Tag: موسم کا حال

  • سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی اور حبس

    سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی اور حبس

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث دن میں گرمی اور حبس ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بیش تر حصوں میں آج موسم خشک رہے گا جب کہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی میں بھی آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مظفر آباد اور گلگلت بلتستان میں ہلکی بارش کا امکان ہے، جب کہ اسلام آباد، لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں مطلع صاف رہے گا۔

    کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے، آج درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

  • بدھ 8 فروری: موسم کا حال

    بدھ 8 فروری: موسم کا حال

    کراچی: ملک کے اکثر بڑے شہروں میں آج مطلع صاف رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بدھ 8 فروری کو اسلام آباد، مری، اور مظفر آباد میں بادل جب کہ کراچی، لاہور اور پشاور میں مطلع صاف اور موسم خشک رہے گا۔

    موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہے گا، گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا اور بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب میں سردی کا زور ٹوٹ گیا ہے، جب کہ بلوچستان اور کے پی میں بھی سردی میں کمی آ چکی ہے۔

  • آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کا حال

    آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم کا حال

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیش تر شہروں میں موسم گرم اور خشک رہا، تاہم بالائی خیبر پختون خوا میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

    سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

    این ایف آر سی سی کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے، جب کہ بالائی کے پی میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔

    نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈنیشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران انفرا اسٹرکچر کو مزید کوئی نقصان نہیں پہنچا، سیلاب سے کل 13 ہزار 98 کلو میٹر سڑکیں اور 440 پلوں کو نقصان پہنچا ہے۔

    متاثرہ اضلاع میں قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، خیرپور، دادو، نوشہرو فیروز، ٹھٹھہ، بدین، کوئٹہ، نصیر آباد، جعفرآباد، جھل مگسی، بولان، صحبت پور، لسبیلہ، دیر، سوات، چارسدہ، کوہستان، ٹانک، ڈی آئی خان، ڈی جی خان اور راجن پور شامل ہیں۔

  • ملک بھر میں بارشیں، کراچی میں بھی امکان، بلتستان میں برف باری پھر شروع

    ملک بھر میں بارشیں، کراچی میں بھی امکان، بلتستان میں برف باری پھر شروع

    کراچی: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشیں شروع ہو گئی ہیں، کراچی میں بھی آج بارش کا امکان ہے، جب کہ بلتستان میں ایک بار پھر برف باری شروع ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں آیندہ 24 گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش سے سردی میں اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت 9 ڈگری تک گر سکتا ہے، مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 24 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 10 کلو میٹر، نمی کا تناسب 75 فی صد ریکارڈ کیا گیا، شہر میں سائبیریائی ہوا کا سسٹم بدھ سے ہفتے تک رہے گا۔

    راولپنڈی میں آسمان پر کالے بادل چھا گئے ہیں، بعض علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ لاہور شہر اور نواحی علاقوں میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا، آیندہ 24 گھنٹوں میں وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی ہے، جھنگ شہر اور گرد و نواح میں بھی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ، جلالپور بھٹیاں، جڑانوالہ، گوجرانوالہ، کہروڑ پکا، چیچہ وطنی، فیروزوالا، پھول نگر، شیخوپورہ، فیصل آباد، کالا باغ اوکاڑہ، رینالہ خورد، شور کوٹ، گجرات، سکھیکی میں بارشیں ہوئیں جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔

    خیبر پختون خوا کے شہر بٹگرام کے مختلف علاقوں اور مالاکنڈ میں بھی بارش ہوئی ہے جب کہ بالائی علاقوں میں برف باری شروع ہو گئی ہے، جہاں 3 سے 4 فٹ تک برف باری ریکارڈ کی گئی، بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی میں بھی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری دوسرے روز بھی جاری ہے، قلعہ عبداللہ، پشین، مسلم باغ، قلعہ سیف اللہ، گلستان اور چمن میں بارش ہو رہی ہے، وادیٔ زیارت، کان مہترزئی اور توبہ اچکزئی میں درجہ حرارت منفی 7 تک گر گیا، گلستان، قلعہ عبداللہ، خانوزئی، کوژک ٹاپ پر درجہ حرارت منفی 3 ریکارڈ کیا گیا، دوسری طرف چمن میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    بلتستان بھر میں ایک بار پھر برف باری شروع ہو گئی ہے، اسکردو میں آج کم سے کم درجہ حرارت منفی 13 ریکارڈ کیا گیا، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت منفی 24 برقرار ہے، بلتستان بھر میں برف باری آیندہ 24 گھنٹے جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، میدانی علاقوں میں 2 انچ، بالائی علاقوں میں 5 انچ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

