Tag: مودی

  • بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنادیا ہے، سراج الحق

    بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو کربلا بنادیا ہے، سراج الحق

    نارووال: امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو اس وقت کربلا بنادیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 15 دن سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے، کشمیری کہتے ہیں کہ ہمیں موت قبول ہے غلامی نہیں۔

    سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کا ہر بچہ نظریے کی خاطر شہید ہونے کے لیے تیار ہے، انشا اللہ نریندر مودی کی ہر سازش ختم کریں گے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کہتا ہے کہ ہم کسی بھی وقت ایٹم بم چلا سکتے ہیں، لیکن ہم نے جب قدم بڑھایا اور نعرہ تکبیر لگایا تو تم کو موقع نہیں ملے گا۔

    مزید پڑھیں: ماضی کی حکومتوں نے مسئلہ کشمیرکے بجائے تجارت کو فروغ دیا: سراج الحق

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سراج الحق کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے خود بھارت کو تباہی کے راستے پر ڈال دیا ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ ماٗضی میں حکومتوں نے مسئلہ کشمیر کے بجائے تجارت کو فروغ دیا، حکومت کے بعض اقدامات کی وجہ سے اتحاد قائم نہیں ہوپارہا ہے یہ وقت کی ضرورت ہے۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مودی کی جنونیت کی وجہ سے خطہ شعلوں کی نذر ہوسکتا ہے، عالمی برادری کو مودی کے پاگل پن کا نوٹس لینا چاہئے۔

    خیال رہے کہ بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کر دی ہے، آرٹیکل 370 کے خاتمے کو مقبوضہ کشمیر کے عوام نے رد کر دیا ہے۔

  • وقت ثابت کرے گا کہ مودی نے تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کر دی: شیخ رشید

    وقت ثابت کرے گا کہ مودی نے تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کر دی: شیخ رشید

    لندن: وزیر  ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ وقت ثابت کرے گا کہ مودی نے تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کی.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج نہیں توکل کشمیر کا مسئلہ حل ہو کر رہے گا.

    شیخ رشید نے کہا ہے کہ کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ مسئلہ کشمیرکچھ دن میں سرد خانے میں چلا جائے گا، اہم عالمی ممالک کو کامیاب ڈپلومیسی سے اپنا ہم نوا بنایا ہے.

    شیخ رشید نے کہا کہ اقوام عالم کو چاہیے کہ برصغیرکو آگ وخون کی ہولی سے بچائے، کشمیر کے لئے خون کے آخری قطرے اور آخری گولی تک لڑیں گے.

    وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت میں مودی نے ایک مسلمان سے بھی ووٹ نہیں مانگا، بھارت میں آج مسلمان خوفزدہ ہیں، مودی نے لوک سبھا میں ایک بھی مسلمان کو منتخب نہیں ہونے دیا.

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ہرمحاذ پر اپنے کشمیریوں بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں.

    مزید پڑھیں: کشمیر کی جہدوجہدِ آزادی فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکی، فواد چوہدری

    یاد رہے کہ بھارت نے غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی اہمیت ختم کر دی ہے، آرٹیکل 370 کے خاتمے کو مقبوضہ کشمیر کے عوام نے رد کر دیا. ہزاروں افراد سڑکوں‌ پر نکل آئے.

    گزشتہ تیرہ روز سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، جس کی وجہ سے روز مرہ سرگرمیاں معطل ہوگئی ہیں.

    اس موضوع پر گزشتہ روز پچاس سال کے طویل انتظار کے بعد سلامتی کونسل کا اجلاس ہوا، جس میں ارکان کو اس مسئلے پر بریفنگ دی گئی.

