Tag: منی لانڈرنگ

  • مشکوک شخص کی 50 سے زائد ملکی، غیر ملکی بینکوں میں 1.1 ارب کی ٹرانزیکشن، ایف بی آر حرکت میں

    مشکوک شخص کی 50 سے زائد ملکی، غیر ملکی بینکوں میں 1.1 ارب کی ٹرانزیکشن، ایف بی آر حرکت میں

    اسلام آباد: مشکوک شخص کی 50 سے زائد ملکی اور غیر ملکی بینکوں میں 1.1 ارب کی ٹرانزیکشن پر ایف بی آر حرکت میں آ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے منی لانڈرنگ میں ملوث مشکوک افراد کے خلاف کارروائی کی ہے، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ایک مشکوک شخص کے ٹیکس پروفائل سے مشکوک بینک ٹرانزیکشن کی معلومات ملی ہیں۔

    ایف بی آر کے رابطے پر مذکورہ مشکوک شخص 1.1 ارب کی مشکوک بینک ترسیلات کا جواب نہیں دے سکا، مشکوک شخص کے ساتھی نے بھی 32 کروڑ سے زائد کی مشکوک بینک ترسیلات کیں، دونوں مل کر کام کرتے تھے، اور 50 سے زائد ملکی اور غیر ملکی بینکوں میں اکاؤنٹس ہیں۔

    ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر ان اکاؤنٹس میں 1.4 ارب روپے کی مشکوک بینک ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں، دونوں کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کی شق 8 کے تحت شکایت درج کر لی گئی۔

    ایف بی آر نے 4.36 ارب روپے کی ٹیکس چوری پکڑلی

    دریں اثنا، ایف بی آر نے پشاور میں ایک چھاپے کے دوران غیر قانونی سگریٹ کے 80 کارٹن ضبط کر لیے ہیں۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل ایف بی آر نے لاہور میں ایک فوڈ مینوفیکچرنگ یونٹ میں ٹیکس کا بڑا فراڈ پکڑا تھا، معلوم ہوا تھا کہ فراڈ سے 4.36 ارب روپے کا واجب الادا سیلز ٹیکس چوری ہوا ہے، مینوفیکچرنگ یونٹ پر 2.45 ارب روپے کا ڈیفالٹ سرچارج واجب الادا ہے۔

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی

    کراچی: اسلام آباد ایئر پورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کے اہل کاروں نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک مسافر کو حراست میں لے کر اس کے قبضے سے 60 ہزار سے زائد غیر ملکی کر نسی برآمد کر لی۔

    اے ایس ایف ذرایع کا کہنا ہے کہ مسافر ناصر سے 53 ہزار 65 درہم جب کہ 10 ہزار قطری دینار برآمد کیے گئے ہیں۔

    ذرایع نے بتایا کہ زیر حراست مسافر غیر ملکی پرواز FZ.8258 کے ذریعے اسلام آباد سے دبئی جانا چاہتا تھا، مسافر نے کرنسی اسپیکر میں چھپا رکھی تھی، تلاشی پر اسپیکر کے اندر سے غیر ملکی کرنسی نکل آئی۔

    اے ایس ایف نے مسافر ناصر سے تفیش کے بعد اسے مزید قانونی کارروائی کے لیے برآمد شدہ کرنسی سمیت کسٹم حکام کے حوالے کر دیا۔

    قومی اسمبلی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2020 کی منظوری دے دی

    یاد رہے کہ آج اسلام آباد ایئر پورٹ پر بیرون ملک ممنوعہ دوائیں اسمگلنگ کرنے کی کوشش بھی ناکام بنائی گئی ہے، ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ممنوعہ دوائیں آزاد کشمیر کے رہائشی 2 مسافر دبئی لے جانا چاہتے تھے۔

    حکام کا کہنا تھا کہ 1000 ممنوعہ گولیاں قبضے میں لے کر مسافروں کو سفر کی اجازت دے دی گئی، مسافر عظیم اور انیس کو تحریری معافی نامے کے بعد سفر کی اجازت دی گئی۔

  • قومی اسمبلی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2020 کی منظوری دے دی

    قومی اسمبلی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2020 کی منظوری دے دی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی نے انسداد منی لانڈرنگ ترمیمی بل 2020 کی منظوری دے دی، جس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں آج اینٹی منی لانڈرنگ بل میں دوسری ترمیم کا بل پیش کیا گیا، یہ بل ڈاکٹر بابر اعوان نے پیش کیا، ایوان میں جمعیت علمائے اسلام، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے اینٹی منی لانڈرنگ بل کی مخالفت کی۔

    معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا کہ انسداد منی لانڈرنگ بل 2007 میں آیا، جسے ایکٹ بنایا گیا، اس ایکٹ میں تبدیلی لا رہے ہیں تاکہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل سکے، ہم نے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر ان کا ہر شق سے متعلق مؤقف بھی لیا، قانون کو بہتر بنانے کے لیے حکومت نے اپوزیشن کی بات بھی مانی۔

    پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں کہا کہ حکومت کے سامنے ہم نے بھی کچھ ترامیم رکھی تھیں، بل میں ایک مسئلہ ایکٹ کا سیکشن 10 ہے، جب بھی کوئی قانون بنتا ہے پورے معاشرے کے لیے ہوتا ہے، ہم اس بل میں پاور آف اریسٹ کے خلاف ہیں، پاور آف اریسٹ سے کوئی بھی بغیر وارنٹ گرفتاری کر سکتا ہے، اینٹی منی لانڈرنگ بل میں گرفتاری کا اختیار کسی تحقیقاتی ادارے کو دے دیتے ہیں تو یہ ظالمانہ قانون بن جائے گا، یہ کالا قانون ہم انسانی حقوق کو نظر انداز کر کے کیوں بنا رہے ہیں، بغیر وارنٹ کے کسی کو گرفتاری کا اختیار دے دینا غلط ہے۔

    راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ منی لانڈرنگ کو بھی اس قانون کے ذریعے نیب کو بھیجا جا رہا ہے، جب کہ سپریم کورٹ بھی نیب پر نالاں ہے، اس لیے اپوزیشن اینٹی منی لانڈرنگ کے اس بل کی مخالفت کرتی ہے۔

    ن لیگ کے رکن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ جو ترامیم حکومت اس بل میں پیش کر رہی ہے اکثر وہ ہیں جو اپوزیشن کی پیش کردہ ہیں، ہم قومی سلامتی کی خاطر بلز کو سپورٹ کرتے ہیں تو حکومت این آر او کے الزامات لگا دیتی ہے، تین ترامیم اب بھی ہماری نہیں لی گئیں۔

    شاہنواز رانجھا نے کہا کہ ہمارے تین نکات ہیں، عاملہ میں ثبوت دینے کی ذمہ داری الگ ہے، نیب میں الگ ہے، نیب میں ثبوت دینا ملزم کی ذمہ داری ہے، حکومت اس قانون میں نیب کی طرح بارِ ثبوت ملزم پر ڈالنا چاہتی ہے۔

    پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کی قانون سازی پر کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، قومی سلامتی کا ایک تاریخی حوالہ وہ ہے جب بھارتی قومی سلامتی کا مشیر بغیر ویزہ پاکستان آیا، بھارتی قومی سلامتی مشیر بغیر قومی سلامتی کے اداروں کی کلیئرنس کے پاکستان آیا۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اگر گرفتاری کرنے والی اتھارٹی کے اختیار کو مزید شفاف بنانا ہے تو بیٹھ کر بنالیں گے۔

  • ایف اے ٹی ایف بل کو اپوزیشن کے علاوہ کسی نے سنجیدہ نہیں لیا: مریم اورنگزیب

    ایف اے ٹی ایف بل کو اپوزیشن کے علاوہ کسی نے سنجیدہ نہیں لیا: مریم اورنگزیب

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگ زیب نے ایک الزام کے جواب میں‌ کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف بل کو اپوزیشن کے علاوہ کسی نے سنجیدہ نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج معاون خصوصی شہزاد اکبر کی نیوز کانفرنس کے بعد مریم اورنگ زیب نے میڈیا سے گفتگو میں الزام لگایا کہ حکومت کو یہ بھی نہیں معلوم ایف اے ٹی ایف بل میں کیا تھا، حکومت خود چاہتی ہے پاکستان گرے لسٹ میں رہے، بل کو اپوزیشن کے علاوہ کسی نے سنجیدہ نہیں لیا۔

    مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا جن منصوبوں پر تختیاں لگائی جا رہی ہیں وہ نواز شریف کے منصوبے ہیں، عبرت کا نشان بنانا ہے تو یاسمین راشد کو بنائیں، جو ڈاکٹرز نواز شریف کا علاج نہ کر سکے تھے ملک کے اندر، انھیں عبرت کا نشان بنائیں۔

