Tag: موبائل فونز

  • اسکولوں میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

    اسکولوں میں موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد

    جنوبی کوریا میں اسکولوں میں طلبا کے موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کردی گئی، یہ پابندی آئندہ سال مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا نے طلبا کے اسکول کی کلاس رومز میں موبائل فون لے جانے پر پابندی لگادی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا نے گزشتہ روز نوجوانوں میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے استعمال اور اس کے اثرات کے باعث ملک بھر میں اسکول کے کلاس رومز میں موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات کے استعمال پر پابندی لگانے کے لیے بل منظور کیا۔

    جنوبی کوریا کی 163 اراکین پر مشتمل پارلیمان میں اس قانون کے حق میں 115 ووٹ کاسٹ ہوئے، طلبہ پر عائد پابندی پر اگلے سال مارچ سے نافذ العمل ہوگی۔

    جنوبی کوریا کے بیشتر اسکولوں کی جانب سے پہلے ہی اسمارٹ فونز کے استعمال پر مختلف پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں، لیکن اس قانون کے تحت اس پابندی کا اطلاق ملک گیر سطح پر ہوگا۔

    اراکین پارلیمان، والدین اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ طالبعلموں کی تدریسی کارکردگی اسمارٹ فون کے استعمال سے متاثر ہوتی ہے اور وہ پڑھائی پر توجہ نہیں دے پاتے۔

    ’پاکستان میں‌ مایوسی بڑھنے کی وجہ موبائل فون ہے‘

    ایک سروے کے مطابق جنوبی کوریا کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں ڈیجیٹل آلات کا سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے، جنوبی کوریا میں 99 فیصد افراد آن لائن اور 98 فیصد اسمارٹ فون کے مالک ہیں۔

    واضح رہے کہ چین، اٹلی اور نیدرلینڈز بھی ایسے ممالک ہیں جہاں تمام اسکولوں میں فون کے استعمال پر پابندی لگائی جاچکی ہے۔

  • کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کا بڑا خریدار افغان باشندہ پکڑا گیا، اہم انکشافات

    کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کا بڑا خریدار افغان باشندہ پکڑا گیا، اہم انکشافات

    کراچی(8 اگست 2025): کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز کا بڑا خریدار افغان باشندہ سہراب گوٹھ پولیس کے ہاتھوں پکڑا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق  سہراب گوٹھ پولیس کی خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز خریدنے والا افغان شہری پکڑا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے دوران تفتیش اپنے مکمل نیٹ ورک کا بتا دیا، ملزمان نے شہریوں کے قیمتی موبائل فونز چند ہزار میں خرید کر بلوچستان فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ملزم جمعہ گل کی گاڑی میں ڈیش بورڈ سے 17 موبائل فونز، اسلحہ اور 2 لاکھ کیش بھی برآمد ہوا، ملزم کراچی کے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز خریدتا تھا۔

    پولیس حکام کا بتانا ہے کہ محسن اور جانی نامی ڈکیت روزانہ 14 سے 15 موبائل فونز ملزم کو دیتے تھے، ملزم فی موبائل 7 سے 8 ہزار میں خریدتا اور عمرنامی شخص کو بیچ دیتا تھا۔

    چھینے گئے ہر موبائل فون پر ملزم ایک ہزار روپے منافع رکھتا تھا، ملزم سے خریدے گئے موبائل فونز عمر بلوچستان میں فروخت کردیتا تھا، ساتھی ملزم عمر بلوچستان حب کا رہنے والا ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان باشندے جمعہ گل کے مطابق وہ 1 سال سے یہ کام کررہا ہے، ملزم اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر باقاعدہ منظم نیٹ ورک چلا رہا تھا، گرفتار ملزم کا ریمانڈ حاصل کرکے مذید تفتیش کی جائے گی۔

  • ایران کا بڑا سائبر حملہ، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات موصول

    ایران کا بڑا سائبر حملہ، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات موصول

    تل ابیب: ایران نے اسرائیل پر بڑا سائبر حملہ کر دیا ہے، اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز پر دل دہلا دینے والے پیغامات بھیج دیے گئے۔

    اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری شدید کشیدگی میں ایک نیا محاذ کھل گیا ہے، ایران نے اسرائیل پر سائبر حملہ کر دیا ہے۔

    شہریوں کو ایندھن ذخیرہ کرنے اور پناہ گاہوں میں نہ جانے کے پیغامات موصول ہوئے تو ان پر ہیبت طاری ہو گئی، سائبر حملے میں ہزاروں اسرائیلی شہریوں کے موبائل فونز کو نشانہ بنایا گیا۔

    دی یروشلم پوسٹ کے مطابق اتوار کی شام بہت سے اسرائیلیوں کو جعلی ٹیکسٹ پیغامات موصول ہوئے، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ اسرائیلی فوج ہوم فرنٹ کمانڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    ٹیکسٹ میسجز میں کہا گیا تھا کہ بموں کی پناہ گاہوں میں ممکنہ دہشت گردانہ حملے ہو سکتے ہیں، اس لیے شہریوں کو تاکید کی جاتی ہے کہ وہ اگلی اطلاع تک پناہ گاہوں کے استعمال سے گریز کریں۔ ایک اور پیغام میں متنبہ کیا گیا تھا کہ ملک بھر میں آدھی رات سے 24 گھنٹوں کے لیے ایندھن کی سپلائی معطل کر دی جائے گی، اس لیے ایندھن ذخیرہ کر لیں۔

    یہ میسج OREFAlert کے نام سے بھیجا گیا تھا، تاہم اس پیغام کو اسرائیلی حکام نے فوری طور پر جعلی کے طور پر شناخت کیا۔ اسرائیلی ٹی وی چینل کو بھی لائیو پروگرام کے دوران مبینہ طور پر ہیک کر لیا گیا، اینکر حیران رہ گئے۔

    حکام کا خیال ہے کہ یہ دھمکیاں ایک نفسیاتی جنگی مہم کا حصہ ہیں، جو ایرانی یا ایران نواز گروپوں کی طرف سے ترتیب دی گئی ہیں، جس کا مقصد اسرائیلی شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے، نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ نے تصدیق کی کہ ان پیغامات میں کوئی نقصان دہ لنکس یا میلویئر نہیں تھا جو سیلولر ڈیوائس کو نقصان پہنچاتا ہو۔

  • موبائل فون خریدنے کے خواہشمند افراد  کے لئے  بڑی خبر

    موبائل فون خریدنے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر

    لاہور : موبائل فون خریدنے کے خواہشمندوں کی بڑی خبر ہوگئی، اب موبائل فونز پنجاب میں تیار ہوں گے، جس میں قیمت میں کمی آئے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرصنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع کے دورہ چین کے ثمرات آنا شروع ہوگئے، اب موبائل فونز پنجاب میں تیار ہوں گے

    فیصل آباد میں موبائل فون کمپنی کے مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھ دیاگیا، آئندہ دو سال میں پلانٹ کی تکمیل پر موبائل فونز کی مینوفیکچرنگ شروع ہو جائے گی۔

    چوہدری شافع نے کہا کہ چینی کمپنی کا پنجاب میں موبائل فون کی اسمبلنگ کے بعد مینوفیکچرنگ میں آنا خوش آئند ہے، موبائل فونز کی مقامی سطح پر تیاری سے فون کی قیمت میں کمی آئے گی۔

    وزیرصنعت و تجارت کا کہنا تھا کہ پنجاب میں مقامی اور بیرونی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین موقع ہے، پنجاب میں جلد اربوں روپے کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • موبائل فونز کی درآمد میں بڑی کمی آ گئی

    موبائل فونز کی درآمد میں بڑی کمی آ گئی

    اسلام آباد: موبائل فون کی درآمد میں اگست 2024 کے دوران سالانہ بنیاد پر 32.4 فی صد کمی ہوئی ہے۔

    ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق اگست کے دوران درآمدات کا حجم 22.1 ارب روپے رہا۔

