Tag: موسم سرما

  • موسم سرما میں سردی سے بچنے کیلئے گرما گرم بستر تیار

    موسم سرما میں سردی سے بچنے کیلئے گرما گرم بستر تیار

    سیئول: جنوبی کوریا نے موسم سرما میں سردی محفوظ رہنے کیلئے گرما گرم بستر تیارکرلیا ہے۔

    جنوبی کوریاکی نجی کمپنی نے موسم سرما کی مناسبت جدیدبستر تیار کیا ہے ،روم ان روم نامی یہ ٹینٹ سردی کے موسم میں بستر کو گرم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے جس کے بعد ہیٹر چلانے کی ضرورت پیش نہیں آتی۔

     

    پولی ایسٹر اور کاٹن کے کپڑے سے بنے اس ٹینٹ کو با آسانی بستر کے اوپر رکھا جاسکتا ہے اور اس میں لوگوں کی آسانی کے لئے موبائل فون اور لیپ ٹاپ کا اسٹینڈ بھی بنایا گیا ہے۔

    اس ٹینٹ کی قیمت مارکیٹ میں سو ڈالر سےایک سو چودہ ڈالر رکھی گئی ہے۔

  • موسم سرما میں سبزیاں انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار

    موسم سرما میں سبزیاں انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار

    کراچی: وٹامن سی اور بی سے بھرپور ہرے پتوں والی سبزیاں موسم سرما میں انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

    ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں جسم کو گرم رکھنے کے لیے گرم خوراک ، گرم مشروبات اور پھل استعمال کیے جائیں اور وٹامن سی اوربی سے بھرپور ہرے پتوں والی سبزیاں استعمال کی جائیں کیونکہ یہ سردی کے انفیکشن کے خطرے کو کم کرنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ جس کے باعث مختلف بیماریوں سے بچاجاسکتاہے

    ماہرین کے مطابق 80 فیصد لوگ سردی کو پسند کرتے ہیں اور اس میں خوراک کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ اپنے مدافعتی نظام کو بہتر بنانے کے لیے دودھ اور اس سے بنی مصنوعات جیسے پنیر، دہی کااستعمال بڑھا دیا جائے کیوں کہ ان میں پروٹین اور وٹامن اے اور بی موجود ہوتے ہیں جو بھرپور کیلشیم فراہم کرتے ہیں اور ہماری ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہے۔

  • موسمِ سرما میں جلد کی حفاظت کیلئے کچی سبزیاں استعمال کریں

    موسمِ سرما میں جلد کی حفاظت کیلئے کچی سبزیاں استعمال کریں

    موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی فضا کی قدرتی نمی میں کمی آجاتی ہے, سرد اور خشک ہوائیں نہ صرف چہرے بلکہ ہاتھوں اور پیروں کو بھی بری طرح متاثر کرتی ہیں, مثلاً انتہائی حساس جلد کی حامل خواتین خشکی کے اس حملے سے فوری طور پر متاثر ہوتی ہیں۔ ان کی جلد بے رونق خشک اور کھردری ہونے لگتی ہے۔

    موسمِ سرما میں جلد کی حفاظت کیلئے کچی سبزیوں کا استعمال نہایت مفید ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں جلد کی بہتر حفاظت کیلئے کچی سبزیوں کے استعمال میں اضافے کی ضرورت ہے، کچی سبزیاں نہ صرف وٹامنز اور دیگر ضروری معدنیات کے حصول کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ ان میں پانی کی وافر مقدار موجود ہوتی ہے، جو جلد میں نمی کے قدرتی تناسب کو قائم رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

    تازہ سبزیاں جسم کو ہشاش بشاش اور ہلکا پلکا رکھتی ہیں، ہری بھری اور تازہ سبزیوں کا سلاد ہر شخص کھانے کے ساتھ پسند کرتا ہے, غذائیت سے بھرپور سلاد اور سبزیاں نظام ہاضمہ درست اور دن بھر کی پروٹین اور وٹامن کی ضرورت کو پورا کرتی ہیں۔

    چہرے کی خوبصور تی اور رعنائی کے لیے  پھلوں کا استعمال مفید ہے لیکن  مختلف موسمی سبزیو ں سے اپنے چہرے کی جلد کو تندرست ، گورا اور خوبصورت بنا سکتے ہیں ۔

