Tag: موسم سرما

  • موسم سرما میں جلد کو خشکی سے بچانے کا نہایت آسان طریقہ

    موسم سرما میں جلد کو خشکی سے بچانے کا نہایت آسان طریقہ

    موسم سرما میں جلد کی خشکی نہایت عام مسئلہ ہے جس کے لیے مختلف ٹوٹکے اور کریمز استعمال کیے جاتے ہیں، تاہم گھر میں موجود معمولی اشیا اس مسئلے سے نہایت آسانی سے نجات دلا سکتی ہیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ڈاکٹر بلقیس نے سردیوں میں جلد کو خشکی سے بچانے کے لیے نہایت آسان طریقہ بتایا۔

    ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ ایک عدد انڈے کی زردی، 1 چمچ ویسلین اور 1 چمچ سرسوں کا تیل ملا لیں اور اسے ہاتھوں اور چہرے پر لگائیں۔

    انہوں نے بتایا کہ اس آمیزے سے انڈے کی بو بالکل نہیں آئے گی کیونکہ سرسوں کے تیل کی بو انڈے کی بو کو ختم کردے گی۔ اسے سیرم کی لگایا جائے یعنی لگا کر مساج کی طرح سے جذب کرلیا جائے۔

    ڈاکٹر بلقیس کا کہنا تھا کہ یہ جلد کے خلیات میں ہونے والی ٹوٹ پھوٹ کے لیے بہترین ہے اور خلیوں کی مرمت کرتا ہے جس سے جلد تر و تازہ اور نم رہتی ہے۔

    یہ آمیزہ آنکھوں کے گرد بھی لگایا جاسکتا ہے جبکہ ہاتھوں پیروں اور پورے جسم پر لگایا جاسکتا ہے، اسے رات میں لگا کر صبح معمول کے مطابق غسل کرلیا جائے تو یہ آمیزہ بہترین نتائج دے گا۔

  • موسم سرما میں ہونٹوں کو خشکی سے بچانے کا آسان حل

    موسم سرما میں ہونٹوں کو خشکی سے بچانے کا آسان حل

    موسم سرما میں ہونٹوں کی خشکی اور کھردرا پن عام مسئلہ ہے جس سے نجات کے لیے مختلف ٹوٹکے اور بازاری پروڈکٹس استعمال کی جاتی ہیں۔

    ہونٹوں کو خشکی سے بچانا ضروری ہے ورنہ ہونٹ پھٹنے لگتے ہیں اور ان سے خون رسنے لگتا ہے، یہ ایک طرف تو چہرے کو بدنما بنا دیتا ہے تو دوسری کچھ کھانا پینا بھی نہایت مشکل ہوجاتا ہے۔

    روزانہ میک اپ کا استعمال کرنے والی خواتین کے لیے یہ اور بھی بڑا مسئلہ بن جاتا ہے کیونکہ موسم کی خشکی اور روزانہ لپ اسٹک کا استعمال ہونٹوں کی خرابی میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔

    تاہم ان مسائل کا حل نہایت آسان ہے، اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں میک اپ آرٹسٹ وقار حسین نے اس کا نہایت آسان حل بتایا۔

    وقار کا کہنا تھا کہ مہنگی پروڈکٹس خریدنے کے بجائے گھر میں موجود اشیا سے ہی ان تمام مسائل کا حل مل سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ممکن ہے تو لپ اسٹک کے استعمال سے پہلے لپ اسکربر کا استعمال کیا جائے۔

    انہوں نے بتایا کہ میک اپ سے قبل لگایا جانے والا پرائمر اگر لپ اسٹک کے ساتھ مکس کر کے لگایا جائے تو ہونٹ نم اور تر و تازہ رہتے ہیں، پرائمر نہ ہو تو پیٹرولیم جیلی بھی یہی کام سر انجام دے سکتی ہے۔

    اس موقع پر شو کی مہمان جویریہ سعود نے بھی ایک ٹپ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ اگر ملائی میں لیموں اور خشخاش ملا کر اس سے چہرے کا مساج کیا جائے تو اس سے چہرے اور ہونٹوں کی ڈیڈ اسکن نکل جاتی ہے اور چہرہ شفاف ہوجاتا ہے۔

  • گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    کرک: خیبر پختون خوا کے شہر کرک کے نواحی علاقے میں گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، جس میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں کرک کے نواحی علاقے خڑے میں گھر میں گیس لیکیج سے دھماکا ہوا، جس سے گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ گھر کے انہدام سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    زخمی خاتون کو  ایمبولنس کی طرف لے جایا جا رہا ہے

    ملبے تلے آ کر زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں تین کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکو 1122 اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔

    زخمیوں کو خیبر پختون خوا کی سرکاری ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    خیال رہے کہ ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکیج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں آئے روز گیس لیکیج سے دھماکوں کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں اور متعدد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ ماہ کے آغاز میں بھی خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔

  • برف باری، سیلاب، مکانات اور تودے گرنے سے 28 افراد جاں بحق

    برف باری، سیلاب، مکانات اور تودے گرنے سے 28 افراد جاں بحق

    چمن/مظفر آباد: برف باری، بارش اور سیلابی صورت حال نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے، تودے گرنے سمیت مختلف واقعات میں 28 افراد جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں تودے، چھتیں، دیواریں گرنے، اور کرنٹ لگنے سے کم از کم اٹھائیس افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہو گئے ہیں، وادیٔ نیلم میں تودے گرنے سے جاں بحق افراد کی تعداد 14 ہو گئی۔

    آزاد کشمیر میں متعدد مکانات، دکانیں اور مسجد بھی تباہ ہو گئی، سرگن بکولی میں برف باری میں پھنسے 10 افراد لا پتا ہو گئے ہیں، بلوچستان کے شہر ژوب میں 2 مکانوں کی چھتیں گرنے سے 8 افراد جان سے گئے، چمن میں منگنی کی تقریب کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوئے جب کہ راولا کوٹ میں کرنٹ لگنے سے ایک شہری جان سے گیا۔

    آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری نے تباہی مچا دی ہے، بھاری جانی و مالی نقصان ہوا، وزیر اعظم آزاد کشمیر کو بارش اور برف باری سے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ ارسال کر دی گئی، یہ رپورٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیار کی، رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں بارش اور برف باری سے 12 افراد جاں بحق، 12 زخمی ہوئے، 16مکانات مکمل، 14 جزوی متاثر ہوئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں 4 دکانوں کو نقصان پہنچا، ایک مسجد شہید اور 3 گاڑیاں تباہ ہو گئیں، وادی نیلم میں 14 مکانات مکمل، 6 جزوی تباہ، 4 دکانیں متاثر ہوئیں، راولا کوٹ میں ایک مکان تباہ جب کہ ایک خاتون جاں بحق ہوئی، سدھنوتی میں ایک شخص جاں بحق، ایک مکان مکمل، دو جزوی تباہ ہوئے، مظفر آباد کے علاقے اپر طارق آباد میں لینڈ سلائیڈنگ سے 6 مکانات کو نقصان پہنچا۔

  • سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    کراچی: ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے شہروں میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکوں میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 13 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع لیہ کے شہر چوک اعظم کے علاقے کوٹ سلطان میں گھر کے کمرے میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے، جب کہ ایک متاثرہ بیٹے کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکج کی وجہ سے دھماکا ہوا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔

    ادھر سندھ کے شہر نوشہروفیروز کے علاقے محراب پور کے ایک گھر میں بھی گیس لیکج سے دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 5 افراد زخمی ہو گئے، کمرے میں آگ لگنے سے جھلسنے والوں میں میاں بیوی اور 3 بچے شامل ہیں۔ زخمیوں کو تشویش ناک حالت میں نواب شاہ منتقل کیا گیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کمرے میں ہیٹر کے باعث گیس بھر جانے سے آگ لگی۔

    زخمیوں کو پہلے محراب پور اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہاں برن شعبہ نہ ہونے کے باعث انھیں نوابشاہ لے جایا گیا۔ پولیس کے مطابق کمرے میں گیس بھرنے کی وجہ سے صبح آگ جلانے پر گھر میں آگ لگ گئی اور آگ لگتے ہی دھماکا ہوا جس سے کمرے کی چھت کا ایک حصہ بھی اڑ گیا۔

  • سردی میں اضافہ، 5 جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کی اپیل

    سردی میں اضافہ، 5 جنوری تک چھٹیوں میں اضافے کی اپیل

    کراچی: سردی میں اضافے کو دیکھتے ہوئے سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے 5 جنوری تک چھٹی میں اضافے کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے سردیوں کی تعطیلات 5 جنوری تک بڑھانے کی درخواست کر دی ہے، ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی کا کہنا تھا سائبیرین ہواؤں کی وجہ سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے، چھٹیوں میں اضافہ کیا جائے۔

    چیئرمین نے کہا کہ جنوری میں سردی زیادہ ہوتی ہے، اسکولوں کے اوقات بھی تبدیل کیے جائیں، صبح کے اسکولز کے اوقات 8:30 سے ڈیڑھ بجے تک کیے جائیں، جب کہ دوپہر کے اسکولز کے اوقات ایک سے ساڑھے 4 بجے تک کیے جائیں۔

    سندھ حکومت کا اسکولوں کی چھٹیاں نہ بڑھانے کا اعلان

    خیال رہے کہ گزشتہ سال کے آخری دن حکومت سندھ نے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سیکریٹری تعلیم سندھ احسن منگی نے کہا کہ سندھ کے اسکولوں میں موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، اسکول یکم کو معمول کے مطابق کھلیں گے۔ کراچی میں آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ نے بھی یکم سے اسکول معمول کے مطابق کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    واضح رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیش تر حصوں میں سردی میں اچانک اضافے کے بعد یہ امید کی جا رہی تھی کہ سندھ کے اسکولوں میں ایک ہفتے کا اضافہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب سردی میں اضافے کے بعد کے پی کے کے اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیاں 7 جنوری تک بڑھا دی گئی ہیں۔

