Tag: منگلا ڈیم

  • سنگین صورتحال ، ملک کے بڑے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ختم

    سنگین صورتحال ، ملک کے بڑے ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ختم

    لاہور : ملک کے بڑے ڈیموں تربیلا،منگلا اور چشمہ ریزر وائر میں پانی کا ذخیرہ ختم ہوگیا ، جس سے صورتحال مزید سنگین ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق دریاؤں میں پانی کا بہاؤ مزید کم ہوگیا اور تربیلاڈیم ڈیڈ لیول پرپہنچ گیا۔

    تربیلاڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہونے سے آج پانی کا لیول 1402.09فٹ ریکارڈ کیا گیا ، ڈیم میں پانی کا کم سے کم آپریٹنگ لیول 1402فٹ ہے۔

    واپڈا حکام نے بتایا کہ منگلا ڈیم میں آج پانی کی سطح1054 فٹ کی سطح پرہے اور منگلاڈیم میں پانی کاکم ازکم آپریٹنگ لیول1050فٹ ہے۔

    چشمہ میں آج پانی کی سطح 638.70 فٹ کی سطح پر ہے اور چشمہ ریزر وائر میں پانی کا کم ازکم آپریٹنگ لیول 638.15 فٹ ہے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ تربیلاکے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 18 ہزار 300 اور اخرج 20 ہزار کیوسک ، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 10 ہزار 500 ، اخراج 10 ہزار 500کیوسک ہے۔

    منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 23 ہزار 200 اور اخراج 20 ہزار 400 کیوسک اور مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 13 ہزار 700 اور اخراج 9 ہزار کیوسک ہے۔

    جناح بیراج پر پانی کی آمد 30 ہزار 700 کیوسک اور اخراج 27 ہزار 700 کیوسک ، چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 30 ہزار 100 کیوسک اور اخراج 27 ہزار کیوسک جبکہ تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 26 ہزار 900 کیوسک اور اخراج 26 ہزار 400 ہے۔

    اس کے علاوہ گدو بیراج پر پانی کی آمد 21 ہزار کیوسک اور اخراج 16 ہزار 500 کیوسک جبکہ کوٹری پر پانی کی آمد 5 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 200 کیوسک ہے۔

  • منگلا ڈیم سے سستی پن بجلی کی پیداوار بند ہو گئی

    منگلا ڈیم سے سستی پن بجلی کی پیداوار بند ہو گئی

    اسلام آباد: ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول پر پہنچ گئی ہے، جب کہ منگلا ڈیم سے سستی پن بجلی کی پیداوار بند ہو گئی۔

    ترجمان واپڈا کے مطابق منگلا ڈیم ڈیڈ لیول پر پہنچ چکا ہے، جب کہ تربیلا ڈیم ڈیڈ لیول سے 2 فٹ اور چشمہ ایک فٹ اوپر ہے، پانی نہ ہونے کے سبب منگلا ڈیم سے بجلی کی پیداوار بھی رک گئی۔

    تربیلا ڈیم میں پانی کی موجودہ سطح 1404.93 فٹ ہے، اس کا کم از کم آپریٹنگ لیول 1402 فٹ ہے، اور پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1550 فٹ ہے، جب کہ تربیلا میں آج پانی کا ذخیرہ 14 ہزار ایکڑ فٹ ہے،

    منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1050 فٹ ہے، کم از کم آپریٹنگ لیول 1050 فٹ ہے، اور پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 1242 فٹ ہے، جب کہ ڈیم میں آج پانی کا ذخیرہ 72 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

    چشمہ ڈیم کا کم از کم آپریٹنگ لیول 638.15 فٹ اور پانی کی موجودہ سطح 639.30 فٹ ہے، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی انتہائی سطح 649 فٹ ہے، جب کہ آج پانی کا ذخیرہ 17 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔


    مچھیرے سمندری وسائل کا استحصال کیسے کر رہے ہیں؟ ویڈیو رپورٹ


    تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد 19 ہزار 600 کیوسک اور اخرج 20 ہزار کیوسک ہے، نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں آمد 14 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 14 ہزار 600 کیوسک ہے، منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 19 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 19 ہزار 900 کیوسک ہے، مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 16 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 11 ہزار 900 کیوسک ہے۔

    جناح بیراج پر پانی کی آمد 36 ہزار 800 کیوسک اور اخراج 33 ہزار 800 کیوسک ہے، چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 31 ہزار 700 کیوسک اوراخراج 27 ہزار کیوسک ہے، تونسہ بیراج پر پانی کی آمد 24 ہزار 400 کیوسک اور اخراج 23 ہزار 900 کیوسک ہے، گدو بیراج پر پانی کی آمد 23 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 18 ہزار 700 کیوسک ہے۔