    لاہور میں قومی شاہراہوں پر اکثر مقامات پر بارش کے باعث پھسلن پیدا ہو گئی ہے، موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر ٹھوکر نیازبیگ، مانگا منڈی، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال، بہاولپور، احمد پورشرقیہ، موسیٰ وال، میاں چنوں، خانیوال، ملتان، بستی ملوک اور لودھراں میں بارش سے سڑکوں پر پھسلن ہے۔

  • اگلے 3 روز موسم کیسا رہے گا؟

    اگلے 3 روز موسم کیسا رہے گا؟

    کراچی: اگلے 3 روز موسم کیسا رہے گا، محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں اتوار سے منگل تک موسم خشک رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ رات اور صبح کے اوقات میں شمالی علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا، کوئٹہ، قلات اور گرد و نواح میں بھی رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم کی پیش گوئی ہے۔

    پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقے صبح اور رات کے اوقات میں دھند کی لپیٹ میں رہیں گے، سندھ اور بلوچستان میں منگل تک موسم خشک رہے گا، سکھر، جیکب آباد میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑے گی۔

    جب کہ کراچی شہر کے درجہ حرارت میں واضح تبدیلی آ گئی ہے، علی الصبح ٹھنڈی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت 13 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، آیندہ 24 گھنٹے مطلع صاف جب کہ موسم خشک رہے گا، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں ہوا 8 کلو میٹر کی رفتار سے چل رہی ہے، جب کہ ہوا میں نمی کا تناسب 57 فی صد ہے۔

    ادھر اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، برفیلی ہوائوں نے کالام اور استور میں درجہ حرارت منفی 7 تک گرا دیا، اسکردو اور دیر میں منفی 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ بلوچستان میں بھی موسم شدید سرد ہے، قلات میں درجہ حرارت منفی 4 اور کوئٹہ میں منفی 2 تک پہنچ گیا۔

  • جڑواں شہروں میں تیز آندھی، بارش سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص جاں بحق، پروازیں منسوخ

    جڑواں شہروں میں تیز آندھی، بارش سے درخت اکھڑ گئے، ایک شخص جاں بحق، پروازیں منسوخ

    اسلام آباد: جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں آندھی، طوفان اور تیز بارش سے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے، اسلام آباد میں درخت اکھڑ کر سڑکوں پر گر گئے جس سے سڑکیں بلاک ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی اور طوفانی بارش کے نتیجے میں نظام زندگی شدید متاثر ہو گیا ہے، بجلی کا نظام معطل ہو گیا، پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئیں۔

    اسلام آباد میں آندھی کی وجہ سے آئی جی کی ہدایت پر پولیس کی امدادی ٹیمیں تشکیل دی گئیں، ٹیمیں مختلف مقامات پر امدادی کاموں میں مصروف ہیں، راولپنڈی میں آندھی اور بارش کے پیش نظر پولیس، واسا اور ریسکیو 1122 کو الرٹ کر دیا گیا۔

    آندھی، طوفان اور تیز بارش سے اسلام آباد میں درخت سڑکوں پر گر گئے جس کی وجہ سے آبپارہ، آئی 8، جی 8 اور سرینا کے قریب سڑکیں بلاک ہو گئیں، راول جھیل کے قریب درخت گرنے سے ایک شخص زد میں آ کر جاں بحق ہو گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے ضلع بھر میں پولیس کی امدادی ٹیمیں متحرک کر دیں، اسلام آباد پولیس ضلع بھر میں مختلف جگہوں پر امدادی کاموں میں مصروف ہے۔

    دوسری طرف خراب موسم کے باعث اسلام آباد ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول مثاثر ہو گیا ہے، پی آئی اے اور دیگر ایئر لائنز کی 8 پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہیں۔

    تاخیر کا شکار ہونے والی پروازوں میں پی آئی اے کی اسلام آباد سے لاہور جانے والی پرواز پی کے 653، پی آئی اے کی اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز پی کے 309، اور ابوظبی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 231 شامل ہیں۔

    جب کہ منسوخ ہونے والی پروزاوں میں نجی ایئر لائن کی اسلام آباد تا کراچی دو طرفہ پروازیں پی اے 204 اور 205، نجی ایئر لائن کی اسلام آباد تا جدہ کی دو طرفہ پروازیں ایس وی 887 اور 886، اور دبئی سے اسلام آباد آنے والی نجی ایئر لائن کی پرواز پی اے 211 شامل ہیں۔

