Tag: منکی پاکس

  • اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسپتال سے فرار منکی پاکس مریض ٹریس ہو گیا، گھر پر آئسولیٹ

    اسلام آباد (19 اگست 2025): پمز سے فرار ہونے والے منکی پاکس مریض کو اٹک میں گھر پر ٹریس کر لیا گیا ہے، اور اسے گھر ہی پر آئسولیٹ کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع قومی ادارہ صحت نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک اور منکی پاکس کا کیس سامنے آ گیا ہے، جس سے رواں سال رپورٹ ہونے والے ایم پاکس کیسز کی تعداد 9 تک پہنچ گئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق منکی پاکس کا 42 سالہ مریض اٹک کا رہائشی ہے، جو 15 اگست کو دبئی سے اسلام آباد پہنچا تھا، بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے مریض میں ایم پاکس کی نشان دہی کی تھی اور علامات کی تصدیق کی۔

    مسافر میں ایئرپورٹ پر دوران اسکریننگ منکی پاکس علامات پائی گئی تھیں، جس پر مریض کو ایئرپورٹ سے پمز منتقل کیا گیا، ٹیسٹ کے لیے مریض کا سیمپل 16 اگست کو لیبارٹری بھیجا گیا تھا، جس کے بعد قومی ادارہ صحت نے 18 اگست کو مریض میں ایم پاکس کی تصدیق کر دی۔

    ’ذیابطیس کے مریضوں میں ذہنی امراض، جان لیوا ڈپریشن کی شرح 50 فیصد ہو گئی‘

    ذرائع کے مطابق ایم پاکس کے مریض کو ایئرپورٹ سے پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا لیکن وہ آئیسولیشن وارڈ سے فرار ہو گیا تھا، جسے اٹک کے قریب محکمہ صحت کے تعاون سے دوبارہ ٹریس کیا گیا۔

    قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس کے مریض کو گھر پر آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے، اور اس کی حالت تسلی بخش ہے، رواں سال ملک میں منکی پاکس کے 9 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔ ایم پاکس کو اگست 2024 میں انٹرنیشنل ہیلتھ ایمرجنسی ڈکلیر کیا گیا تھا، جب کہ اگست 2024 کے بعد پاکستان میں 15 ایم پاکس کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔

  • کراچی میں منکی پاکس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا

    کراچی میں منکی پاکس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آگیا

    کراچی میں منکی پاکس کا پہلا تصدیق شدہ کیس سامنے آنے کے بعد مریض کو آئسولیشن وارڈ میں منتقل کر دیا گیا۔

    محکمہ صحت سندھ نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مریض کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آگئے، مریض کی اہلیہ کا سفری پس منظر بیرون ملک کا ہے، پہلے اہلیہ میں منکی پاکس کی علامات ظاہر ہوئیں بعد میں شوہر متاثر ہوا۔

    یہ بھی پڑھیں: منکی پاکس سے خوف و ہراس میں مبتلا ہونے کی کوئی ضرورت نہیں، ڈاکٹر جاوید

    متاثرہ مریض کا تعلق کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے ہے۔

    منکی پاکس (Monkeypox) ایک بیماری ہے جو انسانوں میں چھوت کی بیماری کے طور پر منتقل ہو سکتی ہے۔ منکی پاکس کا آغاز عموماً جانوروں سے ہوتا ہے جیسے کہ بندر یا دوسرے جنگلی جانور، اور پھر انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے۔

    اس کی علامات:

    • بخار
    • سر درد
    • پٹھوں میں درد
    • تھکاوٹ
    • جلد پر چھالے یا دانے

    25 جنوری 2025 کو پاکستان میں منکی پاکس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔ مریض کو سروسز اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا تھا، مریض 24 جنوری کو دبئی سے پشاور پہنچا تھا۔

    پشاور ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے دوران مشتبہ کیس کی نشان دہی ہوئی تھی جس پر اس کا ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا تھا، اس کیس کے ساتھ ایم پاکس کیسز کی تعداد 10 ہوگئی تھی۔

    عالمی ادارہ صحت نے ’ایم پاکس‘ نامی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی جس کی کامیاب آزمائش جاپان میں کی گئی تھی۔ جاپانی کمپنی ’کے ایم بائیو لاجکس‘ کی تیار کردہ ویکسین ایل سی 16 دوسری ویکسین ہے جس کی منظوری دی گئی۔

  • رواں سال کا پہلا کیس، دبئی سے پاکستان پہنچنے والے مسافر میں منکی پاکس رپورٹ

    رواں سال کا پہلا کیس، دبئی سے پاکستان پہنچنے والے مسافر میں منکی پاکس رپورٹ

    اسلام آباد: رواں سال ایم پاکس (منکی پاکس) کا پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، منکی پاکس کا مریض دبئی سے پشاور واپس پہنچا تھا۔

