Tag: مورنے مورکل

  • پاکستانی بولرز سابق بولنگ کوچ مورکل کو کچھ نہیں سمجھتے تھے! سابق کرکٹر

    پاکستانی بولرز سابق بولنگ کوچ مورکل کو کچھ نہیں سمجھتے تھے! سابق کرکٹر

    پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے انکشاف کیا ہے کہ سابق بولنگ کوچ مورنے مورکل کو پاکستانی بولرز کچھ نہیں سمجھتے تھے۔

    سابق کرکٹر اور موجودہ تجزیہ نگار باسط علی نے پاکستان کے باؤلنگ یونٹ پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ مورنے مورکل جب قومی ٹیم کے کوچ تھے تو انھیں پاکستانی بولرز ویلیو نیہں دیتے تھے۔

    باسط علی نے اپنے یوٹیوب چینل پر کہا کہ پاکستانی باؤلرز خود کو کرکٹ سے بڑا سمجھتے ہیں۔ ان کا خیال تھا کہ مورکل ہمارے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔

    انھوں نے زور دے کر کہا کہ بھارتی اور پاکستانی کھلاڑیوں کی ذہنیت میں بڑا فرق ہے، جو بنگلہ دیش کے خلاف ان کی حالیہ پرفارمنس میں دیکھا جا سکتا ہے۔

    مورکل نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ مختصر وقت گزارا تھا، انھوں نے گزشتہ سال جون میں باؤلنگ کوچ کے طور پر پاکستانی ٹیم کو جوائن کیا تھا لیکن ون ڈے ورلڈ کپ 2024 کے گروپ مرحلے سے باہر ہونے کے بعد انھوں نے استعفیٰ دیدیا تھا۔

    مورنے مورکل کی کوچنگ میں پاکستانی باؤلرز بھارت میں ہونے والے میگا آئی سی سی ایونٹ میں مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہے تھے، سابق جنوبی افریقی بولر اپنے معاہدے کے ختم ہونے سے چھ ہفتے قبل ہی پاکستانی ٹیم سے علیحدہ ہوگئے تھے۔

  • پاکستانی کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کیلئے تیار

    پاکستانی کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کیلئے تیار

    قومی ٹیم کی کوچنگ کرنے والے لیجنڈ بولر اب بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کریں گے، گوتم گمبھیر نے ان کیلئے بھارتی بورڈ سے خصوصی درخواست کی تھی۔

    جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کافی عرصہ منسلک رہے ہیں جبکہ گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران بھی وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے وہاں موجود تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق مورنے مورکل آخر کار ٹیم انڈیا کو جوائن کرنے والے ہیں۔ گزشتہ ماہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بولنگ کوچ پارس مہمبرے کی رخصتی کے بعد سے بھارتی مینز کرکٹ ٹیم کے اگلے باؤلنگ کوچ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں۔

    اب اطلاعات ہیں کہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر اگلے ماہ بھارتی ڈریسنگ روم میں شامل ہونے والے ہیں۔

    کرک بز کا کہنا ہے کہ مورکل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے اسٹاف میں شامل ہوں گے، اس سے قبل یہ اطلاع بھی آئی تھی کہ مورکل سری لنکا کے دورے کے لیے بھارتی کیمپ کا حصہ ہوں گے لیکن وہ اپنے والد کی صحت کی خرابی کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے۔

    اس وقت بھارتی ٹیم کے کوچنگ عملے میں ہیڈ کوچ گمبھیر، دو اسسٹنٹ کوچز ابھیشیک نائیر اور ریان ٹین ڈوشے، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ اور ایک اسپن بولنگ کوچ شامل ہیں جبکہ مورکل کے جوائن کرنے سے فاسٹ بولنگ کوچ کا اضافہ ہو جائے گا۔

    خیال رہے کہ جنوبی افریقی لیجنڈ مورنے مورکل انڈین پریمیئر لیگ کے 2024 ایڈیشن میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔

  • قومی ٹیم کا نیا باؤلنگ کوچ کون ہوگا؟ پی سی بی نے نام بتادیا

    قومی ٹیم کا نیا باؤلنگ کوچ کون ہوگا؟ پی سی بی نے نام بتادیا

    لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جنوبی افریقی کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل کو قومی ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سابق جنوبی افریقہ فاسٹ بولر مورنے مورکل کو پاکستانی ٹیم کا 6 ماہ کے لیے باؤلنگ کوچ کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے، وہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میں بھی قومی ٹیم کے ساتھ فرائض سرانجام دیں گے۔

    38 سالہ بولر مورنے مورکل عمر گل کی جگہ لیں گے، عمر گل  پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر ہیں جنہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیم کی پچھلی سیریز کے دوران عبوری باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دیں۔

    جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مورنے مورکل نے اپنے 11 سالہ انٹرنیشنل کریئر میں 86 ٹیسٹ میچوں میں309، 117 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 188 اور 44 ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں 47 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

    سابق فاسٹ بولر نے اپنا آخری ٹی20 انٹرنیشنل میچ ستمبر2017 میں ورلڈ الیون کی طرف سے پاکستان کے خلاف لاہور میں کھیلا تھا۔

    مورنے مورکل کا پہلا اسائنمنٹ سری لنکا کے خلاف دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز ہوگی۔