Tag: منی ہائسٹ

  • کورین منی ہائسٹ کا ٹیزر جاری

    کورین منی ہائسٹ کا ٹیزر جاری

    امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس کی جانب سے دنیا بھر میں مقبول ہسپانوی سیریز منی ہائسٹ کے کورین ورژن کا ٹیزر ریلیز کردیا گیا، کورین سیریز رواں برس جون میں ریلیز کی جائے گی۔

    نیٹ فلکس کی مشہور ترین ہسپانوی سیریز منی ہائسٹ کی کامیابی کے بعد بین الاقوامی اسٹریمنگ سروس نے اس سیریز کا کورین ورژن ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے، منی ہائسٹ: کوریا جوائنٹ اکنامک ایریا نیٹ فلکس پر 24 جون کو ریلیز کی جائے گی۔

    نیٹ فلکس پر موجود معلومات کے مطابق اس سیریز کی کہانی بالکل اوریجنل منی ہائسٹ جیسی ہی ہوگی اور اس میں بھی ایک پروفیسر بڑی ڈکیتیوں کے لیے نئے لوگوں کو بھرتی کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔

    نیٹ فلکس کی طرف سے جاری ٹیزر میں سیریز کے کسی کردار کو تو نہیں دکھایا گیا لیکن کورین زبان میں ایک آواز سنائی دیتی ہے، ایک چور جو معمولی رقم چوری کرتا ہے وہ یا تو مارا جاتا ہے یا پھر جیل چلا جاتا ہے، لیکن جو چور بڑی چوری کرتا ہے وہ دنیا بدل سکتا ہے اور ہیرو بھی بن سکتا ہے۔

    ہسپانوی منی ہائسٹ کی طرح اس سیریز میں بھی سفید ماسک پہنے چوروں کو کسی بڑے بینک میں ڈاکا مارتے ہوئے دکھایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ ہسپانوی منی ہائسٹ کا پہلا سیزن 2017 میں آیا تھا اور اس کا پانچواں اور آخری سیزن گزشتہ سال 2021 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

    اس کے علاوہ دسمبر 2021 میں نیٹ فلکس کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ منی ہائسٹ میں پروفیسر کے بھائی کا کردار ادا کرنے والے برلن پر بنائی گئی فلم 2023 میں ریلیز کی جائے گی۔

  • کیا آپ نے بیلا چاؤ کا یہ ورژن سنا ہے؟

    کیا آپ نے بیلا چاؤ کا یہ ورژن سنا ہے؟

    مشہور ہسپانوی سیریز منی ہائسٹ کا گانا بیلا چاؤ سیریز کے آغاز سے ہی دنیا بھر میں مشہور ہوچکا ہے اور مختلف فنکاروں نے اس کے مختلف ورژنز بھی پیش کیے ہیں۔

    حال ہی میں صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے ایک فنکار خاوند بخش بگٹی نے بھی اس گانے کو اپنے انداز میں پیش کیا۔

    انہوں نے اس گانے کو بلوچستان کے تاریخی ساز سروز پر بجایا ہے۔

    انسانی کھوپڑی کا ہم شکل یہ ساز بلوچ خطے کا نہایت قدیم ساز ہے اور کہا جاتا ہے کہ ایک اور مشہور ساز سارندہ اسی سروز کی ایک اور شکل ہے۔

    یاد رہے کہ ہسپانوی ٹی وی سے نشر کی جانے والی سیریز منی ہائسٹ بعد ازاں امریکی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس پر نشر کی گئی جس کے بعد اس شو نے دنیا بھر میں بے مثال مقبولیت حاصل کی۔

    5 سیزنز کے بعد یہ سیریز اپنے اختتام کو پہنچ چکی ہے اور اب اس کے دیگر کرداروں پر سیریز بنانے پر کام کیا جارہا ہے۔