  • کشمیر پر کشمیریوں کا جتنا حق ہے اتنا ہی پاکستانیوں کا بھی ہے: شیخ رشید

    کشمیر پر کشمیریوں کا جتنا حق ہے اتنا ہی پاکستانیوں کا بھی ہے: شیخ رشید

    اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کشمیر پر کشمیریوں کا جتنا حق ہے اتنا ہی پاکستانیوں کا بھی ہے۔ مودی نے جو غلطی کی اس سے بھارت کا اقتصادی نظام تباہ ہوجائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی میں لال حویلی کا ایک کردار ہے، یوم آزادی کو رات 12 بجے میں خطاب کروں گا۔ عید کے بعد وادی نیلم کا دورہ کروں گا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سندھ ایکسپریس کو روہڑی کے بجائے ملتان تک لے جار ہے ہیں، سندھ ایکسپریس کا افتتاح عید کے بعد ملتان میں کروں گا۔ 15 دن میں بائیو میٹرک نظام شروع ہوجائے گا۔ کشمیر پر جتنا کشمیریوں کا حق ہے اتنا پاکستانیوں کا بھی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ غلط فیصلے کی وجہ سے لال چوک قبرستان بن جائے گا۔ مودی نے جو غلطی کی بھارت کا اقتصادی نظام تباہ ہوجائے گا۔ کشمیر کی آزادی میں نوجوان اپنا حصہ ڈالیں۔ یہ تحریک ایسے اٹھے گی جیسے مقدس تحریک اٹھی تھی۔ جس نے بھی کشمیر پر قبضہ کیا سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسخ کیا۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت کو اس کی قیمت دینا ہوگی۔ مسلمان جہاد اکبر پر یقین رکھتے ہیں، ہم جنگ کی باتیں نہیں کرتے جب مسلط ہوگی تو جواب دیں گے۔ تھر اور سمجھوتہ ایکسپرس کو بند کرنے کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔ میں جب تک ریلوے کا وزیر ہوں دونوں ٹرینیں نہیں چلیں گی۔ پاکستان اور بھارت میں مذاکرات کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔ وقت آچکا ہے ہم نے ثابت کرنا ہے کشمیر ہمارے خون کا حصہ ہیں، ایساموقع آگیا کہ بھارت ٹریپ ہوگیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ چوہدری شوگر مل کیس ایسا ہے جو سب کو شوگر لگا دے گا، پاکستان کے مؤقف کو او آئی سی کی حمایت حاصل ہے۔ عمران خان 25 اگست کو کارکردگی قوم کے سامنے رکھیں گے۔ طالبان اور امریکا کے مسائل حل ہوتے دیکھ رہا ہوں۔ ہم دنیا میں تنہا نہیں رہ سکتے، کشمیری قابل قوم ہیں۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایک بھی مقدمہ عمران خان کے دور کا نہیں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں مقابلہ ہے فائدہ کسے ہوگا دیکھتے ہیں۔ ڈاکو اور چور چاہتے ہیں پیسے تھرڈ پارٹی سے آئیں لیکن ہمارا ذکر نہ آئے۔

  • مودی نے ثابت کیا کہ بھارت انتہا پسند اسٹیٹ میں تبدیل ہوگیا، فردوس عاشق اعوان

    مودی نے ثابت کیا کہ بھارت انتہا پسند اسٹیٹ میں تبدیل ہوگیا، فردوس عاشق اعوان

    اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیرکے حل کے لیے پاکستان ہر آپشن استعمال کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے لیے کشمیر شہ رگ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان ہرآپشن استعمال کرے گا۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی قرارداد نے پاکستان کےعوام کے جذبات کی ترجمانی کی، کورکمانڈر کانفرنس میں بھی کشمیر کا ایشو زیرغورآیا اورلائحہ عمل بنا۔

    انہوں نے کہا کہ نریندرمودی نے ثابت کیا کہ بھارت انتہا پسند اسٹیٹ میں تبدیل ہوگیا، مودی نے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں تمام ذرائع بند کردیے ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں رہنے والا اس وقت لینڈ لاک کا شکار ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت کوپیغام دینا چاہتے ہیں کہ عالمی میڈیا کو رسائی دی جائے، تاکہ وہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے لائیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ حق خودارادیت کی تحریک اب آزادی کی تحریک بن کرسامنے آئے گی، اب بھارت کوکشمیر کے حق میں پاکستان ہر جگہ کھڑا نظر آئے گا۔

  • بھارت کی حرکت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا: بلاول بھٹو زرداری

    بھارت کی حرکت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا: بلاول بھٹو زرداری

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز  پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو  زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نےکشمیر میں عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا کر کلسٹر بم استعمال کیا.

    ان خیالات انھوں‌ نےکشمیر کے ایشو  پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا. انھوں نے مشترکہ اجلاس بلانے پر صدرمملکت کا شکریہ ادا کیا۔

    انھوں نے کہا کہ مودی سرکار نے کشمیر میں تعلیمی ادارے، موبائل فون سروسز  بند کر دیں، کشمیر میں بی جے پی کے اتحادی سابق وزرائے اعلیٰ کو بھی گرفتار کیا، مودی کا یہ عمل بھارت کے بنیادی خیال کے خلاف ہے، مودی کا عمل کشمیریوں کو اپنی ہی زمین پر اقلیتوں میں تبدیل کرنے کی سازش ہے.

    بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کی حرکت نے پورے خطے کو جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے، نریندر مودی آگ سے کھیل رہا ہے، کشمیریوں کے ساتھ خون اور روح کا رشتہ ہے، بھارت نے یک طرفہ طور  پر غیر آئینی غیرقانونی طورپر مقبوضہ کشمیر کی حیثیت ختم کی۔

    کشمیری مدد کے لئے پکار رہے ہیں، ہم خاموش نہیں رہ سکتے، کشمیر کی صورت حال پر  پاکستان کے وزیراعظم کو کھڑے ہونے کی ضرورت ہے، مودی شدت پسند اور انتہا پسند ہے، اس کے ہاتھ خون میں رنگے ہوئے ہیں.

    مزید پڑھیں: کشمیر کی صورت میں ایک اور فلسطین دینے کی اجازت نہیں دیں گے، شہباز شریف

    ان کا کہنا تھا کہ گجرات کا قصائی آج بھارت کا وزیراعظم بنا بیٹھا ہے، یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ مودی کے دوبارہ منتخب ہونے پر مسئلہ کشمیر کے حل کی امید رکھی جائے، پاکستان یو این میں آواز اٹھاتا رہے، او آئی سی کا خصوصی اجلاس بلایا جائے، اقوام متحدہ کی قرارداد کےتحت کشمیر متنازع علاقہ ہے، پاکستان وزرائے خارجہ کی سطح پر او آئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کرے، حکومت انکوائری کمیشن کے لئے سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھائے.

    بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شیریں مزاری کو وزیرخارجہ بنائیں، تو شاید وہ معاملہ بہترطریقےسے چلا سکے، ہماری حکومت ہوتی تو صرف ٹوئٹ کرتے تو خان صاحب ہمارے ساتھ کیا کرتے، عمران خان سے گزارش ہے بھرپورجذبے سے کشمیر کاز پر کام کریں.

  • مسئلہ کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کا بیان، لوک سبھا میں مودی پر شدید لعن طعن

    مسئلہ کشمیر پر ٹرمپ کی ثالثی کا بیان، لوک سبھا میں مودی پر شدید لعن طعن

    نئی دہلی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کے بعد بھارتی پارلیمنٹ میں صف ماتم بچھ گئی، پارلیمنٹ ارکان نے دل کھول کر وزیر اعظم نریندر مودی کو لعن طعن کی، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی امریکی صدر کا بیان دستاویز کی صورت میں لوک سبھا میں لے آئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکا اور خصوصاً مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ٹرمپ کی دلچسپی کے بعد بھارت میں طوفان کھڑا ہوگیا، بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر شور شرابے کے بعد آج لوک سبھا کا اجلاس ہوا تو ارکان پارلیمنٹ نے وزیر اعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

    امریکی صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران کہا تھا، ’میں 2 ہفتے قبل مودی سے ملا تھا اور اس دوران ہم نے مسئلہ کشمیر پر بھی بات چیت کی۔ مودی نے پوچھا تھا کہ کیا آپ مسئلے پر ثالث کا کردار ادا کرنا چاہیں گے؟‘

    امریکی صدر کے اس بیان کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی شامت آگئی، بھارت گزشتہ 70 سال سے مسئلہ کشمیر پر کسی بھی قسم کی ثالثی کو قبول کرنے سے صاف انکار کرتا رہا ہے چنانچہ اب مودی کے حوالے سے اس بات کے سامنے آنے کے بعد بھارتی نہایت غم و غصے میں ہیں۔

    بھارتی وزارت خارجہ اس حوالے سے تردید بھی جاری کرچکی ہے کہ نریندر مودی نے ٹرمپ کو اس حوالے سے کوئی درخواست نہیں کی تاہم بھارتی اس تردید کو ذرا بھی خاطر میں نہ لائے۔

