Tag: موبائل

  • اینڈرائیڈ صارفین کے لیے 6 نئے مزیدار فیچرز متعارف

    اینڈرائیڈ صارفین کے لیے 6 نئے مزیدار فیچرز متعارف

    ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے 6 نئے مزیدار فیچرز متعارف کروائے ہیں، یہ پہلی بار ہے جب گوگل کی جانب سے اس طرح فیچرز کو بیک وقت تمام اینڈرائیڈ فونز کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گوگل نے تمام اینڈرائیڈ صارفین کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، یہ 6 نئے فیچرز تمام اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

    یہ پہلی بار ہے جب گوگل کی جانب سے اس طرح فیچرز کو بیک وقت تمام اینڈرائیڈ فونز کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ اینڈرائیڈ ارتھ کوئیک الرٹس سسٹم کا فیچر اب عالمی سطح پر متعارف کروایا جارہا ہے۔

    اس فیچر کی بدولت زلزلے سے متاثرہ حصوں کے رہائشیوں کو زلزلے کے آنے سے چند سیکنڈ پہلے الرٹس بھیجے جائیں گے۔ ابھی یہ فیچر نیوزی لینڈ اور یونان میں دستیاب تھا مگر اب یہ ترکی، فلپائن، قازقستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان میں بھی دستیاب ہوگا۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ اس کی جانب سے ایسے ممالک کو ترجیح دی جارہی ہے جہاں زلزلے کے خطرے زیادہ ہیں اور مزید ممالک میں بھی آنے والے برس میں یہ فیچر دستیاب ہوگا۔

    دوسرا فیچر میسجز ایپ کے حوالے سے ہے جس میں اب کسی میسج کو بعد میں آسانی سے دریافت کیا جاسکے گا۔

    اس کے لیے کسی بھی میسج کو کچھ دیر تک دبا کر رکھ کر اسٹار پر کلک کرنا ہوگا، اس مقصد کے لیے ایک نئی اسٹارڈ کیٹیگری کا اضافہ کیا جارہا ہے اور آنے والے ہفتوں میں یہ فیچر صارفین کو دستیاب ہوگا۔

    تیسرا فیچر ایموجی کچن کے نام سے ہے جو جی بورڈ کے بیٹا میں 16 جون سے دستیاب ہوگا اور آنے والے ہفتوں میں کی بورڈ ایپ کا حصہ ہوگا۔ یہ فیچر انگلش، اسپینش اور پرتگیز زبانوں کے لیے اینڈرائڈ 6 یا اس سے اوپر کے آپریٹنگ سسٹمز میں دستیاب ہوگا۔

    چوتھا فیچر گوگل اسسٹنٹ کے حوالے سے ہے جو اب ایپس کے اندر مخصوص حصوں تک صارفین کے لے جائے گا۔

    پانچواں فیچر وائس ایپز ہیں جو اس وقت بیٹا ورژن میں ہے۔ اس فیچر کے تحت فون اور ایپس میں آواز کی مدد سے نیوی گیشن کی جاسکے گی جبکہ یہ پاس ورڈ لکھنے کا کام بھی کرسکے گا، یعنی پاس ورڈ کے الفاظ، ہندسے یا سمبل بولنا ہوں گے۔

    چھٹا فیچر اینڈرائیڈ آٹو سے متعلق ہے جو گاڑیوں میں اینڈرائڈ سے متعلق فنکشنز کو آسان بنائے گا۔

  • ہواوے کے صارفین کے لیے اہم اعلان

    ہواوے کے صارفین کے لیے اہم اعلان

    ٹیلی کمیونیکیشنز ایکوپمنٹ کمپنی ہواوے نے اپنے فونز میں آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس کو جگہ دینے کا اعلان کردیا ہے، ہواوے نے یہ آپریٹنگ سسٹم سنہ 2019 میں متعارف کروایا تھا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ہواوے کے کنزیومر بزنس گروپ کے صدر ڈاکٹر وانگ چینگ لو نے تصدیق کی ہے کہ جون 2021 سے متعدد ڈیوائسز ہارمونی او ایس 2.0 پر منتقل ہوجائیں گی۔

