Tag: موسم کی خبریں

  • کل سے ہواؤں کی رفتارکم ہونے سے درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے

    کل سے ہواؤں کی رفتارکم ہونے سے درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے

    کراچی: شہر قائد کا موسم آج بھی سرد اور خشک رہے گا اور شہر میں تیز ہوائیں چلیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی کی شدت بڑھنے لگی ہے، رات گئے کم سے کم درجہ حرارت 8.8 ریکارڈ کیا گیا، محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں آج بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    کراچی میں سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ پر آ گیا ہے، صبح شہر کا درجہ حرارت 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، شہر میں ہوا 10 کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چل رہی ہے، آج رات سے سردی کی شدت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔

    چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کے مطابق کراچی میں کل سے ہواؤں کی رفتارکم ہونے کی پیشگوئی ہے، جس کی وجہ سے شہر میں درجہ حرارت مزید گر سکتا ہے۔

    انھوں نے بتایا کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں کوئٹہ کی سرد ہوائیں شہر میں داخل ہوں گی، جس کی وجہ سے 4 سے 5 جنوری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

    سردار سرفراز کے مطابق رواں ماہ دسمبر کے آخری ہفتے رات کا درجہ حرارت 8 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اور دن کا درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

    ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم سرد، پہاڑی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، مری، گلیات اور گرد و نواح میں ہلکی برف باری ہوگی، جب کہ کشمیر میں موسم شدید سرد اور چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برف باری کا امکان ہے۔

  • پاکستان میں آئندہ ہفتے کی موسمی رپورٹ جاری

    پاکستان میں آئندہ ہفتے کی موسمی رپورٹ جاری

    اسلام آباد: این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے آئندہ ہفتے کے لیے موسمی رپورٹ جاری کر دی۔

    رپورٹ کے مطابق آئندہ ہفتے پنجاب میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث میدانی علاقوں میں دھند اور اسموگ میں اضافہ متوقع ہے۔

    خطہ پوٹھوہار بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک اور صوبے کے شمال مشرقی علاقوں میں 23 دسمبر سے مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور موسم ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    صوبہ سندھ اور بلوچستان میں اگلے ہفتے کے دوران موسم خشک اور سرد رہے گا۔ خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی 21 تا 26 دسمبر موسم سرد اور خشک جب کہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑی علاقوں میں برف باری متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے نے مقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اسموگ سے متاثرہ علاقوں میں عوام گھر سے بلا ضرورت باہر نکلنے سے پرہیز کریں، اور پہاڑی علاقوں میں برف باری کے پیش نظر سفر کے دوران احتیاط برتیں۔

    برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن سے بچاؤ کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، اور بروقت معلومات کے لیے این ڈی ایم اے کی ایپ پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ استعمال کریں۔

  • ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا

    ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    کشمیر، خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان، جنوبی پنجاب اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ موسمیات اسلام آباد نے موسلادھار بارش کے باعث زیریں بلوچستان کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کے علاوہ شام/رات میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، خیبر پختونخوا میں دیر، سوات، شانگلہ، بٹگرام، ہری پور، صوابی، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ٹانک، خیبر، مہمند، باجوڑ، کرم، لکی مروت، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جب کہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

    پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، مری، گلیات، اٹک، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، لیہ، تونسہ، ڈی جی خان، ملتان، خانیوال، بہاولپور، راجن پور اور رحیم یار خان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، ژوب، بارکھان، کوہلو، سبی، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی، لورالائی، خضدار، آواران، گوادر، لسبیلہ اور گرد و نواح میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، زیریں بلوچستان میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔

    سندھ کے بیش تر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جیکب آباد، سکھر، شکارپور، قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، دادو، پڈعیدن، عمرکوٹ، تھرپارکر، میر پور خاص، بدین، سجاول اور ٹھٹھہ چند مقامات پر تیز ہواؤں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • موسم کی خبر: دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

    موسم کی خبر: دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان

    کراچی: شہر قائد میں آج موسم آج گرم اور مرطوب رہے گا، دن کے اوقات میں گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں درجہ حرارت 35 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جب کہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، کراچی میں ہوا میں نمی کا تناسب 67 فی صد ہے۔

    جنوب مغربی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، کراچی کا فضائی معیار بہتر ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج 42 ویں نمبر پر آیا، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 56 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ملک بھر کا موسم

    محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک جب کہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، بالائی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، چند مقامات پر تیز ہواؤں، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے، اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    خیبر پختونخوا کے بیش تر اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک میں آندھی اور جھکڑ چلنے، گرج چمک سے بارش کا امکان ہے، بنوں، کوہاٹ، کرم، خیبر، باجوڑ، چترال میں بھی آندھی اور جھکڑ چلنے اور گرج چمک سے بارش کا امکان ہے۔ سوات، دیر، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، صوابی، نوشہرہ اور پشاور میں چند مقامات پر آندھی اور جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

    پنجاب کے بیش تر بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی، بھکر، منڈی بہاؤالدین، لاہور اور گوجرانوالہ میں آندھی، جھکڑ چلنے اور گرج چمک سے بارش کی توقع ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک اور گرم رہے گا، بالائی سندھ میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے۔ کشمیر اور جی بی میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • آج بارش کہاں کہاں ہوگی؟

    آج بارش کہاں کہاں ہوگی؟

    کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیش تر علاقوں میں آج اتوار کو موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا۔

