Tag: موسم سرما

  • موسم سرما میں ہونٹوں کی خشکی سے چھٹکارا کیسے ملے؟

    موسم سرما میں ہونٹوں کی خشکی سے چھٹکارا کیسے ملے؟

    سردیاں جہاں اپنے ساتھ موسم سرما کو انجوائے کرنے کا موقع دیتی ہیں وہیں بہت سے مسائل ایسے بھی ہوتے ہیں کہ جو ہمارے کیلیے پریشانی کا باعث بن جاتے ہیں۔،

    موسم سرما میں جہاں گرما گرم کافی اور خشک میوہ جات کھانے کا اپنا مزہ ہوتا ہے وہیں اس موسم میں ہمیں جلد سے متعلق مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

    سردیوں میں ہماری جلد بے حد خشک اور بے جان نظر آتی ہے اور ہمیں انہیں تر رکھنے کے لیے بار بار اسے موائسچرائز کرنا پڑتا ہے۔

    آپ بھی موسم سرما کی وجہ سے خشک اور پھٹے ہونٹ ہونے کی وجہ سے پریشان ہوں گے، اسی لیے آج ہم آپ کو ایسے آسان اور گھریلو ٹوٹکے بتائیں گے جس پر عمل کرنے کے بعد آپ کے ہونٹ سردیوں میں بھی نرم اور ملائم رہیں گے۔

    اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسم میں لپ گلوس کا استعمال ہونٹوں کیلئے بہت مفید ہے، لپ گلوس کے استعمال سے بدنما ہونٹ خوشنما ہوجاتے ہیں۔

    صاف ستھرے ہموار سطح کے ہونٹوں پر لپ اسٹک لگانا کافی آسان ہوتا ہے مگر کٹے پھٹے اور کھردرے ہونٹوں پر لپ اسٹک لگانا کافی مشکل کام ہے۔

    ایسے ہونٹوں پر لپ اسٹک استعمال کرنے سے ایک گھنٹہ پہلے ویزلین یا کوئی اور عمدہ سی کریم لگائیں، تقریباً آدھ گھنٹہ بعد اسے کسی کاٹن کے کپڑے یا تولیے سے صاف کردیں اور ہونٹوں کو نم کیے بغیر ان پر لپ اسٹک لگا لیں۔

    اس کے علاوہ رات کو سونے سے پہلے خشک ہونٹوں پر کوئی عمدہ سی کریم یا گلیسرین لگانی چاہیے۔ یہ عمل کسی بھی موسم میں کیا جا سکتا ہے۔ لپ اسٹک کے استعمال سے ہونٹ عموماً کالے پڑ جاتے ہیں۔

    خراب اور گھٹیا قسم کی لپ اسٹک ہونٹوں کی قدرتی رنگت پر اثر انداز ہوتی ہیں، اس صورت حال سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ہفتے میں تقریباً دو دن لپ اسٹک کا استعمال نہ کریں۔ہر شب سونے سے پہلے ہونٹوں پر روغن زیتون کا لگائیں۔

    اگر روغن زیتون کے ساتھ عرق لیموں یا ڈائلیوٹ سلفیورک ایسڈ کے تین چار قطرے ملا کر ہر روز رات کو سونے سے پہلے اور لپ اسٹک کا میک اپ اُتارنے کے بعد ہونٹوں پر ملیں تو اس سے آپ کے ہونٹوں کی قدرتی دلکشی اور دل آویزی ہمیشہ برقرار رہے گی۔

    اس کے علاوہ ہمیں اپنی خوراک میں شہد کا استعمال ضرور کرنا چاہیے کیونکہ اس میں اینٹی بیکٹیریل خاصیت ہوتی ہے جس سے جلد ترو تازہ رہتی ہے۔

    سردیوں میں روزانہ شہد میں لیموں ملا کر ہونٹوں پر لگانے سے آپ کے ہونٹ خشک نہیں ہوں گے۔