  • سیریز ختم لیکن شو ابھی باقی ہے: برلن واپس آرہا ہے

    سیریز ختم لیکن شو ابھی باقی ہے: برلن واپس آرہا ہے

    دنیا بھر میں مقبول ترین نیٹ فلکس سیریز منی ہائسٹ کا آخری حصہ آج ریلیز ہوچکا ہے جس کے بعد یہ مقبول ترین سیریز اختتام پذیر ہوجائے گی تاہم اس کے تخلیق کاروں نے اس کے اسپن آف کا اعلان کردیا جس کے بعد مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

    منی ہائسٹ سیریز کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر کیے گئے ٹویٹ میں اعلان کیا گیا کہ سیریز کے مشہور ترین کرداروں میں سے ایک برلن پر اسپن آف یعنی الگ سے سیریز بنائی جائے گی جو سنہ 2023 میں نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔

    برلن کا کردار ہسپانوی اداکار پیڈرو اولنزو ادا کر رہے ہیں، برلن سیریز میں دکھائی گئی ڈکیتیوں کے ماسٹر مائنڈ پروفیسر کا بھائی ہے جو خود بھی ایک ذہین اور چالاک شخص ہے۔

    برلن کی دوسرے سیزن میں موت دکھائی جاچکی ہے تاہم اگلے سیزنز میں فلیش بیکس میں اس کی زندگی دکھائی جاتی رہی۔

    اسپن آف سیریز کے تخلیق کار بھی ہسپانوی پروڈیوسر ایلکس پینا ہوں گے جنہوں نے پوری منی ہائسٹ پروڈیوس کی ہے جبکہ دیگر پروڈیوسرز اور ہدایتکار بھی وہی ہوں گے۔

    دوسری جانب منی ہائسٹ کے پانچویں سیزن کا دوسرا حصہ آج ریلیز کیا جاچکا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ مقبول ترین سیریز اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔

  • بھارت: ملازمین کو ’منی ہائسٹ سیزن 5‘ دیکھنے کے لیے چھٹی مل گئی

    بھارت: ملازمین کو ’منی ہائسٹ سیزن 5‘ دیکھنے کے لیے چھٹی مل گئی

    راجستھان: بھارت میں ایک کمپنی نے ملازمین کو ’منی ہائسٹ سیزن 5‘ دیکھنے کے لیے چھٹی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجستھان کی ایک کمپنی نے 3 ستمبر کے روز ملازمین کی جانب سے چھٹی کے لیے جھوٹ بہانے بنانے سے قبل ہی انھیں چھٹی دے دی ہے۔

    واضح رہے کہ نیٹ فلکس کی شہرہ آفاق ویب سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے، سیزن 5 کا پہلا حصہ 3 ستمبر جب کہ دوسرا 3 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا، جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر کے کروڑوں لوگ بےتاب ہیں۔

    بھارتی کمپنی نے اپنے ملازمین کو پروفیسر کی اپنی ٹیم کے ساتھ سانسیں تھما دینے والی چوری کو دیکھنے کے لیے چھٹی ہی دے دی ہے تاکہ وہ آرام سے گھر بیٹھ کر اس سے لطف اندوز ہو سکیں۔

    کمپنی کے سی ای او نے ملازمین کے نام ایک خط لکھا کہ 3 ستمبر کو منی ہائسٹ کا سیزن 5 ریلیز ہوگا لہٰذا ملازمین اس روز چھٹی کریں کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ تفریح کے کچھ لمحات آپ کے کام میں توانائی لانے کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

    انتظار ختم، منی ہائسٹ سیزن 5 کی ریلیز تاریخوں کا اعلان، دل دھڑکا دینے والا ٹریلر بھی جاری

    کمپنی نے اپنے ان تمام ملازمین کا شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے کرونا وبا میں ورک فرام ہوم کر کے کمپنی کو اس مشکل وقت سے نکالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سی ای او نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں ذہنی دباؤ اور افراتفری جیسی صورت حال کے بعد ایک بریک تو بنتا ہے۔

    دل چسپ بات یہ ہے کہ اس خط کو ٹوئٹر پر نیٹ فلکس انڈیا کے آفیشل اکاؤنٹ نے ری ٹوئٹ کیا اور لکھا کہ ہمارے پاس کام کے لیے عذر موجود تھے لیکن یہ لاجواب ہے۔

