  • ڈنمارک میں امریکی فوجی اڈوں کے قیام کی منظوری دیدی گئی

    ڈنمارک میں امریکی فوجی اڈوں کے قیام کی منظوری دیدی گئی

    ڈنمارک کی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز ایک قانونی بل کی منظوری دی ہے، جس کے تحت امریکی فوج کو ڈنمارک کی سرزمین پر اڈے قائم کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ ڈنمارک کے تحت خود مختار علاقے گرین لینڈ پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

    ناقدین کا ماننا ہے کہ یہ ووٹنگ، امریکی مفاد میں ڈنمارک کی خود مختاری سے دست برداری کے مترادف ہے۔ نیا قانون 2023 میں سابق امریکی صدر بائیڈن کی انتظامیہ کے ساتھ کیے گئے ایک فوجی معاہدے کی توسیع ہے، جو امریکی افواج کو اسکینڈینیوین ملک میں فضائی اڈوں تک وسیع رسائی فراہم کرتا تھا۔

    رپورٹس کے مطابق معاہدے کی توسیع، اس وقت سامنے آئی جب امریکی صدر نے بارہا معدنی دولت سے مالامال اور اسٹریٹجک لحاظ سے اہم جزیرے گرین لینڈ کو حاصل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، اگرچہ دونوں ممالک امریکا اور ڈنمارک نیٹو کے اتحادی ہیں۔

    ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس راسموسن نے اراکینِ پارلیمان کے سوالات کے جواب میں تحریری طور پر بتایا کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ کے مکمل یا جزوی طور پر اپنے ساتھ الحاق کی کوشش کی، تو ڈنمارک کو معاہدہ ختم کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔

    رپورٹس کے مطابق قانون کے حق میں 94 اراکین نے ووٹ دیا، جب کہ 11 نے مخالفت کی۔ اب یہ مسودہ بادشاہ فریڈرک دہم کی توثیق کے لیے بھیجا جائے گا۔

    سی آئی اے کے تجزیہ کار کو خفیہ معلومات افشا کرنے پر سزا سنادی گئی

    امریکی بیانات کو گرین لینڈ کے وزیر اعظم پہلے ہی توہین آمیز قرار دے چکے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کبھی بھی، اور کسی بھی صورت میں، محض املاک کا ایک کا ٹکڑا نہیں ہوگا جسے کوئی خرید سکے۔

  • وفاقی کابینہ نے بجٹ 26-2025 تجاویز کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے بجٹ 26-2025 تجاویز کی منظوری دے دی

    وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ ارکان نے بجٹ 26-2025 تجاویز کی منظوری دے دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ ارکان نے بجٹ 26-2025 تجاویز کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے فنانس بل مسودے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

    کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک کی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور تمام معاشی اشاریے مستحکم ہیں۔

    وزیراعظم نے بتایا کہ دستیاب وسائل میں بہترین بجٹ پیش کر رہے ہیں جب کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں گنجائش سے زیادہ اضافہ کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی اور پالیسی ریٹ کم ہوا، ایکسپورٹ بڑھی ہے۔ آئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافہ ہواہے۔ وقت آگیا اب ہم نے معاشی میدان میں آگے نکلنا اور مخالفین کو پیچھے چھوڑنا ہے۔ قوم متحد ہے اور ایسا موقع صدیوں میں ملتا ہے، ملک کی ترقی کے لیے سب کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔

    وزیراعظم نے اس موقع پر فلسطین میں جاری اسرائیلی بربریت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں عصر حاضر کا بدترین ظلم ہو رہا ہے۔ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔

    انہوں نے کابینہ ارکان کو ہدایت کی کہ وہ بجٹ اجلاس کے دوران ایوان میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اب سے کچھ دیر بعد قومی اسمبلی میں اگلے مالی سال کے لیے 17 ہزار 800 ارب تخمینے کا وفاقی بجٹ پیش کریں گے۔