    سردیوں میں ہم پانی کی مقدار کم کر دیتے ہیں اور پھر ہمیں یہ شکایت رہتی ہے کہ ہمارے ہونٹ خشک اور پھٹ جاتے ہیں۔

    سردی ہو یا گرمی ہمیں دن میں پانی زیادہ سے زیادہ پینا چاہیے کیونکہ پانی سے جلد بھی ترو تازہ رہتی ہے۔

  • کراچی میں رواں موسمِ سرما کی سرد ترین رات،   درجہ حرارت 6 ڈگری پر آگیا

    کراچی میں رواں موسمِ سرما کی سرد ترین رات، درجہ حرارت 6 ڈگری پر آگیا

    کراچی : رواں موسمِ سرما کی آج سرد ترین رات اور صبح رہی، جس سکے سبب درجہ حرارت 6 ڈگری پر آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ٹھنڈ جم کر پڑ رہی ہے اور کراچی میں خنک ہواؤں نے شہریوں پر کپکپی طاری کردی۔

    کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث کم سے کم درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہرمیں جناح ٹرمینل پر سب سے زیادہ سردی ریکارڈکی گئی، جہاں درجہ حرارت6.2ڈگری ریکارڈ ہوا جبکہ گلستان جوہر7.5، شارع فیصل پر11.5 ڈگری ، ماڑی پور 10، بن قاسم میں درجہ حرارت11 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

    Weather Updates Pakistan- موسم کی خبریں

    موسم کا حال بتانے والوں نے کہا کہ شہر قائد میں سردی اور بڑھے گی۔

    بلوچستان میں سردی لہو جمانے لگی ہے ، قلات میں پارہ منفی دس تک جا پہنچا جبکہ زیارت میں منفی نوکوئٹہ میں منفی سات ڈگری ریکارڈ کیا گیا، دھوپ میں بھی لوگ ٹھٹھرتے نظر آئے۔

    بالائی علاقوں میں برفباری سے کوہساروں نے سفید چادر اوڑھ لی جبکہ وادی سوات میں سیاح کھنچے چلے آئے، سڑکیں،گاڑیاں برف سے ڈھک گئیں۔

    شانگلہ بھی برف سے سفید ہوگیا، ضلع انتظامیہ نے برفیلے راستوں پر بغیر اسنوچین گاڑی چلانے پر پابندی لگادی ہے جبکہ وادی کاغان میں دو فٹ برفباری نے پارہ منفی سات ڈگری تک گرا دیا۔

    چترال میں بچے اور بڑے برف کے گولے بنا کر کھیلنے لگے، وادی نیلم اور لیپہ میں سفید موتیوں کی برسات نے منظر سحرانگیز کردیے جبکہ مظفرآباد،کوٹلی اور راولاکوٹ میں بارش نےموسم مزید سرد کردیا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آزاد کشمیر،گلگت بلتستان میں درجہ حرارت منفی ایک ڈگری رہنے کی توقع ہے جبکہ اسلام آباد میں موسم سرد اورشام کودھند پڑنے کاامکان ہے۔

    پشاور اور پہاڑی علاقوں میں سخت سردی پڑے گی، لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں موسم سرد رہے گا اور کہر پڑے گی۔

  • تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ماتحت تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان ہوگیا۔

     تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے تعلیمی ادارے 30 دسمبر سے 8 جنوری تک بند رہیں گے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تعلیمی سرگرمیاں 9 جنوری 2025 سے دوبارہ شروع ہوں گی۔

    دوسری جانب فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے 31  دسمبر تک سرکاری تعطیلات کے دوران بھی تمام فیلڈ فارمشنز کھلے رکھنے کا اعلان کردیا۔

