Tag: منظوری

  • امریکا کی بحرین اور امارات کو چھ ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    امریکا کی بحرین اور امارات کو چھ ارب ڈالر کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری

    واشنگٹن : امریکی وزیر دفاع نے کانگریس کو رپورٹ پیش کی ہے جس امید ظاہر کی گئی ہے کہ امارات امریکا سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے دو ارب کے اضافی آلات بھی خرید کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا میں اسلحے کی سب سے زیادہ تجارت کرنے ملک امریکا نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کو چھ ارب ڈالر کے اسلحہ کی فروخت کی منظوری دے دی۔

    امریکی وزارت دفاع کے زیرانتظام سیکیورٹی تعاون ایجنسی کی طرف سے کانگریس کو بتایا گیا کہ وزارت خارجہ نے خلیجی ریاستوں متحدہ عرب امارات اور بحرین کو چھ ارب ڈالر مالیت کا اسلحہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔

    کانگریس کو بتایا گیا کہ دونوں خلیجی ملکوں کو مجموعی طور پر 5 ارب 90 کروڑ 58 لاکھ ڈالر کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دی گئی ۔امریکا کی طرف سے خلیجی ملکوں کو دو ارب 47 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے پیٹریاٹ میزائل اور 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے ایف 16 جنگی طیارے اور دیگر اسلحہ فروخت کیا جائے گا۔

    توقع ہے کی متحدہ عرب امارات امریکا سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے دوارب 70 کروڑ 30 لاکھ کے اضافی آلات بھی خرید کرے گا۔گذشتہ ماہ امریکا نے سعودی عرب کو دو ارب 40 کروڑ ڈالر مالیت کے تھاڈ میزائل فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔

  • ملک میں ایمرجنسسی نافذ کرنے کی دھمکی، پینٹاگون نے فنڈز کی منظوری دے دی

    ملک میں ایمرجنسسی نافذ کرنے کی دھمکی، پینٹاگون نے فنڈز کی منظوری دے دی

    واشنگٹن : امریکی محکمہ دفاع نے غیر قانونی آمد و رفت روکنے کے لیے میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کےلیے ایک ارب ڈالرز کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے اعلان کے بعد میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کےلیے فنڈز کی منظوری دے دی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے اعلان کے بعد یہ پہلا فنڈ ہے جو کانگریس کے فیصلے کو نظر انداز کرکے دیا جارہا ہے۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ڈیموکریٹس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی الیکشن مہم کے دوران کیے گئے وعدے کو پورا کرنے کےلیے پینٹاگون کی جانب سے فنڈز کی منظوری دینے کی شدید مذمت کی ہے۔

    امریکی محمکہ دفاع نے جاری بیان میں کہا ہے کہ امریکی قانون کے مطابق پینٹاگون کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کی معاونت اور انٹرنیشنل سرحد پر منشیات و انسانی اسمگلنگ روکنے کے لیے سڑکیں،، جنگلے بنائے اور روشنی کے بہتر انتظامات کرے۔

    واضح رہے کہ پینٹاگون کی جانب سے جاری فنڈز سے صرف 91 کلومیٹر طویل دیوار ہی تعمیر ہوسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں : میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کیلئے ملک میں ایمرجنسی نافذ کرسکتا ہوں: ڈونلڈ ٹرمپ

    خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے ایک ماہ قبل ڈیموکریٹس اراکین کانگریس سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی لگا کر میسکیو سرحد پر دیوار کی تعمیر کا حکم نامہ جاری کرسکتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ابھی ایمرجنسی لگائی نہیں جلد لگا سکتا ہوں، مذاکرات کے ذریعے میکسیکو سرحد پر دیوار تعمیر ہوجائے تو اچھی بات ہے۔

    صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں کسی کو دھمکی نہیں دے رہا، مجھے دھمکی دینے کی اجازت ہے، دیوار کی تعمیر کے لیے سرحد پر موجود نجی زمینوں پر قبضہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسیکو بارڈر بند کرنے کی دھمکی دے دی

