Tag: منہ پر سیاہی

  • الیکشن کمیشن کے سربراہ کے منہ پر دوران اجلاس سیاہی پھینک دی گئی، ویڈیو وائرل

    الیکشن کمیشن کے سربراہ کے منہ پر دوران اجلاس سیاہی پھینک دی گئی، ویڈیو وائرل

    تبلیسی: الیکشن میں دھاندلی کے الزام کے بعد جارجیا کے اپوزیشن رہنما نے الیکشن کمیشن کے سربراہ کے منہ پر دوران اجلاس سیاہی پھینک دی۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جارجیا میں ہفتے کے روز اپوزیشن جماعت کے رکن نے انتخابات میں حکمران جماعت کی جیت کی تصدیق کرنے والے الیکشن کمیشن کے سربراہ جورجی کلنڈرایشویلی پر دھاندلی کا الزام لگایا، اور ان کے منہ پر سیاہی پھینک کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔

    واقعہ اس وقت پیش آیا جب الیکشن کمیشن کے سربراہ انتخابات کے بعد نتائج کی توثیق کے لیے اجلاس کر رہے تھے، اپوزیشن رہنما اطمینان سے چلتے ہوئے آئے اور ان کے چہرے پر سیاہی پھینک دی۔

    سیاہی پھینکے والے سیاست دان ڈیوڈ کرتاڈزے کا تعلق سابق صدر میخائل ساکاشویلی کی یونائیٹڈ نیشنل موومنٹ سے تھا، سیاہ پینٹ آنکھ میں جانے کے سبب کلنڈرایشویلی کی ایک آنکھ کو نقصان پہنچا، دوسری طرف سیکیورٹی اہلکاروں نے اپوزیشن رہنما کو فوراً پکڑ لیا، اور اجلاس سے باہر نکال دیا، اس واقعے کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    واضح رہے کہ کلنڈرایشویلی نے ایک پروٹوکول پر دستخط کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ روس نواز پارٹی جارجین ڈریم نے ایک اور مدت جیت لی ہے، اس اعلان کے بعد دارالحکومت تبلیسی میں کئی دنوں سے احتجاج ہو رہا ہے۔ جب کہ مغرب نواز صدر سالومی زورابیشولی نے روس پر مداخلت کا الزام لگاتے ہوئے ووٹ کو ناجائز قرار دیا۔

    واقعے کے بعد کلنڈرایشویلی اپنی بائیں آنکھ پر پلاسٹر لگا کر میٹنگ میں واپس آ گئے تھے، اور انھوں نے ایک پروٹوکول پر دستخط کیے جس نے 26 اکتوبر کے انتخابات میں حکمران روس نواز جارجین ڈریم پارٹی کے فاتح ہونے کی تصدیق کی۔

  • وائرل ویڈیو: مودی کی پارٹی میں کیوں شامل ہوئے، ناراض کارکن نے رہنما کے منہ پر سیاہی پھینک دی

    وائرل ویڈیو: مودی کی پارٹی میں کیوں شامل ہوئے، ناراض کارکن نے رہنما کے منہ پر سیاہی پھینک دی

    لکھنؤ: بھارتی ریاست اترپردیش میں سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنما کے منہ پر ناراض کارکن نے سیاہی پھینک دی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش میں مقامی رہنما دارا سنگھ چوہان ضلع ماؤ کے ایک قصبے میں انتخابی مہم کے لیے پہنچے تھے، جہاں ان پر کسی ناراض کارکن نے سیاہی پھینک دی۔

    دارا سنگھ کو اس رد عمل کا سامنا سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت پر کرنا پڑا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے، جس میں ان کے منہ پر سیاہی پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    بی جے پی نے دارا سنگھ چوہان کو ماؤ ضلع میں 5 ستمبر کے گھوسی ضمنی انتخابات کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا، اتوار کو انتخابی مہم کے دوران یہ نا خوش گوار واقعہ رونما ہوا۔

    دارا سنگھ نے 2022 میں سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن جیتا تھا لیکن انھوں نے اسمبلی کی سیٹ سے استعفیٰ دے دیا اور اب اسی سیٹ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ دارا سنگھ کو سماج وادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی سے الیکشن لڑنے پر عوامی غصے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    سیاہی پھینکنے کے بعد وہ انتخابی مہم ادھوری چھوڑ کر وہاں سے روانہ ہو گئے جب کہ سیاہی پھینکے والا شخص بھی وہاں سے فرار ہو گیا، پولیس نے جس کی تلاش شروع کر دی ہے۔