    آج نریندر مودی کو لوک سبھا کے اجلاس میں شریک ہونا تھا تاہم اس سے قبل ہی ارکان پارلیمنٹ نے شور شرابہ کر کے آسمان سر پر اٹھا لیا، لوک سبھا میں مطالبہ کیا گیا کہ نریندر مودی اس حوالے سے صاف صاف بتائیں کہ آیا انہوں نے ٹرمپ سے یہ درخواست کی ہے یا نہیں، اپوزیشن کے ارکان نے احتجاجاً اجلاس سے واک آؤٹ بھی کیا۔

    کانگریس لیڈر سونیا گاندھی امریکی صدر کا بیان دستاویز کی صورت میں لوک سبھا میں لے آئیں اور پارٹی لیڈر منیش تیواڑی کے حوالے کیا تاکہ مودی کی خبر لیتے ہوئے کوئی نکتہ رہ نہ جائے۔

    گزشتہ روز کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے بھی نریندر مودی سے جواب طلب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ قوم کو بتائیں ٹرمپ سے امریکا دورے کے دوران کیا بات چیت طے ہوئی۔

    راہول کا کہنا تھا کہ اگر امریکی صدر کا کشمیر کے معاملے پر ثالثی کا بیان درست ہے تو مودی نے بھارت کے مفاد اور شملہ معاہدے سے انحراف کیا۔

    انہوں نے کہا تھا کہ مودی کی کمزور تردید سے کچھ نہیں ہوگا وہ قوم کو حقائق سے آگاہ کریں اور بتائیں کہ آخر دورہ امریکا میں ٹرمپ سے بات چیت میں کیا طے کر کے آئے۔

  • مودی نے ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئےدرخواست نہیں کی، بھارتی وزارت خارجہ

    مودی نے ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئےدرخواست نہیں کی، بھارتی وزارت خارجہ

    نئی دہلی : ترجمان بھارتی وزارت خارجہ رویش کمار نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کیلئے نہیں کہا، پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت صرف دو طرفہ ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی وزارت خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ٹرمپ کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے لیے درخواست نہیں کی۔

    بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا کہ ہم نے پریس میں صدر ٹرمپ کا بیان دیکھا ہے کہ اگرمسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان درخواست کرتے ہیں تو وہ ثالثی کے لیے تیار ہیں، اس طرح کی کوئی درخواست نریندر مودی نے امریکی صدر سے نہیں کی۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کامستقل موقف ہے کہ پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت صرف دو طرفہ ہوگی۔

    خیال رہے کہ وائٹ ہاوس میں وزیر اعظم عمران خان کے ہمرا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی نے کہا کیا آپ ثالث بنیں گے، میں نے پوچھا کس چیز کی ثالثی؟ تو بھارتی وزیر اعظم نے کہا کشمیر پر ثالثی کا کردار ادا کریں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدر نے کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی

    امریکی صدر نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر دونوں لیڈرز بڑا کردار ادا کر سکتے ہیں، آپ چاہتے ہیں کہ میں کردار ادا کروں تو میں بخوشی کروں گا، کشمیر ایک خوبصورت خطہ ہے وہاں کئی دہائیوں سے صورتحال خراب ہے جسے اب ٹھیک کرنا ہوگا۔

  • ملک میں کلائمٹ ایمرجنسی نافذ کی جائے، بھارتیوں شہریوں کا مطالبہ

    ملک میں کلائمٹ ایمرجنسی نافذ کی جائے، بھارتیوں شہریوں کا مطالبہ

    نئی دہلی : بھارت میں موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر کلائمٹ ایمرجنسی نافذ کرنے کےلیے ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد نے دو مختلف پٹیشنوں پر دستخط کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں ساڑھے چار لاکھ سے زائد افراد نے دو مختلف پٹیشنوں پر دستخط کیے ہیں، جن میں وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ملک میں کلائمٹ ایمرجنسی نافذ کریں۔

    بھارتی ٹی وی کے مطابق سولہ سالہ طالب علم امن شرما نے رواں سال مئی میں انٹرنیٹ پر ایک پٹیشن لانچ کی، جس پر اب تک ایک لاکھ ستر ہزار افراد دستخط کر چکے ہیں۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ دوسری پٹیشن ممبئی کے انسٹاگرامر جیتندرا شرما نے لانچ کی جس کی تین لاکھ لوگ حمایت کر چکے ہیں۔

