Tag: موسم سرما

  • پنجاب: لنڈا بازاروں کی رونقیں بڑھ گئیں

    پنجاب: لنڈا بازاروں کی رونقیں بڑھ گئیں

    لاہور: پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث لنڈا بازاروں کی رونقیں بھی بڑھ گئی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید سردی کی وجہ سے لنڈا بازار آباد ہو گئے ہیں، گرم کپڑوں کے سستے بازاروں میں عوام کی چہل پہل بڑھ گئی ہے۔

    ادھر کوٹ مٹھن کے لنڈا بازاروں کا رخ کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ موسم کی سختیوں سے بچنے کے لیے گرم کپڑے انتہائی ضروری ہیں اور یہاں سے کم داموں اچھی چیز مل جاتی ہے۔

    تازہ ترین:  سردی میں اضافے کے ساتھ ملک بھر میں گیس بحران بھی سنگین ہو گیا

    سردی کی لہر کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں مہنگائی کی زبردست لہر بھی چل رہی ہے، لنڈا بازار بھی اس سے بچ نہیں سکے ہیں، پرانے گرم کپڑے بھی مہنگے کر دیے گئے ہیں۔

    لنڈا بازار کے دوکان داروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات بڑھنے کی وجہ سے گرم کپڑے پہلے کی نسبت کچھ مہنگے کرنا ان کی مجبوری بن چکا ہے لیکن پھر بھی عام بازار سے یہاں پر چیزیں بہت سستی ملتی ہیں۔

    لنڈا بازاروں میں جرسی، سوئیٹر، کوٹ سمیت مختلف اشیا کی خریداری میں شہری مصروف نظر آتے ہیں تو سردی بڑھنے کے باعث دوکان داروں کی بھی چاندی ہو گئی ہے، جما دینے والی اس سردی میں متوسط طبقے کے لیے لنڈا بازار کسی نعمت سے کم نہیں۔

  • سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    کراچی: صوبہ سندھ کے تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ سندھ کے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

    سندھ حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    اس سے قبل حکومت پنجاب نے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 5 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ پنجاب حکومت کے مطابق تمام اسکول 6 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال سندھ بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں 22 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات کی گئی تھیں۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مری اور دیگر مقامات پر برفباری بھی شروع ہو چکی ہے۔

  • پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان

    لاہور: صوبہ پنجاب کے تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا، حکومت کی جانب سے تعطیلات کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ پنجاب کے سرکاری اور نجی سرکاری تعلیمی اداروں میں 20 دسمبرسے 5 جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق تمام اسکول 6 جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

    دوسری جانب ملک بھر میں موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ مری اور دیگر مقامات پر برفباری بھی شروع ہو چکی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال بھی پنجاب بھر کے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں میں 24 دسمبر سے 31 دسمبر تک موسم سرما کی تعطیلات کی گئی تھیں۔ تاہم سرد موسم اور شدید دھند کی وجہ سے اسے 15 جنوری تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ موسم سرما کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ موسمی حالات کے پیش نظر کیا گیا۔ حکومت کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی چھٹیاں شدید دھند اور سردی کے باعث 6 جنوری سے 15 جنوری تک بڑھائی جا رہی ہیں۔

  • امریکا سے کروڑوں تتلیوں کی ہجرت

    امریکا سے کروڑوں تتلیوں کی ہجرت

    امریکا کے سرد شمالی علاقوں سے کروڑوں تتلیاں میکسیکو کی طرف ہجرت کر گئیں۔ لاتعداد اڑتی تتلیوں نے آسمان کو ڈھانپ کر اسے اپنے رنگ میں رنگ لیا۔

    ہر سال کی طرح اس سال بھی کم و بیش ایک ارب تتلیاں شمالی امریکا سے نقل مکانی کر کے میکسیکو پہنچ گئی۔