  • شدید سردی میں کراچی میں بوندا باندی، پنجاب میں بھی بارش کی پیش گوئی

    شدید سردی میں کراچی میں بوندا باندی، پنجاب میں بھی بارش کی پیش گوئی

    کراچی: ملک میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی شروع ہو گئی ہے، پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سویرے بوندا باندی سے سردی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے، جن علاقوں میں بوندا باندی ہوئی ہے ان میں سائٹ، بلدیہ، صدر، ہاکس بے، اورنگی ٹاؤن، ایف بی ایریا اور نارتھ کراچی شامل ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج کراچی میں دن بھر مطلع جزوی ابر آلود اور سرد رہے گا، آج کم سے کم درجہ حرارت 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، موجودہ درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے، ہوائیں 34 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 41 فی صد ہے، کوئٹہ کی شمال مشرقی سمت سے چلنے والی ہواؤں سے سردی بڑھ گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے آج پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، نارووال، سیالکوٹ، راولپنڈی اور سرگودھا کے اضلاع میں بھی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ لاہور شہر میں دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے، لاہور میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 17 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

    ادھر کوئٹہ شہر اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی برف باری شروع ہو گئی ہے، صبح 5 بجے سے ہلکی برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

  • شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    اسکردو: ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شدید سردی کے سبب شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے ہیں، آئندہ 24 گھنٹے کے بعد موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ کل سے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی اسکردو ملک کا سرد ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ ٹھنڈ بڑھنے سے بلتستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    شیلا، گلتری اور شغر تھنگ کا زمینی رابطہ ایک ماہ سے بدستور بند ہے اور لوگوں نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔

  • گلگت میں سرمائی کھیلوں کی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی

    گلگت میں سرمائی کھیلوں کی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی

    گلگت: ملک بھر سے آنے والے اسکیئرز گلگت بلتستان میں واقع دلکش نلتر اسکی ریزورٹ پہنچ گئے، کھیلوں کی گہماگہمی عروج پر پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ابتدائی طور پر پرجوش اسکیئرز نے خوشگوار موسم میں اس دلفریب اسکی سلوپ پر مختلف پریکٹس سیشنز میں حصہ لیا، نوجوان اسکیئرز ان مقابلوں میں شرکت کے لیے کافی پرجوش دکھائی دیئے۔

    انہوں نے اس بات کا اظہار بھی کیا کہ پاک فضائیہ نے اس ریزورٹ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایا ہے یہاں پر انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد سے انہیں اپنے کھیل کو مزید بہتر بنانے میں مدد حاصل ہوگی۔

    ونٹر اسپورٹس سیزن کا پہلا ایونٹ سعدیہ خان اسکی کپ ہے جو 27 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ اور ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان کے تعاون سے ہونے والے اس سیزن میں ا سکیئنگ، فگر اسکیٹنگ، آئس ہاکی اور سنو بورڈنگ جیسے سرمائی کھیل کھیلے جائیں گے۔

    اس سیزن کے اہم مقابلوں میں شاہ خان اسکی کپ، نیشنل اسکی چمپئن شپ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی چمپئن شپ شامل ہیں۔ ان کے علاوہ چیف آف ائیر اسٹاف قراقرم الپائن انٹر نیشنل اور مالم جبہ انٹرنیشنل اسکی چمپئن شپ میں بین الاقوامی کھلاڑی بھی اپنے جوہر دکھائیں گے۔

    ان کھیلوں سے نہ صرف ملک میں سیاحت کو فروغ ملے گا بلکہ انٹرنیشنل کھیلوں کے انعقاد کی راہیں بھی ہموارہونگی۔

  • گلگت بلتستان خشک سردی کی لپیٹ میں، موسم انتہائی سرد

    گلگت بلتستان خشک سردی کی لپیٹ میں، موسم انتہائی سرد

    چلاس: بالائی علاقوں میں خون جما دینی والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی ہے، گلگت بلتستان کو خشک سردی نے پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس کے باعث موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیاحتی مقام بابوسر میں پارہ منفی 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، بالائی علاقوں میں موسم انتہائی سرد ہو گیا ہے، خون جما دینے والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی۔

    اسکردو میں درجہ حرارت منفی 16، استور میں درجہ حرارت منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے، گوپس میں پارہ منفی 9، بگروٹ میں منفی 7، گلگت میں منفی 5 اور چلاس میں منفی 3 ڈگری تک گر گیا۔

    شدید سردی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہو گئے ہیں، گرم ملبوسات اور خشک لکڑی کی مانگ بڑھ گئی۔ خشک لکڑی کی فی من قیمت 700 روپے تک جا پہنچی، جس پر انتظامیہ خاموش ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں آج بھی موسم انتہائی سرد رہے گا۔