    سکھر بیراج پر آمد 17 ہزار 300 کیوسک اور اخراج 6 ہزار 400 کیوسک ہے، اور کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 5 ہزار 200 کیوسک اور اخراج 200 کیوسک ہے۔

  • وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کے یونٹس کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کے یونٹس کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے

    اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کے یونٹ 5،6 کی تجدید کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج منگلا ڈیم کا دورہ کریں گے ، جہاں وہ ڈیم کے یونٹ 5،6 کی تجدید کے منصوبے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

    شہباز شریف نگلا ڈیم کے یونٹس کی بحالی کے منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔

    اس موقع پر شہباز شریف منگلا ڈیم کے فعال یونٹس کادورہ کریں گے ، جہاں ان کو منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔

    منگلہ ڈیم کی تجدید اور بحالی کا منصوبہ یو ایس ایڈ اور حکومت پاکستان کے تعاون سے جاری ہے۔

  • بارشوں کے بعد بھی منگلا ڈیم مکمل طور پر نہ بھر سکا

    بارشوں کے بعد بھی منگلا ڈیم مکمل طور پر نہ بھر سکا

    جہلم: رواں سال منگلا ڈیم مکمل طور پر نہ بھر سکا، منگلا ڈیم کی گنجائش 12 سو 42 فٹ ہے اور تاحال ڈیم صرف 11 سو 89 اعشاریہ 40 فٹ تک ہی بھرا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ تھم گیا لیکن رواں سال منگلا ڈیم مکمل نہ بھر سکا، ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 12 سو 42 فٹ ہے تاہم بارشوں کے بعد منگلا ڈیم میں پانی کی سطح گنجائش سے 50 فٹ کم رہی۔

    پچھلے 10 سال میں ڈیم مکمل طور پر یعنی 12 سو 42 فٹ تک ایک ہی بار بھر سکا۔ منگلا ڈیم میں پانی کا اخراج ارسا کی ڈیمانڈ پر کیا جاتا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 19 ستمبر کو منگلا ڈیم کی سطح 11 سو 37 اعشاریہ 65 فٹ تک پہنچ سکی، 20 ستمبر کے بعد ڈیم میں پانی کی سطح مزید کم ہونے لگی اور 11 سو 89 اعشاریہ 40 فٹ ہوگئی۔

    ڈیم میں پانی کی آمد 2 ہزار 802 کیوسک اور اخراج 25 ہزار کیوسک ہے، منگلا ڈیم میں 30 فیصد پانی بارش کا اور 70 فیصد برف پگھلنے سے آتا ہے۔

  • آفٹر شاکس کا سلسلہ چند دن تک جاری رہے گا، منگلا ڈیم کے قریب سڑک کو نقصان

    آفٹر شاکس کا سلسلہ چند دن تک جاری رہے گا، منگلا ڈیم کے قریب سڑک کو نقصان

    لاہور: پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ کچھ دن تک جاری رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی میٹ کا کہنا ہے کہ جہاں زلزلہ آیا وہ فالٹ لائن ہے اس لیے شدت زیادہ تھی، اور آفٹر شاکس کا سلسلہ بھی چند دن جاری رہے گا۔

    دوسری طرف زلزلے سے منگلا ڈیم کی قریبی سڑک کو بھی نقصان پہنچا ہے، ترجمان واپڈا کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم محفوظ ہے، بجلی گھر کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    آزاد کشمیر کے علاقے میرپور اور جہلم کے قریب زلزلے کے بعد منگلا ڈیم کا معائنہ کیا جا رہا ہے، واپڈا کی ٹیم ڈیم کی ٹیسٹنگ کر رہی ہے۔

    زلزلے کی تفصیل:  ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، 2 افراد جاں بحق، 100 زخمی

    منگلا ڈیم سے پانی کا بہاؤ بند کرنے کے بعد پھر سے کھول دیا گیا ہے، 900 میگا واٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی، ذرایع کا کہنا ہے کہ 900 میگا واٹ شارٹ فال سے لوڈ شیڈنگ بڑھنے کا خدشہ ہے، منگلا بجلی گھر کی بندش سے لوڈ شیڈنگ میں 4 گھنٹے اضافہ ہو سکتا ہے۔

    چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ منگلا ڈیم سے پانی کا بہاؤ زلزلے کے وقت روکا گیا تھا، پانی کا بہاؤ دوبارہ کھول دیا گیا ہے، 4 سے 5 دنوں میں نقصانات کی رپورٹ تیار کر لی جائے گی۔

    ترجمان واپڈا کا کہنا تھا کہ زلزلے کی وجہ سے منگلا جھیل کا پانی گدلا ہو گیا ہے، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر منگلا پاور ہاؤس کی ٹربائنز بند کردی گئی تھیں، پانی صاف ہونے پر ٹربائنز کو چلا دیا جائے گا۔