    گزشتہ سال اسی ماہ (اگست 2023) 32.7 ارب روپے مالیت کے موبائل فون درآمد کیے گئے تھے، اس طرح اگست 2023 کے مقابلے میں اگست 2024 کے دوران موبائل فونز کی درآمد میں 10.6 ارب روپے (یعنی 32 فی صد سے زیادہ) کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔

    گزشتہ ہفتے جاری اعداد و شمار میں کہا گیا تھا کہ مالی سال 2024 کے ابتدائی دو ماہ میں موبائل فونز کی درآمدات پر 7.058 ملین ڈالرز کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 18 فی صد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 8.314 ملین ڈالرز تھی۔

    اگست میں 4.38 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے، جب کہ جولائی میں موبائل فونز کا درآمدی بل 2.67 ملین ڈالر رہا۔ مالی سال 2024 میں مجموعی طور پر 65.63 ملین ڈالر مالیت کے موبائل فونز درآمد کیے گئے تھے۔

    پاکستان میں آج ڈالر اور دیگر کرنسیوں کی قیمت

    جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ٹیلی کام گروپ کی مجموعی درآمدات کا حجم 393.263 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 227.26 ملین ڈالر کے مقابلے میں 73 فی صد زیادہ ہے۔

  • موبائل فونز پر اضافی ٹیکس ، کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز پھٹ پڑے

    موبائل فونز پر اضافی ٹیکس ، کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز پھٹ پڑے

    کراچی : بجٹ میں موبائل فونز پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کے خلاف کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز پھٹ پڑے اور کہا افراطِ زر بڑھنے کے ساتھ عوام پر بوجھ آئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے الیکٹرانکس ڈیلرز نے موبائل فونز پر اضافی ٹیکس کو مسترد کردیا، کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر منہاج گلفام نے کہا کہ ٹیکس لگنے سے کاروبار متاثر ہوگا، افراطِ زر بڑھے گا اور عوام پر بوجھ آئے گا۔

    منہاج گلفام کا مارکیٹ کے باہر شدید ہوائی فائرنگ اور آتشبازی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہنا کہ ایشیاء کی سب سے بڑی موبائل مارکیٹ کو خطرے میں ڈالا گیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ریڈ زون میں ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کی گئی اور یہ بھی دعوی کیا کہ پارکنگ مافیا بہت منظم ہے جو بھتہ بھی دیتے ہیں اور خود ہی موٹرسائیکلیں بھی چوری کرواتے ہیں ۔

    ایسوسی ایشن حکام نے کہا کہ حکومت اور وزارت خزانہ بجٹ سے قبل کاروباری برادری سے کوئی مشاورت نہیں کرتی۔

    یاد رہے مالی سال 2024-25 کیلئے فنانس بل 2024 کے تحت نئے ٹیکسز کا اطلاق ہوگیا ہے ، جس میں فکسڈ ٹیکس کی بجائے مالیت کے لحاظ سے ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔

    فنانس بل 2024 کے تحت موبائل فون کی خریداری پر بھی 18 تا 25 فی صد تک جی ایس ٹی عائد کی گئی ہے۔

  • بچوں کو موبائل فونز سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو یہ طریقہ اپنائیں

    بچوں کو موبائل فونز سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو یہ طریقہ اپنائیں

    اگر آپ بھی اس بات سے تنگ ہیں کہ آپ کا بچہ بہت زیادہ موبائل میں مگن رہتا ہے تو یہ طریقہ اپنا کر اسے موبائل فون سے دور رکھا جاسکتا ہے۔

    اکثر دیکھا گیا ہے کہ آج کل والدین اپنی مصروفیت کی بنا پر یا بچوں کو چپ کرانے کے لیے موبائل فون یا ٹیبلیٹ تھما دیتے ہیں، اس کے بعد بچہ اس قدر انہماک سے اس میں مصروف ہوجاتا ہے کہ پھر دوبارہ والدین کو زبردستی اس سے موبائل لینا پڑتا ہے۔ تاہم اگر والدین چاہتے ہیں کہ ان بچہ موبائل سے دور رہے تو خود میں تبدیلی لائیں۔