  • منی ہائسٹ: کیا پروفیسر پر الگ سے سیریز تخلیق کی جائے گی؟

    منی ہائسٹ: کیا پروفیسر پر الگ سے سیریز تخلیق کی جائے گی؟

    شہرہ آفاق ویب سیریز منی ہائسٹ کا ویسے تو ہر کردار نہایت منفرد اور انوکھا ہے، تاہم اس کا مرکزی کردار پروفیسر نہایت مقبول ہے جس نے اپنی ذہانت سے مداحوں کو حیران کر رکھا ہے۔

    پروفیسر یعنی سرجیو مارکینا کا کردار ہسپانوی اداکار الوارو مورٹے ادا کر رہے ہیں، ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح وہ 2 بڑی ڈکیتیوں کا دماغ ہیں، وہ مجرمانہ دماغ کے لوگوں کو اکٹھا کرتے ہیں، ان کی تربیت کرتے ہیں اور ان کے پاس ہر وقت پلان بی موجود ہوتا ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Álvaro Morte (@alvaromorte)

    ہر صورتحال میں ان کی حاضر دماغی اور ذہانت پوری ٹیم کو کسی مشکل میں پھنسنے سے بچا لیتی ہے۔

    حال ہی میں سیریز کے پروڈیوسرز سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ پروفیسر کی الگ سے کوئی سیریز یعنی اسپن آف تخلیق کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟

    شو کے ڈائریکٹر اور ایگزیکٹو پروڈیوسر جیسس کولمنر سے جب ایک ورچوئل گفتگو کے دوران یہ سوال پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پروفیسر کا اسپن آف تو خود یہی سیریز ہے، بس اس کے لیے سیریز کو غور سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔

    کولمنر کا کہنا تھا کہ پروفیسر کا اسپن آف کیوں بنایا جائے؟ اس کی ساری کہانی تو منی ہائسٹ میں ہی موجود ہے، اس کا پس منظر، اس کی عادات، اس کی شخصیت سب ہی کچھ اس سیریز میں پہلے سے موجود ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Álvaro Morte (@alvaromorte)

    انہوں نے کہا کہ اسپن آف ایسے ثانوی کردار کا بنایا جاتا ہے جسے بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہوجائے اور آپ اس کی کہانی پر نئی سیریز بنا سکیں۔ منی ہائسٹ کا ہر کردار ایسا ہے کہ اس پر اسپن آف بنایا جاسکتا ہے، ہر کردار اپنی الگ تہہ در تہہ زندگی کی کہانی رکھتا ہے۔

    یاد رہے کہ دنیا بھر میں شہر حاصل کرنے والی ویب سیریز منی ہائسٹ کا آخری سیزن دو حصوں میں ریلیز کیا جائے گا، پہلا حصہ 3 ستمبر اور دوسرا حصہ 3 دسمبر کو ریلیز کیا جائے گا۔

  • انتظار ختم، منی ہائسٹ سیزن 5 کی ریلیز تاریخوں کا اعلان، دل دھڑکا دینے والا ٹریلر بھی جاری

    انتظار ختم، منی ہائسٹ سیزن 5 کی ریلیز تاریخوں کا اعلان، دل دھڑکا دینے والا ٹریلر بھی جاری

    نیٹ فلکس کی شہرہ آفاق ویب سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تہلکہ مچا دینے والی نیٹ فلکس کی کرائم سیریز منی ہائسٹ کے 5 ویں سیزن کی تاریخوں کا اعلان آج پیر کو ہو گیا، سیزن 5 کا پہلا حصہ 3 ستمبر کو ریلیز ہوگا، جب کہ دوسرا حصہ 3 دسمبر کو ریلیز ہوگا۔