    چین میں ایک ایونٹ کے دوران انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سنہ 2021 کے آخر تک 30 کروڑ اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس اور دیگر انٹرنیٹ آف تھنگز ڈیوائسز میں ہارمونی او ایس موجود ہوگا۔

    یاد رہے کہ مئی 2019 میں امریکی پابندیوں کے نتیجے میں ہواوے کو گوگل ایپس اور سروسز تک رسائی حاصل نہیں رہی تھی۔ اس کے بعد کمپنی نے 2019 میں اپنے آپریٹنگ سسٹم ہارمونی او ایس متعارف کرایا تھا مگر اسے اب تک اسمارٹ فونز کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

    خیال کیا جارہا ہے کہ پی 50 سیریز کے فلیگ شپ ہواوے کے اولین فونز ہوسکتے ہیں جن میں اینڈرائیڈ کی جگہ ہارمونی او ایس پری انسٹال ہوگا۔

    یہ فونز پہلے مارچ میں متعارف کروائے جانے تھے مگر اب اس نئے اعلان سے عندیہ ملتا ہے کہ پی 50 سیریز کے فونز جون میں پیش کیے جائیں گے۔

    اس سے قبل مختلف رپورٹس میں عندیہ دیا گیا تھا کہ ہواوے کے ای ایم یو آئی پر کام کرنے والی ڈیوائسز کو ہارمونی او ایس 2.0 پر سوئچ کیا جائے گا۔ تاہم اب ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں جن کے مطابق صرف کیرین پراسیسر والے فونز ہی نئے آپریٹنگ سسٹم پر سوئچ ہوں گے۔

  • بھارت: موبائل فون پر بات کرتے ہوئے خاتون پل سے نیچے گر گئیں

    بھارت: موبائل فون پر بات کرتے ہوئے خاتون پل سے نیچے گر گئیں

    نئی دہلی: بھارت میں ایک خاتون موبائل فون پر بات کرتے ہوئے 30 فٹ کی اونچائی سے نیچے گر گئیں، پولیس نے لاش اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

    یہ واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ میں پیش آیا جہاں ایک نوجوان خاتون موبائل سے ویڈیو کال کرتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے سامنے جی ٹی روڈ پر پل سے نیچے گر پڑی۔ تقریباً 30 فٹ کی اونچائی سے گرنے کے بعد خاتون کی موت واقع ہوگئی۔

    خاتون کے موبائل اور بیگ سے ملے کارڈز سے ان کی شناخت انجلی رانی کے نام سے ہوئی، موبائل سے ملنے والے نمبروں کے ذریعے پولیس نے خاتون کے اہلخانہ کو بھی اطلاع دے دی۔

    عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خاتون ریلوے اسٹیشن چوک پر جی ٹی روڈ پر پل کے اوپر کھڑی تھیں، ان کے ہاتھ میں موبائل تھا اور وہ ویڈیو بنا رہی تھیں۔ اسی وقت خاتون پل سے نیچے گریں، ان کے سر پر چوٹ لگی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی۔

    بعض افراد نے ان کا موبائل بھی اٹھا لیا جو ان کے قریب ہی گرا جسے بعد میں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ پولیس نے موبائل سے کال کیے جانے والے آخری نمبر پر بھی فون کیا اور مذکورہ شخص کو تھانے طلب کرلیا۔

    پولیس نے لاش کو اسپتال منتقل کر کے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔

  • 12 ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے کے بعد فون کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو سامنے آگئی

    12 ہزار فٹ کی بلندی سے گرنے کے بعد فون کے ساتھ کیا ہوا؟ ویڈیو سامنے آگئی

    روزمرہ زندگی میں اپنے موبائل فون سے محروم ہوجانا ایک بڑا جھٹکا ہوسکتا ہے کیونکہ اس صورت میں نہ صرف بھاری مالی نقصان ہوسکتا ہے بلکہ اپنے قیمتی ڈیٹا اور کانٹیکٹس سے بھی ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔

    ایسا ہی ایک واقعہ ایک اسکائی ڈائیور کے ساتھ پیش آیا جس کا آئی فون 12 ہزار فٹ کی بلندی سے نیچے گر پڑا اور حیران کن طور پر گرنے کے بعد بھی کام کرتا رہا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس واقعے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈائیور کے 12 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کے بعد اس کی جیب سے آئی فون نکل کر ہوا میں تیرنے لگا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by @kodymadro

    ڈائیونگ کو ریکارڈ کرنے کے لیے ڈائیور کا ایک دوست بھی اس کے ساتھ فضا میں محو پرواز تھا، دوست کا کہنا تھا کہ پہلے وہ سمجھا کہ ڈائیور کے ڈائیونگ سامان کا کوئی پرزہ الگ ہوگیا ہے اور اب شاید وہ خطرے میں ہے۔

    تاہم دونوں کے بحفاطت زمین پر لینڈ کرنے کے بعد انہیں پتہ چلا کہ وہ پرزہ نہیں بلکہ آئی فون تھا۔

    بعد ازاں ڈائیور نے فائنڈ مائی آئی فون نامی ایپ کے ذریعے اپنے فون کو ٹریس کیا اور اس کی لوکیشن ایک صحرا میں ملی۔ وہاں سے وہ فون اس حالت میں ملا کہ اس کی اسکرین ٹوٹ پھوٹ چکی تھی تاہم وہ اب تک کام کر رہا تھا۔

  • امریکا: لٹیرا ہارٹ اٹیک کا شکار بزرگ خاتون سے موبائل چھین کر فرار

    امریکا: لٹیرا ہارٹ اٹیک کا شکار بزرگ خاتون سے موبائل چھین کر فرار

    امریکا میں ایک لٹیرے نے ہارٹ اٹیک کا شکار جاں بہ لب خاتون کو بھی نہ بخشا اور ان کا موبائل فون اٹھا کر فرار ہوگیا۔

    یہ واقعہ امریکی شہر سینٹ لوئیس میں پیش آیا جو سڑک پر لگے سرویلنس کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک 64 سالہ خاتون سڑک پر چلتے چلتے اچانک گر جاتی ہیں اور شدید تکلیف کا شکار دکھائی دیتی ہیں۔

    پولیس کے مطابق خاتون کو اچانک دل کا دورہ پڑا تھا جو بعد ازاں ان کے لیے جان لیوا ثابت ہوا۔ اس وقت وہاں ان کی مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ قریب کھڑی سرخ رنگ کی وین سے ایک شخص باہر نکلا اور خاتون کے قریب جا کر انہیں دیکھنے لگا، اس کے بعد اس نے ان کا موبائل فون اٹھایا اور وہاں سے روانہ ہوگیا۔

    مذکورہ شخص نے خاتون کو کوئی مدد فراہم نہیں کی جو بے حس و حرکت تھیں۔ کچھ دیر بعد ایک ایمبولینس آئی اور خاتون کو اسپتال لے گئی جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

    پولیس نے مذکورہ ویڈیو جاری کر کے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی اس شخص یا سرخ رنگ کی وین کے بارے میں جانتا ہے تو وہ پولیس سے رابطہ کرے۔

  • آن لائن کلاسز کے دوران آنکھوں کی حفاظت سے غفلت نہ برتیں

    آن لائن کلاسز کے دوران آنکھوں کی حفاظت سے غفلت نہ برتیں

    ماہرین طب کا کہنا ہے کہ آن لائن کلاسز یا سیشنز کے دوران آنکھوں کی حفاظت سے غفلت برتنا نقصان دہ ہوسکتا ہے اور آنکھیں انفیکشن کا شکار ہوسکتی ہیں۔

    ماہرین امراض چشم کے کہنا ہے کہ موبائل فون یا کمپیوٹر کے کئی گھنٹوں تک مسلسل استعمال سے آنکھوں میں انفیکشن ہوسکتا ہے اور آنکھیں خشک ہوسکتی ہیں۔