    منی لانڈرنگ کے الزام پر پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا: شہزاد اکبر

    ترجمان نے کہا جہانگیر ترین کو بلایا جائے جنھیں رات کے اندھیرے میں باہر بھیجا گیا، چینی چوروں کو حکومت نے جہاز میں بٹھا کر روانہ کیا، نواز شریف تو حکومت کی اجازت سے باہر گئے ہیں، جو لوگ جھوٹے مقدمات بھگت چکے ہیں وہ این آر او نہیں چاہتے۔

    واضح رہے کہ آج لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا کہ منی لانڈرنگ کو تحریک انصاف پوری دنیا کی طرح دیکھتی ہے، منی لانڈرنگ تمام جرائم کی ماں ہے، ہر جرم کے پیچھے منی لانڈرنگ ہوتی ہے جو بہت سنگین ہے، لیکن اپوزیشن کا اس بارے میں خیال کچھ اور ہے، اپوزیشن کے نزدیک منی لانڈرنگ کوئی سنگین جرم نہیں۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا نواز شریف کی حیثیت سزا یافتہ مفرور شخص کی ہے، ان کے مفرور ہونے سے متعلق برطانیہ کو بھی آگاہ کیا گیا، ایسا شخص لندن کی سڑکوں پر گھوم پھر رہا اور مزے اڑا رہا ہے، انھیں واپس لانے کے لیے تمام قانونی طریقے اختیار کیے جائیں گے۔

  • منی لانڈرنگ کے الزام پر پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا: شہزاد اکبر

    منی لانڈرنگ کے الزام پر پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا: شہزاد اکبر

    لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 12 کروڑ کے صوبے کا سربراہ منی لانڈرنگ میں ملوث ہو تو ملک گرے لسٹ میں جائے گا، منی لانڈرنگ کے الزام پر پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ 2018 میں حالت یہ تھی کہ ہم گرے سے بلیک لسٹ میں جا رہے تھے، بلیک لسٹ ہونے کے بعد کوئی ملک دوائیں تک باہر سے نہیں منگوا سکتا۔

    انھوں نے کہا بلیک لسٹ ہونے کے بعد ہماری حالت ایران جیسی ہو جاتی، سب کی مشاورت کے بعد ایف اے ٹی ایف سے متعلق طریقہ کار اختیار کیا گیا، منی لانڈرنگ کے الزام پر پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا گیا، کہا گیا کہ پاکستان میں منی لانڈرنگ سے نمٹنے کا بہتر نظام نہیں، یہاں فالودے والے کے نام پر اربوں روپے باہر بھیجے گئے۔

    شہزاد اکبر کا کہنا تھا اس چیز کو عالمی سطح پر محسوس کیا گیا اور ہم سے چیزیں ٹھیک کرنے کا مطالبہ کیا گیا، ہم نے اس پر اقدامات کرنا شروع کیے، پہلے قانون کو آرڈیننس کی شکل میں لائے، منی لانڈرنگ کو تحریک انصاف پوری دنیا کی طرح دیکھتی ہے، منی لانڈرنگ تمام جرائم کی ماں ہے، ہر جرم کے پیچھے منی لانڈرنگ ہوتی ہے جو بہت سنگین ہے، لیکن اپوزیشن کا اس بارے میں خیال کچھ اور ہے، اپوزیشن کے نزدیک منی لانڈرنگ کوئی سنگین جرم نہیں۔

    انھوں نے کہا ہمیں اپنے اقدامات سے بتانا ہے کہ ہم منی لانڈرنگ کو سنگین جرم سمجھتے ہیں، ایف اے ٹی ایف نے ہمیں قانون سازی کی فہرست دی ہے، گرے لسٹ سے نکلنے اور منی لانڈرنگ روکنے کے لیے قانون سازی لازمی ہے، یہ ذاتی نہیں ملکی مفاد میں ہونی چاہیے، بد قسمتی سے ملک کے حکمران منی لانڈرنگ میں ملوث رہے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا نواز شریف کی حیثیت سزا یافتہ مفرور شخص کی ہے، ان کے مفرور ہونے سے متعلق برطانیہ کو بھی آگاہ کیا گیا، ایسا شخص لندن کی سڑکوں پر گھوم پھر رہا اور مزے اڑا رہا ہے، انھیں واپس لانے کے لیے تمام قانونی طریقے اختیار کیے جائیں گے۔