    ترجمان وزارت صحت کے مطابق منکی پاکس کے مریض کو سروسز اسپتال پشاور منتقل کر دیا گیا ہے، ایم پاکس کا مریض 24 جنوری کو دبئی سے پشاور پہنچا تھا۔

    پشاور ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے دوران مشتبہ کیس کی نشان دہی ہوئی، جس پر اس کا ٹیسٹ کیا گیا اور وہ پازیٹو آ گیا ہے، اس کیس کے ساتھ ایم پاکس کیسز کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔

    کوآرڈینیٹر برائے صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ کیس کی سفر کی ہسٹری خلیجی ممالک سے ہے، ایم پاکس سے عوام کو بچانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی ادارہ صحت نے ’ایم پاکس‘ نامی ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دے دی ہے، مذکورہ ویکسین کی کامیاب آزمائش جاپان میں کی گئی تھی۔ جاپانی کمپنی ’کے ایم بائیو لاجکس‘ کی تیار کردہ ویکسین ایل سی 16 دوسری ویکسین ہے جس کی منظوری دی گئی ہے۔

    ڈبلیو ایچ او نے اگست میں دوسری بار ایم پاکس کو عالمی صحت کے لیے ہنگامی صورتِ حال قرار دیا تھا، جب وائرس کے ایک نئے ویرینٹ ’کلیڈ آئی بی‘ نے جمہوریہ کانگو سے دیگر پڑوسی ممالک میں پھیلنا شروع کیا تھا۔

  • سعودی عرب سے کراچی آنیوالے 3 مسافروں میں منکی پاکس کی علامات

    سعودی عرب سے کراچی آنیوالے 3 مسافروں میں منکی پاکس کی علامات

    کراچی: سعودی عرب سے کراچی آنے والے تین مسافروں میں منکی پاکس کی علامات پائی گئی ہیں۔

    ذرائع کے مطابق تینوں مسافروں کی طبی جانچ کے دوران علامات پائیں گئی، مسافروں کو نیپا کے قریب سندھ حکو مت کے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تینوں مسافروں کو اسپتال منتقل کرنے کے بعد ایئرپورٹ امیگریشن ایریا، واک وے ایریا کو اسپرے کے ذریعے ڈس انفیکٹ کیا گیا۔

    واضح رہے کہ منکی پاکس 1958 میں اس وقت دریافت ہوا جب تحقیق کے لیے استعمال کیے جانے والے بندروں کے گروپوں میں ایک چیچک جیسی بیماری پھیلنے لگی۔

    منکی پاکس وائرس کی دو قسمیں ہیں۔ جو وسطی افریقی اور مغربی افریقی ناموں سے جانی جاتی ہیں۔ وسطی افریقی منکی پاکس وائرس زیادہ شدید انفیکشن کا سبب بنتا ہے اور مغربی افریقی منکی پاکس وائرس سے زیادہ موت کا سبب بنتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ افریقہ کے برساتی جنگلات میں چھوٹے چوہوں اور گلہریوں سے پھیلتا ہے۔

    منکی پاکس کی علامات

    منکی پاکس عام طور پر فلو جیسی علامات سے شروع ہوتا ہے جیسے بخار، سر درد، پٹھوں میں درد اور تھکن، جو ایک یا دو دن جاری رہ سکتی ہے۔ بخار کے ایک سے تین دن بعد دانے نکل آتے ہیں ۔

    یہ دانے کچھ دن بعد جسم پر مزید ظاہر ہونے لگتے ہیں، جو سرخ رنگ کی جلد سے چھوٹے دھبوں تک بڑھ جاتے ہیں۔ وہ پھر چھالوں میں بدل سکتے ہیں جو کچھ عرصے بعد سفیدی مائل سیال سے بھر بھی سکتے ہیں

  • ایم پاکس کی نئی خطرناک قسم بھارت پہنچ گئی

    ایم پاکس کی نئی خطرناک قسم بھارت پہنچ گئی

    نئی دہلی: ایم پاکس (منکی پاکس) کی ایک نئی خطرناک قسم بھارت پہنچ گئی ہے، پہلے کیس کی تصدیق کے ساتھ ہی بھارت افریقہ سے باہر تیسرا ملک بن گیا ہے جہاں اس وائرس نے انسانوں متاثر کیا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں ایم پاکس کی خطرناک قسم ’کلیڈ 1 بی‘ (clade 1b) کے پہلے کیس کی تصدیق ہو گئی ہے، جس سے ملک میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