    بھارتی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ ان پٹیشنز میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بھارت پیرس معاہدے کی شرائط پر عملدرآمد کرے اور ملک میں ہرے بھرے، سر سبز علاقے بڑھائے جائیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملکوں میں شامل ہے اور اسی سبب ملک کو پانی کی بھی شدید قلت کا سامنا ہے۔

  • نریندر مودی کو دوسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا

    نریندر مودی کو دوسری بار وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو دوسری بار وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بڑا جھٹکا لگا ہے، امریکا نے بھارت کو دیا جانے والا جی ایس پی کا درجہ ختم کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے بھارت کو دیا جانے والا جی ایس پی درجہ ختم کر دیا ہے، یہ امریکا کی جانب سے وزیر اعظم مودی کے لیے بڑا جھٹکا ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کو ترجیحی ممالک کی فہرست سے باہر کر کے واضح پیغام دے دیا ہے۔

    خیال رہے کہ 2017 میں بھارت کو جی ایس پی درجے سے سب سے زیادہ فائدہ ملا تھا، 2017 میں بھارت کو اس کی وجہ سے 5 ارب 70 کروڑ ڈالر کی ٹیکس چھوٹ ملی۔

    یہ بھی پڑھیں:  امریکا کا بھارت کو دیے گئے جی ایس پی کا درجہ ختم کرنے کا فیصلہ

    ٹرمپ کے فیصلے کے بعد بھارت اپنی اشیا امریکا میں ڈیوٹی فری لے جانے کی سہولت سے محروم ہو گیا ہے۔

    مارچ میں امریکی صدر نے کہا تھا کہ بھارت اپنی مارکیٹوں میں مناسب رسائی دینے میں ناکام ہو گیا ہے، جس کے بعد یہ بالکل درست ہے کہ انڈیا سے استفادہ کرنے والے ترقی پذیر ملک کا درجہ واپس لے لیا جائے۔

    یہ حالیہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس پالیسی کا حصہ ہے جس کے تحت امریکا دیگر ممالک کے ساتھ غیر متوازن تجارتی تعلقات کو از سر نو دیکھنے لگا ہے۔

    امریکی حکومت کے ڈیٹا کے مطابق 2018 میں بھارت نے امریکا کو 54 بلین ڈالرز کی اشیا برآمد کیں جب کہ امریکا سے صرف 33 بلین ڈالرز مالیت کی اشیا خریدیں۔

  • مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، ایس جے شنکر وزیر خارجہ مقرر

    مودی کی نئی کابینہ کا اعلان، ایس جے شنکر وزیر خارجہ مقرر

    نئی دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی نئی کابینہ کا اعلان کردیا گیا، راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع اور ایس جے شنکر کو وزیر خارجہ مقرر کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کے دوسری بار بھارت کے وزیر اعظم کے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد ان کی نئی کابینہ ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا۔

    نئی کابینہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق صدر امیت شاہ کو بھارتی وزیر داخلہ مقر کیا گیا ہے، سابق خارجہ سیکریٹری جے شنکر نئے وزیر خارجہ ہوں گے۔

    سابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے جبکہ اداکارہ اور سابق وزیر تعلیم سمرتی ایرانی کو خواتین، بچوں اور ٹیکسٹائل کی وزارت دی گئی ہے۔

    اسی طرح نرمالہ سیتا رام کو وزیر خزانہ اور کارپوریٹ افیئرز، روی شنکر پرساد کو وزیر قانون و انصاف، پرکاش جاویدکر کو وزیر ماحولیات، پیوش گویال کو وزیر ریلوے، مختار عباس نقوی کو وزیر برائے اقلیتی امور، اروند ساونت کو وزیر برائے ہیوی انڈسٹری اور کیرن رججو کو وزیر برائے امور نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔

    نئی کابینہ نے وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد اپنے عہدوں کا بھی حلف اٹھا لیا۔ مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے اہم رہنما شامل نہیں ہیں۔

    مودی کی وزارت عظمیٰ کے پہلے دور سنہ 2014 میں 45 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جو 2019 تک بڑھتے بڑھتے 75 رکنی ہوگئی تھی۔

    خیال رہے کہ عام انتخابات 2019 میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 پر کامیابی حاصل کی ہے، بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیمو کریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کل 350 نشستیں حاصل کیں۔

    اس فتح کے بعد بی جے پی بھارتی تاریخ میں کانگریس کے بعد وہ دوسری جماعت بن گئی جس نے لگاتار دوسری مرتبہ حکومت بنائی ہے۔