Tag: موبائل فون

  • کیا مس کال سے موبائل ہیک ہو سکتا ہے؟

    کیا مس کال سے موبائل ہیک ہو سکتا ہے؟

    لندن: موبائل فون صارفین ہوشیار ہو جائیں کیوں کہ اب صرف ایک مِس کال سے بھی آپ کا موبائل فون ہیک ہوسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ آپ کے کلک اور کال وصول کیے بغیر بھی صرف ایک مس کال سے آپ کا موبائل فون ہیک ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسی ہیکنگ کو زیرو کِلک کا نام دیا جاتا ہے، اس میں ہیکر محض ایک مِس کال دے کر موبائل فون ہیک کر لیتے ہیں۔

    انٹرنیٹ اور سائبر سیکورٹی کے ادارے کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ رواں برس الجزیرہ کے 36 صحافیوں کو ایسی ہی ہیکنگ کا سامنا کرنا پڑا۔

    کینیڈین ادارے کا کہنا ہے کہ جولائی اور اگست 2020 میں اسرائیلی جاسوس ادارے نے پیگاس اسپائی ویئر کے ذریعے مذکورہ صحافیوں کے فون ہیک کیے۔

    اینڈرائیڈ سسٹم کا بڑا نقص سامنے آگیا، صارفین کے فون ہیک ہونے کا خدشہ

    یاد رہے کہ اکتوبر میں گوگل کی خصوصی ٹیم نے مسلسل مانیٹرنگ کے بعد اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم میں موجود خامی کو تلاش کر کے انکشاف کیا تھا کہ سام سنگ ایس 7 کے بعد کے آنے والے تمام سیٹ، ہواوے اور گوگل کے اپنے فونز میں بھی ایسی سنگین کم زوری موجود ہے جس کے باعث ہیکرز کسی بھی فون تک آسانی سے رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔

  • بہادر ماں نے بیٹی کو نشانہ بنانے والے چور کا کیا انجام کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    بہادر ماں نے بیٹی کو نشانہ بنانے والے چور کا کیا انجام کیا؟ ویڈیو دیکھیں

    برازیلیا: جب بات آتی ہے بچوں پر تو مائیں حقیقی زندگی میں ہیرو کا کردار ادا کر جاتی ہیں، ایسا ہی ایک واقعہ برازیل میں سڑک پر بارش کے دوران پیش آیا جسے سی سی ٹی وی کیمروں نے ریکارڈ کر لیا۔

    برازیل کے شہر ساؤ پالو کے ایک ساحلی قصبے میں یکم دسمبر کو ایک خاتون اپنی 15 سالہ بیٹی کے ہمراہ شاپنگ کے بعد ٹیکسی کی تلاش میں ایک سڑک پر جا رہی تھیں کہ سائیکل پر سوار چور اچانک بیٹی کا موبائل فون چھین کر فرار ہونے لگا۔

    ادھر چور نے پیڈل پر زور سے پاؤں مارے اور ادھر 50 سالہ ماں نے بپھر کر اس کے پیچھے دوڑ لگا دی، ماں کے ہاتھ میں اس وقت ایک چھتری تھی کہ بارش ہو رہی تھی، انھوں نے بند چھتری کھینچ کر سائیکل سوار چور کو دے ماری۔

    اس حملے سے سائیکل سوار گیلی سڑک پر اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور سائیکل سمیت ڈھیر ہو گیا، جس پر ماں بیٹی دونوں نے مل کر اس کی پٹائی شروع کر دی، ماں نے اپنی چھتری اٹھائی اور چور کی دھلائی کرنے لگیں۔ اس دوران راہ گیر بھی ان کے ساتھ شامل ہو گئے اور چور کو پکڑ کر پیٹنے لگے۔

    بیٹی کا موبائل فون بچانے والی مشتعل ماں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میرا رد عمل بالکل فطری تھا، میں بس اپنی بیٹی کو تحفظ فراہم کرنا چاہ رہی تھی، میں اپنی بیٹی کا خوف زدہ چہرہ دیکھ کر سخت غصے میں آ گئی تھی۔

    بہادر ماں نے بتایا کہ انھوں نے انجام کے بارے میں بالکل نہ سوچتے ہوئے چور پر حملہ کیا، سب کچھ بہت اچانک ہوا تھا، میری بیٹی فون بچانا چاہ رہی تھیں لیکن چور اسے لے اڑا، میں اسے روکنے کے لیے مڑی اور اس پر چھتری پھینک دی تاکہ وہ کسی طرح رک سکے۔

