Tag: موبائل فون پر پابندی

  • سندھ میں 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

    سندھ میں 9 اور 10 محرم کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ

    کراچی: وزارت داخلہ نے سندھ میں نو اور دس محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا، موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پہلے ہی 11محرم الحرام تک پابندی عائد ہے۔

    وزارت داخلہ سندھ  کے ذرائع نے بتایا کہ محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر سندھ بھر میں نو اور دس محرم الحرام یعنی منگل اور بدھ کو موبائل فون سروس بند رہے گی جس کے اوقات کار کا حتمی تعین ابھی باقی ہے۔

    یہ پڑھیں: کراچی میں فائرنگ کے واقعات، ہائی الرٹ، ڈبل سواری پر پابندی

    قبل ازیں سندھ حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر وفاقی حکومت کو 8 تا 10 محرم الحرام موبائل فون سروس اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کی تجویز دی تھی جس پر عمل درآمد کیا جارہا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:سندھ حکومت کی محرم میں موبائل فون اور ڈبل سواری پرپابندی کی تجویز

    8 تا رات 10 بجے بندش کی سفارش کردی، سیکریٹری داخلہ

    سیکریٹری داخلہ ریاض سومرو نے بتایا کہ سندھ میں صبح آٹھ سے رات 10 بجے تک موبائل فون سروس بند کرنے کے لیے وفاق سے سفارش کی ہے اس لیے کہ موبائل فون کی سروس بند کرنے کا اختیار وفاق کا ہے تاہم  بندش کے معاملے پر تاحال وفاق کے جواب کے منتظر ہیں۔

    بندش کا حکم تاحال موصول نہ ہوا، موبائل فون کمپنیاں

    دوسری جانب موبائل فون سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں بھی سروس کی بندش کے معاملے پر احکامات کی منتظر ہیں، انہیں تاحال وزارت داخلہ یا پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی(پی ٹی اے) کی جانب سےکوئی حکم ابھی تک موصول نہیں ہوا۔

  • سندھ حکومت کی محرم میں موبائل فون اور ڈبل سواری پرپابندی کی تجویز

    سندھ حکومت کی محرم میں موبائل فون اور ڈبل سواری پرپابندی کی تجویز

    کراچی : حکومت سندھ نے سیکیورٹی کو پیش نظررکھتے ہوئے وفاقی حکومت کو 8 سے 10 محرم تک موبائل فون اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کرنے کی تجویزدے دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے محرم الحرام میں سیکورٹی کو ممکن بنانے کے غرض سے وفاقی حکومت سے 8 سے 10 محرم تک صبح 8 سے شام 8 بجے تک موبائل سروس معطل رکھنے کی استدعا کی ہے

    جب کہ سندھ حکومت محرم الحرام کے پہلے عشرے کے آخری تین دن 8 محرم سے 10 محرم تک صوبے کے اہم اورفرقہ واریت کے حوالے سے کشیدہ شہروں میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کرنے پرغور کررہی ہے۔

    واضح رہے محرم الحرام میں فرقہ ورانہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدام کیے جاتے ہیں تا کہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی کے واقعے سے محفوظ رہا جا سکے اس حوالے سے موبائل سروس میں بندش اور ڈبل سواری پر پابندی جیسے سخت اقدام بھی کرنا پڑتے ہیں۔

    دوسری جانب ڈی جی رینجرز اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان امن عامہ کے حوالے سے ہونے والی ایک اہم میٹنگ میں بھی سندھ حکومت کی جانب سے موبائل سروس اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی تجاویزات بھی زیر بحث لائی جائیں گی جب کہ ڈی جی رینجرز محرم الحرام میں سیکیورٹی کے حوالے سے طے کیے گئے پلان سے وزیر اعلیٰ سندھ کو آگاہ کریں گے۔