    انھوں نے کہا نواز شریف نے بیرون ملک رہ کر اپنے علاج کی کوئی اطلاع نہیں دی، شہباز شریف ذمہ داری کا ثبوت دیں اور بھائی کو پیش کریں۔

    واضح رہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل سماعت کے لیے مقرر ہو گئی ہے، نواز شریف کی سزا بڑھانے کے لیے بھی نیب کی اپیل سماعت کے لیے مقرر ہو گئی، اس کے علاوہ فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے خلاف اپیل بھی سماعت کے لیے مقرر ہو گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ کا دو رکنی بینچ یکم ستمبر کو اپیلوں پر سماعت کرے گا۔

    ادھر وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ملک واپس لانا آسان کام نہیں، نواز شریف اتنے بھولے نہیں کہ شہباز جیسی غلطی کریں، عمران خان نواز شریف کو باہر بھیج کر پچھتا رہے ہیں۔

  • شہباز شریف کو مزید آرام کا مشورہ

    شہباز شریف کو مزید آرام کا مشورہ

    لاہور: ڈاکٹرز نے کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دے دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایک طرف ڈاکٹرز نے شہباز شریف کو کرونا سے متاثر ہونے کی وجہ سے مزید تین ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے دوسری طرف ان کی عبوری ضمانت میں 3 ہفتے مزید توسیع کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

    شہباز شریف نے منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست دی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ذاتی حیثیت میں پیش ہونے سے 3 ہفتے کے لیے انھیں استثنیٰ دیا جائے، اور ضمانتی مچلکوں پر دستخط کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔

    شہباز شریف خاندان کے اثاثوں میں کیسے اضافہ ہوا، بے نامی دار کون؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

    اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اس عبوری درخواست ضمانت پر سماعت آج ہوگی، جسٹس سردار احمد نعیم وار جسٹس فاروق حیدر پر مشتمل بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔ لاہور ہائی کورٹ نے شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں آج تک توسیع کر رکھی ہے، گزشتہ سماعت پر کرونا مثبت آنے کی وجہ سے شہباز شریف پیش نہیں ہوئے تھے۔

    شہباز شریف کی جانب سے آج بھی 3 ہفتوں کے لیے ضمانت میں توسیع کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹروں نے انھیں مزید 3 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، اس لیے عدالت 3 ہفتے کے لیے ضمانت میں توسیع کرے اور سماعت کے موقع پر حاضری سے بھی استثنیٰ دے۔

  • شہبازشریف خاندان کو بیرون ملک سے اربوں روپے کیسے منتقل ہوئے؟

    شہبازشریف خاندان کو بیرون ملک سے اربوں روپے کیسے منتقل ہوئے؟

    لاہور : شریف فیملی منی لانڈرنگ انکوائری  میں بڑے انکشافات سامنے آگئے، نیب کا کہنا ہے کہ  شریف فیملی کو بیرون ملک سے ترسیلات کی مد میں 1 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ روپے منتقل ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ سے متعلق نیب انکوائری میں شہباز شریف خاندان کو اربوں روپے منتقلی سے متعلق تفصیلات سامنے آگئی۔

    نیب دستاویزات میں بتایا گیا کہ شریف فیملی کو بیرون ملک سے ترسیلات کی مد میں 1 ارب 59 کروڑ 30 لاکھ روپے منتقل ہوئے، سلمان شہباز کو 124 ٹرانزیکشن کے زریعے 1 ارب 17 کروڑ 90 لاکھ کی رقم منتقل ہوئی، سلمان شہباز کو منتقل ہونے والی رقم ڈالرز، درہم پر مشتمل تھی۔

    دستاویزات کے ممطابق حمزہ شہباز کو 18 کروڑ 16 لاکھ 11 ہزار 87 روپے منتقل ہوئے، حمزہ شہباز کو رقوم 2005 سے 2012 کے دوران امریکن ڈالرز میں منتقل ہوئیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ نصرت شہباز کو 14 کروڑ 77 لاکھ 17 ہزار 326 روپے کی رقم ڈالرز میں منتقل ہوئی جبکہ شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کو 5 کروڑ 75 لاکھ 16 ہزار 981 روپے اور جویریہ علی کو 7 ٹرانزیکشن میں 2 کروڑ 73 لاکھ 29 ہزار 375 روپے منتقل ہوئے۔