    تازہ ترین:  زلزلے کے باعث آزاد کشمیر میں شدید تباہی، سڑکوں پر گہرے شگاف

    واضح رہے کہ آج اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں 5.8 شدت کے زلزلے سے کم از کم 2 افراد جاں بحق جب کہ سو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی ہے، میرپور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔

    زلزلے میں ہونے والی اموات سے متعلق متضاد خبریں آ رہی ہیں، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث 8 افراد جاں بحق جب کہ 130 سے زاید زخمی ہوئے ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق 4 افراد جاں بحق، 70 افراد زخمی ہیں جب کہ ڈپٹی کمشنر میرپور آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث 19 افراد جاں بحق اور 300 سے زاید زخمی ہوئے ہیں۔

  • چیف جسٹس کی منگلا ڈیم آمد، پاور ہاؤس کا جائزہ لیا

    چیف جسٹس کی منگلا ڈیم آمد، پاور ہاؤس کا جائزہ لیا

    جہلم: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے منگلا ڈیم کا دورہ کر کے وفد کے ہم راہ منگلا پاور ہاؤس کے تمام امور کا جائزہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے منگلا ڈیم کا دورہ کیا، وفد کے ہم راہ منگلا پاور ہاؤس کے تمام امور کا جائزہ لیا، انھوں نے واپڈا ریسٹ ہاؤس میں مختصر قیام بھی کیا۔

    [bs-quote quote=”چیف جسٹس کو رواں سال منگلا ڈیم میں پانی کی کم آمد سے متعلق بریفنگ دی گئی” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    چیف جسٹس کو متعلقہ حکام نے منگلا ڈیم اور پاور ہاؤس سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، انھوں نے منگلا ویو ریزورٹ اور منگلا قلعہ کا بھی دورہ کیا۔

    میاں ثاقب نثار کو دی گئی بریفنگ رواں سال منگلا ڈیم میں پانی کی کم آمد سے متعلق تھی، چیف جسٹس کو بجلی کی پیداوار سے متعلق بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

    چیف جسٹس کو بریفنگ کے موقع پر واپڈا حکام، چیف انجینئر، ریذیڈنٹ انجینئر اور ممبر پاور بھی موجود تھے۔


    یہ بھی پڑھیں:  پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا: چیف جسٹس


    خیال رہے کہ چیف جسٹس پاکستان ملک میں پانی کی قلت کے اہم ترین مسئلے پر نہ صرف خود متحرک ہیں بلکہ متعلقہ حکام اور اداروں کو بھی حرکت میں لا رہے ہیں۔

    گزشتہ روز انھوں نے دو روزہ بین الاقوامی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے اپنے بچوں کی زندگی تلف ہوتے نہیں دیکھ سکتا۔

  • تربیلا اورمنگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

    تربیلا اورمنگلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

    لاہور : تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش بدستور ختم ہوگئی، جبکہ منگلا ڈیم بھی مکمل طور پر پانی سے بھر گیا ہے۔

    ترجمان واپڈا کے مطابق منگلا ڈیم میں پانی کی سطح بارہ سو چالیس فٹ سے زائد تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بھی اتنی ہی ہے۔

    جبکہ تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بدستور ختم ہے جہاں پانی کی سطح پندرہ سو پچاس فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

    تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد دو لاکھ دو ہزار پانچ سو کیوسک اور اخراج دو لاکھ آٹھ ہزار ایک سو کیوسک ہے منگلا ڈیم میں پانی کی آمد انتیس ہزار کیوسک اور اخراج پندرہ ہزار کیوسک ہے۔

  • میرپورآزادکشمیر:سیر کیلئے جانیوالے 3بھائی ڈیم میں ڈوب کرجاں بحق

    میرپورآزادکشمیر:سیر کیلئے جانیوالے 3بھائی ڈیم میں ڈوب کرجاں بحق

    میرپور آزاد کشمیر: منگلا ڈیم کی سیر کے لیے جانیوالے تین بھائی منگلا جھیل میں ڈوب گئے۔

    میرپور آزاد کشمیر کے فاضل چوک کےعلاقے سے ایک ہی خاندان کے چند افراد منگلا جھیل تفریح کے لئے گئے تھے، ان میں سے چودہ سالہ اربازعمر پاؤں پھسلنے سے منگلا جھیل میں جاگرا۔

    جسے بچانے کے لیے دوسرے دو بھائیوں انیس سالہ جہاہزیب عمر اور سترہ سالہ احتشام عمر نے بھی جھیل میں چھلانگ لگا دی لیکن وہ دونوں بھی چھوٹے بھائی کو بچانے کی کوشش میں خود بھی منگلا جھیل میں ڈوب گئے۔

    جاں بحق ہونیوالے تینوں بھائیوں کی لاشوں کو پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے نکال کر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال میرپور پہنچا دیا گیا ہے، جہاں سے بعد میں لواحقین کے سپرد کر دیا گیا۔