    نیٹ فلیکس نے سیریز کا ایک دل کو دھڑکانے والا ٹریلر بھی جاری کر دیا ہے، اس بار گینگ کے ارکان زیادہ غصے اور زیادہ قوت سے لوٹے ہیں، وہ نیروبی کی قربانی کو بھلانے والے نہیں ہیں، کیوں کہ اب بات صرف چوری کی نہیں رہی ہے، اس ٹیزر میں کئی سارے خوشی اور دکھ کے لمحات دکھائی دیتے ہیں۔

    ٹیزر میں ہر گینگ ممبر کے جذبات کو سلو موشن میں دکھایا گیا ہے، اور ہر کوئی جیسے اپنے ذاتی نقصان کا انتقام لینے کے لیے لڑتا دکھائی دے رہا ہے۔

    اس میں بہت سارا ایکشن بھی دکھائی دیتا ہے، اس بار پولیس اہل کار بھی بینک کے اندر آ چکے ہیں، اور وہ ہر وہ قدم اٹھا رہے ہیں جس سے گینگ کو سرینڈر کیا جا سکے، لیکن گینگ بھی ہار ماننے کو تیار نہیں، جب گینگ بینک کے اندر داخل ہوتا ہے تو ہر دل عزیز پروفیسر بینک آف اسپین سے باہر محاذ سنبھالتا ہے، لیکن کیا اس بار پروفیسر کو پکڑ کر کرسی سے باندھ دیا گیا ہے؟

    اس ٹیزر کے ذریعے نیٹ فلیکس نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ اس بار منی ہائسٹ سیز فائیو دو حصوں میں آئے گا، پہلا حصہ تین ستمبر کو آئے گا، جب کہ دوسرے حصے کا پریمیئر 3 دسمبر کو ہوگا۔

    منی ہائسٹ کے تخلیق کار ایلکس پینا نے سیزن فائیو کے بارے میں بتایا کہ جب ہم نے وبا کے دوران پارٹ فائیو لکھنا شروع کیا تو ہمیں محسوس ہو گیا کہ دس قسطوں کے سیزن سے جو توقع کی گئی تھی اسے تبدیل کرنا پڑے گا، ہم نے آخری سیزن کو زیادہ سے زیادہ سنسنی خیز بنانا تھا، اس لیے ہم نے فیصلہ کہ اسے نہایت جارحانہ بنائیں گے، جب کہ دوسرے حصے میں کرداروں کی جذباتی صورت حال پر زیادہ توجہ مرکوز رکھی۔

  • منی ہائسٹ کے کرداروں کا الوداع

    منی ہائسٹ کے کرداروں کا الوداع

    دنیا بھر میں تہلکہ مچا دینے والی نیٹ فلکس کی سیریز منی ہائسٹ کے اداکاروں نے سیٹ کو الوداع کہہ دیا، منی ہائسٹ کے پانچویں سیزن کی شوٹنگ جاری ہے۔

    امریکی ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے والی سیریز منی ہائسٹ نے لوگوں کو اپنا دیوانہ بنا رکھا ہے، اس کے آخری سیزن کی شوٹنگ جاری ہے اور اس کے اداکار اپنا کام مکمل کروانے کے بعد اسے اپنا بہترین سفر قرار دے رہے ہیں۔

    سیریز کے مرکزی کردار پروفیسر جن کا اصل نام الوارو مورٹے ہے، نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی، ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ وہ آخری بار سیٹ پر جارہے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Álvaro Morte (@alvaromorte)

    پروفیسر نے لکھا کہ اس موقع پر الفاظ غیر ضروری محسوس ہورہے ہیں، انہوں نے اپنے مداحوں اور سیریز کی پروڈکشن ٹیم کا بھی بے حد شکریہ ادا کیا۔

    دوسری جانب پروفیسر کی ساتھی لزبن (اتزیار اتونو) نے بھی ایک جذباتی پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنے کردار کی کچھ تصاویر پوسٹ کیں، ہسپانوی زبان میں اپنے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ خدا حافظ انسپکٹر راکیل، خدا حافظ لزبن، یہ ایک اچھا سفر تھا۔

    ہسپانوی اداکارہ سیریز کے پہلے 2 سیزن میں پولیس انسپکٹر جبکہ اگلے 2 سیزنز میں چوروں کے گروہ کا حصہ نظر آتی ہیں۔