    ایک ڈاکٹر کے مطابق اگرچہ موبائل فون، کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی اسکرین کے سامنے گزارنے کے لیے کوئی مقررہ اوقات نہیں لیکن ان چیزوں کا طویل وقت تک مسلسل استعمال آنکھوں کی خشکی اور انفیکشن کا باعث بن سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیئے کہ آنکھوں کے تحفظ کے لیے ان چیزوں کے استعمال کے دوران درمیان میں وقفہ کریں، کرونا وائرس کے پیش نظر شروع کیے جانے والے آن لائن کلاسز کی مدت کو دھیان میں رکھا جانا چاہیئے۔

    ماہرین کے مطابق آن لائن کلاس عام طور پر 45 منٹس پر مشتمل ہوں اور 2 کلاسوں کے درمیان 15 سے 20 منٹوں کا وقفہ ہونا چاہیئے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون، کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی اسکرین کے سامنے بیٹھنے کے دوران آنکھوں کے پٹھوں کا آرام لازمی ہے۔

    اسی طرح سونے سے چند منٹ قبل بھی موبائل فون کا استعمال نہیں کرنا چاہیئے کیونکہ اس سے نیند میں خلل پیدا ہوتا ہے اور آنکھوں میں بھی انفیکشن ہوجاتا ہے۔ْ

  • ایپل اسٹور لوٹنے والوں کو بڑا دھچکا لگ گیا

    ایپل اسٹور لوٹنے والوں کو بڑا دھچکا لگ گیا

    واشنگٹن: امریکا میں ایپل اسٹور سے بھاری مالیت کے موبائل فون، لیپ ٹاپ اور دیگر برقی آلات لوٹنے والوں کو اچانک بری خبر نے چونکا دیا، لٹیرے ہکا بکا رہ گئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں سیاہ فام کی ہلاکت کے بعد پرتشدد مظاہروں کے دوران لٹیروں نے ریاست پنسلوانیا میں قائم ایپل اسٹور لوٹا تھا، جبکہ انتظامیہ نے ایکشن لیتے ہوئے تمام چوری شدہ ڈیوائسز ناکارہ بنا دیے اور بلاک ڈیوائیسز پر انتباہی پیغام بھی جاری کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق لوٹ مار کا یہ واقعہ پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں پیش آیا تھا۔ اسٹور انتظامیہ نے ’ڈسپلے ڈیبل‘ پر تمام ڈیمو ڈیوائسز پر خصوصی بلاکنگ سافٹ ویئر انسٹال کر رکھا تھا جس کا استعمال کرتے ہوئے تمام آلات ناکارہ بنا دیے گئے۔ اور انتباہی پیغام میں ڈیوائسز کی واپسی کی اپیل کی گئی ہے۔

    پیغام میں یہ الفاظ درج تھے ’براہ مہربانی تمام آلات واپس کردیں جو مکمل طور پر بلاک اور ٹریکڈ کیے جاچکے ہیں، اس ضمن میں مقامی انتظامیہ بھی متحرک ہے‘۔

    اسٹور لوٹنے کے واقعے کے بعد تمام ایپل اسٹورز پر اقدامات سخت کردیے گئے ہیں تاکہ شہر میں پرتشدد مظاہروں کے دوران دکانوں کو محفوظ بنایا جاسکے، اسٹورز کی کھڑکیوں اور دروازوں پر خصوصی حصار کے لیے لکڑیاں بھی نصب کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی امریکی شہر پورلینڈ، سالٹ لیک سٹی اور واشنگٹن میں اسٹور لوٹے گئے۔

  • دریا میں گرنے والا فون خاتون کو دو ماہ بعد ملا تو کس حال میں تھا؟ حیرت انگیز واقعہ

    دریا میں گرنے والا فون خاتون کو دو ماہ بعد ملا تو کس حال میں تھا؟ حیرت انگیز واقعہ

    لندن: جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیے جانے والے برقی آلات عمومی طور پر بہت نازک ہوتے ہیں جن کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے بالخصوص انہیں پانی سے بچایا جاتا ہے۔

    اسی طرح موبائل فون اگر پانی میں گرجائے تو اس کے صحیح سلامت رہنے کے بہت کم ہی امکانات ہوتے ہیں۔ برطانیہ میں ایسا منفرد واقعہ پیش آیا جہاں دو مہینے تک موبائل فون دریا میں گرنے کے باوجود صحیح سلامت مل گیا۔