  • نیب کا بڑا فیصلہ، شہباز شریف کے بیٹے کو انٹرپول کے ذریعے لایا جائے گا

    نیب کا بڑا فیصلہ، شہباز شریف کے بیٹے کو انٹرپول کے ذریعے لایا جائے گا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے صاحب زادے سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے سلمان شہباز کو انٹرپول کے ذریعے برطانیہ سے واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے، وہ شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری اور مفرور ہیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ سلمان شہباز منی لانڈرنگ کیس میں اشتہاری ہو چکے ہیں، عدالت ان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر چکی ہے۔

    نیب نے نیشنل کرائم ایجنسی سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ نیشنل کرائم ایجنسی سے سلمان شہباز کی واپسی کے لیے مدد لی جائے گی۔

    شہبازشریف کا بیٹا سلمان شہباز اشتہاری قرار ، جائیداد ضبط کرنےکاحکم

    ترجمان نیب کا کہنا تھا کہ سلمان شہباز کی واپسی کے لیے این سی اے سے درخواست کی جائے گی کہ انھیں برطانوی قانون کے مطابق انٹرپول کے ذریعہ ڈی پورٹ کیا جائے۔

    یاد رہے کہ عدالت نے سلمان شہباز کو چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں متعدد بار تفتیش کے لیے طلب کیا لیکن وہ پیش نہ ہوئے جس پر انھیں اشتہاری قرار دیا گیا اور ان کی تمام منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

  • نیب نے شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

    نیب نے شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا

    لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے ن لیگ کے صدر میاں شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کر دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کے معاملے میں نیب نے شہباز شریف کو کل پھر طلب کر لیا ہے۔

    اپوزیشن لیڈر کو مطلوبہ دستاویزات کے ساتھ کل دن 12 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے، نیب نے اس کیس میں شہباز شریف کو تیسری مرتبہ طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے، شہباز شریف دونوں مرتبہ ملک میں ہونے کے باوجود نیب میں پیش نہیں ہوئے۔

    دونوں مرتبہ ن لیگی رہنما نے اپنے نمایندے کے ذریعے جوابات جمع کرائے تھے، تاہم ذرایع کا کہنا ہے کہ نیب شہباز شریف کی جانب سے بھیجے گئے جوابات سے مطمئن نہیں۔

    شہباز شریف نے تعاون نہیں کیا تو نیب قانونی راستہ اپنائے گا: اعلامیہ

    نیب نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ شہباز شریف قانون کے مطابق خود پیش ہوں اور مطلوبہ معلومات فراہم کریں، اور اپنے خلاف جاری تحقیقات میں قومی ادارے کے ساتھ تعاون کریں۔

    واضح رہے کہ 22 اپریل کو طلبی پر قومی احتساب بیورو نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تنبیہی پیغام جاری کر کے کہا تھا کہ اگر انھوں نے تعاون نہیں کیا تو ان کے خلاف نیب قانونی راستہ اپنائے گا۔ اس سے قبل 17 اپریل کو بھی انھیں طلب کیا گیا تھا لیکن وہ کرونا وائرس کا عذر کر کے پیش نہیں ہوئے، نیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر مکمل حفاظتی اقدامات اپنائے جائیں گے۔

  • پاکستانی نژاد شہری کے ساڑھ 4 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کے اثاثے منجمد

    پاکستانی نژاد شہری کے ساڑھ 4 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کے اثاثے منجمد

    بریڈفورڈ: برطانیہ کے شہر بریڈ فورڈ میں نیشنل کرائم ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد شخص کے ساڑھے 4 لاکھ پاؤنڈ سے زائد کے غیر قانونی اثاثے منجمد کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستانی نژاد شخص سے ساڑھے4 لاکھ پاؤنڈز سے زائد کےاثاثے ریکور کیے، پاکستانی شہری پر الزام تھا کہ اس نے فراڈ، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کے ذریعے اثاثے بنائے تھے۔

    اثاثوں میں 5 مکانات اور نقد رقم شامل ہے، دوران تفتیش پاکستانی شہری اثاثوں کی منی ٹریل دینے میں ناکام رہا جس پر ہائیکورٹ نے نےجائیداد ضبط کرنے کے آرڈر جاری کیے۔

    عدالتی حکم پر این سی اے نے پاکستانی شہری کے غیر قانونی اثاثے منجمد کردیے ہیں اور تفتیش کا دائر کار بڑھا دیا ہے۔

    نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ ناجائز طریقے سے جائیدادیں بنانے والوں کا محاسبہ کریں گے اور ان کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