    نئے مالی سال میں وفاق کی آمدن 19.3 ٹریلین روپےتک رہنے کی توقع ہے ، ایف بی آر ٹیکس آمدن 57.5 فیصد صوبوں کو منتقل ہوگی جبکہ صوبوں کو این ایف سی کے تحت تقریباً 8107 ارب روپے دیئے جائیں گے۔

    بجٹ خسارہ ساڑھے 6 ہزار ارب روپے کے قریب متوقع ہے، قرضوں پر سود کی ادائیگی کے لیے 8.5 ٹریلین روپے خرچ کیے جائیں گے۔

    وفاقی حکومت ترقیاتی پروگرام پر 1000 ارب روپے خرچ کرے گی جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ جی ڈی پی کا 0.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کے لیے 2.1 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں۔

    برآمدات کا ہدف 35 ارب 30 کروڑ ڈالر اور درآمدات کا ہدف 65 ارب 20 کروڑ ڈالر رکھا گیا ہے۔

    خدمات کے شعبے کی برآمدات کا ہدف 9 ارب 60 کروڑ ڈالر ہے ، خدمات کے شعبے کی درآمدات کے لیے 14 ارب ڈالر مختص کیے گئے ہیں ، ترسیلات زر کا ہدف 39.4 ارب ڈالر ، اشیا اور خدمات کی مجموعی برآمدات کا ہدف 44.9 ارب ڈالر، اشیا اور خدمات کی مجموعی درآمدات کا ہدف 79.2 ارب ڈالر مقرر کیا گیا ہے۔

    بجٹ میں ایک ہزارانڈسٹریل اسٹیچنگ یونٹس کے لیے 25 کروڑ روپے مختص ہوں گے، لیپ ٹاپ اسکیم اور پاکستان بنگلہ دیش فرینڈ شپ اسکالر شپ پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔
    15352 دیہات میں بجلی کے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام کو بہتر بنایا جائے گا، آئندہ مالی سال2800 میگا واٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہوگا ، 2800 میگا واٹ میں سے 2633 میگا واٹ سولر نیٹ میٹرنگ کا ہدف رکھا گیا ہے۔

    ایم ایل ون اورکراچی سرکلرریلوےمنصوبوں پر کام کیا جائے گا ، وزیراعظم شہباز شریف ارشد ندیم ہائی پرفارمنس اسپورٹس اکیڈمی کا اعلان کریں گے۔

    اس کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور انضمام شدہ اضلاع کے لیے انفرا اسٹرکچر کا اعلان بھی متوقع ہے۔

  • آئینی ترمیم کی منظوری کیلیے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس

    آئینی ترمیم کی منظوری کیلیے قومی اسمبلی کا اہم اجلاس

    26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی سے منظوری کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف سیاسی رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی زیر صدارت شروع ہوا۔

    وزیراعظم شہباز شریف، نوازشریف، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو زرداری، بیرسٹر گوہر اور دیگر سیاسی رہنما ایوان میں موجود تھے۔

    قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے لیے224ووٹ درکار ہیں جبکہ حکومت اور جے یو آئی کے ووٹ221ہیں حکومت کو اپوزیشن سے5  ووٹ ملنے کا یقین ہے۔

    قومی اسمبلی میں وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے 26ویں آئینی ترمیم کا بل پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ آج تاریخ ساز دن ہے، میثاق جمہوریت کا ادھورا ایجنڈا آگے بڑھایا جارہا ہے، آئینی بینچز بنائے جارہے ہیں، چیف جسٹس کی تقرری کا طریقہ بدلا جارہا ہے۔

    اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میثاق جمہوریت پر شہید بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے دستخط کیے تھے۔

    اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم وقت کی اہم ضرورت ہے، 12رکنی پارلیمانی کمیٹی بنے گی جس میں اپوزیشن اور حکومتی لوگ ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ اب چیف جسٹس آف پاکستان کی معیاد 3 سال ہوگی، ماضی میں ہم نے دیکھا کہ چیف جسٹس کی معیاد 6 سے 7سال تھی۔

