Tag: موسم سرما

  • مزیدار گرما گرم پیٹھے کا حلوہ بنانے کی ترکیب

    مزیدار گرما گرم پیٹھے کا حلوہ بنانے کی ترکیب

    موسم سرما میں جسم کو غذائیت بخش پکوانوں کی ضرورت ہوتی ہے اور ایسے میں میٹھے کی اشتہا بھی بڑھ جاتی ہے۔

    اس موسم میں ضروری ہے کہ ایسی غذائیں کھائی جائیں جو جسم کو چکنائی اور توانائی فراہم کریں۔

    آج ہم آپ کو پیٹھے کا مزیدار حلوہ بنانے کی ترکیب بتا رہے ہیں جو لذیذ ہونے کے ساتھ ساتھ غذائیت بخش بھی ہے۔

    اجزا

    پیٹھا: 1 کلو

    گھی: 250 ملی لیٹر

    چینی: 250 گرام

    کھویا: 100 گرام

    سبز الائچی: 7 دانے

    کیوڑہ: کھانے کے 2 چمچے

    چاندی کے ورق: حسب ضرورت

    ترکیب

    پیٹھے کو چھیل کر کدو کش کر لیں اور ایک دیگچی میں ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں، اسے ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔

    جب پیٹھا گل جائے اور پانی خشک ہو جائے تو چینی ڈال کر کفیگر سے ہلاتے جائیں۔

    جب چینی کا پانی بھی خشک ہو جائے تو دیگچی کو چولہے سے نیچے اتار لیں۔

    اب کسی دوسری دیگچی میں گھی ڈال کر چولہے پر چڑھا دیں اور اس میں الائچی کے دانے نکال کر ڈال دیں۔

    گھی کڑ کڑا جائے تو اس میں پیٹھا ڈال دیں اور بھونیں۔

    جب خوشبو آنے لگے اور پیٹھے کا رنگ بادامی ہو جائے تو کھویا ڈال دیں اور بھونتے جائیں۔

    حلوہ گھی چھوڑ دے تو نیچے اتار لیں اور کیوڑہ ڈال کر ڈھکن بند کر دیں۔

    پانچ منٹ بعد کھول کر چاندی کے ورق لگائیں اور گرما گرم سرو کریں۔

  • موسم سرما میں گرم کپڑوں کی تقسیم، سعودی حکام کی ضروری ہدایت

    ریاض: موسم سرما میں مستحق افراد کو گرم کپڑوں کی تقسیم کے حوالے سے سعودی حکام نے کچھ ہدایات جاری کی ہیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے غیر منافع بخش شعبے نے اجازت نامے کے بغیر استعمال شدہ کپڑے جمع کرنے سے منع کیا ہے۔

    مرکز کا کہنا ہے کہ عوام سے براہ راست استعمال شدہ کپڑے جمع کرنا خلاف قانون ہے۔

    مرکز کی جانب سے کہا گیا ہے کہ عوام سے استعمال شدہ کپڑے جمع کرنے کا اختیار اجازت یافتہ مقامی خیراتی اداروں کے سوا کسی کو نہیں، اجازت یافتہ مقامی خیراتی ادارے طے شدہ ضوابط کے تحت عوام سے براہ راست استعمال شدہ کپڑے جمع کرسکتے ہیں۔

    مرکز کا کہنا ہے کہ بعض تجارتی اداروں نے اجازت کے بغیر استعمال شدہ کپڑے جمع کرنے کے لیے مختلف محلوں میں ڈبے رکھوا دیے ہیں، یہ عمل غیر قانونی ہے اور اس کا مقصد ان کپڑوں کی ری سائیکلنگ کے علاوہ کچھ نہیں۔

  • سعودی عرب: کس شہر کا درجہ حرارت صفر تک جا پہنچا؟

    سعودی عرب میں موسم سرما کی شدت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، طریف میں درجہ حرارت صفر سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کی پیشن گوئی کے مطابق پورے ملک میں درجہ حرارت کم ہوگیا، سب سے کم طریف میں رہا جہاں درجہ حرارت صفر ہوگیا۔

    جمعرات کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 30 سینٹی گریڈ جازان میں ریکارڈ کیا گیا۔

