Tag: موسلا دھار بارش

  • موسلا دھار بارشوں کے دوران نہانے کا خطرناک نقصان

    موسلا دھار بارشوں کے دوران نہانے کا خطرناک نقصان

    ماہرین کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے دوران نہانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اور اس سے ممکنہ طور پر بے حد نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    مون سون کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں میں جہاں درختوں کے قریب کھڑے ہونے، باہر جانے اور بارش میں نہانے سے منع کیا جاتا ہے وہیں اب ماہرین نے اس دوران شاور لینے سے بھی منع کردیا ہے۔

    برطانوی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ طوفانی بارشوں کے دوران شاور لیتے وقت بجلی کے جھٹکے لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

    سائنسداں جیمز رالنگز کا کہنا ہے کہ اس دوران اگر بجلی کسی گھر پر گرتی ہے تو ممکنہ طور پر یہ پائپ لائنوں سے بھی گزرتی ہے، اگر اس دوران آپ شاور لے رہے ہوں تو آپ کو بجلی کے جھٹکے لگ سکتے ہیں۔

    اگرچہ اس کے امکانات بہت کم ہیں لیکن محتاط رہنا بہت ضروری ہے کیونکہ آسمانی بجلی منفی اور مثبت چارجز سے بھرپور ہوتی ہے، اس توانائی کو کہیں نہ کہیں منتقل ہونا ہوتا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ جب بجلی گرتی ہے تو وہ توانائی کی منتقلی کے لیے کم سے کم مزاحمت والا راستہ اختیار کرتی ہے، یعنی ایسے کنڈکٹرز کا انتخاب کرتی ہے جو باآسانی ایک مقام سے دوسرے مقام پر بجلی کو منتقل کردے۔

    اس دوران جب کوئی شاور لے رہا ہوتا ہے تو اس کے گرد دو کنڈکٹرز پانی اور دھات سے تیار کردہ پائپ لائن میں موجود ہوتے ہیں جو بجلی کی منتقلی کے عمل کو آسان اور فوری بنا دیتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق برقی مادے پانی اور دھاتی پائپ لائن سے گزر کر شاور یا ٹب میں آسکتے ہیں جس سے آپ کو بجلی کے جھٹکے لگ سکتے ہیں۔

  • کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد زہریلے سانپ نکل آئے

    کراچی میں موسلا دھار بارش کے بعد زہریلے سانپ نکل آئے

    کراچی : موسلا دھار بارش کے بعد کراچی کی ایک ہاؤسنگ سوسائٹی کے باہر جمع پانی میں دو زہریلے سانپ نکل آئے، جس سے مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بارش کے بعد اسکیم33 کا علاقہ گلزار ہجری لاوارث بن گیا، جمالی پل سے متصل لنک سڑک 25 روز سے ٹریفک کے لیے بند ہے۔

    اے آروائی نیوز براہِ راست دیکھیں live.arynews.tv پر

    25 روز سے سڑک پر جمع پانی سے 2 زہریلے سانپ نکل کر سوسائٹی میں داخل ہوگئے ، جس سے مکینوں میں خوف وہراس پھیل گیا تاہم سوسائٹی کی کمرشل انتظامیہ نے دونوں سانپوں کو مار ڈالا۔

    کراچی:بارش میں کھڑے پانی کی وجہ سے مچھروں اور مکھیوں کی بہتات ہے لیکن ضلعی انتظامیہ اور حکومتی نمائندے غائب ہیں۔

    اسکیم 33 سے متصل مرکزی سڑک سپر ہائی وے سے صفورا تک جاتی ہے ، سڑک بند ہونے سے اطراف کی سوسائٹی میں رہنے والے افراد کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

    یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شہر میں رینگنے والے جانوروں کے پھیلنے کے واقعات گاہے بگاہے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں اور ایسے ہی ایک افسوس ناک واقعے میں کراچی ایئرپورٹ کے رن وے پر ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کا ایک اہلکار سانپ کے ڈسنے سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

  • مسقط میں موسلا دھار بارشوں سے تباہ کن سیلاب

    مسقط میں موسلا دھار بارشوں سے تباہ کن سیلاب

    عمان کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد افراد سیلاب میں پھنس گئے جنہیں امدادی کارکنوں نے بچایا۔مسقط: عمان کے مختلف حصوں میں موسلا دھار بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، متعدد افراد سیلاب میں پھنس گئے جنہیں امدادی کارکنوں نے بچایا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق سلطنت عمان میں منگل کو آنے والے تباہ کن سیلاب سے نظام زندگی درہم برہم ہو گیا، دارالحکومت مسقط اور متعدد صوبے سیلاب میں گھر گئے۔

    امدادی ٹیموں نے مسقط میں ہنگامی آپریشن کر کے 5 افراد کو جو السیب صوبے کے شمالی علاقے الحیل کے سیلاب میں پھنس گئے تھے بچالیا۔