    مونارک نسل کی یہ تتلیاں ہر سال نومبر میں 4 ہزار کلو میٹر کا سفر طے کر کے سردیاں گزارنے میکسیکو کے گرم علاقے میں پہنچتی ہیں، جہاں سورج کی گرماہٹ سمیٹنے کے ساتھ ساتھ اپنی افزائش نسل بھی کرتی ہیں۔

    سیاہ اور نارنجی رنگ کی یہ تتلی امریکا اور کینیڈا میں بڑی تعداد میں موجود ہیں تاہم ہر سال یہ موسم سرما میں گرم علاقوں کی طرف ہجرت کرتی ہیں اور سردیاں ختم ہونے پر واپس لوٹ آتی ہیں۔

    اس ہجرت کے دوران طویل سفر اور غذائی قلت کی وجہ ان تتلیوں کی بڑی تعداد اپنی منزل پر پہنچنے سے قبل ہی موت سے ہمکنار ہوجاتی ہے۔ اوسطاً ہر 10 میں سے 4 تتلیاں اپنی منزل پر پہنچنے سے قبل دم توڑ دیتی ہیں۔

    اس تتلی کی اوسط عمر بھی 2 سے 6 ہفتوں پر محیط ہے جس کے دوران یہ 250 سے ایک ہزار کے قریب انڈے دے سکتی ہیں۔

    اس تتلی کی افزائش کا خلا میں بھی کامیاب تجربہ کیا جاچکا ہے۔

  • سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں شکار

    سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں شکار

    سکھر: روس کے سرد ترین علاقے سائبیریا سے آئے ہوئے نایاب مہمان پرندوں کا سکھر میں بے دردی سے شکار ہونے لگا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سکھر میں شکاریوں نے سائبیریا کے نایاب مہمان پرندوں کا شکار شروع کر دیا ہے، لنگھ جھیل قمبر پر غیر قانونی طور پر مہمان پرندوں کا شکار جاری ہے۔

    محکمہ وائلڈ لائف افسران مبینہ طور پر رشوت کے عوض خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، جس پر سول سوسائٹی نے نایاب پرندوں کی نسل کشی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کے افسران اور ریڈ پارٹی انچاج نے مبینہ طور پر رشوت لے کر شکاریوں کو چھوٹ دی ہوئی ہے، شکاری سائبیریا سے آئے نایاب مہمان پرندوں کا جھیلوں پر پہنچتے ہی شکار کر رہے ہیں۔

    سول سوسائٹی کا کہنا ہے کہ سکھر میں شکار کیے گئے پرندے بیوپاری کو فروخت کیے جا رہے ہیں، شکار سے نایاب پرندوں کی نسل کشی ہو رہی ہے، جس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی پاکستان کے مختلف علاقوں میں دیگر ممالک سے موسم سرما میں آنے والے مہمان پرندوں کا بے دردی سے شکار ہوتا رہا ہے، جس کے لیے حکومت کی جانب سے کوئی حکمت عملی اختیار نہیں کی گئی۔

  • کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہونے کو ہے

    کراچی میں موسم سرما کی پہلی بارش ہونے کو ہے

    اسلام آباد: موسم سرما کی آمد کے بعد ملک بھر میں درجہ حرارت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، محکمہ موسمیات نے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد شہر قائد میں بھی بارش کی نوید سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، بابو سر ٹاپ میں درجہ حرارت منفی 8 اور فیئری میڈوز میں منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا۔

    استور میں منفی 4، گوپس میں منفی 3 اور ہنزہ میں منفی 2 سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا بھی امکان ہے۔

    دوسری جانب صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں علی الصبح شہر کا درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 54 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شہر کا مطلع آج جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ شہر میں آج رات یا کل صبح سے ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

    گلگت بلتستان اور کراچی کے علاوہ بھی محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابر آلود جبکہ سندھ کے بعض اضلاع، شمال مشرقی بلوچستان، جنوبی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخواہ میں چند مقامات پر گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری ہونے کی پیشنگوئی کی ہے۔

