لاہور : کارگو کمپنیوں کے ذریعے موبائل فون اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، ملزمان موبائل فون چھین کر انہیں پارسل کی شکل میں پشاور اسمگل کرتے تھے۔
تفصیلات کے مطابق کارگو کمپنیوں کے ذریعے موبائل فون اسمگلنگ میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بے نقاب کر دیا۔
ایس ایچ او فیصل ٹاؤن افضال رؤف کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ گرفتاریاں سی سی ٹی وی فوٹیج اور موبائل فون لوکیشنز کی مدد سے عمل میں لائی گئیں، ملزمان وارداتوں کے بعد موبائل فون چھین کر انہیں پارسل کی شکل میں پشاور اسمگل کرتے تھے، جس میں کارگو کمپنیاں بطور ذریعہ استعمال کی جاتی تھیں۔
سی سی ٹی وی ویڈیوز میں ایک ملزم کو واردات کے فوراً بعد فرار ہوتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس نے تفتیش میں اہم کردار ادا کیا۔
مزید پڑھیں : کراچی : کروڑوں روپے مالیت کے موبائل فونز کی اسمگلنگ ناکام
ایس پی ماڈل ٹاؤن کا کہنا تھا کہ ملزمان شہزاد اور حسن کے قبضے سے 10 چوری شدہ موبائل فون، 2 لاکھ روپے نقدی اور 2 پستول برآمد کیے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد چوری اور ڈکیتی کے متعدد مقدمات میں پہلے سے ریکارڈ یافتہ ہیں۔
اخلاق اللہ تارڑ نے بتایا کہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید چھاپے جاری ہیں اور جلد ہی پورا گروہ قانون کی گرفت میں ہوگا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے، تاکہ شہر میں بڑھتی ہوئی اس نوعیت کی وارداتوں کا مستقل سدباب کیا جا سکے۔