Tag: منفی سوچ

  • وزیراعظم نےاسلام کے حوالے سے دنیا بھرمیں پائی جانے والی منفی سوچ کے بت کو گرا دیا، راجہ راشد حفیظ

    وزیراعظم نےاسلام کے حوالے سے دنیا بھرمیں پائی جانے والی منفی سوچ کے بت کو گرا دیا، راجہ راشد حفیظ

    لاہور: وزیر خواندگی و غیررسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے اسلام کے حوالے سے دنیا بھر میں پائی جانے والی منفی سوچ کے بت کو گرا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تبلیغ اسلام کے حوالے سے برصغیر پاک و ہند کے صوفیائے کرام کی تاریخ کو دہراتے ہوئے دین اسلام کے حوالے سے دنیا بھر میں پائی جانے والی منفی سوچ کے بت کو گرا دیا ہے۔

    راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ وزیراعظم نے پوری دنیا کی توجہ کے مرکز اقوام متحدہ میں اسلام اور کشمیر کی وہ خدمت کی ہے جس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے

    انہوں نے کہا کہ نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ پوری امت مسلمہ اپنے لیڈر عمران خان کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔

    اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کشمیریوں‌ کے ساتھ کھڑے رہیں گے، عمران خان

    خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنے خطاب میں کہا تھا کہ دنیا کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہو نا ہو لیکن پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے، میں وعدہ کرتا ہوں کہ مودی فاشسٹ اور مسلمانوں سے نفرت کرنے والی حکومت کو بے نقاب کروں گا۔

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں دنیا کے سامنے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا اور مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

    وزیراعظم نے دنیا کو خبردار بھی کیا تھا کہ اگر دو جوہری ممالک کے درمیان جنگ ہوئی تو پھر اس کے اثرات دنیا بھر تک پھیلیں گے۔

  • اپنے نکمے دوستوں سے جان چھڑائیں

    اپنے نکمے دوستوں سے جان چھڑائیں

    کیا آپ زندگی میں کامیاب اور خوشحال بننا چاہتے ہیں اور آپ نے اپنی زندگی میں کئی اہداف طے کر رکھے ہیں جن کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں؟ تو پھر سب سے پہلے اپنے ارد گرد موجود ناکارہ، نکمے اور منفی سوچ پھیلانے والے افراد سے جان چھڑائیں۔

    ایک امریکی بزنس مین گیری وینرک نے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے زندگی میں کامیابی اور اطمینان حاصل کرنے کا انوکھا اصول بتایا جسے اکثر لوگ نظر انداز کردیتے ہیں، نتیجتاً وہ زندگی میں وہ سب حاصل نہیں کر پاتے جو وہ چاہتے ہیں۔

    گیری کا کہنا ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں بہت سے افراد سے ملتے ہیں لیکن ان میں سے کچھ ہمارے بہت قریب اور خاص ہوتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: خبردار! پریشان لوگوں سے دور رہیں

    ان کے مطابق ہماری زندگی کے 5 قریبی افراد ہماری اپنی زندگی پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں۔

    گیری نے بتایا کہ اگر یہ 5 افراد مثبت سوچ رکھنے والے، زندگی کو روشن خیالی سے دیکھنے والے، کامیاب اور خوشحال ہوں گے تو یہی ساری خصوصیات آپ کی زندگی میں بھی در آئیں گی۔

    اس کے برعکس اگر یہ افراد منفی سوچ رکھنے والے، رونے دھونے والے، ہر چیز کی شکایت کرنے والے، منفی پہلوؤں پر نظر رکھنے والے اور ناشکرے ہوں گے تو لاشعوری طور پر آپ بھی یہ عادات اپنا لیں گے۔

    ایسی عادات رکھنے والے افراد زندگی میں کبھی کامیاب نہیں ہوتے لہٰذا ایسے افراد کی شکوے شکایتیں تا عمر جاری رہتی ہیں اور اگر آپ نے انہیں اپنی زندگی کا اہم حصہ بنا رکھا ہے تو لازمی طور پر اس کا اثر آپ کی زندگی پر بھی پڑے گا۔

