Tag: موازنہ

  • ’جو لوگ بابر اور کوہلی کا مقابلہ کرتے ہیں وہ بے وقوف ہیں‘ سابق پاکستانی کرکٹر

    ’جو لوگ بابر اور کوہلی کا مقابلہ کرتے ہیں وہ بے وقوف ہیں‘ سابق پاکستانی کرکٹر

    پاکستان کے سابق وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا ماننا ہے کہ ویرات کوہلی اور بابر اعظم کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔

    کرکٹ شائقین اکثر دونوں کرکٹرز کا ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے نظر آتے ہیں، بھارتی شائقین کوہلی کو بہتر مانتے ہیں جبکہ کئی پاکستانی مداحوں کے نزدیک بابر اعظم ان سے بہتر پلیئر ہیں، سوشل میڈیا میں اس بات پر بھی بحث ہوتی ہے ان میں سے کون بہتر کور ڈرائیو کرتا ہے۔

    کامران اکمل نے بھارتی ذرائع ابلاغ سے گفتگو میں کہا کہ وہ لوگ جو بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا ایک دوسرے سے مقابلہ کرتے ہیں وہ بے وقوف ہیں، ویرات کوہلی اتنا بڑا کھلاڑی ہے کہ وہ عالمی سطح پر ایک رول ماڈل رہا ہے۔

    سابق پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ کوہلی بہت جنون کے ساتھ کھیلا ہے، ایسے کھلاڑی آنا مشکل ہیں، اس نے اتنا اعلیٰ معیار قائم کیا ہے کہ دونوں کے درمیان کوئی موازنہ نہیں ہے۔

    کامران اکمل نے کہا کہ ویرات پچھلے کچھ سالوں سے رنز کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، پچھلے پانچ سالوں میں انھوں نے صرف 3 ٹیسٹ سنچریاں بنائیں جبکہ بابر بھی اسی دور سے گزر رہے ہیں۔

    پورا ملک بابر اعظم کی 20ویں ون ڈے سنچری کا انتظار کر رہا ہے، شاید وہ چیمپئنز ٹرافی میں رنز بنانا شروع کردیں، ہم چاہتے ہیں کہ بابر اعظم کم از کم 30 سے 35 سنچریاں اسکور کریں۔

  • عماد عرفانی نے پاک بھارت کا موازنہ ’مصطفیٰ اور عدیل‘ سے کردیا

    عماد عرفانی نے پاک بھارت کا موازنہ ’مصطفیٰ اور عدیل‘ سے کردیا

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں ’عدیل‘ کا منفی کردار نبھانے والے اداکار عماد عرفانی نے پاک بھارت کا موازنہ مصطفیٰ اور عدیل کے کردار سے کردیا۔

    ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ (مصطفیٰ)، ہانیہ عامر (شرجینا)، عماد عرفانی (عدیل)، جاوید شیخ (افتخار)، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ (رباب)، اریج چوہدری، (نتاشا)،  مایا خان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھائے۔

    نعیمہ بٹ اور عماد عرفانی کی تصاویر وائرل

    ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے تھے، پچھلے مہینے تک ڈرامہ کبھی میں کبھی تم پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں میں ٹرینڈ کرتا رہا اور ہر کوئی مصطفیٰ اور شرجینا کے گن گاتے نظر آرہے تھے۔

    عماد عرفانی نے حال ہی میں انڈیا ٹوڈے کو آن لائن انٹرویو دیا جہاں انہوں نے پاک بھارت کے درمیان تعلقات کے بارے میں بھی بات کی ہے اور اسے اپنے ڈرامہ سے تشبیہ دیا۔

