Tag: منظوری دے دی

  • وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی

    وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے 5 سالہ نجکاری پروگرام کی منظوری دے دی۔

    ذرائع کے مطابق 2024 تا 2029 پروگرام کے تحت 24 اداروں کی نجکاری کی جائے گی اور جائزے کے بعد مزید ادارے بھی نجکاری پروگرام میں شامل کیے جائیں گے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ پروگرام کے تحت 3 مراحل میں اداروں کی نجکاری کی جائے گی جبکہ پی آئی اے، ہاوس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کا نجکاری عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس مرحلے میں سرکاری بجلی تقسیم کار اور پیداواری کمپنیوں کی نجکاری کی جائے گی، پہلے مرحلے میں فیصل آباد، اسلام آباد، گوجرانوالہ پاور کمپنیز کی نجکاری ہوگی، دوسرے مرحلے میں لیسکو، میپکو، پیسکو، ہیسکو، سیپکو، حیسکو کی نجکاری ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی نجکاری ہوگی جبکہ پاکستان ری انشورنس کمپنی کی نجکاری بھی فہرست میں شامل ہے، تاہم نجکاری کے لیے منظور شدہ اداروں کا جامع نجکاری پلان کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

  • نئی حج پالیسی کی منظوری، بچے بھی شامل

    نئی حج پالیسی کی منظوری، بچے بھی شامل

    اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے حج پالیسی 2024 میں ترامیم کی منظوری دے دی جن کے تحت سرکاری اور نجی اسکیمز کا غیر استعمال شدہ اسپانسر شپ کوٹہ سعودی عرب حکومت کو واپس کردیا جائے گا۔

    مزید برآں سعودی حکومت کے قوانین کے مطابق حج گروپس آرگنائزرز کے مالی انتظامات کے حوالے سے ایک فول پروف مانیٹرنگ سسٹم کا نفاذ عمل میں لایا جائے گا۔

    اس کے علاوہ نئی حج پالیسی کے مطابق 10 سال سے کم عمر بچے بھی حج کا فریضہ ادا کر سکیں گے۔

    نجی حج اسکیمز میں 80 سال سے زائد افراد کے لئے خدمت گار ساتھ رکھنے کی شرط میں نرمی کی جائے گی تاہم حج گروپ آرگنائزرز حاجی کے ساتھ ایک معاہدہ کرے گی جس کے تحت سعودی عرب میں قیام کے دوران مقامی معاون کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

    اس نکتہ کو سروس کی فراہمی کے معاہدے میں شامل کیا جائے گا اور اس کی خلاف ورزی پر حج گروپ آرگنائزر کو جرمانہ اور بلیک لسٹ کیا جا سکے گا۔

    مزید برآں وفاقی کابینہ نے ہارڈ شپ حج کوٹہ میں کمی کی منظوری دے دی۔ مقامی معاونین کے کوٹہ کا 50 فیصد اُن پاکستانی طلباء کے لئے مختص کیا جائے گا جو سعودی عرب کی مقامی یونیورسٹیوں میں زیرِ تعلیم ہیں، ان طلباء کی تعیناتی ویلفیئر سٹاف کے طور پر کی جائے گی۔

    وفاقی کابینہ نے اپنے گذشتہ اجلاس میں حج پالیسی 2024 میں مزید بہتری لانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی تھی جس کی سفارشات پرحج پالیسی 2024 میں مذکورہ بالا ترامیم کی گئی ہیں۔

  • نگراں وزیراعظم نے ملک کی پہلی واٹر پالیسی کی منظوری دے دی

    نگراں وزیراعظم نے ملک کی پہلی واٹر پالیسی کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : نگراں وزیراعظم نے ملک کی پہلی واٹر پالیسی کی منظوری دے دی، ناصرالملک نے متعلقہ مسائل کے حل کیلئے وزارت آبی وسائل کو اہم ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نگراں وزیراعظم ناصرالملک کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں وزیر اعظم کو آبی وسائل اور پانی کے ذخائرسے متعلق بریفنگ دی۔

    حکام نے بتایا کہ درجہ حرارت بڑھنے سے گلیشیئر پگھلنے کا عمل تیزی سےجاری ہے، اور ان گلیشیئرز کے پگھلنے سے پانی کی آمد میں حوصلہ افزا اضافہ ہوا ہے۔

    اجلاس میں نگراں وزیراعظم کو قومی واٹر پالیسی کے نکات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، نگراں وزیراعظم نے ملک کی پہلی واٹر پالیسی کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم نے مستقبل کی ضروریات کے مطابق پالیسی ترتیب دینے کو سراہا، جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے مسائل کےحل کیلئے وزارت آبی وسائل کو ہدایات جاری کردیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پانی کی کمی سے نمٹنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی ضروری ہے، اس کے علاوہ پانی کےغیر ضروری استعمال کی روک تھام اور بچت پرعمل بھی ضروری ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