    گیری کا کہنا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے افراد کی صحبت میں وقت گزارنا آپ کے اندر بھی توانائی، جوش وجذبہ بھر دیتا ہے اور آپ کو نئے کام کرنے، اور پرانے کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی طرف راغب کرتا ہے۔

    مزید پڑھیں: منفی سوچ رکھنے والے افراد سے بچیں

    آپ زندگی کے مثبت پہلوؤں کی طرف نظر کرتے ہیں، نئی چیزیں سیکھتے ہیں، نئے آئیڈیاز حاصل کرتے ہیں نتیجتاً آپ کے اندر خوشی اور اطمینان پیدا ہوتا ہے۔

    اس کے برعکس منفی سوچ رکھنے والے افراد کی صحبت میں وقت گزارنا آپ کو پریشان، مایوس اور پراگندہ طبیعت بنا دیتا ہے اور آپ خود کو بھی ناکارہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔

    دنیا میں کامیابی پانے والے تمام افراد اس نکتے سے متفق ہیں۔ لہٰذا اگر آپ بھی اپنی زندگی کو بامقصد اور کامیاب بنانا چاہتے ہیں تو یقیناً آپ کو اپنے دوستوں اور عزیزوں کی فہرست پر نظر ثانی کرنی ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • مثبت سوچ کی حامل خواتین کی عمر لمبی

    مثبت سوچ کی حامل خواتین کی عمر لمبی

    آپ زندگی کے مختلف معاملات کو کیسے دیکھتی ہیں؟ کیا آپ بقول محاورہ آدھا بھرا گلاس دیکھنے کی عادی ہیں؟ یا پھر آپ کو گلاس آدھا خالی نظر آتا ہے؟ اگر آپ گلاس کو آدھا خالی سمجھتی ہیں تو پھر آپ کو اپنے رویوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ آپ کی جلد موت کا سبب بن سکتے ہیں۔

    امریکی شہر بوسٹن میں کیے جانے والے ایک تحقیقی سروے سے ماہرین نے نتیجہ اخذ کیا کہ وہ خواتین جو زندگی کے تمام مسائل و معاملات میں پر امید رہتی ہیں اور مثبت سوچ رکھتی ہیں، وہ لمبی زندگی جیتی ہیں۔

    ماہرین نے اس کے لیے 70 ہزار خواتین کا 8 سال کا ڈیٹا جمع کیا۔ نتائج سے انہیں معلوم ہوا کہ مثبت سوچ کی حامل خواتین میں کینسر، امراض قلب، فالج اور مختلف اقسام کے انفیکشن اور ان کے باعث موت کا خطرہ کم پایا گیا۔

    woman-2

    ریسرچ میں شامل ایک پروفیسر کیٹلین ہیگر کا کہنا ہے کہ زندگی کا روشن رخ دیکھنے والے مرد و خواتین اپنا طرز زندگی بھی مثبت اور صحت مندانہ رکھتے ہیں۔ وہ ورزش کرتے ہیں، نیند پوری کرتے ہیں اور متوازن غذائیں کھاتے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ پر امیدی اور مایوس نہ ہونے کی عادت ہمارے جسمانی نظام پر خوشگوار اثر ڈالتی ہے اور جسم کو مختلف بے قاعدگیوں میں مبتلا ہونے سے روکتی ہے۔

    ماہرین نے تحقیقی نتائج کو مزید واضح کرتے ہوئے بتایا کہ مثبت سوچ کی حامل خواتین میں کینسر سے موت کا خطرہ 16 فیصد، امراض قلب سے 38 فیصد، فالج سے 39 فیصد اور کسی قسم کے انفیکشن کے باعث موت کا خطرہ 52 فیصد کم ہوتا ہے، بہ نسبت ان خواتین کے جو ناامید اور منفی سوچ رکھتی ہیں۔

    woman-3

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ منفیت پرستی اور منفی سوچ گو کہ بیماریوں میں مبتلا نہیں کرتی لیکن یہ ہماری صحت پر برے اثرات ضرور مرتب کرتی ہے۔

    ماہرین کے مطابق یہ ضروری ہے کہ ہم مثبت اختتام والی فلمیں اور ڈرامے دیکھیں، مثبت سوچ رکھنے والے افراد سے تعلق رکھیں اور ہر صورت حالات کا روشن رخ دیکھیں۔