کراچی : شہر قائد میں جولائی اوراگست میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی نے شہریوں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جولائی اوراگست میں موسلادھاربارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظرکمشنرکراچی کی زیرصدارت جائزہ اجلاس ہوا۔
کمشنر سیدحسن نقوی نے کہا کہ بارشوں سےنمٹنےکیلئےادارےہنگامی منصوبہ ایک ہفتےمیں تشکیل دیں ، برساتی نالوں پرصفائی کاکام بارشوں سےقبل مکمل کیاجائے اور 167 نالوں، 29 ہائی رسک پوائنٹس کی صفائی ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام ٹاونز کو واٹر کارپوریشن مین ہولز کےڈھکن فراہم کرےگی۔
مزید پڑھیں : رواں سال ملک بھر میں جون تا اگست مون سون بارشوں پر آؤٹ لک جاری
یاد رہے محکمہ موسمیات نے رواں سال ملک بھر میں جون تا اگست مون سون بارشوں پر آؤٹ لک جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ جون تا اگست ملک کے بیشتر مقامات پرمعمول سے زائد بارشوں کاامکان ہے، وسطی اور شمالی پنجاب میں معمول سے زائد بارشوں کا زیادہ امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے جنوبی سندھ میں بھی معمول سے زائد بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان میں بھی معمول سے کچھ زیادہ بارشیں متوقع ہیں جبکہ کے پی اور گلگت بلتستان میں معمول کے مطابق بارشیں ہوگی۔
اس سے قبل ڈی جی موسمیات کا مون سون کے حوالے سے کہناتھا کہ جون کے دوسرے ہفتے سے پری مون سون شروع ہوسکتا ہے اس سال مون سون میں بھی معمول سے ذیادہ بارشیں ہوں گے اور زیادہ بارشوں سے سندھ اور بلوچستان ذیادہ متاثر ہونگے۔