Tag: منیر اکرم

  • سیکیورٹی کونسل اراکین مسئلہ کشمیر کو حل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، منیر اکرم

    سیکیورٹی کونسل اراکین مسئلہ کشمیر کو حل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، منیر اکرم

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیراکرم نے کہا ہے کہ سیکیورٹی کونسل اراکین مسئلہ کشمیر کو حل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، سیکیورٹی کونسل رکنیت کیلئے بھارت کی حمایت کا فیصلہ غلط تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیراکرم نے اے آروائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے کہا سیکیورٹی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر تفصیلی بات چیت ہوئی، سیکیورٹی کونسل نے ایل اوسی پربھارتی خلاف ورزیوں کانوٹس لیا اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پراراکین نے خدشات کااظہارکیا۔

    مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ اجلاس میں ملٹری مبصرین کی رپورٹنگ کوبہترکرنے پر بھی گفتگوہوئی، سیکیورٹی کونسل اراکین مسئلہ کشمیر کو حل ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں، سیکیورٹی کونسل رکنیت کیلئے بھارت کی حمایت کا فیصلہ غلط تھا۔

    منیر اکرم نے کہا کہ سابقہ مندوب کیجانب سے بھارت کی حمایت کا فیصلہ غلطی تھی، بھارت سلامتی کونسل میں 2سال کیلئے آیا ہے، ہمیں بھارت کا مقابلہ کرنا ہے ، غلطی کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت کوکبھی بھی سیکیورٹی کونسل کی مستقل رکنیت نہیں ملے گی، کشمیرکے حوالے سے سلامتی کونسل کی قرارداد اہمیت رکھتی ہیں تاہم اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پرعملدرآمد نہیں کراسکا۔

    پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ پاکستان کو کشمیر پر پوری دنیاکی اخلاقی حمایت حاصل ہے، پاکستان بات چیت کےذریعےتمام مسائل کا حل چاہتا ہے۔

  • پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، منیر اکرم

    پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے بھارت کی ریاستی دہشت گرد پالیسیوں کو بےنقاب کر دیا۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت نفرت انگیز، انتہا پسند اور دہشتگرد پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، بھارت خطے کے تمام ممالک میں انتشار پھیلاتا رہا ہے۔

    منیر اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے،بھارتی قومی سلامتی کے مشیر نے کہا وہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے،کرائےکےدہشت گردوں سے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا اعتراف کیاگیا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج حملےمیں دہشت گردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل تھی،اےپی ایس، چینی قونصلیٹ پر حملے میں بھی بھارتی پشت پناہی تھی،بھارتی دہشت گردی کے شواہد سلامتی کونسل میں پیش کر دیےگئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہندوتوا انتہا پسند سوچ بھارت اور خطے میں انتشار کی سب سے بڑی وجہ ہے،عالمی برادری بھارتی جارحیت کو روکے،بھارتی جارحیت نہ روکی تو روانڈا،بوسنیا جیسی صورت حال جنم لے سکتی ہے۔

    بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کر رہا ہے،منیر اکرم

    یاد رہے کہ 28 مئی کو اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم کا کہنا تھا کہ بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کر رہا ہے۔

  • بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کر رہا ہے،منیر اکرم

    بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کر رہا ہے،منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کر رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم نے سلامتی کونسل کے ورچوئل مباحثے میں شرکت کی۔مباحثے کا موضوع تنازعات میں گھرے سولین کی حفاظت تھا۔پاکستانی مستقل مندوب نے مباحثے میں پاکستان کا موقف پیش کیا۔

    پاکستانی سفیر نے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلامتی کونسل کو کشمیر میں بھارتی جنگی جرائم کا نوٹس لینا چاہیئے،بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔

    منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے موثر اقدامات نہ کرنے کی قیمت کشمیریوں کو ادا کرنی پڑتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت مکاری سے کشمیر میں زمینی حقائق تبدیل کر رہا ہے۔

    انہوں نے مباحثے کے دوران بتایا کہ گزشتہ ماہ میں بھارت نے33 کشمیریوں کو شہید کیا،ایل او سی پر بھارتی فائرنگ سے رواں سال 989 کشمیری شہید ہوئے۔منیر اکرم کا مزید کہنا تھا کہ بھارت جنیوا کنونشن کی کھلی خلاف ورزی کر کے کشمیرمیں تسلط قائم کیے ہوئے۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع کلگام میں نام نہاد آپریشن کے دوران بھارتی فورسز نے 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا تھا۔

    بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی کو 9 ماہ سے چھاؤنی بنا رکھا ہے، ان 9 ماہ کے دوران بھارتی فوج کی بربریت سے 100 سے زائد کشمیری شہید ہو چکے ہیں۔

  • اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت پر زبردست تنقید کی ہے، مستقل مندوب منیر اکرم نے مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، بی جے پی حکومت آر ایس ایس نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔

    مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات ہندو تنگ نظری اور اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، کشمیر میں بڑے پیمانے پر خون ریزی اور نسل کشی کا خطرہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستانی مندوب نے بھارت پر زبردست تنقید کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ سنجیدہ اقدامات کے ذریعے بھارت کو مسلمانوں کی نسل کشی سے روکا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، شہریت کے اس متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو شہریت کا حق نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ روز یونین مسلم لیگ پارٹی نے شہریت کا یہ متنازع بل بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ بل کے خلاف پڑوسی ملک بھارت میں احتجاج بھی زور پکڑ گیا ہے، انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں بل کی منظوری کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

  • افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، منیر اکرم

    افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، منیر اکرم

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، پاکستان افغان امن کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط ہیں۔

    منیر اکرم نے کہا کہ افغانستان میں خانہ جنگی کا سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا، پاکستان افغان امن کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکراتی عمل میں ہے، امید ہے طالبان امریکا مذاکراتی عمل بھی جلد شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مصالحتی کوششوں کی امریکا سمیت دنیا نے تعریف کی۔

    منیر اکرم نے مزید کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے تمام علاقائی طاقتوں کو کردار ادا کرنا چاہیے، پاکستان افغانستان میں قیام امن کی تمام کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ 19 اکتوبر کو ایک ایسے وقت میں طالبان کے ساتھ مذاکرات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا جب دونوں فریقین طویل عرصے تک مذاکرات کے بعد کئی نکات پر متفق ہوچکے تھے اور حتمی معاہدے کا عندیہ دیا جا چکا تھا۔

  • نئے پاکستانی مندوب نے سیکرٹری جنرل کو سفارتی اسناد پیش کردیں

    نئے پاکستانی مندوب نے سیکرٹری جنرل کو سفارتی اسناد پیش کردیں

    نیویارک: اقوام متحدہ میں نئے پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریز کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹر میں سفارتی اسناد پیش کرنے کی تقریب منعقد ہوئی، اس موقع پر پاکستان کے نئے مندوب نے اپنی سفارتی اسناد یو این سیکرٹری جنرل کو پیش کیں۔

    اس موقع پر انتونیو گوتیرز کا کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کا ایک اہم رکن ہے، نئے مستقل مندوب کا استقبال کرکے خوشی محسوس ہورہی ہے، امید ہے منیر اکرم تعلقات کو مزید بہتر بنائیں گے۔

    نئے مندوب سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بھی سنہ 2002 سے 2008 تک اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے اپنے فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ سنہ 2008 میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے بینظیر بھٹو کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کروانے کے معاملے پر منیر اکرم کے پیپلز پارٹی سے اختلافات پیدا ہو گئے تھے جس کے بعد انھیں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہٹایا نہیں گیا، ان کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی تھی، ترجمان دفترخارجہ

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا تھا۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا ان کیلیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نئے مستقل مندوب منیراکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے دورے کے موقع پر ملنے والی پذیرائی پر بے حد ممنون ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارت کار رہی ہیں اور انہیں دسمبر2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری 2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔

  • وزیر اعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ مستقل مندوب مقرر کردیا

    وزیر اعظم نے منیر اکرم کو اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ مستقل مندوب مقرر کردیا

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو مستقل مندوب مقرر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے منیر اکرم کو ملیحہ لودھی کی جگہ مستقل مندوب مقرر کردیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی یو این خلیل احمد ہاشمی کو جنیوا میں مستقل نمائندہ مقرر کیا گیا ہے، پیانگ یانگ میں ناظم الامور سید سجاد حیدر کو کویت میں سفیر مقرر کردیا گیا ہے۔

    ڈاکٹر فیصل کے مطابق ٹورنٹو میں قونصل جنرل عمران صدیقی کو ڈھاکا میں پاکستانی ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے، ایڈیشنل سیکریٹری محمد اعجاز ہنگری میں پاکستان کے سفیر ہوں گے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کارکردگی نہ دکھانے والے وزرا کو گھر بھیجنے کا عندیہ

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عبدالحمید کو پاکستانی سفارتخانے ٹورنٹو میں قونصل جنرل تعینات کیا گیا ہے، ابرار ہاشمی کو ہیوسٹن میں قونصل جنرل تعینات کردیا گیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ محمد سعد خٹک سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر ہوں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا تھا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جن وزرا کی کارکردگی ٹھیک نہیں انہیں تبدیل کروں گا۔

    عمران خان نے اسد عمر کو بھی نئی ذمہ داریاں دینے کا عندیہ دیا ہے، اسد عمر سے وزیراعظم کا مکالمہ ہوا، اسد عمر نے کہا کہ آج کل فارغ ہوں ارکان اسمبلی سے ملاقات کرتا رہتا ہوں، وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ دیر فارغ نہیں رہو گے۔