    ڈرامے کی کامیابی کے بعد بھارت سے ملنے والی محبت پر عماد عرفانی نے کہا کہ مجھے ایسا لگتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات ڈرامے میں دکھائے گئے دو ناراض بھائیوں عدیل اور مصطفیٰ کی طرح ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ جس طرح ڈرامے میں دیکھایا گیا کہ دونوں بھائی ایک ہی گھر میں پلے بڑھے ہیں ان کے درمیان خون کا رشتہ ہے لیکن اس باوجود دونوں ایک دوسرے سے آنکھیں ملا کر بات کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

    عماد عرفانی نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ڈرامے میں دونوں بھائیوں کے درمیان بلاجواز اختلافات رہتے ہیں دونوں ہر وقت ایک دوسرے سے ناراض رہتے ہیں، اسی طرح ہی پاکستان اور بھارت بھی ہیں دو بھائیوں کی طرح ہیں جن کے راستے الگ الگ ہیں۔

  •  بالی ووڈ میں میرا سفر شاہ رخ خان سے زیادہ مشکل تھا: کنگنا رناوت

     بالی ووڈ میں میرا سفر شاہ رخ خان سے زیادہ مشکل تھا: کنگنا رناوت

    ممبئی: بھارت کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے ایک بار پھر اپنا موازنہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار اداکار شاہ رخ خان سے کردیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے کیرئیر سمیت ایک بار پھر بالی ووڈ فنکاروں پر تنقید کرتی ہوئی نظر آئیں۔

    حال ہی میں کنگنا روناوت نے اپنا موازنہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان سے کیا تھا انہوں نے کہا تھا کہ شاہ رخ خان کی بھی فلمیں مسلسل 10 سال تک فلاپ ہوئیں پھر پٹھان سُپر ہٹ ہوئی۔

    کنگنا رناوت نے شاہ رخ اور خود کو سپر اسٹارز کی آخری نسل قرار دیدیا

    ادکارہ نے کہا تھا کہ اسی طرح میری بھی کوئین سے پہلے 7 یا 8 سال تک کوئی بھی فلم ہٹ نہیں ہوئی تھی اور پھر چند فلمیں ہٹ ہوئیں جس میں مانیکرنیکا بھی شامل ہے اور ہوسکتا ہے کہ آنے والی فلم ایمرجنسی بھی سُپر ہٹ ہوجائے۔

    ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ آج کل کے فنکاروں کے پاس او ٹی ٹی پلیٹ فارم ہے، جہاں وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکتے ہیں لیکن یہ پلیٹ فارم اسٹارز نہیں بنا رہے، شاہ رخ خان اور میں، ہم اس نسل کے آخری سُپر اسٹارز ہیں اور خدا کا شکر ہے کہ ہماری اب بھی بہت ڈیمانڈ ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Raj Shamani (@rajshamani)

    تاہم اب اداکارہ نے نئے پوڈ کاسٹ میں کہا کہ میرا بالی ووڈ کا سفر شاہ رخ خان کے سفر سے زیادہ مشکل تھا، ہم دونوں کی فیملی کا اس انڈسٹری سے کوئی تعلق نہیں تھا ہم باہر کے لوگ ہیں، شاہ رخ اپنے کیرئیر کیلئے دہلی سے ممبئی آئے تھے وہ ٹاپ اسٹار بن گئے، میں پہاڑوں سے آئی ہوں۔

    کنگنا نے کہا کہ ’ لیکن شاہ رخ خان کا تعلق اس خاندان سے ہے جو انگریزی بول سکتے تھے، انہوں نے عیسائیوں کے اسکول سے تعلیم حاصل کی، ان کی والدہ مجسٹریٹ تھیں، ان کے لیے دہلی سے ممبئی کا رخ کرنا اتنا مشکل نہیں ہے، لیکن میں ایک نوجوان لڑکی تھی اور گاؤں سے آئی تھی میرا سفر ان سے زیادہ مشکل تھا‘۔

    خیال رہے کہ  کنگنا رناوت کی فلم ‘ایمرجنسی’ کا ٹریلر  حال ہی میں ریلیز ہوا ہے جس کی ہدایت کاری خود انہوں نے کی ہے۔