    اس حوالے سے فیڈرل بورڈا ٓف ریونیو نے تمام فیلڈ فارمشنز کو مراسلہ ارسال کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ 28 اور 29 دسمبر کو ہفتہ اور اتوار کے دن بھی تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اورٹیکس دہندگان سے ڈیوٹی و ٹیکسوں کی وصولی جاری رکھیں گی۔

    https://urdu.arynews.tv/rawalpindi-educational-public-holiday/

  • دودھ میں 21 عدد کالی مرچیں اور ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سردی کی بیماریاں غائب

    دودھ میں 21 عدد کالی مرچیں اور ۔ ۔ ۔ ۔ ۔ سردی کی بیماریاں غائب

    موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی نزلہ کھانسی زکام سمیت بہت سی بیماریاں بھی جنم لیتی ہیں، اس موسم میں گرم کپڑوں اور ٹھنڈ سے بچاؤ کیلیے مختلف اقسام کے مشروبات نوش کیے جاتے ہیں۔

    یہ مشروبات نہ صرف غذائیت کی بناء پر بے حد مفید ہوتے ہیں بلکہ مزیدار بھی ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بازاروں میں میوہ جات، موسمی پھل اور سبزیاں بھی دستیاب ہوتی ہیں جو ہمیں موسمی اثرات سے محفوظ رکھتی ہیں۔

    موسم سرما کے شفا بخش مشروبات کون سے ہیں؟ اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ہربلسٹ غالب آغا نے ناظرین کو مفید مشوروں سے آگاہ کیا۔

    مشروبات میں چینی کے استعمال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ اگر لوگوں کو اس بات کی آگاہی ہو کہ چینی ہماری صحت کیلیے کس قدر نقصان دہ ہے تو وہ چینی کو استعمال کرنا ہی چھوڑ دیں اور اگر اسے سفید زہر کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔

    سردیوں میں ہونے والی بیماریوں اور ان سے بچاؤ کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس موسم میں تقریباً ہر گھر میں زکام نزلہ کھانسی کی شکایات عام ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ گلے کی خرابی کی وجہ سے دو آوازیں نکلتی ہیں اس کیلیے شہد میں تھوڑا سا کالا نمک ملا کر چاٹ لیں اور ایک گھونٹ نیم گرم پانی پی لیا جائے تو یہ بہترین دوا ثابت ہوتی ہے۔

    اس کے علاوہ گلے کی خراش یا نزلہ کھانسی کی صورت میں ایک گلاس دودھ میں 21 عدد کالی مرچ ڈال کر اسے ابال لیں، اور رات کو سونے سے قبل تین دن تک پئیں۔

    ہربلسٹ غالب آغا نے سینے میں جکڑن کے علاج سے متعلق بتایا کہ ایک چائے کا چمچ شہد تھوڑی سی دار چینی اور ایک چٹکی سونٹھ کا پاؤڈر ملا کر پی لیں یہ چیز قدرتی اینٹی بائیوٹک کا کام کرے گی اور اسے قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا۔

    انہوں نے کھانسی اور گلے میں خراش سے نجات کیلئے ایک نسخہ تجویز کیا کہ پہلے دن ایک چائے کے چمچ شہد میں پسی کالی مرچ اور دوسرے دن شہد میں کالا نمک اور تیسرے دن ادرک کو کُوٹ کر اس کا دو قطرے رس ڈال کر پی لیں گے تو اس تکلیف سے فوری نجات مل جائے گی۔

  • موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری

    موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری

    موسم سرما کے پیش نظر پنجاب میں تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کردیا گیا، دسمبر سے جنوری تک طلبا کی چھٹی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے تحت صوبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سردیوں کی تعطیلات 20 دسمبر سے 10 جنوری تک ہوں گی۔

    جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 11 اور 12 جنوری کو ہفتہ وار تعطیل ہوگی جس کے بعد تعلیمی ادارے 13 جنوری کو کھلیں گے۔

    محکمہ تعلیم پنجاب کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ پر فیس ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔

    تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں کتنی اور کب سے ہوں گی؟ اعلان ہوگیا