    عمانی شہری دفاع کے محکمے نے مقامی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر سے کام لیں، وادیوں اور سیلاب والے مقامات پر جانے کا خطرہ نہ مول لیں۔

    عمانی شہری دفاع کی امدادی ٹیموں نے بوشر صوبے کے الغبرۃ مقام پر پھنسے 35 افراد کو بچالیا، الغبرۃ میں پانی کی سطح اچانک بلند ہوگئی تھی۔ عمانی شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

    عمان آبزرور، عمانی شہری دفاع کے مطابق مسقط میں موسلا دھار بارش اور سیلاب کی وجہ سے متعدد رہائشی علاقے زیر آب آگئے ہیں، مسقط کے کئی گاؤں اخدود العزم طوفان سے متاثر ہونے کے باعث زیر آب آگئے ہیں۔

    عمانی پولیس نے موسلا دھار بارش کے دوران عوام کی سلامتی کی خاطر مسقط کے متعدد روڈز بند کردیے جبکہ مسقط کی جانب جانے والے وزارتوں والے علاقے میں جانے والا روڈ بھی بند کردیا۔

    عمانی محکمہ موسمیات نے توجہ دلائی ہے کہ غیر مستحکم موسم کا سلسلہ ہنوز جاری رہے گا، بحر عمان اور مسندم صوبے کے ساحلوں پر اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں، اس کا امکان ہے کہ سمندر میں طغیانی سے نشیبی ساحلی علاقے کل بھی متاثر ہوں۔

  • کراچی والے ہوشیار! گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

    کراچی والے ہوشیار! گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ سندھ میں کل سے 26 جولائی تک مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا، شہر کراچی میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کل سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ میں 23 جولائی سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جبکہ کراچی میں 24 جولائی سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ بھارتی راجھستان سے ہوتا ہوا کل صبح سندھ میں داخل ہوگا، جمعہ کی صبح سے بالائی سندھ میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔ جمعہ کی رات تک ہوا کا دباؤ کراچی اور حیدر آباد پہنچے گا۔

    کراچی میں کل رات سے 26 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے، بارش سے قبل تیز گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔

  • عید کا دوسرا روز، لاہور میں موسلا دھار بارش

    عید کا دوسرا روز، لاہور میں موسلا دھار بارش

    لاہور: عید الاضحیٰ کے دوسرے روز لاہور میں موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق آج صبح سویرے لاہور میں جل تھل ایک ہو گیا ہے، موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں، فاروق گنج انڈر پاس میں جمع پانی بچوں کا سوئمنگ پول بن گیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

    تیز بارش سے والٹن روڈ، گلبرگ کی مختلف شاہراہیں، فیروزپور روڈ، مزنگ اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف اور دیگر شاہراہوں پر جگہ جگہ پانی جمع ہو گیا ہے، فاروق گنج انڈر پاس میں بارش کا پانی بچوں کا سوئمنگ پول بن گیا، بچوں نے بارش کے پانی میں ڈبکیاں لگانی شروع کر دیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 71 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک 69 ملی میٹر، شاہدرہ 65 ملی میٹر، اندرون شہر 63 ملی میٹر، ایئر پورٹ 50 ملی میٹر، گلبرگ 35 ملی میٹر، نشتر ٹاؤن 42 ملی میٹر، پنجاب یونی ورسٹی 25 ملی میٹر، جوہر ٹاؤن 20 ملی میٹر اور سب سے کم بارش سمن آباد میں 10 ملی میٹر تک ریکارڈ کی گئی۔

    ایم ڈی واسا کے مطابق عملہ فیلڈ میں متحرک ہے، شہر کی بیش تر شاہراہوں سے برساتی پانی کی نکاسی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، سڑکوں کے کناروں اور ناہموار سڑکوں سے مشینری کی مدد سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے۔

  • شارجہ میں موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار

    شارجہ میں موسلا دھار بارش، موسم خوشگوار

    شارجہ: متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں پیر کی دوپہر موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب ریاست کی ریاست شارجہ میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسلا دھار بارش ہوئی ہے، شہریوں کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر بارش کی ویڈیو شیئر کی گئی ہیں۔

    نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی کے مطابق سب سے زیادہ بارش شارجہ کے علاقے الداہد میں ریکارڈ کی گئی ہے۔

    انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیور کے لیے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ بارش کے دوران گاڑیوں کے درمیان فاصلہ رکھیں اور اسپیڈ لمٹ کا خیال کریں۔

    شارجہ کے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور پر آبر آلود رہے گا اور دھند کے امکانات ہیں۔