    موسمیات کے قومی مرکز کی رپورٹ کے مطابق نجران میں 28، قنفذہ اور وادی الدواسر میں 26، جدہ، بیشہ اور ینبع میں 24، الوجہ میں 23، مکہ مکرمہ میں 22، دمام، الخرج اور الاحسا میں 20 سینٹی گریڈ رہا۔

    علاوہ ازیں القریات میں درجہ حرارت 2، عرعر اور سکاکا میں 4، حائل میں 5، تبوک میں 6، رفحا میں 7، حفر الباطن میں 8، بریدہ، الباحہ، المجمعہ میں 9، الدوادمی، بیشہ اور العلا میں 10 سینٹی گریڈ درجہ حرارت رہا۔

  • کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ

    کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں سردی کی شدت برقرار ہے، دارالحکومت کوئٹہ میں منفی 2 جبکہ قلات اور زیارت میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار ہے، کوئٹہ میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    قلات اور زیارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ سرد ترین علاقے قرار پائے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق نوکنڈی دالبندین میں آج کم سے کم درجہ حرارت 3 درجہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تربت میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

  • یورپی یونین ممالک کا توانائی بحران پرقابوپانے کیلئے اہم اقدام

    یورپی یونین ممالک کا توانائی بحران پرقابوپانے کیلئے اہم اقدام

    برسلز: یورپی یونین (ای یو) نے توانائی بحران سے بچنے کے لیے قدرتی گیس کی قیمتوں کو محدود کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کےت مطابق یورپی یونین کے رکن ممالک نے توانائی کی فراہمی کی حفاظت کو یقینی بنانے کی کوشش میں بلاک میں قدرتی گیس کی قیمتوں کو 180 یورو (191 امریکی ڈالر) فی میگا واٹ گھنٹہ تک محدود کرنے  پر اتفاق کیا ہے۔

    یورپی یونین کے توانائی کے وزراء کے اجلاس کی صدارت کرنے والے جوزف سکیلا نے کہا کہ ہم گیس کی قیمت کی حد کے بارے میں ایک انتہائی اہم معاہدے تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ  اس طرح یورپ کے پاس اگلے موسم سرما کی تیاری اور شہریوں و کاروباری اداروں کو قیمتوں کے انتہائی اتار چڑھاؤ سے بچانے کے لیے اقدامات کا ایک پیکج ہوگا۔

    یورپی انرجی کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ وزراء نے مارکیٹ میں اصلاحات کے طریقہ کار کے لئے یورپی کمیشن کی تجویز کے  ایک سمجھوتے پر پہنچ کر توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ایک اور جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے۔

  • رواں موسم میں بے حد کم بارشوں کی پیشگوئی

    رواں موسم میں بے حد کم بارشوں کی پیشگوئی

    اسلام آباد: چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اس سیزن میں کم بارشیں ہوں گی، فروری تک ملک میں بہت کم بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ فروری تک ملک میں بہت کم بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

    سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اس سیزن میں کم بارشیں ہوں گی، دسمبر سے فروری تک درجہ حرارت معمول کے مطابق ہی رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ دسمبر کے آخری ہفتے یا جنوری میں کچھ علاقوں میں شدید سردی کی لہر آسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں اس وقت سردی کی لہر جاری ہے تاہم میدانی علاقوں میں سردی کی شدت کم ہے۔

    صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں اور سردی کی ہلکی سی لہر جاری ہے۔

  • موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    موسم سرما میں سیلاب متاثرین کو چھت کی فراہمی اولین ترجیح ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے مخیر حضرات سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسم سرما میں بے گھر لوگوں کو چھت فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ رواں موسم سرما میں بے گھر لوگوں کو چھت فراہم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی اور ان کو رواں موسم سرما میں چھت کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

    وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ میری ملک کے تمام مخیر حضرات سے گزارش ہے کہ بڑھ چڑھ کر حکومت کا ساتھ دیں، ہمیں اس مشکل وقت میں اپنے بہن، بھائیوں، بچوں اور بزرگوں کو قطعاً اکیلا نہیں چھوڑنا ہے۔

  • سردیوں میں ورزش کرنے کے زیادہ فائدے

    سردیوں میں ورزش کرنے کے زیادہ فائدے

    ہمارے جسم کو صحت مند رہنے کے لیے ہر موسم میں ورزش کی ضرورت ہے تاہم موسم سرما میں ہم سست ہوجاتے ہیں اور باہر جانے سے احتراز کرتے ہیں۔