    محققین کا کہنا ہے کہ یہ ایم پاکس کی وہ قسم ہے جو نہایت تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور اس وقت اس کے اثرات کئی ممالک میں محسوس کیے جا رہے ہیں، بالخصوص کانگو میں۔

    بھارت افریقہ کے باہر اس وائرس کی تصدیق کرنے والا تیسرا ملک بن گیا ہے، اس سے قبل افریقہ سے باہر پہلا کیس اگست میں رپورٹ ہوا تھا، ایک سویڈن میں اور دوسرا تھائی لینڈ میں۔ نیا کلیڈ 1b وائرس کا پتا رواں سال ہی کے شروع میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (DRC) میں پایا گیا تھا، اور اب تک کانگو سے آگے چار دیگر افریقی کاؤنٹیوں تک پھیل چکا ہے۔

    کلیڈ 1 بی کا یہ کیس ملاپورم ضلع میں سامنے آیا ہے جہاں ایک 38 سالہ شخص اس کی زد پر آیا، جو حال ہی میں متحدہ عرب امارات سے ہندوستان واپس آیا تھا۔ بھارتی حکومت نے اس وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں، کیرلا کے محکمہ صحت نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    یاد رہے کہ عالمی ادارہ صحت (WHO) نے منکی پاکس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا ہے۔

  • سعودی عرب سے کراچی آنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی علامات

    سعودی عرب سے کراچی آنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی علامات

    کراچی : سعودی عرب سے کراچی آنے والے ایک اور مسافر میں منکی پاکس کی علامات پائی گئیں تاہم مسافر کو انفیکشن ڈیزیز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے کراچی آنے والے مسافرمیں منکی پاکس کی علامات سامنے آئیں ، کراچی ایئرپورٹ پرمحکمہ صحت کے عملے نے مسافر کی اسکریننگ کی، اسکریننگ کے دوران مسافر میں وائرس کی علامات پائی گئیں۔

    ،ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ مسافر کو سندھ حکومت کے انفیکشن ڈیزیز اسپتال منتقل کیا جارہا ہے اور وائرس کی علامات پر پی آئی اے کےطیارے کو ڈس انفیکٹ کیا جارہاہے۔

    یاد رہے 3 روز قبل کراچی ایئرپورٹ پر 24گھنٹے میں منکی پاکس کے 3 مشتبہ کیس سامنے آئے تھے ، سعودی عرب سے آنے والی خاتون میں علامات پائی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ 11 ستمبر کو پاکستان میں وائرس کا پانچواں کیس سامنے رپورٹ ہوا تھا، 33 سالہ شخص 7 ستمبر کو سعودی عرب سے آیا تھا۔

    گزشتہ ماہ عالمی ادارہ برائے صحت نے اس وائرس کو پبلک ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیا تھا، ڈبلیو ایچ او کے مطابق یہ وائرس 121 ممالک میں پھیل چکا ہے، رواں سال 500 افراد اس سے ہلاک ہوچکے ہیں، ہائی رسک گروپس اور کمزور قوتِ مدافعت والے افراد میں شرح اموات 10فیصد تک ہوسکتی ہے۔

  • کراچی : ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس

    کراچی : ایک دن میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس

    کراچی ایئرپورٹ پر 24گھنٹے میں منکی پاکس کا تیسرا مشتبہ کیس سامنے آگیا، سعودی عرب سے آنے والی خاتون میں علامات پائی گئی ہیں۔

    ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق سعودی عرب سے کراچی پہنچنے والی خاتون مسافر میں منکی پاکس کی مشتبہ علامات پائی گئیں۔

    متاثرہ خاتون سعودی عرب سے براستہ دبئی کراچی پہنچی ہیں، اسکریننگ کے دوران 18 سالہ خاتون میں منکی پاکس کی علامات پائی گئیں۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسافر کو سندھ حکومت کے انفیکشن ڈیزیز اسپتال منتقل کردیا گیا، مسافر میں منکی پاکس علامات پر غیرملکی ایئرلائن کے طیارے کو ڈس انفیکٹ کیا گیا۔

    اس کے علاوہ ہیلتھ امیگریشن کاؤنٹر اور کنوینر بیلٹ کو بھی اسپرے کرکے ڈس انفیکٹ کردیا گیا ہے۔

  • ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے پہلی ویکسین منظور ہو گئی

    ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے پہلی ویکسین منظور ہو گئی

    عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے ایم پاکس (منکی پاکس) سے بچاؤ کے لیے پہلی ویکسین کی منظوری دے دی۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ایم پاکس کے لیے پہلی ویکسین کی منظوری دے دی ہے، ایم وی اے بی این (MVA-BN) ویکسین ایم پاکس سے بچاؤ کے لیے بنائی گئی ہے۔