    انھوں نے کہا میں بالکل پاگل ہو گئی تھی، چور کو پیٹتے ہوئے چلا رہی تھی، میری بیٹی سے تم نے چوری کی ہمت کیسے کی، اور اس کے بعد دیگر لوگ بھی ہمارے ساتھ شامل ہو گئے۔

    واضح رہے کہ کچھ دیر کی پٹائی کے بعد چور کو موقع مل گیا اور وہ سائیکل چھوڑ کر بھاگ گیا۔ واقعے کی اطلاع پولیس کو بھی دی گئی جو چور کو تلاش کر رہی ہے۔

    بہادر ماں نے بتایا کہ وہ کپڑے خریدنے نکلے تھے، شاپنگ ہو چکی تھی، اور بیٹی اپنے موبائل فون پر ٹیکسی ڈرائیور کی تفصیلات پڑھ رہی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سال قبل ان سے بھی اسی طرح موبائل چھینا گیا تھا۔

  • بھارت: موبائل فون نہ ملنے پر لڑکے کا انتہائی اقدام

    بھارت: موبائل فون نہ ملنے پر لڑکے کا انتہائی اقدام

    تلنگانہ: بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک علاقے میں ایک لڑکے نے والدین کی جانب سے موبائل فون نہ ملنے پر انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے جان دے دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ کے ضلع جگتیالہ کے علاقے کوڈیمیال میں نویں جماعت کے طالب علم رگھو پرساد نے اس وقت خود کشی کر لی جب اس کے والدین انھیں موبائل فون فراہم کرنے میں ناکام رہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ترمالاپور کے لڑکے رگھو کو آن لائن کلاسز میں شرکت کرنی تھی، جس کے لیے موبائل فون ضروری تھا، تاہم والدین یہ خرید کر نہ دے سکے، جس پر اس نے مایوسی کے عالم میں اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔

    رپورٹس کے مطابق رگھو کے والدین نے اس سے وعدہ کیا تھا کہ دسہرا میلے کے دوران اسے فون خرید کر دے دیں گے، اس دوران رگھو نے گھر پر پڑا متبادل فون استعمال کیا۔

    تاہم دسہرا کے دوران اس کے والدین اپنا وعدہ پورا نہ کر سکے، اس کے کسان والد نے کہا کہ جب روئی کی فصل بکے گی تو وہ فون خرید کر دے دیں گے۔

    تاہم رگھو فون کے معاملے پر اتنا مایوس ہو گیا کہ جب گھر پر کوئی نہ تھا تو اس نے انتہائی قدم اٹھاتے ہوئے خود کشی کر لی۔ پولیس نے کیس رجسٹرڈ کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہے۔

  • براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران رپورٹر سے موبائل فون چھن گیا

    براہ راست نشریات کے دوران اکثر اوقات رپورٹرز اور نیوز اینکرز کے ساتھ عجیب و غریب واقعات پیش آجاتے ہیں، ایسے ہی ایک واقعے میں ایک رپورٹر اپنے موبائل فون سے محروم ہوگیا۔

    یہ واقعہ ارجنٹینا میں پیش آیا جہاں ایک مقامی ٹیلی ویژن چینل کے رپورٹر ڈیاگو ڈمکرو براہ راست جانے کی تیاری کر رہے تھے۔

    ٹی وی پر براہ راست جانے سے چند سیکنڈز قبل رپورٹر اپنا فیس ماسک اور مائیک ٹھیک کر رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے اس کے ہاتھ پر جھپٹا مار کر موبائل فون چھینا اور رفو چکر ہوگیا۔

    رپورٹر مائیک سمیت اس شخص کے پیچھے دوڑ پڑتا ہے، اس کے ساتھ سڑک پر موجود اور بھی کئی راہ گیر چور کے پیچھے بھاگتے ہیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ان میں سے ایک شخص نے چور کو جا لیا اور رپورٹر کو اس کا موبائل واپس مل گیا۔ واقعے کی ویڈیو انٹرنیٹ پر بھی اپ لوڈ کردی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

  • چھینے گئے موبائل فون افغانستان اور بنگلادیش میں فروخت ہونے کا انکشاف

    چھینے گئے موبائل فون افغانستان اور بنگلادیش میں فروخت ہونے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد سے چھینے گئے موبائل فون افغانستان اور بنگلادیش میں فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے کراچی کے علاقے ملیر سے موبائل فون اسمگلنگ اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث منظم گروہ کو گرفتار کیا ہے، یہ کارروائی پولیس نے خفیہ اطلاعات پرگلشن حدید کے قریب کی تھی۔