    والدین اگر اسمارٹ فونز کو زیادہ وقت دیں گے تو ان کے بچوں پر یہ بات اثرانداز ہوتی ہے اور وہ بھی موبائل زیادہ دیکھنے کی چاہت رکھتے ہیں، اس لیے اگر والدین یہ طریقہ اپنائیں کہ خود بچوں کے سامنے موبائل کم استعمال کریں تو وہ بھی ان کی تقلید کریں گے۔

    نئی تحقیق جو کہ جرنل پیڈیا ٹرک ریسرچ میں شائع ہوئی اس میں بتایا گیا کہ والدین کی جانب سے بچوں کے سامنے فون استعمال کرنے کا اثر توقعات سے زیادہ ہوتا ہے، والدین کی جانب سے فونز کے استعمال اور لڑکپن میں بچوں میں اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے کے درمیان تعلق پایا گیا ہے۔

    10 ہزار سے زائد ایسے خاندانوں کو اس تحقیق میں شامل کیا گیا جن میں 12 اور 13 سال کے بچے شامل تھے، 72.9 فیصد والدین نے بتایا کہ وہ اپنے بچوں کے سامنے اسکرینوں کو استعمال کرتے ہیں۔

    کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق جب بچے یہ دیکھتے ہیں کہ ان کے والدین فون یا ٹی وی زیادہ استعمال کر رہے ہیں تو وہ بھی ایسا کرتے ہیں۔

    والدین پر کیے جانے والے سروے کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ بالغ افراد کے فون استعمال کرنے کے دورانیے میں معمولی اضافے سے بچوں کے اسکرین ٹائم میں 40 منٹ تک کا اضافہ ہو جاتا ہے۔

    ماہرین نے بتایا کہ موجودہ عہد میں ہر اسکرینوں کے سامنے زیادہ وقت گزارا جارہا ہے جو ویسے تو بری عادت نہیں، مگر بچوں میں اس کے حد سے زیادہ استعمال کا خطرہ بڑھتا ہے، اس سے بچوں کی نیند کا دورانیہ اور معیار گھٹ جاتا ہے۔

    خیال رہے کہ بچے اب اسمارٹ فونز یا دیگر چھوٹی اسکرین کے سامنے زیادہ وقت گزارنے لگے ہیں اور تحقیقی رپورٹس کے مطابق اس عادت سے جسمانی اور ذہنی صحت پر مختلف منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور یہ مسقبل میں ان کے لیے نقصاندہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

  • بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر ٹیکسز ،  بڑی خبر آگئی

    بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر ٹیکسز ، بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا بیرون ملک سے موبائل فونز لانے پر عائد ٹیکسز کے حوالے سے اہم بیان آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر عائد ٹیکسز کے حوالے سے خبروں پر وضاحت جاری کردی۔

    پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں درآمدی موبائل فونز پر سے ٹیکس ہٹانے کا کوئی باضابطہ فیصلہ نہیں ہوا ہے، آن لائن رپورٹس کے برعکس جو دوسری صورت میں تجویز کرتی ہیں۔

    پی ٹی اے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا صرف اوورسیز پاکستانیوں کو ان ٹیکسوں سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا، غیر پی ٹی اے موبائل صارفین اپنے آلات کو صرف سم کارڈ ڈال کر دوبارہ شروع کر کے عارضی طور پر رجسٹر کر سکتے ہیں۔

    حکومت کی جانب سے ’ڈیوائس آئیڈنٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم‘ (ڈی آئی آر بی ایس) کے نام سے ایک سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے غیر تصدیق شدہ موبائل فونز کو سیلولر نیٹ ورکس پر بلاک کیا جا سکے گا۔

    غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پی ٹی اے نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپ ڈیٹس کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں اور غیر تصدیق شدہ معلومات کو پھیلانے سے گریز کریں۔

    خیال رہے گذشتہ سال حکومت نے ایک سہولت متعارف کرائی تھی، جس کے تحت بیرون ملک پاکستانیوں کو ہر دورے کے دوران 120 دنوں کے لیے عارضی رجسٹریشن سسٹم کے ذریعے اپنے ہینڈ سیٹس کو ٹیکس فری رجسٹر کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس اقدام کا مقصد تارکین وطن کی واپسی کے عمل کو آسان بنانا تھا۔