    دریں اثنا خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے بعد سندھ کے تعلیمی اداروں میں بھی موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان کر دیا گیا، محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں 21 دسمبر سے 31 تک تعطیلات ہوں گی۔

    خیبرپختونخوا

    محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق کے پی کے میدانی علاقوں میں اسکول 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک بند رہیں گے جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں اسکول 22 دسمبر سے 28 فروری تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

    بلوچستان

    بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں 16دسمبر سے موسم سرما کی تعطیلات کا آغاز ہو گیا ہے، محکمہ تعلیم بلوچستان کے مطابق کوئٹہ سمیت 20 اضلاع کے اسکول، کالج اور جامعات بند ہو گئی ہیں۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ کے سرد علاقوں میں تعطیلات 28 فروری تک جاری رہیں گی جبکہ گرم علاقوں میں موسم سرما کی 10 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان کے گرم علاقوں میں تعطیلات یکم جنوری سے 10 جنوری تک ہوں گی۔

  • موسم سرما میں گاڑیوں کے شیشوں کو دھندلاہٹ سے بچانے کیلیے یہ آسان کام کریں

    موسم سرما میں گاڑیوں کے شیشوں کو دھندلاہٹ سے بچانے کیلیے یہ آسان کام کریں

    موسم سرما میں اکثر گاڑیوں کے شیشے دھند اور نمی کے باعث دھندلا جاتے ہیں اس سے بچانے کیلیے کچھ آسان ٹپس بتائی جا ری ہیں۔

    موسم سرما شروع ہوچکا ہے۔ اس موسم میں گاڑیوںکے شیشے دھندلا جاتے ہیں جس سے ڈرائیونگ میں مشکل ہوتی ہے اور بعض اوقات تو یہ وجہ کسی سنگین حادثے کا بھی سبب بن جاتی ہے۔

    مگر ہم آج آپ کو کچھ ایسی آسان ٹپس بتائیں گے جن کے ذریعے آپ دوران سفر اس مسئلے پر قابو پا سکتے ہیں۔

    اگر دوران سفر آپ کو گاڑی کے اندرونی یا بیرونی شیشے دھندلانے کا مسئلہ درپیش ہو اور ڈرائیونگ آپ کے لیے مشکل بن جائے تو آپ درج ذیل یہ کام کریں جس سے شیشوں کی دھندلاہٹ ختم اور سفر آسان ہو جائے گا۔

    1 ۔۔ گاڑی کا اے سی ٹرن آن کرکے ڈی فروسٹ سیٹنگ سیٹ کریں ۔۔ اس سے گاڑی کے اندر فضا میں نمی کو ختم کرنے میں مدد ملے گی ۔۔ شیشوں کا دھندلا پن کم ہو جائیگا۔

    2 ۔۔ گاڑی میں ہیٹڈ (heated) اسٹیئرنگ وہیل یا ہیٹڈ نشستوں کا سسٹم موجود ہے، تو اس کے استعمال سے گاڑی کی اندرونی فضا میں نمی کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

    3۔۔ ایک شیشے کو تھوڑا نیچے کرنے سے گاڑی کے اندر موجود نمی والی ہوا کو خارج کرنے میں مدد ملے گی، جس سے شیشوں کا دھندلا پن میں کم ہوگا

    4 ۔۔ اگر آپ ان آپشنز استعمال کرنے سے قاصر ہیں تو شیشوں کو اندر سے مائیکرو فائبر تولیے سے صاف کریں۔

    گاڑیوں کے شیشے دھندلے ہونے سے بچانے کے لیے یہ احتیاطیں بھی کریں

    1۔۔۔ ہیٹنگ، وینٹی لیشن اور ائیر کنڈیشننگ (ایچ وی اے سی) سسٹم کا خیال رکھیں

    2۔۔ گاڑی کے اندر ہوا کی وینٹی لیشن کا خیال رکھنے سے اندر جمع ہونے والی نمی کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے اور شیشے دھندلے نہیں ہوتے۔