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملٹری قوانین کے تحت کسی کی بھی زمینوں پر قبضہ کیا جاسکتا ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا تھا کہ اگر میکسیکو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے فنڈ جاری نہ کیے گئے تو سرحد بند کردی جائے گی۔

    واضح رہے کہ میکسیکو سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے فنڈ کی مد میں 23 بلین ڈالر درکار ہے، جبکہ صدر ٹرمپ نے فنڈ نہ ملنے کی صورت میں بارڈر بند کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے ذمہ دار کانگریس کو قرار دیا ہے۔

  • بریگزٹ معاہدے کی منظوری، تھریسامے کی ایم پیز کو قائل کرنے کی کوشش

    بریگزٹ معاہدے کی منظوری، تھریسامے کی ایم پیز کو قائل کرنے کی کوشش

    لندن : برطانوی وزیر اعظم تھریسامے اراکین پارلیمنٹ کو قائل کرنے کی کوشش کررہی ہیں تاکہ بریگزٹ ڈیل کی منظوری کےلیے تیسری مرتبہ ہونے والی ووٹنگ میں کامیابی حاصل کرسکیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ میں بریگزٹ ڈیل کی دو مرتبہ ناکامی کے بعد وزیر اعظم نے آئندہ ہفتے (20 مارچ) کو تیسری مرتبہ ووٹنگ کروانے کا اعلان کیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے قبول کیا کہ وہ اپنے ہی طے کردہ بڑے اہداف کو پورا کرنے میں ناکام رہیں ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز برطانوی اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ بریگزٹ کی ڈیڈ لائن میں 29 سے بڑھا کر توسیع کی جائے۔

    یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک کا کہنا ہے کہ اگر برطانیہ بریگزٹ کی پالیسیوں پر مزید غور کرنا چاہتا ہے تو یورپی یونین کے سربراہان یورپی یونین سے برطانوی انخلاء میں طویل مدت کی توسیع کریں۔

    خیال رہے کہ منگل کے روز بریگزٹ معاہدے کے مسودے کی منظوری کےلیے ہونے والی ووٹنگ میں اراکین پارلیمنٹ بریگزٹ ڈیل کو دوسری مرتبہ مسترد کیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز برطانوی ایم پیز نے برطانیہ کا یورپی یونین سے بغیر ڈیل کے انخلاء کو نامنظور کیا تھا جبکہ قانون کے مطابق مذکورہ معاملے پر ووٹنگ قانون کے تحت نہیں تھی، موجودہ قانون کے تحت برطانیہ 29 مارچ کو بغیر ڈیل یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم تھریسامے تیسری مرتبہ بریگزٹ‌ معاہدے پر ووٹنگ کےلیے پُرعزم

    مزید پڑھیں : بریگزٹ معاہدے میں پیش رفت؟ وقت بہت کم ہے

    برطانوی وزیر اعظم تھریسامے نے خبردار کیا کہ حد زیادہ ترجیحات کے باعث دو مرتبہ بریگزٹ ڈیل مسترد ہوچکی ہے اگر اس مرتبہ بھی مسترد ہوئی برطانیہ کو بریگزٹ کےلیے طویل عرصے تک توسیع لینا پڑے گی کیوں برطانیہ کو یورپی پارلیمنٹ کے الیکشن میں حصّہ لینے کی ضرورت پڑے گی۔

    یاد رہے کہ بدھ کے روز برطانوی وزیرعظم تھریسامے کو ایک اور دھچکا لگا تھا جب اراکین پارلیمنٹ میں بریگزٹ معاہدے پر نظرثانی ڈیل بھی 242 کے مقابلے میں 391 ووٹوں سے مسترد ہوگئی تھی۔

    بریگزٹ کے تحت برطانیہ کو 29 مارچ کو یورپی یونین سے علیحدہ ہونا ہے، جبکہ تھریسا مے کی جانب سے یورپی رہنماؤں سے مسلسل رابطوں کے باوجود وہ ڈیل کو بچانے میں ناکام نظر آرہی ہیں۔

