Tag: منی لانڈرنگ

  • گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد

    گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد

    کراچی: ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں پی ای سی ایچ ایس میں واقع گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کراچی نے ایک بڑی کارروائی کے دوران سرجیکل آلات کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی سرکوبی کی ہے، کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ اردو بازار کراچی میں واقع اپتھلو ٹیک نامی دفتر پر چھاپا مار کارروائی کی گئی تھی، چھاپے کے دوران ملزم معصوم احمد سے چیک بکس برآمد ہوئے، جب ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ چیک کیے گئے تو اس سے مشتبہ ٹرانزیکش کے حوالے سے ریکارڈ برآمد ہوا، جس کے بعد ملزم کی نشان دہی پر پی ای سی ایچ ایس کراچی میں ایک اور چھاپا مار کارروائی کی گئی۔

    اس چھاپے کے دوران مذکورہ گھر سے 3 کروڑ 20 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، برآمد ہونے والی کرنسی میں 63762 امریکی ڈالر، 49170 یورو، 3100 سعودی ریال، 252 سنگاپوری ڈالر، 210 قطری ریال اور 299500 پاکستانی روپے شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا، چھاپے کے دوران کروڑوں مالیت کی اسمگل شدہ انڈین تیار کردہ آئی لینسز، سرجیکل کٹس، سرجیکل نائف برآمد کیے گئے، ملزمان زائد المیعاد ڈراپس، لینسز اور دیگر آلات کی دوبارہ پیکنگ کرتے تھے۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ مذکورہ زائد المیعاد ڈراپس کا استعمال آنکھوں کے لیے شدید نقصان دہ ہے، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • حیدرآباد میں 3.5 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ پکڑی گئی

    حیدرآباد میں 3.5 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ پکڑی گئی

    حیدر آباد مین کسٹمز حکام نے اسٹیل ری رولنگ ملز کی 3.5 ارب روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ پکڑی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دستاویزات میں بتایا گیا کہ حیدر آباد کی اسٹیل ری رولنگ ملز نے 70 کروڑ کا ٹیکس چوری کیا ہے، ایچ ایس جے کمپنی نے 14 ہزار 392 میٹرک ٹن خام سریا امپورٹ کیا، خام سریا کی امپورٹ پر ٹیکس کسٹمز کی سہولت کے تحت ادا نہیں کیا۔

    دستاویز میں بتایا گیا کہ سریے کی امپورٹ میں کسٹمز نے مینوفیکچرنگ بانڈ کے تحت ٹیکس مؤخر کیا، ملز کو امپورٹ اور سریا بنانے کے بعد ٹیکس ادا کرنے کی سہولت دی گئی تھی۔

    لیکن ایچ ایس جے نے سریا تیار کر کے کمپنی کے تعمیرات پراجیکٹ میں لگا دیا، تعمیرات کمپنی میں سریا فروخت کیا لیکن 70 کروڑکا ٹیکس ادا نہیں کیا۔

    کسٹمز دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ مبینہ طورپر 70 کروڑ روپے کا ٹیکس فراڈ ہوا، ٹیکس فراڈ کیساتھ منافع اور مالیت سمیت 3.5 ارب روپے کی بلیک منی کی گئی، مبینہ طور پر 3.5 ارب روپے کے کالادھن منی لانڈرنگ کے ذریعے چھپایا گیا۔

  • سولر پینل کی  امپورٹ کی آڑ میں مزید 13 ارب  کی منی لانڈرنگ کا انکشاف

    سولر پینل کی امپورٹ کی آڑ میں مزید 13 ارب کی منی لانڈرنگ کا انکشاف

    اسلام آباد : سولر پینل کی امپورٹ کی آڑ میں مزید 13 ارب کی منی لانڈرنگ کا انکشاف سامنے آیا، جس پر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سولر پینل کی امپورٹ کی آڑ میں منی لانڈرنگ کے خدشے کے پیش نظر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔

    ذرائع نے کہا کہ مزید 13 ارب کے سولر پینل کی امپورٹ میں مبینہ اوور انوائسنگ کا انکشاف ہوا ، اس سے پہلے 69 ارب روپے کے سولر پینل میں اوور انوائسنگ کی تحقیقات بھی جاری ہے۔

    پشاور کی 2 کمپنیوں نے 37 ارب 76 کروڑ روپے کی مبینہ اوور انوائسنگ کی، سولر پینل کی امپورٹ میں مزید 6 ایف آئی آر درج کرلی گئیں ہیں۔

    ذرائع ایف بی آر کا کہنا تھا کہ مزید 6 کمپنیز نے 13 ارب کی امپورٹ میں 3 ارب روپے کی مبینہ اوور انوائسنگ کی، سولر پینل کی اوور انوائسنگ میں 3 ایف آئی آر کراچی میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے خلاف دائر کی ہے۔