    چیف جسٹس پاکستان سپریم جوڈیشل کونسل کے سربراہ ہوں گے، سپریم جوڈیشل کونسل میں سپریم کورٹ کے دو سینئرجج ممبر ہونگے، جوڈیشل کونسل میں 2ممبر ہائیکورٹ کےچیف جسٹس ہونگے۔

    چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس پارلیمان اور آئین کیلئے کالا سانپ افتخار چوہدری والی عدالت ہے۔ کالے سانپ نے ایک نہیں بلکہ کئی وزرائے اعظم کو فارغ کرایا۔ وردی میں صدر کو انتخاب لڑنے کی اجازت دی۔

    ہم نے اٹھاون ٹوبی ختم کیا تو عدالت نے صادق اور امین کے ذریعے وہ اختیار اپنے پاس رکھا۔ کالے کوٹ والے کو وزیراعظم کو ہٹانے کی اجازت ہے لیکن اس ایوان کے پاس اختیار نہیں۔

    قبل ازیں سینیٹ میں چھبیسویں آئینی ترمیم کی شق وار منظوری لی گئی۔ حکومت نے دو تہائی اکثریت سے چھبیسویں آئینی ترمیم منظورکرالی۔ پہلی شق میں چار ووٹ مخالفت میں آئے۔

    بقیہ تمام شقیں65 ووٹوں کے ساتھ متفقہ طور پر منظور کی گئیں، آئینی ترمیم منظوری کے وقت ایوان میں ن لیگ پی پی،جے یو آئی اور اے این پی کے ارکان موجود رہے۔

    بی این پی کے دو سینیٹرز بھی اجلاس میں آئے۔ بیرسٹرعلی ظفر ،عون عباس، حامد خان اور راجہ ناصر عباس نے بل کی مخالفت کی۔

  • امریکا کی اسرائیل کو 20 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    امریکا کی اسرائیل کو 20 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    واشنگٹن: مشرق وسطیٰ پر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، ایسے میں امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کو 20 ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا اسرائیل کو 50 سے زائد F-15 فائٹر جیٹ طیارے، میزائل، ٹینک اور دیگر فوجی سازو سامان فروخت کرے گا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو اسلحہ فراہمی کا عمل شروع ہونے میں کم از کم ایک سال کا وقت لگ سکتا ہے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے نئی سخت شرائط رکھ دی ہیں۔

    نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے حالیہ ہفتوں میں غزہ جنگ بندی کے معاہدے کے لیے نئی شرائط کی درخواست کی ہے جس سے کسی بھی معاہدے تک پہنچنا مشکل ہو گیا ہے۔

    اخبار نے اسرائیل کے مذاکراتی موقف کا خاکہ پیش کرنے والی نجی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے جولائی کے آخر میں ثالثوں کو اضافی شرائط سے آگاہ کیا۔

    ٹائمز نے کہا کہ ان میں یہ تجاویز شامل تھیں کہ اسرائیل جنوبی غزہ کی سرحد پر کنٹرول برقرار رکھے اور تنازعہ کے بعد شمالی غزہ میں واپس آنے والے فلسطینیوں کے لیے کم کھلے پن کو برقرار رکھے۔

    ایران نے اسرائیل پر حملہ موخر کرنے کیلئے کونسی شرط رکھ دی؟

    ٹائمز کے مطابق حالات نے اسرائیل کی اپنی مذاکراتی ٹیم کے کئی ارکان کو خوف زدہ کر دیا ہے جنہیں ڈر ہے کہ وہ جنگ بندی کے تازہ ترین اقدام کو کمزور کر دیں گے۔

  • ایشیاکپ کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز تعیناتی کی منظوری