  • آمدن سے زائد اثاثہ کیس،علیم خان کیخلاف انکوائری کوانویسٹی گیشن میں تبدیل کرنےکی منظوری

    آمدن سے زائد اثاثہ کیس،علیم خان کیخلاف انکوائری کوانویسٹی گیشن میں تبدیل کرنےکی منظوری

    لاہور : ڈی جی نیب نے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری کو انویسٹی گیشن میں داخل کرنے کی منظوری دے دی اور حتمی منظوری کیلئے رپورٹ نیب ہیڈکوارٹر کو ارسال کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب لاہور میں ڈی جی نیب کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا ، جس میں ریجنل بورڈ کی جانب سے پنجاب پولیس میں اسٹینوگرافرز کی غیرقانونی بھرتی کے کیس میں 26 ملزمان کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔

    پنجاب کوآپریٹوبورڈ فارلکویڈیشن کے افسران کیخلاف انکوائری کی بھی منظوری دی گئی ، افسران کیخلاف زمین کی مبینہ غیرقانونی فروخت کی شکایت ہیں۔

    نیب کے مطابق صوبائی وزیر غضنفر عباس چھینا، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل محمد شیر چھینا اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ بھکر کے افسران کے خلاف تحقیقات کو انکوائری کے مراحل میں داخل کرنے کی منظوری دی، ملزمان کیخلاف اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال سے سرکاری زمین اپنے نام منتقل کرنے اور آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے، ملزمان کیخلاف انکوائری کی حتمی منظوری ایگزیکٹو بورڈ سے لی جائے گی۔

    ڈی جی نیب کے زیرصدارت اہم اجلاس میں سینئر رہنما علیم خان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی انکوائری کو انویسٹی گیشن میں داخل کرنے کی منظوری دی اور حتمی منظوری کے لئے رپورٹ نیب ہیڈکوارٹر کو ارسال کر دی گئی ہے۔

    اجلاس میں ایم این اے ناصر اقبال بوسال کے خلاف حکومتی و تعمیراتی منصوبہ جات میں مبینہ مالی خرد برد اور ناقص میٹیریل کےاستعمال کی شکایات پر جاری تحقیقات کو انکوائری میں تبدیل کرنے کی منظوری دی ، ملزم ناصراقبال کیخلاف انکوائری کی حتمی منظوری چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ دے گا۔

    آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں گریڈ 20 کے آفیسر خالد شیردل کیخلاف شکایت کو انکوائری میں منتقل کرنے کی بھی منظوری دی ، ملزم شیر دل کیجانب سے مبینہ طور پر دوران ملازمت خطیر اثاثہ جات بنانے کی شکایت پر نیب تحقیقات جاری، تاہم ملزم کیخلاف باقاعدہ انکوائری کی حتمی منظوری نیب ہیڈکوارٹر سے لی جائے گی۔

    اس موقع پر ڈی جی نیب نے کہا کہ ملک سے کرپشن و بدعنوانی کے سدباب کیلئے سر توڑ کوششیں جاری رکھی جائیں گی، بدعنوانی کے خلاف نیب کے اقدامات قومی فریضہ سمجھ کر اٹھائے جارہے ہیں۔

  • وزیراعظم نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے گریڈ22 میں ترقی پانے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی ، بیوروکریٹس کی ترقی میں قانونی تقاضے، میرٹ کو ملحوظ خاطررکھا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیوروکریسی میں میرٹ پر تقرر و تبادلوں اور ترقیوں کا وعدہ پوراکردیا، اعلیٰ اختیاراتی بورڈ میں گریڈ 22 میں ترقی ملنے والے افسران کے ناموں کی منظوری دے دی۔

