Tag: موبائل فون سمز

  • صارفین موبائل فون سمز کی بندش سے بچنے کیلئے کیا کریں؟ پی ٹی اے نے بتادیا

    صارفین موبائل فون سمز کی بندش سے بچنے کیلئے کیا کریں؟ پی ٹی اے نے بتادیا

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر پی ٹی اے کا سمز کا غیر قانونی استعمال روکنے کیلئے آپریشن جاری ہے، پی ٹی اے نے غیر قانونی سمز کی بندش کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔

    ایک بیان میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ جس کے شناختی کارڈ کی مدت 2017 سے پہلے مکمل ہو چکی اور تجدید نہیں کروائی، ان کی سمز کی بندش شروع کر دی ہے۔

    پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ شہری سمز کی بندش سے بچنے کے لیے شناختی کارڈز کی تجدید کروائیں، پہلے مرحلے میں جعلی سمز اور کینسل ہونے والے شناختی کارڈز پر سمز بند کی گئیں۔

    پی ٹی اے نے کہا کہ 16 اگست سے اب تک 69 ہزار سے زائد غیر قانونی سمز بند کی گئیں، نادرا سے حاصل ڈیٹا کی بنیاد پر غیرقانونی سمز کو بند کیا جارہا ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ تیسرے مرحلے میں فوت شدہ افراد کے نام پر رجسٹرڈ سمز کو بند کیا جائیگا، موبائل سمز کی بندش سے قبل صارفین کو آگاہی پیغامات بھجوائے جارہے ہیں۔

     پی ٹی اے حکام نے مزید کہا کہ جعلی سمز مختلف غیرقانونی سرگرمیوں میں استعمال کی جا رہی ہیں، غیرقانونی سمز دہشت گردی، مالیاتی فراڈ اور دیگر سرگرمیوں میں استعمال کی جاتی ہیں۔

  • موبائل سمز بلاک ہونے کی خبروں سے پریشان صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    موبائل سمز بلاک ہونے کی خبروں سے پریشان صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    اسلام آباد : موبائل فون سمزبلاک ہونے کی خبروں سے پریشان صارفین کے لئے بڑی خوشخبری آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں ان فائلرز کی موبائل سمزبلاک کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

    نجی موبائل فون کمپنی کی طرف سے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ، وکیل سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ قانون میں ترمیم آئین کے آرٹیکل 18 میں کاروبار کی آزادی کے بنیادی حق کے منافی ہے اور آئین میں دیے گئے بنیادی حقوق سے متصادم کوئی قانون سازی نہیں ہو سکتی۔

    سلمان اکرم راجہ کا مزید کہنا تھا کہ حکومت قانون میں ترمیم سےموبائل سمز بلاک کرنے کا اختیار نہیں حاصل کرسکتی، موبائل کمپنیز کی 5لاکھ سے زائد سمز بلاک ہونے سے سالانہ 100 کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نےحکومت کو ٹیکس نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے سے روک دیا ، چیف جسٹس عامر فاروق نے نجی موبائل کمپنی کی درخواست پر 27 مئی تک حکم امتناع جاری کیا۔

    خیال رہے ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز کا نان فائلرز کی سمز بلاک کرنے پر اتفاق ہوگیا تھا، جس کے بعد یومیہ بنیادوں پر 5 ہزار موبائل فون سمز بند کی جائیں گی۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے نمائندے انجم وہاب کے مطابق ایف بی آر کا کہنا تھا کہ آج5ہزار نان فائلرز کی سمز بلاک کی تفصیلات ٹیلی کام آپریٹرز کو دی گئی ہیں۔

    ایف بی آر کے مطابق ٹیلی کام آپریٹرز کو روزانہ کی بنیاد پر مزید بیچز بھیجے جائیں گے، آپریٹرز نے نان فائلرز کو سمز بلاک سے خبردار کرنے کے کے پیغامات بھیجنا شروع کردیئے گئے ہیں۔

  • ملک بھر کی موبائل فون سمز بائیو میٹرک کرنے کے دعوے غلط ثابت

    ملک بھر کی موبائل فون سمز بائیو میٹرک کرنے کے دعوے غلط ثابت

    اسلام آباد: ملک بھر کی موبائل فون سمز بائیو میٹرک کرنے کے دعوے غلط ثابت ہوئے، سمز رجسٹریشن کیلئے انگوٹھوں کے جعلی نشانات استعمال ہونے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق پابندیاں سخت ہونے پر جعل سازوں نے بھی نت نئے طریقے ایجاد کرلئے، سمز رجسٹریشن کیلئے انگوٹھوں کے جعلی نشانات کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سیلیکون سے بنے انگوٹھوں پر نقش اتار کر سمیں رجسٹرڈ کرائی جاتی ہیں، 4 سال میں سیلیکون انگوٹھوں پر رجسٹرڈ 80 ہزار سے زائد سمز پکڑی گئیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرادی، رپورٹ کے مطابق جعل ساز ووٹر لسٹوں یا سستی اشیا کا جھانسا دیکر فنگر پرنٹ لیتے ہیں، فنگر پرنٹس سیلیکون انگوٹھوں پر نقش کرکے سم رجسٹرڈ کرائی جاتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق غیر رجسٹرڈ سمز دہشت گردوں کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا، اس وقت بھی جعلی رجسٹریشن والی ساڑھے 3 ہزار سے زائد سمز فعال ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ 4 سال کے دوران 93 مقدمات درج جبکہ  193 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اس کے علاوہ بائیو میٹرک کرنے والی 294 جعلی ڈیوائسز  بھی پکڑی گئیں۔

  • موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق، عوام کو مشکلات کا سامنا

    موبائل سموں کی بائیو میٹرک تصدیق، عوام کو مشکلات کا سامنا

    اسلام آباد : ملک میں دہشت گردی کے واقعات سے بچنے کیلیے حکومت کی جانب سےبائیو میٹرک سسٹم کی مددسےموبائل فون سمز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔

    موبائل فون سموں کی تصدیق بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعےکرانےکے لیے ملک بھر میں موبائل فون کمپنیز کے فرنچائز اور کسٹمر سروس سینٹرز پر شہریوں کی قطاریں لگ گئیں۔

    شہریوں کو سموں کی تصدیق کے مراحل میں دشواریوں کا بھی سامنا ہے۔ شہریوں نےتصدیق کےعمل پر عدم اطمینان ظاہر کرتےہوئےحکومت سے اس عمل کوآسان بنانےکامطالبہ کیاہے۔

    موبائل فون کمپنیز نے سموں کی تصدیق کے عمل کو سراہتےہوئے کہا کہ اس سے دہشت گردی کے واقعات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ موبائل فون صعنت سے وابستہ ماہرین کے مطابق اس عمل سے پچاس فیصد سےزائد سمز بند ہو جانیکا اندیشہ ہے جن کی تعداد پچاس سےپچپن ملین تک جاسکتی ہے۔