    ادھر ترجمان آئیسکو نے کہا ہے کہ آئیسکو کے پانچوں سرکلز میں شدید بارش اور طوفان کے باعث بجلی فراہم کرنے والے 300 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، درخت، سائن بورڈز گرنے سے بجلی کی تاریں ٹوٹنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

    آئیسکو کا کہنا ہے کہ ان کا عملہ الرٹ ہے، بارش رکنے پر بجلی کی بحالی کا کام شروع کر دیا جائے گا۔

    یہاں مانسہرہ شہر اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بھی آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، آندھی سے مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا، درخت اور سائن بورڈز گر گئے، گندم کی فصل بھی تباہ ہو گئی، جب کہ گھروں کی چھتیں اڑنے کی بھی اطلاعات ہیں۔ طوفانی بارش کے باعث شہر سمیت مختلف مقامات پر بجلی معطل ہو گئی ہے۔

  • یورپ میں بھی سردی کا راج برقرار، جرمنی میں شدید برف باری سے نظام زندگی منجمد

    یورپ میں بھی سردی کا راج برقرار، جرمنی میں شدید برف باری سے نظام زندگی منجمد

    میونخ: یورپ میں تا حال سردی کا راج برقرار ہے، جرمنی میں شدید برف باری کے باعث نظام زندگی منجمد ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپ کو بھی شدید سردی، تیز ہواؤں اور برف باری نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، چین میں بھی برف باری کے بعد نظارے مزید حسین ہو گئے۔

    [bs-quote quote=”سوئیٹزر لینڈ، آسٹریا اور پولینڈ میں بھی برف باری ہو رہی ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    جرمنی کے شہر میونخ میں شدید برف باری کا سلسلہ جاری ہے، دریا جمنے لگے، ہر شے برف سے ڈھک گئی۔

    برف باری کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، موٹر ویز پر منظر دھندلا گئے، گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

    میونخ ائیر پورٹ پر مسافر پھنس گئے، برف باری کے باعث متعدد پروازیں منسوخ ہو گئیں، محکمہ موسمیات نے مزید برف باری کی وارننگ جاری کر دی۔

    جنوبی اٹلی کے ساحل پر بھی اچانک برف گرنے سے ماحول شدید سرد ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے گزشتہ چار دن سے زندگی سخت مشکل ہو گئی ہے، دوسری طرف برف نے ساحل کو اس طرح سے ڈھک دیا ہے کہ مقامی لوگ دیکھ کر حیران ہو گئے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق سوئیٹزر لینڈ، آسٹریا اور پولینڈ میں بھی برف باری ہو رہی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  بالائی علاقوں میں 5 فٹ تک برف باری، راستے بند، لوگ مشکلات کا شکار


    ادھر چین کے شمال مغربی علاقوں میں بھی جہاں خون جما دینے والی سردی ہے وہاں برف باری کے بعد قدرت کے نظارے مزید نکھر گئے ہیں، برف سے ڈھکا گاؤں دیکھ کر لوگ حیران ہو گئے۔

    خیال رہے کہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برف باری ہو رہی ہے، سیاحتی مقام ناران میں 4 فٹ، جب کہ شوگران میں 3 فٹ تک برف پڑ چکی ہے، مالم جبہ میں ڈھائی فٹ اور اسکردو میں 4 سے 5 فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • آج ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    آج ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

    اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ آج، بہ روز جمعرات ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے ملک کے موسم کی صورتِ حال کے حوالے سے بتایا ہے کہ آج بیش تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    [bs-quote quote=”مالاکنڈ، گلگت بلستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اعلامیے میں بتایا کہ مالاکنڈ، گلگت بلستان اور کشمیر میں پہاڑوں پر برف باری بھی متوقع ہے، جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔

    دریں اثنا لاہور میں دھند اور فنی خرابی سے بند ہونے والے پاور ہاؤسز سے بجلی بحال کر دی گئی ہے، لیسکو کو طلب کے مطابق 2050 میگا واٹ بجلی فراہم کر دی گئی۔ ترجمان لیسکو نے بتایا کہ شہر میں اس وقت کسی قسم کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی۔


    یہ بھی پڑھیں:  دسمبر تو گزر گيا ليکن ٹھنڈا ٹھار موسم چھوڑ گيا


    واضح رہے کہ نئے سال کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں سردی بھی بڑھ گئی ہے، بلوچستان سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں سردی میں اضافہ ہوا جب کہ متعدد شہروں میں دھند کا بھی راج رہا۔