    گرفتار ملزمان کے شہر کے مختلف اسٹریٹ کرمنل گروہوں سے رابطے تھے، گرفتار ملزمان کی نشان دہی پر شہر کے مختلف علاقوں سے 70 سے زائد قیمتی اسمارٹ فونز برآمد کیے گئے، پولیس نے آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے والی ڈیوائس سمیت لیپ ٹاپ، سافٹ ویئر یو ایس بیز بھی تحویل میں لے لیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گروہ کے ماسٹر مائنڈ حسن عبداللہ کے ہاتھ آنے کے بعد اس کی نشان دہی پر گروہ کے دیگر 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، ماسٹر مائنڈ ملزم عبداللہ چھینے گئے موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر تبدیل کرنے کا ماہر ہے۔

    گروہ کا سرغنہ جہانگیر بدر تبدیل کیے گئے نمبرز والے فونز نیٹ ورک کے ذریعے بنگلا دیش اور افغانستان بھجواتا تھا، ملزم انٹرنیٹ پر خریداروں سے رابطے کرتا اور موبوئل فون مہارت کے ساتھ بیرون ملک بھجواتا تھا، گرفتار ملزم جہانگیر بدر نے تین سالوں سے کراچی میں موبائل فون چھننے کا انکشاف کیا۔

    ادھر ایک کارروائی میں ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد نے طارق روڈ سے مارکیٹ سے سامان چوری کرنے والے ایک منظم گروہ کے 2 کارندےگرفتار کر لیے ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مارکیٹوں سے بڑی تعداد میں سامان چوری کرتے تھے، یہ پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں، ملزمان کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔

  • رواں برس آئی فون کے ایک نہیں 2 ماڈلز لانچ ہوں گے

    رواں برس آئی فون کے ایک نہیں 2 ماڈلز لانچ ہوں گے

    رواں برس ایپل آئی فون کا ایک نہیں بلکہ دو نئے ماڈلز لانچ کرنے جارہا ہے۔ دونوں ماڈلز ایس ای سیریز کا حصہ ہوں گے۔

    سال 2020 میں ایپل 2 نئے ایس ای ٹو ماڈل کے آئی فون لانچ کرنے جارہا ہے، نئے ماڈلز کی اسکرینز 5.5 اور 6.1 انچ کی ہوں گی۔

    معروف ٹیکنالوجی تجزیہ کار منگ چی کو کے مطابق مذکورہ ماڈل کا ایس ای 2 پلس اگلے برس یعنی سنہ 2021 میں لانچ کیا جائے گا۔

    منگ چی کو کے مطابق نئے ماڈلز کا بنیادی ڈیزائن آئی فون 8 جیسا ہوگا تاہم اس کے فیچرز اپ گریڈ کیے جارہے ہیں۔

    ایس ای 2 ماڈلز میں تھری ڈی ٹچ فیچرز نہیں ہوں گے، یہ فیچرز آئی فون 11 سے بھی ختم کیے جا چکے ہیں۔ نئے ماڈلز میں ٹچ آئی ڈی فنگر پرنٹ ریڈر ہوگا جبکہ فیس آئی ڈی نہیں ہوگی۔

    علاوہ ازیں اس میں اے 13 چپ اور تھری جی بی ریم ہوگی۔ نئے فونز کے رنگ ممکنہ طور پر سلور، سپیس گرے اور سرخ ہوں گے۔

    گزشتہ برس ستمبر میں ایپل نے آئی فون 11 اور آئی فون 11 پرو لانچ کیے تھے۔ منگ چی کو کے مطابق اب رواں برس ایپل ایک نئے آئی پیڈ پرو اور نئے میک بک کے علاوہ آگمینٹڈ رئیلٹی کا ہیڈ سیٹ بھی لانچ کرے گا۔

  • موبائل فون پر تیزترین 5 جی سروسز کا آغاز

    موبائل فون پر تیزترین 5 جی سروسز کا آغاز

    بیجنگ : چین نے موبائل فونز پر تیزترین فائیو جی نیٹ ورک کا آغاز کردیا ہے، اس کے ذریعے تیز رفتار انٹرنیٹ برائوزنگ، سرفنگ ہوسکے گی ۔

    تفصیلات کے مطابق چین نے تیز ترین انٹرنیٹ فائیو جی سروس کو موبائل فون کے لئے عام کردیا ہے ، اس کے ذریعے نہ صرف تیز رفتار انٹرنیٹ براؤزنگ، سرفنگ ہوسکے گی بلکہ اس تیز ترین نیٹ ورک کو کھانا پکانے والے روبوٹک شیف سے لیکر طب کے شعبے میں عمل جراحی تک میں استعمال کیا جاسکے گا۔