  • ملک بھر میں جاڑے کا راج، شمالی علاتوں میں کڑاکے کی سردی

    ملک بھر میں جاڑے کا راج، شمالی علاتوں میں کڑاکے کی سردی

    کراچی: ملک بھر میں سردی جاڑے کا راج پھیل گیا ہے، بالائی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑنے لگی ہے، استور میں درجہ حرارت منفی 5، ہنزہ منفی 4 اور اسکردو میں منفی 2 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے شمالی علاقوں میں کڑاکے کی سردی پڑ رہی ہے، بعض علاقوں میں درجہ حرارت منفی دو تک گر گیا ہے، بلوچستان میں بھی سرد موسم نے ڈیرے ڈال دیے، قلات میں درجہ حرارت منفی 3 جب کہ کوئٹہ منفی 1 رہنے کا امکان ہے۔

    کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں نے موسم بدل دیا ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری رہنے کا امکان ہے، راتیں سرد اور صبح سویرے خنکی بڑھ گئی، لاہور میں بھی سردی بڑھنا شروع ہو گئی ہے، آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    یہ بھی پڑھیں:  دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری، سردی کی شدت میں اضافہ

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک بھر میں موسم خشک رہے گا، مختلف شہروں میں خنکی میں اضافہ ہو رہا ہے، ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسم خشک جب کہ بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، قلات، زیارت اور شمالی علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

    واضح رہے کہ چند دن قبل شمالی علاقوں کے پہاڑوں پر خوب برف باری بھی ہوئی ہے، گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے بالائی پہاڑوں پر برف باری نے سردی کی شدت میں اضافہ کیا، بالائی علاقوں بابو سرٹاپ، بھٹو گاہ ٹاپ، نانگا پربت اور دیامر کے سیاحتی مقام فیئری میڈو میں بھی برف باری ہوئی۔

  • کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی میں سردی لوٹ آئی

    کراچی: شہرقائد میں سردی کی پہلی لہر نے ہی کراچی کو ٹھنڈاٹھار کردیا، علی الصبح درجہ حرارت 19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی نے اپنی موجودگی کا احساس دلا دیا، صبح سویرے شہر میں ٹھنڈ پڑی، موسم سرما کی آمد سے گرم کپڑوں کی مانگ میں بھی اضافہ ہوگیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں علی الصبح درجہ حرارت19ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت31ڈگری رہنے کا امکان ہے۔

    سمندری ہوائیں بحال ہونے کے بعد نمی کے تناسب میں واضح کمی واقع ہوئی، ہوا میں نمی کا تناسب39فیصد ہے، شہر کا مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا، صبح وشام کے اوقات میں ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد اور خشک ہوگا۔

    تین روز قبل ہی محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ سمندری طوفان ماہا کراچی سے 675 کلوميٹر دور ہے، کراچی ميں7 نومبر سے جزوی سردی کی لہر داخل ہورہی ہے، سردی کی اس لہر کے دوران درجہ حرارت18 سے 20 ڈگری تک جاسکتا ہے۔

    کراچی کے شہری سردی کی واپسی پر خوش ہيں، جبکہ ٹھنڈ بڑھنے سے خشک ميوہ جات، سوپ اور مچھلی بيچنے والوں کی بھی چاندی ہوجائے گی۔

  • منگولیا میں زندہ رہنے کا جشن

    منگولیا میں زندہ رہنے کا جشن

    چین اور روس کے درمیان واقع ملک منگولیا میں جسے نیلے آسمان کی سرزمین کہا جاتا ہے، ہر سال زندہ رہنے کا جشن منایا جاتا ہے۔

    ہر سال مارچ میں جب موسم سرما اپنے اختتام پر پہنچتا ہے تو منگولیا کے لوگ جشن مناتے ہیں کہ خدا نے انہیں شدید موسم سرما میں بھی محفوظ رکھا۔