    موبائل کی مالکن کا کہنا ہے کہ وہ سیر وتفریح کے لیے دریا گئی اور بگلوں کو دانا ڈال رہی تھی کہ اچانک آئی فون 8 پانی میں گر گیا اور لاپتہ ہوگیا۔ کافی تلاش کے باوجود میرا فون نہیں ملا بلآخر دو مہینے بعد مل گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے منگیتر کے ہمرا دوبارہ جب اسی دریا سیروتفریح کے لیے گئی تو دریا کے کنارے موبائل فون پڑا ملا، موبائل چلانے پر پتا چلا کہ یہ صحیح سلامت ہے، مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا کہ یہ سچ ہے۔

    خاتون کا مزید کہنا تھا کہ اس موبائل میں میری قیمتی تصاویر اور مختلف فائل بھی تھیں، موبائل لاپتہ ہونے پر میں گہرے صدمے کا شکار تھی، فون کے دوبارہ ملنے پر مجھے بہت خوشی ہوئی۔

  • سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں نے ایک ماہ کے بل معاف کر دیے

    سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں نے ایک ماہ کے بل معاف کر دیے

    ریاض: کرونا وائرس کے باعث ہونے والے معاشی نقصانات کے پیش نظر سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں نے اپنے صارفین کے ایک ماہ کے بل معاف کر دیے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب میں موبائل کمپنیوں (ایس ٹی سی، زین، موبایلی) نے قرنطینہ کی زد میں آنے والوں کو اپریل کے بل معاف کردیے۔

    سعودی عرب کی تینوں بڑی موبائل کمپنیوں نے اعلان کیا ہے کہ جو سعودی اورغیر ملکی تارکین قرنطینہ کے پابند بنائے گئے ہیں ان سے اپریل 2029 کا بل نہیں لیا جائے گا۔

    تینوں مواصلاتی کمپنیوں نے قرنطینہ میں رکھے جانے والے صارفین کے لیے اپریل کا بل معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    مواصلاتی کمپنیوں نے یہ سہولت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سعودی اداروں کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کا ساتھ دینے کے لیے کیا ہے۔

    خیال رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے تمام سعودی شہریوں، مقیم غیر ملکیوں اور اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے تارکین کا علاج مفت فراہم کرنے کا شاہی فرمان جاری کیا ہے۔

  • موبائل میں مصروف لڑکی بس کے نیچے کچلی گئی

    موبائل میں مصروف لڑکی بس کے نیچے کچلی گئی

    لندن: برطانیہ میں نابالغ لڑکی موبائل چلاتے ہوئے اتنی مصروف ہوئی کہ سڑک پر بس نے جان لے لی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ہولناک حادثہ برطانیہ کے علاقے واٹ وچ میں گزشتہ ماہ پیش آیا، غم زدہ والدین نے دیگر افراد کو تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس طرح اپنی زندگیاں خطرے میں نہ ڈالیں۔

    سیان الیس نامی طالبہ اپنے اسکول سے گھر کی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک یہ خطرناک حادثہ پیش آیا، وہ موبائل چلاتے ہوئے اس قدر مصروف ہوئی کہ اسے سامنے سے آنے والی بس پر دہان نہیں گیا، بدقسمتی سے وہ بس کے نیچے آکر ماری گئی۔ والدین تاحال گہرے صدمے کا شکار ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نابالغ لڑکی کے کانوں میں ہینڈ فری بھی لگی تھی جس کے باعث یہ خیال کیا جارہا ہے کہ اسے سامنے سے آنے والی بس کی گھنٹی بھی سنائی نہیں دی ہوگی، ہلاکت کی یہی اصل وجہ ہوسکتی ہے۔

    والدین نے اس حادثے کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام طالب علموں سمیت ہر افراد کو سیان الیس کے واقعے سے سبق سیکھنا چاہیئے، سڑک پر چلتے یا روڑ کراس کرتے ہوئے موبائل کو ہرگز استعمال نہ کریں۔