    اس کے تحت چلنے والا نیوی گیشن کا نظام کہیں زیادہ کارآمد ثابت ہوگا۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں چین نے تیز ترین انٹرنیٹ فائیو جی کی سروس کا باقاعدہ آغاز کیا تھا اور کہا تھا فائیو جی سروس بیجنگ اور شنگھائی سمیت ملک کے 50 شہروں میں دستیاب ہوگی اور صارف 128 یوآن سے 599 یوآن فیس ادا کر کے اسے استعمال کرسکیں گے۔

    مزید پڑھیں : ملک کے پچاس بڑے شہروں میں 5 جی سروس کا آغاز

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چین کی جانب سے فائیو جی نیٹ ورک آئندہ سال متعارف کرائے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا البتہ جنوبی کوریا، امریکا اور برطانیہ کو دیکھتے ہوئے اسے اب فوری طور پر متعارف کرایا گیا۔

    حکومتی ترجمان کا کہنا تھا کہ فائیو جی نیٹ ورک اور انٹرنیٹ کو مزید بہتر کرنے کے لیے رواں سال کے اختتام تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ چین کی جانب سے فائیو جی ٹیکنالوجی کا آغاز ایک ایسے وقت میں کرایا کہ جب امریکا نے موبائل کمپنی ہواوے پر پابندی عائد کرتے ہوئے اُسے بلیک لسٹ قرار دیا۔

  • اب بیرون ملک سے کتنے موبائل فون کسٹم ڈیوٹی کے بغیر لاسکیں گے؟

    اب بیرون ملک سے کتنے موبائل فون کسٹم ڈیوٹی کے بغیر لاسکیں گے؟

    اسلام آباد : سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے ایک موبائل فون لانے پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی جبکہ سینیٹرفیصل جاوید نے کہا کہ ایک نہیں 2 موبائل فون ڈیوٹی فری کیےجائیں۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کیلئے موبائل ڈیوٹی ختم نہ کرنے پر کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا ، سینیٹرروبینہ خالد نے کہا کمیٹی کی ہدایات پرعمل کیوں نہیں ہوا۔

    ایف بی آر حکام نے بتایا ایک موبائل فون پرڈیوٹی چھوٹ سے مسافروں کا ڈیٹا چوری ہوا، جس پر روبینہ خالد کا کہنا تھا کہ مانیٹرنگ درست کرنے کے بجائے مسافروں پر ٹیکس کا بوجھ کیوں ؟

    سیکرٹری آئی ٹی نے بھی کمیٹی کی حمایت کرتے ہوئے کہ ٹیکسیشن سے آئی ٹی کی صنعت ترقی نہیں کرے گی، صوبے اپنی اپنی ریونیو اتھارٹیز ہیں، انٹرنیٹ پر 19 فیصد ٹیکس عائد ہے۔

    مزید پڑھیں : اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل فون پر بھی ٹیکس دینا ہوگا، کسٹم حکام

    کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آرکو طلب کر لیا جبکہ کمیٹی نے ایک موبائل فون لانے پر کسٹم ڈیوٹی ختم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔

    سینیٹرفیصل جاوید نے کہا ہے کہ ایک نہیں 2 موبائل فون ڈیوٹی فری کیےجائیں، ایک فون اپنے لیے اور ایک فیملی کیلئے ٹیکس فری کیا جائے۔

    یاد رہے کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ فنانس بل کے بعد اب بیرون ملک سے لائے گئے ایک موبائل پر بھی ٹیکس دیناہوگا ، کوئی بھی موبائل اب ڈیوٹی فری ملک میں نہیں آسکتا، 60دن تک ملک میں موبائل فری چلایا جاسکتا ہے، 60 دن کے بعد موبائل رجسٹر کرانا ہوگا، موبائل رجسٹرنہیں کرایا جاتا تو خود بخود بند ہوجائے گا۔

    سینیٹر روبینہ خالد نے کہا تھا فون لانےوالی کی رجسٹریشن سہولت نہیں رکاوٹ ہے، سسٹم نےلوگوں کی زندگی عذاب کی ہوئی ہے جبکہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا موبائل رجسٹریشن کے سسٹم کومعطل کیا جائے، اوورسیزپاکستانی اب ایک خوف کا شکار ہوگئے ہیں۔