    یہ جشن منگولیا کی کفگول جھیل پر منایا جاتا ہے، یہ جھیل شمالی منگولیا میں واقع ہے اور ملک کی سب سے بڑی میٹھے پانی کی جھیل ہے جو سردیوں میں برف بن جاتی ہے۔ 2 ہزار 6 سو 20 اسکوائر کلومیٹر کے رقبے پر واقع اس جھیل کو منگولیا کا نیلا موتی کہا جاتا ہے۔

    موسم سرما میں جب یہاں کا اوسط درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا جاتا ہے تب یہ جھیل سخت برف میں تبدیل ہوجاتی ہے۔ اس وقت اس پر لوگ، جانور حتیٰ کہ گاڑیاں بھی سفر کرتی ہیں۔

    دن کے آغاز پر لوگ اس جھیل کو تعظیم پیش کرتے ہیں اس کے بعد اس پر اپنا سفر شروع کرتے ہیں، ان کے عقیدے کے مطابق تعظیم پیش کرنے کے بعد یہ جھیل سفر کے لیے محفوظ ہوجاتی ہے۔

    مارچ میں ملک کے دور دراز حصوں سے سفر کر کے لوگ یہاں پہنچتے ہیں اور سال کے سب سے مشکل وقت کے خاتمے کا جشن مناتے ہیں۔ دو روزہ اس جشن میں جھیل پر کئی مقابلے منعقد کیے جاتے ہیں۔

    رات کے وقت ضیافت کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں گھوڑی کا دودھ اور مقامی پکوان پیش کیے جاتے ہیں۔ نہ صرف مقامی افراد بلکہ دنیا بھر سے سیاحوں کو بڑی تعداد اس جشن میں شامل ہونے کے لیے یہاں پہنچتی ہے۔

  • ملک کے پہاڑی علاقوں میں سردیوں کی تعطیلات میں توسیع

    ملک کے پہاڑی علاقوں میں سردیوں کی تعطیلات میں توسیع

    پشاور: محکمہ تعلیم نے پہاڑی علاقوں میں سردیوں کی چھٹیوں میں دس مارچ تک کی توسیع کردی ہے، موسمِ سرما کی تعطیلات فروری کے اختتام پر ختم ہوتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق  ملک کےبالائی علاقوں میں ہونے والی بارشوں اور برف باری کے سبب  محکمہ تعلیم نے سردیوں کی چھٹیوں میں توسیع کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔

    محکمہ موسمیاست کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیرکے پہاڑوں پر برفباری  اور بارشوں کا سلسلہ مارچ شروع ہونے کے باوجود تاحال جاری ہے جس کے سبب نظام زندگی مشکلات کا شکار ہے۔

    پہاڑی اوردوردرازعلاقوں میں  طلبہ و طالبات کی مشکلات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ پہاڑی علاقوں میں جہاں شدید برف باری اور طویل موسم سرما ہوتا ہے ، وہاں سردیوں کی چھٹیاں تین ماہ تک جاری رہتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کی مزید بارشوں اور برف باری کی پیش گوئی

    سردیوں کا سلسلہ یکم دسمبر سے شروع ہوتا ہے اور 28 فروری تک جاری رہتا ہے ، تاہم تاحال ہونے والی تیز بارشوں اور برف باری کے سبب اس شیڈول میں دس دن کی توسیع کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں بالائی خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، خضدار، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا کے علاقے  چترال، بالاکوٹ08، دیر، میرکھانی، کاکول05، سیدوشریف، پٹن02، دروش، چراٹ01ملی میٹر ، گلگت بلتستان کے علاقے بگروٹ06،اور چلاس01 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ بگروٹ میں دو انچ برف باری بھی ہوئی ہے۔

     آج ریکارڈ کیےگئےسرد ترین مقامات کا درجہ حرارت کچھ یوں رہا۔ کالام، بگروٹ منفی06، پاراچنار منفی05، مالم جبہ، سکردو منفی04، گوپس، ہنزہ، استور منفی03ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