    ٹماٹر کو کھانا جلد کو سورج کی نقصان دہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے واضح رہے کہ سورج کی شعاعوں سے جلد کو پہنچنے والا نقصان قبل از وقت بڑھاپے اور جلدی کینسر کا سبب بن سکتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق سردیوں کے موسم میں پانی کے استعمال میں بھی اضافہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ پھل اور مختلف جوسز بھی جلد کی حفاظت میں انتہائی معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔

  • بارشیں نہ ہونے سے پنجاب میں شدید دھند سے معمولات متاثر

    بارشیں نہ ہونے سے پنجاب میں شدید دھند سے معمولات متاثر

    پنجاب :موسم سرما کی بارشیں نہ ہونے کے باعث ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا  کرنا پڑرہا ہے۔

    بارشیں نہ ہونے کے باعث پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت ملک کے مختلف شہروں میں خشک سردی اور دھند کی شدت برقرار ہے، اسلام آباد، کراچی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں دھند کے بادل چھائے رہتے ہیں، جس کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہورہے ہیں۔

    دھند نے جہاں پروازوں کا شیڈول پر بھی درہم برہم کردیا ہے، وہیں حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بھی شدید متاثر ہورہی ہے ۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے بارشوں کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ میدانی علاقوں میں اتوار کے روز سے دھند کی شدت میں کمی واقع ہوگی جبکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری میں معمول سے کم جبکہ فروری اور مارچ میں اچھی بارشوں کا امکان ہے۔

  • بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    بالائی علا قوں میں درج حرارت کم، میدانوں میں یخ بستہ ہوائیں چل پڑیں

    اسلام آباد: ملک بھر میں سردی نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ ملک کے بالائی علاقوں میں درج حرارت گرنے سے میدانی علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑی ہیں۔

    ملک بھر میں سردی کی لہر جاری ہے۔ بلوچستان کے بیشترعلاقے سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں ہیں۔ کوئٹہ میں بھی یخ بستہ ہوائیں چلنے سے سردی بڑھ گئی ہے اور درجہ حرارت منفی سات ڈگری تک گرگیا۔ جس پرلوگوں نے گرم چادریں، کوٹ، سویٹر اور جیکٹس کا استعمال بڑھا دیا ہے۔ کوئٹہ میں سردی بڑھنے سے کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چل پڑیں ہیں۔

    سندھ اور پنجاب میں بھی سرد ہوائیں چلنے لگیں ہیں جبکہ بالائی علاقوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بیشتر مقامات پر موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    ادھر شمالی بلوچستان کے علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ جلائے جانے والی لکڑی اور ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیاہے۔

    دوسری جانب منگورہ میں ہلکی دھوپ نکلنے کے باوجود سردی کی شدت برقرار ہے جبکہ بالائی علاقوں میں گہرے بادل چھانے کی وجہ سے سردی مزید بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور میں درجہ حرارت ایک ڈگری سینٹی گریڈ ہوگیا ہے۔ سردی کی شدت میں اضافے سے موسمی بیماریاں بھی بڑھ گئیں۔

  • سردیوں میں پاکستان آنے والے پرندوں کے شکارکے29لائسنس معطل

    سردیوں میں پاکستان آنے والے پرندوں کے شکارکے29لائسنس معطل

    لاہور: سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی پاکستان میں مہاجر پرندوں کی آمد اور ان کے شکار میں اضافہ ہوجاتا ہے اور لاہور ہائیکورٹ نے مہاجر پرندوں کے شکار کے لیے جاری انتیس لائسنس معطل کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس شمس محمود مرزا کی عدالت میں درخواست گزار سردار کلیم ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ وزارت خارجہ نے موسم سرما میں سائبریا سے ہجرت کرکے آنے والے پرندوں کے شکار کےلیے عرب شہزادوں اور دیگر بااثر افراد کو انتیس لائسنس جاری کئے ہیں، جو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نایاب پرندوں کے شکار سے ان کی نسلیں ختم ہورہی ہیں۔

    عدالت نے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کئے گئے انتیس لائسنس معطل کرکے وزارت خارجہ سے ستائس نومبر کو جواب طلب کرلیا ہے۔