    سولر پینل کی اوور انوائسنگ میں 3 ایف آئی آر کوئٹہ میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے خلاف بھی دائر کی گئی ، اوور انوائسنگ میں مبینہ طور پر ایکسچینج کمپنیوں اور اصل بے نامی داروں تک پہنچا جائے گا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اوور انوائسنگ میں ملوث کمپنیوں خلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہٰی کو گرفتار کر لیا

    ایف آئی اے نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہٰی کو گرفتار کر لیا

    لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہٰی کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چوہدری پرویز الہٰی کو ایف آئی نے گرفتار کر لیا، انھیں منی لانڈرنگ کیس میں کیمپ جیل لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن عدالت نے غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں پی ٹی آئی کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کی ضمانت منظور کر لی تھی، اور محکمہ اینٹی کرپشن نے ان کو دوبارہ گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
    پرویز الہٰی کے خلاف پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں اور سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمات درج ہیں، ان کے خلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔

    گزشتہ روز ہی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف ایف آئی اے حکام نے ایک اور مقدمہ درج کر لیا تھا، ان کے خلاف مقدمہ اینٹی منی لانڈرنگ سرکل میں درج ہوا تھا، جس میں ان کے صاحب زادے مونس الہٰی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو عدالتوں سے ضمانتیں ہونے کے باوجود متعدد مرتبہ مختلف مقدمات میں گرفتار کیا جا چکا ہے۔

  • مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

    مونس الٰہی کیخلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج

    لاہور: سابق رکن قومی اسمبلی اور پرویز الہیٰ کے فرزند مونس الٰہی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مونس الہیٰ پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے، مقدمے میں سابق رکن قومی اسمبلی سمیت سات افراد کو نامزد کیا گیا ہے، جن میں راسخ الٰہی کی اہلیہ زہرا الٰہی بھی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ احمد فرحان خان،ضیغم عباس، وجاہت احمد خان،عامرسہیل اور عمارفیاض کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ مونس الہٰی نے بطور وفاقی وزیر آبی ذخائر کے منصوبوں میں اربوں روپے کی کرپشن کی اور کروڑوں روپے رشوت کی مد میں وصول کیے۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم نے اکاؤنٹس میں 121 اعشاریہ 65 ملین جمع کرائے، تمام رقوم 2019ء سے 2022ء میں جمع کرائی گئیں۔

  • 4 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کا کیس: اسد عمر ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش نہ ہوئے

    4 کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کا کیس: اسد عمر ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش نہ ہوئے

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر چار کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش نہ ہوئے، اسد عمر کوآج بارہ بجے طلب کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اسد عمر پر 4 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ایف آئی اے حکام کے سامنے پیش نہ ہوسکے۔

    اسد عمر کوآج 12 بجے ایف آئی اےمنی لانڈرنگ سیل نے طلب کیا تھا، نوٹس ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالرؤف شیخ کی جانب سے بھیجا گیا تھا۔

    ایف آئی اے ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالروف شیخ کا کہنا ہے اگراسد عمر آج پیش نہیں ہوئے تو دوبارہ نوٹس بھیجا جائے گا۔

    یاد رہے ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ 15 اپریل 2013 کواسدعمرکے گھر سے 3کروڑ روپے بینک عملے نے وصول کئے، بینک عملے کی جانب سے رقم پی ٹی آئی جناح ایونیو اسلام آباد برانچ میں ڈپازٹ کی گئی۔

    نوٹس میں کہا تھا کہ 5 مئی 2013 کو ایک کروڑ کے قریب رقم دوبارہ سے وصول کی گئی اور مزید رقم پی ٹی آئی اکاؤنٹ میں بے نامی اکاونٹ سے ڈپازٹ کی گئی۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ اسد عمر کے گھر سے وصول رقم لیاقت حسین کے نام سےڈپازٹ ہوئی، رقم جمع کرنے میں لیاقت حسین کا شناختی کارڈ استعمال کیا گیا، حقائق مدنظر رکھ کر معلوم ہوتا ہے کہ اسدعمر معاملے سے بخوبی واقف ہیں۔

  • منی لانڈرنگ: عدالت نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو بطور ملزم ٹرائل میں طلب کر لیا

    منی لانڈرنگ: عدالت نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو بطور ملزم ٹرائل میں طلب کر لیا

    لاہور: شہباز شریف فیملی کے خلاف 16 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو بطور ملزم ٹرائل میں طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سینٹرل کورٹ کے جج بخت فخر بہزاد نے شہباز شریف فیملی کے خلاف 16 ارب روپے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے بعد تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کو بطور ملزم طلب کر لیا ہے۔