    اس سے قبل سیریز کے 2 مزید اداکار بھی اپنے حصے کی شوٹنگ مکمل کروا کر سیٹ کو خیرباد کہہ چکے ہیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Miguel Herrán (@miguel.g.herran)

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Jaime Lorente Lopez (@jaimelorentelo)

    منی ہائسٹ ابتدائی طور پر اسپین کے ایک مقامی چینل پر 2 مئی 2017 کو نشر کیا گیا تھا تاہم اس کی اصل مقبولیت نیٹ فلکس پر نشر کیے جانے کے بعد شروع ہوئی، اس کے ابتدائی 2 سیزن بے حد مقبول ہوئے جس کے بعد نیٹ فلکس نے اس کا تیسرا اور چوتھا سیزن پیش کیا۔

    اب اس کے پانچویں سیزن کی پروڈکشن پر کام جاری ہے اور نیٹ فلکس تصدیق کرچکا ہے کہ یہ اس سیریز کا آخری سیزن ہوگا۔

    اب تک پیش کیے گئے 4 سیزنز میں 2 مختلف ڈکیتیاں دکھائی گئی ہیں جن کی منصوبہ بندی پروفیسر نامی شخص کرتا ہے اور اپنی ٹیم کی لمحہ لمحہ رہنمائی کرتا ہے۔

    پانچویں سیزن کو اپریل 2021 میں ریلیز کیا جانا تھا لیکن کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس پر کام روک دیا گیا، اب اس سیزن کو رواں برس کسی بھی وقت ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

  • مقبول ترین کرائم سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن سے متعلق خوش خبری

    مقبول ترین کرائم سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن سے متعلق خوش خبری

    نیٹ فلکس کی شہرہ آفاق ویب سیریز ’منی ہائسٹ‘ کے پانچویں سیزن کی ریلیز آیندہ سال اپریل میں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق نیٹ فلکس پر مشہور سیزنز میں سے ایک ‘منی ہائسٹ’ کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اس کا پانچویں سیزن جلد ریلیز کیا جائے گا۔ یہ کرائم ڈراما سیریز پہلی بار اسپین میں 2 مئی 2017 کو نشر کیا گیا تھا جس نے تہلکہ مچا دیا اور نہایت سرعت کے ساتھ کامیابیوں کی بلندی تک پہنچا۔

    ایک ہسپانوی ویب سائٹ مارکا نے اس کے چھٹے سیزن سے متعلق بھی خوش خبری سنائی ہے، بتایا گیا کہ سیریز کا چھٹا سیزن بھی آئے گا۔

    ابتدا میں منی ہائسٹ 2 سیزنز کے لیے بنایا گیا تھا، لیکن پھر نیٹ فلکس پر آنے کے بعد اس کی شہرت پوری دنیا میں پھیل گئی اور اس کے مزید سیزنز بنانے کا فیصلہ کیا گیا، یہ فیصلہ درست ثابت ہوا اور صرف تیسرے سیزن کے ناظرین کی تعداد 2 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ ہو گئی۔

    ارطغرل کی حلیمہ کا پاکستان آنے کا اعلان

    چوتھے سیزن نے تو ریلیز کے بعد باقی تمام سیزنز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور یہ مقبولیت کی نئی بلندیوں پر پہنچ چکا ہے، توقع ہے کہ پانچواں سیزن اگلے سال اپریل میں ریلیز ہوگا، مزید اچھی خبر یہ ہے کہ چھٹا سیزن بھی عین ممکن ہے اگلے سال ہی نشر کیا جائے۔

    خیال رہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے سلسلے میں دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلم اور ڈراما انڈسٹری کی پروڈکشنز پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں، دنیا بھر میں فلموں اور ڈراما سیریز کی تیاری اور ریلیز کی تاریخیں ملتوی کی جا چکی ہیں، اس لیے یہ بھی امکان ہے کہ چھٹا سیزن اگلے سال نشر نہ ہو سکے۔