    خیال رہے سوشل میڈیا پر افواہ گردش میں تھی کہ حکومت کی طرف سے بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر لاگو تمام ٹیکس ختم کر دیئے ہیں۔

  • آئی فون 16 موبائل فونز کی دنیا میں کیا انقلاب لانے آ رہا ہے؟

    آئی فون 16 موبائل فونز کی دنیا میں کیا انقلاب لانے آ رہا ہے؟

    ایپل کے نئے آنے والے آئی فون کے بارے میں لیکس کا سلسلہ جاری ہے جس کو متوقع طور پر آئی فون 16 کہا جائے گا۔

    نئے اور جدید فون استعمال کرنے کا شوق رکھنے والوں کو صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ نئے اور زبردست فیچر کے ساتھ آئی فون 16 رواں سال ماہ ستمبر میں مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آئی فون 16 میں کیپچر بٹن کے اضافے کو خوش آئند قرار دیا جارہا ہے جو فوٹوز اور ویڈیوز بنانے کے شوقین افراد کیلئے یقیناً خوشی اور اطمینان کا باعث ہوگا۔

    اس نئے کیپچر بٹن کو موبائل فون کے دائیں جانب ایک خاص حکمت عملی کے تحتنصب کیا گیا ہے تاکہ صارفین کے لیے فوٹو گرافی اور ویڈیو گرافی کے تجربے کو کامیاب بنایا جاسکے۔

    اس بٹن کی بدولت اب صارفین کو مکمل شاٹ لینے کے لیے اسکرین پر لگاتار ٹیپ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ صارف کیپچر بٹن کے ایک کلک کی مدد سے باآسانی تصاویر بنانے اور ویڈیوز ریکارڈ کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ ایپل اپنے موجودہ ’ایکشن بٹن‘کی فعالیت کو بڑھانے کے لیے بھی کام کررہی ہے۔ یہ بٹن ڈیوائس کے بائیں کنارے پر والیوم کنٹرول کے اوپر نصب ہے۔

    ذرائع کے مطابق کیپچر بٹن کو آئی فون 16 کے کنارے پر پاور بٹن کے قریب اس لیے بنایا گیا ہے تاکہ صارف کا کیمرا پر کنٹرول بہتر ہوسکے۔ اس کے علاوہ کیپچر بٹن کے ذریعے تصویر اور ویڈیو بنانے کے لیے فوکس اور زوم لیول کو ایڈجسٹ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

  • چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنے والے کارندوں کا اہم انکشاف

    چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنے والے کارندوں کا اہم انکشاف

    کراچی: شہر قائد میں شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنیوالے 3 کارندے کو گرفتار کرلیا گیا جس نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی عوامی کالونی میں پولیس نےکارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے چھینے گئے موبائل فونز آن لائن فروخت کرنیوالے گینگ کے 3 کارندوں کو گرفتار کیا ہے، ملزمان نے 100 سے زائد قیمتی موبائل فون چھیننے کا انکشاف کیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان 30 نومبر کو شہری سے واردات کر کے فرار ہوگئے تھے،گزشتہ روز ملزمان کا گینگ شہری سے لوٹ مار کر کے فرار ہورہا تھا تاہم پولیس پہنچ گئی، پولیس نے حکمت عملی سے ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا تھا، 2 ساتھی فرار ہوگئے تھے۔

    حکام کا بتانا ہے کہ پولیس نے کارروائی کر کے فرار ہونے والے 2 کارندوں کو بھی گرفتار کرلیا، گینگ سے اسلحہ اور شہریوں سے چھیننے ہوئے 5 موبائل فون، 2 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی۔

    پولیس حکام نے مزید بتایا کہ  ملزمان شہر میں  روزانہ 10 سے 12 وارداتیں کر کے فرار ہوجاتے تھے، ملزمان میں گینگ کا ماسٹر مائنڈ شاہ ویز اور 2 کارندے عمران اور کاشان شامل ہیں۔