    سردیوں میں ویسے بھی خوراک بڑھ جاتی ہے لہٰذا حرکت نہ ہونے اور صرف کھاتے رہنے سے ہم فربہ ہوجاتے ہیں۔

    سابق مسٹر پاکستان فدا حسین بلوچ نے اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں موسم سرما کے دوران کی جانے والی ورزشوں کے بارے میں بتایا۔

    فدا حسین کا کہنا تھا کہ وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے سردیوں کا موسم بہترین ہے کیونکہ سردیوں میں ہماری دھڑکن کی رفتار کم ہوتی ہے لہٰذا ہم ورک آؤٹ میں زیادہ طاقت صرف کرتے ہیں یوں ہم زیادہ کیلوریز جلاتے ہیں۔

    علاوہ ازیں سردیوں میں پسینہ بھی دیر سے آتا ہے لہٰذا ہم زیادہ ورزش کرسکتے ہیں، بہ نسبت گرمیوں کے جب تھوڑی سی ورزش میں ہی ہمارے پسینے بہہ جاتے ہیں۔

    فدا حسین نے کہا کہ باقاعدہ ورک آؤٹ سے قبل وارم اپ یا جسم کو گرم کرنا بہت ضروری ہے ورنہ سخت ورزش سے نقصان پہنچ سکتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نیا نیا ورک آؤٹ شروع کرنے والے افراد چہل قدمی سے وارم اپ کریں اور زیادہ بھاری ورزشیں کرنے سے گریز کریں۔

  • سردیوں میں بالوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے طریقے

    سردیوں میں بالوں کو ٹوٹنے سے بچانے کے طریقے

    سرد موسم میں جلد اور بال اپنی قدرتی شادابی کھونے لگتے ہیں اور اضافی توجہ مانگتے ہیں، لہٰذا اس موسم میں جلد اور بالوں کا زیادہ خیال رکھنا چاہیئے۔

    اس موسم میں بالوں میں خشکی ہونے لگتی ہے اور اس وجہ سے بال جھڑنے بھی لگتے ہیں۔

    کچھ طریقے ہیں جنہیں اپنا کر بالوں کی حفاظت کی جاسکتی ہے اور ان کے ٹوٹنے میں کمی کی جاسکتی ہے۔

    کیفین کا استعمال کم سے کم کریں

    سردیوں میں پانی کا استعمال کم اور گرم رہنے کے لیے کیفین زیادہ استعمال ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے بالوں اور سر کی جلد میں خشکی بڑھ جاتی ہے۔

    کوشش کریں کہ چائے کافی کا استعمال بہت کم کیا جائے اور اس کے بجائے سادہ پانی اور موسمی سبزیاں اور پھلوں کا استعمال کیا جائے۔

    تیل لگائیں

    بالوں میں خشکی نہ پیدا ہونے دیں، اس کے لیے سرسوں یا ناریل کا تیل رات میں لگایا جائے اور صبح سر دھولیں اور اس کے بعد کنڈیشنر کا استعمال بھی لازمی کریں۔

    تیل اور پانی کا اسپرے

    کیسٹر آئل اور کوکونٹ آئل کو تھوڑا تھوڑا لے کر اسپرے بوتل میں ڈالیں اور پھر پانی بھر کر ہلائیں، نہانے کے بعد بالوں میں اسپرے کرلیں تو بال ٹوٹیں گے نہیں، مکمل خشک نہیں ہوں گے اور چمکدار بھی ہوجائیں گے۔

    زیتون کا تیل اور انڈا

    ہفتے میں کم سے کم ایک بار انڈا اور زیتون کا تیل ملا کر سر میں لگائیں اور ایک گھنٹے بعد سر دھوئیں، اس سے بالوں میں پروٹین کی کمی نہیں ہوگی۔

    گرم پانی کم استعمال کریں

    کوشش کریں کہ سر سادے پانی سے دھوئیں، اگر سردی بہت زیادہ ہو تو بھی سر دھوتے ہوئے تیز گرم پانی کے بجائے نیم گرم پانی استعمال کریں۔

  • بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

    بلوچستان کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی ہوگیا

    کوئٹہ: صوبہ بلوچستان میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیارت میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قلات منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ صوبے کا سرد ترین علاقہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت 1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گوادر میں درجہ حرارت 13 جبکہ جیونی میں 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