  • روس، موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے خاتون ہلاک

    روس، موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے خاتون ہلاک

    ماسکو: روس میں 26 سالہ خاتون موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے ہلاک ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ روسی خاتون چارج پر لگا موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے زندگی کی بازی ہار گئیں، خاتون کی والدہ نے ان کی ہلاکت کی وجہ موبائل فون باتھ ٹب گرنا قرار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق 26 سالہ ایوجنیا شولیاتیوا پیشے کے اعتبار سے اکاؤنٹنٹ تھیں، شولیاتیوا کی 53 سالہ والدہ جب گھر پہنچیں تو بیٹی کی جانب سے کوئی جواب نہ دیا گیا جب انہوں نے باتھ ٹب کا رخ کیا گیا بیٹی کو مردہ حالت میں پایا۔

    یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ شولیاتیوا اس وقت موبائل فون استعمال کررہی تھیں یا نہیں لیکن کہا جارہا ہے کہ چارج پر لگا موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے سے ان کی ہلاکت ہوئی ہے۔

    روسی انویسٹی گیشن کمیٹی نے واقعے سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    مزید پڑھیں: ابوظبی: فون کا پاس ورڈ نہ دینے پر شوہر نے بیوی کو قتل کردیا

    واضح رہے کہ رواں سال اگست میں 10 سالہ اسکول کی طالبہ موبائل فون باتھ تب میں گرنے سے ہلاک ہوگئی تھیں، موبائل فون چارجنگ میں لگا ہوا تھا۔

    اسی طرح کا ایک واقعہ اپریل میں پیش آیا تھا جب ایک سپر مارکیٹ میں کام کرنے والی 20 سالہ لڑکی اپنے گھر میں موبائل فون باتھ ٹب میں گرنے کے سبب جان کی بازی ہار گئی تھی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں روس کی مارشل آرٹ چیمپئن ایرینا ریبنی کووا اپنا آئی فون چارجنگ کے دوران باتھ ٹب میں گرنے کے سبب ہلاک ہوگئی تھی۔

  • موبائل فون کھوجانے کا خوف دہشت گرد حملے جتنا ہوسکتا ہے

    موبائل فون کھوجانے کا خوف دہشت گرد حملے جتنا ہوسکتا ہے

    اسمارٹ فون ہماری زندگیوں کا لازمی جز بن گیا ہے، اس کا چھن جانا یا کھو جانا ہمیں بے حد نقصان پہنچا سکتا ہے کیونکہ ہم اپنا بہت سا قیمتی ڈیٹا کھوسکتے ہیں جبکہ مالی طور پر نقصان سے بھی دو چار ہوتے ہیں۔

    لیکن کیا آپ جانتے ہیں موبائل فون کھونے کے بعد کا خوف اور تناؤ ایسا ہی ہوتا ہے جیسے کسی دہشت گرد حملے کا شکار ہونے کے بعد کا خوف؟

    ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی انسان کی زندگی کا سب سے بدترین اور تناؤ زدہ وقت وہ ہوتا ہے جب وہ اچانک اپنے کسی پیارے کو کھودے، تاہم موبائل فون کھو دینے کا دکھ اور تناؤ اس سے کہیں زیادہ ہوتا ہے اور یہ ایسا ہی ہوتا ہے جیسے آپ نے اپنی آنکھوں کے سامنے کسی دہشت گرد حملے کو رونما ہوتے دیکھا ہو۔

    ماہرین کے مطابق انسان کی زندگی میں متوقع طور پر آنے والی 5 تناؤ زدہ اور سب سے زیادہ متاثرکرنے والی صورتیں ایسی ہیں جو رونما ہونے کے بعد کسی انسان کی پوری زندگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔ ان میں قدرتی آفات، نوکری سے ہاتھ دھونا یا کسی جان لیوا بیماری کا شکار ہونا شامل ہے۔

    آپ کوجان کر حیرت ہوگی کہ اس فہرست میں سے ایک ٹرین یا بس کا چھوٹ جانا بھی شامل ہے۔ منزل پر پہنچنے سے قبل بس یا ٹرین کا چھوٹ جانا، اور منزل سے دور ہوجانے کا احساس، چاہے وہ سفر کتنا ہی غیر اہم اور معمولی کیوں نہ ہو، انسان کو بے حد صدمے سے دو چار کرسکتا ہے۔

    اس فہرست میں پہلے نمبر پر موبائل فون کھوجانے کے بعد ہونے والا تناؤ اور صدمہ ہے جو کسی انسان کو بری طرح متاثر کرسکتا ہے۔

    کیا آپ کا موبائل فون بھی آپ کے لیے ایسی ہی اہمیت رکھتا ہے؟