    عدالت نے دونوں ملزمان کو 50 ہزار کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے قرار دیا کہ سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کے خلاف مواد موجود ہے، تفتیشی افسر نے 113 گواہان اور دستاویزی شواہد کو نظر انداز کر کے ملزمان کو بے گناہ کیسے قرار دیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ آٸندہ سماعت پر متعلقہ افسران ضروری دستاویزات جمع کرواٸیں، سلیمان شہباز اور طاہر نقوی پچاس پچاس ہزار کے ضمانتی مچلکے جمع کرواٸیں۔

    عدالت نے 4 مارچ کو ملزمان کو سمن کرتے ہوئے ٹراٸل میں پیشی کے لیے طلب کر لیا، واضح رہے کہ ایف آٸی اے نے اس کیس میں سلیمان شہباز کو کلین چٹ دے دی تھی، ایف آٸی کے مطابق سلیمان شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کا کوٸی ثبوت نہیں ملا۔

  • منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو 24 سال قید، 50 لاکھ روپے جرمانہ

    منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو 24 سال قید، 50 لاکھ روپے جرمانہ

    راولپنڈی: صوبہ پنجاب کے شہر راولپنڈی کی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس میں ملزم کو 24 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، عدالت نے منی لانڈرنگ سے بنائی گئی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسپیشل جج سینٹرل راولپنڈی شوکت کمال ڈار کی عدالت میں منی لانڈرنگ کیس کا فیصلہ سنایا گیا۔

    جرم ثابت ہونے پر ملزم اسامہ علی کو امیگریشن آرڈیننس کے تحت 24 سال قید اور 50 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی۔

    ملزم پر درج ایک اور مقدمے میں 7 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی اور ساتھ ہی منی لانڈرنگ سے بنائی گئی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    اسامہ علی کے خلاف سال 2020 اور 2021 میں مقدمات درج کیے گئے تھے، ملزم نے کینیڈا امیگریشن کا جھانسہ دے کر 4 کروڑ 81 لاکھ 6 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔

  • 9 ارب روپے کی منی لانڈرنگ، مرزا ایاز علی بیگ گرفتار

    9 ارب روپے کی منی لانڈرنگ، مرزا ایاز علی بیگ گرفتار

    کراچی: 9 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اہم ملزم مرزا ایاز علی بیگ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر انٹرنل آڈٹ نے نو ارب روپے کی منی لانڈرنگ کے کیس میں اہم ملزم مرزا ایاز علی بیگ کو گرفتار کر لیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے منی لانڈرنگ کے لیے کوالٹی انٹرنیشنل کے نام سے جعلی کمپنی بنائی ہوئی تھی، ڈی ایچ اے فیز سیون کے نجی بینک کے کئی اکاؤنٹ ملزم کے زیر استعمال تھے۔

    ایف بی آر ذرائع کے مطابق نجی بینک کے اکاؤنٹس میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا، ملزم کے قبضے سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے فہرست بھی برآمد کر لی گئی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ ملزم کا نام منی لانڈرنگ کی درج ایف آئی آر میں بھی شامل ہے، گرفتار ملزم کے پاس بیٹری کمپنی کے مالک سے اور کئی شخصیات کی رقوم منتقلی کے شواہد بھی حاصل کر لیے گئے۔

    ملزم کو کل کسٹم کورٹ میں ریمانڈ کے لیے پیش کیا جائے گا۔

  • منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام،  فرح خان  کے خلاف تحقیقات کا حکم

    منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثے بنانے کا الزام، فرح خان کے خلاف تحقیقات کا حکم

    لاہور : قومی احتساب بیورو (نیب) نے منی لانڈرنگ کے ذریعے اثاثے بنانے کے الزام میں فرح خان کے خلاف تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور کو قانون کے مطابق انکوائری کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابقہ خاتون اول بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    ترجمان نیب نے کہا کہ فرح خان کے خلاف اثاثے منی لانڈرنگ کے ذریعے بنانے کا الزام ہے، ڈی جی نیب لاہور کو قانون کے مطابق انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 3 سال میں فرح خان کے اکاؤنٹ میں 847 ملین جمع ہوئے، تمام رقم ذاتی اکاونٹ میں آتی رہی اور فوری نکلوائی بھی جاتی رہی۔

    نیب کے مطابق 2018 کے بعد سے نامعلوم ذرائع سے اثاثوں میں اضافہ ہوا ، فرح خان مسلسل بیرون ملک دورےکرتی رہیں، انھوں نے 9 بار امریکا اور 9مرتبہ یو اے ای کا دورہ کیا۔

    یاد رہے بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ،نہ کبھی سرکاری کام میں مداخلت کی۔

    فرح خان کا کہنا تھا کہ میرے کردار پر کیچڑ اچھالنے والوں کی اپنی بہن بیٹیاں بھی ہیں، میرے کاروبارکے بارے میں شوہر پہلے ہی وضاحت دے چکے، میرے ساتھ جن لوگوں کو منصوب کیا گیا وہ بھی الزامات کی تردید کر چکے۔