    وزیراعظم نے بیورو کریٹس کی ترقی میں قانونی تقاضے اور میرٹ کو ملحوظ خاطر رکھا گیا جبکہ وزیر اعظم نے افسران کی ذاتی فائلوں اور رپورٹس کا خود جائزہ لیا۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے 2 بار اعلیٰ اختیاراتی بورڈ اجلاس میں میرٹ پرفیصلہ کیا، بورڈ میں مختلف گروپوں کے20 سے زائد افسران کو ترقی دی گئی، جس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو گروپ ڈی ایم جی کے 6 افسران کو ترقی دی ، ترقی پانے والوں میں عمران احمد،شفقت الرحمان رانجھا اور عامر احمد، محمدخان لچھی،ساجد یوسفائی اور طارق نجیب نجمی شامل ہیں۔

    پولیس گروپ کے 2افسران کو بھی ہائی پاور بورڈ نے ترقی دی، پولیس گروپ کےترقی پانے والوں میں حسین اصغر، نعیم خان شامل ہیں ، سیکرٹریٹ گروپ کے نعیم خان کو گریڈ22 میں ترقی دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکرٹریٹ گروپ کی ایک سیٹ پر 14افسران ترقی کے منتظر تھے، انفارمیشن گروپ کی سیٹ پراسینئر افسر شفقت جلیل کو ترقی دی گئی جبکہ فارن سروسز و دیگر گروپ کے 8 افسران کو بھی گریڈ22 میں ترقی دی گئی۔

    یاد رہے چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے ماضی میں نظرانداز اہل افسران کو اہم عہدوں پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے خود مختار اداروں اور افسران سے متعلق رپورٹ طلب کرلی تھی۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم اداروں میں قابل افسران تعینات کرکے بہتری کے خواہشمند ہیں اور وزارتوں اورخودمختاراداروں میں میرٹ کی بنیادپرتعیناتیاں کی جائیں گی، عمران خان نے تعیناتیوں سے متعلق وزرا سے بھی تجاویز مانگ رکھی ہیں اور جلد وزارتوں اور خودمختار اداروں میں نئی تعیناتیوں کا فیصلہ کریں گے۔

  • وزیراعظم نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی

    وزیراعظم نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی

    لاہور: وزیراعظم عمران خان نے پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، نئے بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل وسٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ قائم ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان صوبہ پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دے دی، صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خان نے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری کی تصدیق کردی۔

    وزارت قانون نے نئے بلدیاتی نظام کے قانونی مسودہ کی تیاری پرکام شروع کردیا ہے جسے جلد پنجاب کابینہ اور پھر صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

    نئے بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹس قائم کی جائیں گی اور شہری علاقوں میں ٹاؤن کونسل، دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ کونسل ختم کی جائیں گی۔

    پنجاب کے نئے بلدیاتی نظام کے تحت دیہی علاقوں میں ولیج کونسل اورشہری علاقوں میں نیبرہڈ کونسل قائم ہوں گی۔

    نئے بلدیاتی نظام کے تحت تحصیل اور سٹی ڈسٹرکٹ حکومتوں میں میئرز کے انتخابات براہ راست جماعتی بنیادوں پرہوں گے تاہم حکومت پنجاب ولیج کونسل اور نیبرہڈ کونسل کے انتخابات غیرجماعتی بنیادوں پرکرانے کی خواہشمند ہے۔

    بلدیاتی ادارے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واسا، ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، پارکس اینڈ ہارٹیکلچراتھارٹی (پی ایچ اے) بلدیاتی حکومتوں کے ماتحت ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق پولیس بلدیاتی نمائندوں کے ماتحت نہیں ہوگی، ذرائع حکومت پنجاب کے مطابق نیبر ہڈ کونسل اور ولیج کونسل 6،6 ارکان پرمشتمل ہوگی جن کے سربراہان کو چیئرمن کہا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کونسلز کے تین ارکان کو براہ راست منتخب کرنے اور تین اسپیشل سیٹیں رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • ڈیجیٹل پاکستان پالیسی تشکیل، منظوری کے لیے کابینہ میں پیش ہوگی

    ڈیجیٹل پاکستان پالیسی تشکیل، منظوری کے لیے کابینہ میں پیش ہوگی

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ پاکستان انقلابی اقدامات کے بعد جدید ڈیجیٹل دور میں داخل ہوچکا، ہم سمجھتے ہیں ٹیکنالوجی ہی تیز ترقی کا راستہ ہے، ڈیجیٹل پاکستان پالیسی تشکیل دی جاچکی جسے منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کیا جائے گا۔