  • سرد راتوں میں موزے پہن کر سونا کتنا نقصان دہ ہے؟

    سرد راتوں میں موزے پہن کر سونا کتنا نقصان دہ ہے؟

    سردی کے دنوں میں کچھ لوگ رات کو گرم موزے پہن کر سونا پسند کرتے ہیں جبکہ کچھ پسینے سے بچنے کیلئے موزوں کے بغیر سوتے ہیں۔

    ویسے تو موسم سرما کی ٹھنڈی ہواؤں سے بچاؤ کے لیے گرم ملبوسات استعمال کرنے کے ساتھ ہم گھر سے باہر نکلتے ہوئے موزے پہنتے ہیں جو کہ عام بات ہے۔

    لیکن موزے پہن کر سونے کے کچھ اچھے نتائج سامنے نہیں آئے ماہرین کے مطابق اگر آپ سونے سے پہلے موزے پہننے کے عادی ہیں تو آپ اس عادت پر غور کرنا ضروری ہے کیونکہ اس کے صحت پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

    ماہرین صحت کے مطابق ویسے تو موزے پہن کر سونے کے کچھ فوائد تو ضرور ہیں کہ ایسا کرنے سے خون کی گردش کسی حد تک بہتر رہتی ہے۔

    سردیوں میں آپ اچھی کوالٹی کے موزے استعمال کرتے ہیں تو وہ آپ کے جسم کو رات کو بدلتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول رکھنے میں مدد دیتا ہے۔

    دوسری جانب ماہرین رات کو سوتے ہوئے موزے پہننے کو صحت مند رجحان یا طرزِ عمل نہیں سمجھتے، ان کے مطابق موزے پہن کر سونے سے دورانِ نیند مجموعی صحّت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ یہ نیند میں خلل ڈالتا ہے جب کہ بلڈ پریشر کا بڑھ جانا اور اگر تنگ موزے پہنے گئے ہوں تو اس سے ہماری جلد پر انفیکشن ہوسکتا ہے۔

    طبّی ماہرین کے مطابق موزے پہن کر سونا اور کئی گھنٹے تک سونے کے دوران اگر کسی شخص نے موزے پہن رکھے ہوں تو اس کا بلڈ پریشر بڑھ جاتا ہے اور یہ براہِ راست دل پر اثرانداز ہوتا ہے۔ اس لیے احتیاط ضروری ہے۔

    طبّی ماہرین کے مطابق پیروں‌ کی صحّت اور ان کی صفائی کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ ان کی جلد پر بھی مسام موجود ہوتے ہیں جنہیں تازہ ہوا کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر سردیوں‌ میں ٹھنڈ سے بچنے کے لیے موزے پہن کر سونے کو معمول بنا لیا جائے تو یہ ان مساموں کے لیے نقصان دہ ہے۔ پیروں کی جلد کے یہ مسام بند ہو سکتے ہیں اور ان کی صحت متاثر ہوتی ہے۔

  • موسم سرما میں اخروٹ : کیا آپ ان فوائد سے لاعلم ہیں؟

    موسم سرما میں اخروٹ : کیا آپ ان فوائد سے لاعلم ہیں؟

    موسم سرما کی آمد آمد ہے ایسے میں خشک میوہ جات کی مانگ میں بہت زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے، یہ سوغات قدرت کی طرف سے انسانوں کیلیے بہت بڑی نعمت ہے۔

    خشک میووں میں اخروٹ اپنی ایک علیحدہ پہچان اور افادیت رکھتا ہے۔ اخروٹ، غذائی حراروں کے سبب موسم سرما میں جسم میں طاقت اور حرارت کا احساس دلاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ غذا اور دوا کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