    ایشیاکپ کی سیکیورٹی کیلئے فوج اور رینجرز تعیناتی کی منظوری

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ایشیا کپ کے پاکستان میں ہونے والے میچز کی سیکیورٹی کے لیے فوج اور رینجرز تعیناتی کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سمری کی سرکولیشن کے ذریعے منظوری دیدی، فوج اور پنجاب رینجرز کی تعیناتی27 اگست سے 6 ستمبر تک ہو گی۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پنجاب رینجرز کی تعیناتی سکینڈ ٹیر کیو آر ایف موڈ میں ہو گی، پاک فوج کی تعیناتی تھرڈ ٹیر کیو آر ایف موڈ میں ہو گی، ایشیا کپ کی سیکیورٹی کے لیے اسپیشل فورسز اسٹینڈ بائی رہیں گی۔

    واضح رہے کہ نگران پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے درخواست کی تھی، ایشیا کپ کے 4 میچز  پاکستان میں شیڈول ہیں جس میں سے ایک میچ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور 3 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول ہیں۔

  • عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

    عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے  پاکستان کیلئے 10 کروڑ ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔

    عالمی بینک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رقم پنجاب میں منصوبہ بندی کے پروگرام کے لئے خرچ ہو گی۔ اس اہم پروگرام کا مقصد تولیدی صحت کی دیکھ بھال تک عالمی رسائی حاصل کرنا اور 2030 تک پنجاب میں 60 فیصد خاندان میں منصوبہ بندی کے طریقوں کے استعمال کو بڑھانا ہے۔

      عالمی بینک کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ منصوبہ بندی پاکستان کی ترقی کے لئے اہم ہے، زیادہ آبادی ترقی کی شرح میں رکاوٹ کا باعث بنتی ہے، آبادی میں اضافے سے غربت میں اضافہ ہوتا ہے۔

    بیان کے مطابق پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام معیاری خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات تک مفت بروقت رسائی فراہم کرے گا۔ اس پروگرام کے زریعے  خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات کی فراہمی کے نظام میں دیکھ بھال کے معیار کو بھی ادارہ جاتی بنائے گا۔

  • ڈینگی وائرس ویکسین کی یورپ میں استعمال کی منظوری

    ڈینگی وائرس ویکسین کی یورپ میں استعمال کی منظوری

    جاپان کی دوا ساز کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ڈینگی وائرس کی ویکسین کو یورپی یونین نے استعمال کی اجازت دے دی، سب سے پہلے اگست میں انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

    خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جاپانی دوا ساز کمپنی کی جانب سے تیار کی گئی ڈینگی وائرس سے محفوظ رکھنے کی ویکسین کے کامیاب نتائج کے بعد یورپی یونین میں اس کے استعمال کی اجازت دے دی گئی۔

    جاپانی کمپنی ٹکیڈا نے چند ماہ قبل اپنی ویکسین کیو ڈینگا کے نتائج کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد رواں برس اگست میں سب سے پہلے انڈونیشیا نے ویکسین کے استعمال کی منظوری دی تھی۔

    اب یورپی یونین کی ہیلتھ ایجنسی نے بھی اسے محفوظ قرار دیتے ہوئے 4 سال سے زائد عمر کے افراد میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی۔

    یورپین یونین کے میڈیسن ریگولیٹری ادارے نے کیو ڈینگا کے استعمال کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ اسے 4 سال سے زائد عمر کے تمام افراد پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اس کے ٹرائل کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ ویکسین چار طرح کے ڈینگی وائرسز پر اثر دکھاتی ہے۔

    ادارے کے مطابق مذکورہ ویکسین کے 19 ٹرائلز کیے گئے، جس دوران 15 ماہ سے 60 سال کی عمر کے 27 ہزار افراد کو ویکسین لگا کر ان میں اثرات کا جائزہ لیا گیا۔