    اسلام آباد میں سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹر کے ساتھ ہونے والی 39ویں مٹینگ میں انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چندسال میں ہم نے آئی ٹی شعبے میں نمایاں ترقی کی اور 2020 تک آئی ٹی شعبےمیں20ارب ڈالرکاہدف حاصل کرلیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ملک کی 37 فیصد آبادی موبائل فون پر تھری جی انٹرنیٹ سروس استعمال کررہی ہے، پاکستان میں انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کا استعمال بہت تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے جو ایک مثبت اشارہ ہے۔

    انوشہ رحمان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ابھی بہت سے اقدامات کی ضرورت ہے، جیسے اس شعبے سے وابستہ کاروباری شخصیات کے لیے فریم ورک بنایا جائے اور انہیں سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں مزید ترقی ہو۔

    مزید پڑھیں: براڈ بینڈ صارفین کی تعداد تین فیصد سے بڑھ کر 38 فیصد ہوگئی، انوشہ رحمان

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’ڈییجیٹل پاکستان پالیسی تشکیل دے دی گئی ہے جسے کابینہ میں منظوری کےلیے پیش کیا جائے گا،  موجودہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ پالیسی کو کابینہ سے منطوری مل جائے تاکہ پاکستان اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکٹر سے ہم افادیت حاصل کرسکیں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’حکومت نے اپنے اقدامات اور آئی ٹی سیکٹر سے وابستہ افراد کو ریلیف دے کر بڑے اہداف حاصل کرنے کی کوشش کی، ہمارا ہدف ہے کہ ٹیکنالوجی کے شعبے سے 2020 تک 10 ارب روپے وصول ہوجاسکیں۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم پاکستان نے آئی ٹی شعبے میں کام کرنے والے افراد کو ٹیکس سے مستشنیٰ قرار دیا ہوئے اعلان کیا تھا کہ سافٹ وئیر کے ایکسپورٹ پر صرف 5 فیصد ٹیکس ادا کیا جائے گا اس کے علاوہ کوئی ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، اہم معاہدے کی منظوری

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، اہم معاہدے کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں تعلیم کے شعبے میں پاکستان اور کرغزستان میں تعاون بڑھانے کے معاہدے کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جہاں وزیر اعظم نے فاٹا اصلاحات سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس پر وفاقی کابینہ کو اعتماد میں لیا اور وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق بھی کر دی ہے۔

    اجلاس میں زرعی شعبے کے حوالے سے تعاون پر پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمتی یاد داشت کی منظوری دی گئی اور دنوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، علاوہ ازیں مجرموں کے تبادلے پر پاکستان اور اردن میں معاہدے کی اجازت دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، حج پالیسی میں بہتر سہولیات کی ہدایت

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نادرا سروسز کے حوالے سے صومالیہ کے لیے 14 ملین ڈالر کی کریڈٹ فیسلٹی کی سمری منظور ہوئی، جبکہ رہنماؤں نے اقبال اکیڈمی لاہور کے نائب صدر، خزانچی اور گورننگ باڈی کے ارکان کی منظوری دی ہے۔

    علاوہ ازیں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں احمد اویس کی ممبر ٹیکنیکل کمیپٹشن ایپلٹ ٹریبونل دوبارہ تعیناتی کی سمری کی منظوری سمیت میڈیکل کالجز کے معائنے سے متعلق نئے پروفارما کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

    وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس: قومی اداروں سے متعلق اہم فیصلے

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا جہاں وفاقی کابینہ کو حج پالیسی 2018 پر عمل در آمد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی تھی، جس کے بعد وزیر اعظم نے حجاج کو مناسب قیمت پر بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نیب اجلاس: بدعنوان سرکاری افسران کیخلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری

    نیب اجلاس: بدعنوان سرکاری افسران کیخلاف ریفرنس دائرکرنے کی منظوری

    اسلام آباد : نیب نے غیر قانونی تعمیرات کیلئے نقشے پاس کرنے میں ملوث سی ڈی اے افسران کیخلاف گھیرا تنگ کردیا، شاپنگ مال بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی، ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ایگزیکٹو بورڈ نے شاپنگ مال بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔

    جن افسران کیخلاف ریفرنس کی منظوری دی گئی ہے ان میں تین سابق ڈپٹی ڈائریکٹرز سی ڈی اے غلام مرتضیٰ، خلیل احمد ، محمد عمار شامل ہیں جبکہ سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹرسی ڈی اے خادم حسین کیخلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی ہے، مذکورہ ملزمان پراضافی منزلوں کی تعمیر کیلئے غیرقانونی نقشے پاس کروانے کا الزام ہے۔

    اس کے علاوہ سابق ڈی جی گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی ودیگر کیخلاف ریفرنس دائرکرنے کی بھی منظوری دی گئی، طارق حیات ودیگر پر گلیات کی قیمتی زمین غیرقانونی طور پر الاٹ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، ملزمان نےقومی خزانےکو90ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

    نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینی ٹیشن کیخلاف بھی ریفرنس کی منظوری دی گئی ہے، ملزمان حامد لطیف رانا ودیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کیا جائے گا، ملزمان پر قومی خزانے کو337ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    اجلاس میں اس کے علاوہ زائداثاثوں پر سابق ایم این ایز مدثر قیوم اور اظہر قیوم کےخلاف انکوائری کا حکم دیا گیا ہے، سابق سیکریٹری خزانہ بلوچستان حکومت محفوظ خان، میسرز اللہ ہو ہولڈنگ لمیٹڈ کے ڈائریکٹرز، یونائیٹڈ انشورنس کمپنی پاکستان لمیٹڈ کےڈائریکٹرز کیخلاف تحقیقات کی منظوری دی گئی۔

    ملزمان پراختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری فنڈز میں خورد برد کرتے ہوئے قومی خزانےکو 243.640 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    اجلاس میں بدعنوانی کے الزام پر حفیظ الرحمان اور سید قاسم شاہ، سرحد ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے افسران، ڈپٹی منیجر سیپکو نذیراحمد سومرو اور اہلکاروں اور پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے افسران و اہلکاروں کیخلاف کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی، ملزمان پرغیرقانونی انڈسٹریل اسٹیٹ، انسٹیٹیوٹ کے قیام کی منظوری کا الزام ہے۔

  • قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، مختلف منصوبوں کی منظوری

    قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس، مختلف منصوبوں کی منظوری

    اسلام آباد: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کئی منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کےمطابق وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کےلیے 23 ارب کے منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ گریٹر کراچی سیوریج منصوبے کےلیے 23 ارب 11 کروڑ 70 لاکھ روپے منظور کیے گئے، اجلاس میں سیوریج منصوبے پر موثرعمل درآمد کے لیے مانیٹرنگ پر بھی غور کیا گیا۔

    مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹوکمیٹی کااجلاس

    اجلاس میں وزیر اعظم صحت پروگرام فیز 2 کے لیے 33 ارب 63 کروڑ روپے منظور کیے گئے جبکہ جلال آباد پور آبپاشی نہر منصوبے کےلیے 32 ارب اور پاپن ڈیم منصوبے کےلیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کی منظوری بھی دی گئی۔

    قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 2010 کے سیلاب نقصانات کے ازالے کے لیے 20 ارب روپے منظور کر لیے گئے، دوسری جانب ایکنک کی ینسکام اسلام آباد فیزون، فاٹا میں غلانئی، اور مہمند کھاٹ روڈ منصوبے کی توسیع کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔

    وزیر اعظم کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

    خیال رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے وزیر اعظم صحت پروگرام میں مالی معاونت کرنے سے معذرت کرلی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ  قبل وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا جس میں نان فائلرز کے لیے ود ہولڈنگ ٹیکس میں 0.4 فیصد چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