  • کراچی میں بھی یخ بستہ ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا

    کراچی میں بھی یخ بستہ ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا

    کراچی: پہاڑی علاقوں سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم اپنے جوبن پر ہے، کراچی میں بھی یخ بستہ ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔

    کراچی میں چلی ٹھنٖڈا ہوا اور موسم خوشگوار ہوا، یخ بستہ ہواوں نے شہریوں کو گرم کپڑے پہنا دیئے ۔ملک بھر میں موسم سرما کا آغاز ہوگیا،کوئٹہ اور قلات کو شدید سردی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز تک ملک بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہےگا۔

    تاہم کوئٹہ اور قلات سمیت کئی بالائی علاقوں میں گرج چمک کیساتھ بارش کا بھی امکان ہے،جس سے سردی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت میں مزید کمی آجائیگی، گزشتہ روز سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی ایک ڈگری رہا۔

  • موسم سرما میں جلدی بیماریاں

    موسم سرما میں جلدی بیماریاں

    سرد اور خشک موسم میں جلد سے متعلق شکایات میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    ماہرینِ امراضِ جِلد کے مطابق گرمیوں میں پسینا اور نمی ہماری جلد کو خشک ہونے اور پھٹنے سے محفوظ رکھتی ہے، لیکن سردیوں میں ہوا میں نمی کا تناسب کم ہوتا ہے اور اس کا اثر جلد پر پڑتا ہے۔ سردیوں میں جلد کھردری اور خشک محسوس ہوتی ہے اور پھٹنے لگتی ہے۔ اس سے بچنے کے لیے معیاری موسچرائزر استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے علاوہ سرد موسم میں جلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے زیادہ پانی پینا چاہیے۔

    ماہرینِ صحت کے مطابق سردیوں میں مالٹے، سنگترے، گاجر، مولی اور دیگر موسمی پھلوں سے بھی جسم میں پانی کی کمی پوری کی جاسکتی ہے۔ پانی سے ہم اپنی جلد کے لیے ضروری نمی حاصل کرسکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق جسم کے دوسرے حصوں کی طرح سردیوں میں سر کی جلد بھی خشک ہو جاتی ہے۔ سردیوں میں خصوصاً ہمارے ہاتھوں اور پیروں کی جلد خشک ہونے سے کھجلی محسوس ہوتی ہے۔ یہ ایک قسم کا ایگزیما بھی ہوسکتا ہے، جس کا علاج کروانا ضروری ہوتا ہے۔

    جلد کی خشکی کے باعث پیدا ہونے والی خارش کا علاج نہ کیا جائے تو یہ پورے جسم کو متأثر کر سکتی ہے۔ بہت سے مریض اسے معمولی اور موسمی تکلیف خیال کرتے ہیں اور اس سے نجات کے لیے عام لوشن اور موسچرائزر استعمال کرتے ہیں، لیکن ان سے افاقہ نہیں ہوتا، بلکہ بعض صورتوں میں یہ شکایت بڑھ جاتی ہے۔ انہیں فوری ماہرِ امراضِ جلد سے رجوع کرنا چاہیے، کیوں کہ یہ شکایت ایک فرد سے دوسرے کو بھی لاحق ہوسکتی ہے۔

    جلد پر خارش کے شکار فرد کا تکیہ، تولیا، چادر، کنگھا، صابن اور ایسی تمام اشیاء الگ کر دیں، جو دوسرے بھی استعمال کرتے ہوں۔ اس طرح گھر کے دیگر افراد اس بیماری سے محفوظ رہیں گے۔ یاد رکھیے کہ خارش کا مرض تیزی سے پھیلتا ہے اور بچوں کو بھی لاحق ہو سکتا ہے۔ بچوں، خصوصاً کسی نومولود کی جلد انتہائی حساس ہوتی ہے اور خارش اسے تکلیف میں مبتلا کر سکتی ہے۔سردیوں میں خارش کے علاوہ سورائسز اور سر میں خشکی بھی پریشانی کا باعث بنتی ہے۔ سر میں خشکی کی وجہ سے بالوں کی جڑیں متأثر ہوتی ہیں اور یہ کم زور ہو کر گرنے لگتے ہیں۔ ایسا بھی ہوتا ہے کہ سر کی خشکی ہماری بھنووں اور کانوں تک پہنچ جاتی ہے اور اس سے بے چینی اور بے آرامی کی کیفیت جنم لیتی ہے۔

    طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سردیوں کے موسم میں ہاتھ منہ دھونے اور نہانے کے لیے بہت گرم پانی جلد کی خشکی کا سبب بنتا ہے۔ اس لیے جہاں تک ممکن ہو اس سے بچیں۔ سردیوں میں عمر رسیدہ افراد کی جلد زیادہ خشک ہوتی ہے۔ ان کے لیے نیم گرم پانی سے نہانے کے بعد پورے جسم کی جلد پر معیاری موسچرائزر استعمال کرنا ضروری ہے۔ بعض افراد کی جلد خشک اور حساس ہوتی ہے۔ انہیں خوش بو دار صابن کے بجائے فیس واش استعمال کرنا چاہیے۔

    اسی طرح چکنی جلد پر کولڈ کریم کا استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔ ایسے افراد اپنی جلد پر ناریل کا تیل لگا سکتے ہیں۔ سردیوں میں جلد کو تروتازہ اور شاداب رکھنے کے لیے رات کو سوتے وقت معیاری کولڈ کریم اور موسچرائزر کا استعمال کرنے سے جلد میں ضروری نمی برقرار رہتی ہے اور یہ طریقہ اسے سرد موسم کے اثرات سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سردیوں میں پانی کا زیادہ جب کہ گرم مشروبات کا استعمال کم کردینا چاہیے، کیوں کہ یہ جسم سے پانی کے اخراج کا باعث بنتے ہیں

  • گھر یلوصارفین گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان

    گھر یلوصارفین گیس کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان

    موسم سرما میں پاکستانی عوام دوہرےعذاب میں مبتلا ہیں ایک طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہوگئے ہیں تو دوسری جانب گیس کی لوڈشیڈنگ نے چولہے ٹھنڈے کردیئے ہیں۔

    ملک میں گیس کا شارٹ فال تیرہ سو ملین کیوبک فٹ ہوگیا گھریلو صارفین شدید کرب میں مبتلا ہیں، سوئی نادرن گیس کی جانب سے صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو ڈھائی ماہ کے لئے گیس کی سپلائی مکمل طور پر بند ہے، جب کہ سوئی سدرن نے بھی کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی کم کی ہوئی ہے۔

    اس کے باوجود گھریلو صارفین کو مکمل گیس نہیں مل رہی، کوئٹہ کراچی، لاہور،اسلام آباد، پشاور میں ایک طرف سردی زور پکڑ رہی ہے تو دوسری جانب بجلی اور گیس پریشرغائب ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانے سے کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کوگیس کی فراہمی کم ہونے سے کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں سات سات گھنٹے تک کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، پنجاب کے دیہی اورشہری علاقوں میں بھی اعلانیہ اورغیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث لوگوں کوشدید مشکلات کاسامنا ہے ۔
           

  • سوئی سدرن گیس کمپنی:موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار

    سوئی سدرن گیس کمپنی:موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار

    سوئی سدرن گیس کمپنی نے موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کر لیا ہے، کے ای ایس سی کو گیس سپلائی کم کرنے کے علاوہ صنعتوں کو دو روز اور سی این جی سیکٹر کو چار روز گیس کی بندش برداشت کرنا پڑے گی۔

    کمپنی زرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی کیلئے صنعتوں کو ہفتے میں دو دن اور سی این جی سیکٹر کو چار دن گیس سپلائی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    سوئی سدرن نے کے ای ایس سی کو گیس کی سپلائی بھی کم کردی ہے، کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے مطابق گیس کی فراہمی ایک سو پچاس ایم ایم سی ایف ڈی سے کم ہوکر اسی ایم ایم ایف سی ڈی پر آگئی ہے۔

    سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کے تحت فوجی فرٹیلائزر بن قاسم کو بھی اگلے ہفتے گیس کی فراہمی بند کرنے کا امکان ہے، حکام کے مطابق موسم سرما کی گیس کی طلب و رسد کے فرق کو دیکھتے ہوئے سوئی سدرن نے نیا لوڈ مینجمنٹ پروگرام ترتیب دیا ہے۔