  • متحدہ عرب امارات، گرمی کا زور ٹوٹ گیا تیز بارش، موسم خوشگوار

    متحدہ عرب امارات، گرمی کا زور ٹوٹ گیا تیز بارش، موسم خوشگوار

    دبئی: متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

    عرب میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں راس الخیمہ ماسافی، اسفانی ودیگر میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

    نیشنل میٹرولوجی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر تیز بارش کی ویڈیو شیئر کی گئی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں آئندہ ہفتے موسم گرم رہے گا جبکہ گرد آلود ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

    بارش کے سبب ایڈوائزری جاری کی گئی ہے کہ جس میں کہا گیا ہے کہ گاڑی میں سفر کرنے والے افراد دھیان سے گاڑی چلائیں، ہوسکتا ہے کہ بارش کے باعث حد نگاہ کم ہوجائے۔

  • اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    اسلام آباد، پنڈی، گرد و نواح میں موسلا دھار بارش، مانسرہ میں طوفان، چلاس میں برف باری

    اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اسلام آباد، راولپنڈی اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش برسی، ادھر مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور طوفان آیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طرف ملک میں بجٹ کا شور برپا ہے، دوسری طرف کئی علاقوں میں موسلا دار بارشیں اور آندھیاں شروع ہو گئی ہیں۔

    ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ آئیسکو ریجن کے بیش تر علاقوں میں شدید آندھی اور طوفان آیا، ٹرپنگ فالٹ اور سیفٹی کے پیش نظر 130 سے زائد فیڈرز کو بجلی سپلائی روک دی گئی ہے۔

    پنڈوریاں، جاپان روڈ، خیابان سرسید، چکلالہ، فقیر آباد، پیر ودھائی کو بجلی متاثر ہو گئی ہے، ترجمان آئیسکو نے کہا کہ عملہ طوفان رکتے ہی بجلی بحالی کا کام شروع کر دے گا۔

    ادھر مانسہرہ اور گرد و نواح میں بھی تیز آندھی اور طوفان آیا، وادیٔ کاغان اور ناران میں ژالہ باری اور بارش ہوئی۔

    چلاس میں دیامر کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش شروع ہو گئی ہے،جب کہ ہلکی ہلکی برف باری بھی ہو رہی ہے، دیامر میں بارشوں کے باعث طغیانی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا۔

    شاہراہ قراقرم اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات رو نما ہوئے، تودے گرنے کے خدشے کا بھی اظہار کیا گیا ہے، شاہراہ قراقرم مرتضیٰ آباد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ سے جزوی بلاک ہو گئی ہے۔

    چلاس میں بٹو گاہ اور تھک پاور ہاؤسز کی بندش سے کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔

  • متحدہ عرب امارات میں برف باری، نوجوان نے ’اسنومین‘ بنا ڈالا

    متحدہ عرب امارات میں برف باری، نوجوان نے ’اسنومین‘ بنا ڈالا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں برف باری سے لطف اندوز ہوتے ہوئے نوجوان نے ’اسنو مین‘ بنا ڈالا جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں برف باری ہوئی جس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے ام القوین کے رہائشی نوجوان نے اسنو مین کی تصویر بنا دی جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ام القوین کے رہائشی نے اسنومین بنایا جس کے سر پر ’عرب ہیڈ اسکارف اور چہرے پر گلاسز بھی نمایاں دیکھے جاسکتے ہیں۔

    برف باری سے متحدہ عرب امارات کی شاہراہیں کسی وندر لینڈ کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ سڑک پر گاڑیاں بھی محتاط انداز میں منزل کی جانب گامزن ہیں۔

    متحدہ عرب امارات کی ریاستوں فجیرا التیوان اور دیبا میں بھی موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔

    ٹریفک پولیس کی جانب سے شہریوں کو برف باری کے موقع پر احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پھسلن والی سڑکوں پر رہائشی گاڑیوں کی اسپیڈ کم رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

    نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے ترجمان نے تصدیق کی کہ موسلا دھار بارش اور برف باری ملک کی مختلف ریاستوں میں ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں ریت کا طوفان بھی آیا ہے۔

  • راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش

    راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش

    راولپنڈی / اسلام آباد : ملک کے مختلف شہروں راولپنڈی اسلام آباد اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے تاہم بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا کے بعض مقامات پربارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑوں پربرفباری کی بھی توقع ہے۔

    اس حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوئٹہ، ژوب، قلات ڈویژن میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، سرگودھا، ساہیوال، ڈی آئی خان، راولپنڈی، پشاور، کوہاٹ ، مکران، لاڑکانہ، سکھر ڈویژن اوراسلام آباد میں چند مقامات پربارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی اورحیدرآباد کا موسم سرد اورخشک رہنے کی توقع ہے۔ مری، چترال، دیر، سوات، گلگت اورچیلاس کے بعض مقامات پربرفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