    یہ ویکسین 18 سال سے زائد عمر کے افراد کو بہ طور انجیکشن لگائی جا سکے گی، حکام کے مطابق ویکسین کی 2 ڈوزز 4 ہفتوں کے وقفے سے لگائی جائیں گی۔ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈ روس کا کہنا ہے کہ ویکسین کی منظوری اس بیماری کے خلاف جنگ میں ایک اہم قدم ہے۔

    ڈبلیو ایچ او کی ویب سائٹ کے مطابق اس ویکسین کو ابھی ’پری کوالیفکیشن‘ فہرست میں شامل کیا گیا ہے، تاکہ جن ممالک میں فوری ضرورت ہو، وہاں ویکسین کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جا سکے، اس طرح بیماری پھیلنے سے روکنے اور وبا پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔

    عالمی ادارہ صحت نے ڈنمارک کی بائیو ٹیکنالوجی کمپنی ’باویرین نارڈک‘ کی جانب سے جمع کرائی گئی معلومات، اور یورپین میڈیسنز ایجنسی کی جانب سے ریویو کے بعد اس ویکسین کا پری کوالیفکیشن تعین کیا ہے۔

    پہلے کولڈ اسٹوریج کے بعد اس ویکسین کو 2–8 ڈگری سینٹی گریڈ پر 8 ہفتوں تک رکھا جا سکتا ہے۔ گاوی اور یونیسف جیسی تنظمیں اب ایم پاکس ویکسین کو بڑی تعداد میں خریدیں گی، تاکہ افریقا اور اس سے باہر جاری ہنگامی صورت حال کے شکار لوگوں کی مدد کی جا سکے۔

  • منکی پاکس کا مریض بغیر تشخیص اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیسے نکلا؟ تحقیقات شروع

    منکی پاکس کا مریض بغیر تشخیص اسلام آباد ائیرپورٹ سے کیسے نکلا؟ تحقیقات شروع

    اسلام آباد : اسلام آباد ایئر پورٹ پر منکی پاکس کے مریض کی تشخیص نہ ہونے پر تحقیقات شروع کردی گئیں، متاثرہ مریض بغیر کسی رکاوٹ کے پشاور پہنچ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت صحت نے اسلام آباد ایئر پورٹ پر منکی پاکس کے مریض کی تشخیص نہ ہونے پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    وزارت صحت ذرائع نے کہا کہ مریض کی تصویریں اور ایئر پورٹ کی ویڈیو حاصل کر لی گئی، 7 ستمبر کو خلیجی ملک سے آیا ہوا منکی پاکس کا مریض بغیر کسی رکاوٹ کے پشاور پہنچ گیا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ متاثرہ مریض سے ملنے اور مزید تحقیقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، مریض جب اسلام اباد ایئر پورٹ پر اترا تو اس کے چہرے پر نہ دانے تھے اور نہ اسے بخار تھا۔

    وزارت صحت حکام کا کہنا ہے کہ بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے نے کوئی کوتاہی کی یا نہیں رپورٹ جلد سامنے ہو گی مریض کے ساتھ پاکستان پہنچنے والے اور دیگر افراد کے کانٹیکٹس کی ٹریسنگ بھی جاری ہے۔

    وزارت صحت ذرائع کے مطابق بارڈر ہیلتھ سروسز کا ہیڈ کوارٹر کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا امکان ہے، دیگر وفاقی اداروں کی طرح بارڈر ہیلتھ سروسز کا ہیڈ کوارٹر بھی اسلام آباد میں ہی ہونا چاہیے، بارڈر ہیلتھ سروسز کا عملہ اپنی استعداد کے مطابق بہتر کام کر رہا ہے، تاہم مزید بہتری کی گنجائش ہے۔

  • پاکستان میں منکی پاکس کا پانچواں کیس رپورٹ

    پاکستان میں منکی پاکس کا پانچواں کیس رپورٹ

    اسلام آباد : پاکستان میں منکی پاکس کا پانچواں کیس سامنے آگیا ، 33 سالہ شخص 7 ستمبر کو سعودی عرب سے آیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک میں ایم پاکس کاپانچواں کیس رپورٹ ہوا، ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ شہری کا تعلق لوئر دیر اور سفر کی ہسٹری خلیجی ممالک سے ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ تینتیس سالہ شخص سات ستمبر کو سعودی عرب سے پاکستان آیا۔۔ پشاور کے ہوٹل میں قیام کیا تاہم متاثرہ مریض تندرست ہے گھر پر آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ وزارت صحت اورصوبےصورتحال پرکڑی نظررکھےہوئےہیں اور بارڈرہیلتھ سروسزکاعملہ ایئرپورٹ پر اسکریننگ کے نظام کو یقینی بنا رہا ہے۔