    اخروٹ موسم سرما میں استعمال ہونے والے خشک میوہ جات میں اپنی غذائی افادیت کے لحاظ سے بڑی اہمیت کا حامل ہے، سرد برفانی علاقوں کے لوگ موسم کی شدتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے اس کا بکثرت استعمال کرتے ہیں اور میدانی علاقوں کے لوگوں میں بھی یہ رغبت سے استعمال ہوتا ہے۔

    اس میں لحمیات، روغنیات ، فاسفورس، فولاد، پوٹاشیم، حیاتین اور کیلوریز جیسے اجزاء شامل ہوتے ہیں، عام طور پر اخروٹ کا مغز ہی استعمال ہوتا ہے مگر حکیم اخروٹ کا چھلکا، پتے اور جڑ وغیرہ بھی مختلف امراض کے لیے دوا کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

    اپنے غذائی حراروں کے سبب موسم سرما میں جسم میں طاقت اور حرارت کا احساس دلاتا ہے یہی وجہ ہے کہ غذا اور دوا کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

    اخروٹ انسانی دل، دماغ، ہڈیوں، چہرے کی رنگت، بالوں کے لیے فعال کردار ادا کرنے کے ساتھ سرطان جیسے جان لیوا مرض سے بچاؤ میں بھی معاونت کرتا ہے۔

  • اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

    اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان

    لاہور: پنجاب بھر کے پرائیویٹ و سرکاری اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹیوں کا اعلان ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اسکولز پنجاب خالد نذیر وٹو نے کہا کہ پنجاب بھر کے اسکولوں میں 20 دسمبر سے موسم سرما کی چھٹیوں کا آغاز ہوگا۔

    سیکرٹری اسکولز پنجاب کا کہنا ہے کہ موسم سرما کی چھٹیوں کا سلسلہ 10 جنوری 2025 تک جاری رہےگا، اس سال اسکولوں میں موسم سرما کیلئے 20 دن کی چھٹیاں ہوں گی۔

    واضح رہے پنجاب میں دسمبر کے دوران اکثر دھند اور درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوتی ہے، جس سے طلبہ و طالبات کے لیے کلاسوں میں جانا مشکل ہو جاتا ہے۔

    گزشتہ سال صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر 18 دسمبر سے 31 دسمبر تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بعد میں ان میں 9 جنوری 2024 تک توسیع کی گئی تھی۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • موسم سرما میں کتنے گھنٹے گیس ملے گی؟ صارفین کے لئے اہم خبر

    موسم سرما میں کتنے گھنٹے گیس ملے گی؟ صارفین کے لئے اہم خبر

    لاہور : موسم سرما کے لیےگیس کی فراہمی کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ، جس کے تحت 24 گھنٹے میں سے اب صرف روزانہ چند گھنٹے گیس مل سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ نے صارفین کے لیے موسم سرما کے لیےگیس کی فراہمی کا نیا شیڈول جاری کردیا۔

    جس کے تحت 24 گھنٹے میں سے اب صرف روزانہ چند گھنٹے گیس مل سکے گی تاہم شیڈول کا مقصد صارفین کے لیے کھانا پکانے اور روزمرہ کے معمولات کی بہتر منصوبہ بندی کرنے میں مدد کرنا ہے۔

    گیس کی فراہمی کا شیڈول

    نئے شیڈول کے تحت صارفین کو 24 گھنٹے کے دوران تین ٹائم گیس میسر ہوگی۔

    صبح 6:00 بجے سے صبح 9:00 بجے تک ناشتے کے لیے ، دوپہر کے کھانے کے لیے دن 12 بجے سے دن کے 2 بجے تک اور رات کے کھانے کے لیے شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک گیس ملے گی۔

    ایس این جی پی ایل کے نمائندوں نے بتایا کہ کمپنی نے حکومتی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے گیس کے اوقات کار کو ایڈجسٹ کیا۔

    انہوں نے صارفین کو یقین دلایا کہ تمام مقامات پر ان مقررہ اوقات میں گیس پورے پریشر پر فراہم کی جائے گی۔