    ادارے نے بتایا کہ ٹرائل کے نتائج سے معلوم ہوا کہ کیو ڈینگا لگوانے کے بعد ڈینگی کے شکار مریضوں کو اسپتال داخل کروانے کے امکانات 84 فیصد کم ہوجاتے ہیں جبکہ اس سے اگلے 4 سال تک ڈینگی کی علامات نظر نہ آنے کے امکانات بھی 60 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں، یعنی ویکسی نیشن کے بعد ڈینگی کے مریض میں چار سال تک 60 فیصد کوئی علامات نظر نہیں آئیں گی۔

    ڈینگی وائرس دنیا بھر میں ملیریا کے بعد دوسرا وائرل مرض ہے جو مچھر کے کاٹنے سے پھیلتا ہے، اس سے دنیا بھر میں سالانہ 40 کروڑ افراد متاثر ہوتے ہیں جبکہ اس سے سالانہ 25 ہزار تک اموات ہوتی ہیں اور مرنے والے میں زیادہ تر نوعمر افراد ہوتے ہیں۔

    ڈینگی وائرس کا اس وقت کوئی مستند علاج موجود نہیں ہے لیکن بلڈ ٹیسٹ کے ذریعے دیگر متبادل ادویات کے ذریعے اس کا کامیاب علاج کیا جاتا ہے۔

    ڈینگی سے تحفظ کے لیے جاپانی کمپنی سے قبل امریکی کمپنی فائزر، سنوفی اور جی ایس کے نے بھی اس کی ویکسینز بنائی ہیں، تاہم تمام کمپنیز کی ویکسینز کو تاحال دنیا بھر میں عام استعمال نہیں کیا جا رہا ہے۔

    یورپی یونین کی جانب سے ڈینگی وائرس کی ویکسین کے استعمال کی اجازت دیے جانے کے بعد اب خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے دنیا کے دیگر ممالک بھی استعمال کرنے کی اجازت دیں گے۔

  • نسلہ ٹاور کے نقشے کی منظوری دینے والے افسران کے نام سامنے آگئے

    نسلہ ٹاور کے نقشے کی منظوری دینے والے افسران کے نام سامنے آگئے

    کراچی: عدالتی حکم پر مسمار کیے جانے والے نسلہ ٹاور کے نقشے کی منظوری دینے والے افسران کے نام سامنے آگئے، منظوری کے وقت اضافی جگہ کی لیز نہ ہونے کے پہلو کو نظر انداز کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نسلہ ٹاور کی منظوری دینے والے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے سابق اور موجودہ افسران کے نام سامنے آگئے، ذرائع اتھارٹی کے مطابق نسلہ ٹاور کی سنہ 2013 میں منظوری دی گئی۔

    ذرائع ایس بی سی اے کا کہنا ہے کہ منظوری کے وقت منظور قادر عرف کاکا، ڈی جی ایس بی سی اے تھے۔ بلڈر قادر، اور نقشہ منظور کروانے والے مزمل منظور فرنٹ مین ہیں جبکہ نقشے کی منظوری ریٹائرڈ ڈائریکٹر نثار نے دی۔

    ذرائع کے مطابق ریٹائرڈ ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز حسین نے اجازت نامہ جاری کیا، موجودہ ڈائریکٹر فرحان قیصر نے سیل این او سی جاری کیا اور ٹاؤن پلاننگ سے ڈائریکٹر صفدر مگسی نے اجازت دی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافی جگہ کی لیز نہ ہونے کے پہلو کو نظر انداز کیا گیا، ایس بی سی اے افسران کو نقشے کی اجازت کے لیے کیس ریفر کیا گیا۔

    یاد رہے کہ عدالتی احکامات پر نسلہ ٹاور کے معاملے کے ذمے داران کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقدمے میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران، سندھی کو آپریٹو مسلم سوسائٹی کے ذمے داران اور دیگر متعلقہ اداروں کو نامزد کیا گیا ہے۔

    نسلہ ٹاور کے ذمے داران کے خلاف مقدمے کے اندراج کے بعد تفتیشی پولیس نے ریکارڈ جمع کرنا شروع کر دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سندھی کو آپریٹو مسلم سوسائٹی آفس سے ریکارڈ طلب کیا ہے۔