    بالائی کے پی، وزیرستان، جی بی، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، اسلام آباد اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، جب کہ چند مقامات پر بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

    خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، کرم اور جنوبی و شمالی وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک اور جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا، مری، گلیات، اٹک، راولپنڈی، جہلم اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش، بوندا باندی ہو سکتی ہے، جب کہ شام یا رات کے اوقات میں رحیم یار خان، خانپور، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان میں جھکڑ چلنے کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، ژوب، موسیٰ خیل اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے، سندھ کے بیش تر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، سکھر، کشمور اور جیکب آباد میں شام یا رات میں تیز ہواؤں اور جھکڑ چلنے کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ جب کہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • ملک کے میدانی علاقوں میں سردی نے زور پکڑ لیا

    ملک کے میدانی علاقوں میں سردی نے زور پکڑ لیا

    ملک کے میدانی علاقوں میں سردی نے زور پکڑ لیا ہے، بالائی علاقوں میں کہیں بارش کہیں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیش تر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ بالائی خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں بھی ہلکی با رش اور بوندا باندی کی توقع ہے، پنجاب، کے پی کے میدانی علاقوں، اور بالائی سندھ میں صبح اور رات میں دھند اور اسموگ رہنے کا امکان ہے، پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں بھی شدید دھند کا امکان ہے۔

    اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے، خیبر پختون خوا کے بیش تر بالائی اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابرآلود رہے گا، دیر، چترال، سوات، کوہستان، بالاکوٹ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اور مردان میں بارش، جب کہ صوابی، مالاکنڈ، وزیرستان اور کرم میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

    صوبہ پنجاب کے بیش تر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین میں بونداباندی اور بارش کا امکان ہے، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور اور حافظ آباد میں بھی بوندا باندی کا امکان ہے۔

    ساہیوال، سرگودھا، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، خان پور، رحیم یار خان، سیالکوٹ، حافظ آباد، گجرات، منڈی بہاؤالدین، جہلم، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے بیش تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ شمالی اضلاع میں شدید سردی اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، سندھ کے بیش تر اضلاع میں بھی موسم خشک رہے گا، جیکب آباد، موہن جودڑو، سکھر، لاڑکانہ ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں دھند اور اسموگ کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

  • برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    برطانیہ میں ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کی پیش گوئی

    لندن: کرونا وبا کے بعد چالیس سال کی بد ترین مہنگائی کا سامنا کرنے والا برطانیہ اب ایک اور بڑی ’مصیبت‘ کا سامنا کرنے والا ہے، محکمہ موسمیات نے ملک شدید ترین سرد موسم پیش گوئی کی ہے۔

    برطانوی میڈیا کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں رواں ہفتے شدید برف باری ہوگی، درجہ حرارت نقطہ انجماد سے دس ڈگری نیچے جا سکتا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اس ہفتے برطانیہ میں شدید سرد موسم آنے والا ہے، جہاں راتوں رات درجہ حرارت -6C (21F) تک گر جائے گا۔ ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے سرد موسم کا تیسرے درجہ کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات نے اسکاٹش ہائی لینڈز میں نچلی سطح پر 2 انچ اور سطح سمندر سے 650 فٹ بلندی والے علاقوں میں 4 انچ تک برف پڑنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

    روسی تیل پر قیمت کی حد، ماسکو نے پہلے ہی سے تیار ہونے کا انکشاف کر دیا

    حکومت نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے اقدامات کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

    درجہ حرارت اتنا کم ہوگا کہ ملک میں کہیں بھی برف پڑ سکتی ہے، لوگوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ توانائی کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود اپنا ہیٹنگ استعمال کریں، اور ان لوگوں کا خاص طور پر خیال رکھیں‌جو کمزور ہیں۔

  • کراچی میں آج بوندا باندی کا امکان

    کراچی میں آج بوندا باندی کا امکان

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں آج مطلع مکمل و جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، صبح اور شام کے اوقات میں بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر قائد میں آج بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، صبح اور شام کے اوقات میں بوندا باندی کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج مطلع مکمل و جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے، کم سے کم درجہ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    اس وقت شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، شہر میں 12 تا 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جنوب مغربی ہوا چل رہی ہے۔

  • اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری

    گلگت بلتستان: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت دیگر علاقوں میں 24 گھنٹے کے دوران 9 انچ تک برف باری ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسکردو میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے برف باری جاری ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلی صبح تک برف باری جاری رہنے کا امکان ہے۔

    اسکردو شہر کا درجہ حرارت منفی 8، بالائی علاقوں میں منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران شدید برف باری کی پیش گوئی کر دی ہے، گلگت بلتستان حکومت اور انتظامیہ کو بر وقت اقدامات کا خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

    رواں موسم سرما میں یہ اب تک کی شدید برف باری ہے، برف باری کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں، بالائی علاقوں کے راستے بھی شدید برف باری سے بند ہو گئے ہیں، اسکردو گلگت روڈ بھی بند ہو چکا ہے۔

    شمالی بلوچستان کے بیش تر علاقوں میں بارش اور برف باری رک گئی ہے، چمن میں منفی 3، کوژک ٹاپ میں منفی 7، دوبندی میں منفی 5 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، کوژک ٹاپ پر برف باری کے باعث کوئٹہ چمن شاہراہ بند ہو گئی ہے، برف باری اور بارشوں سے کچے مکانات اور دیواریں گر گئی ہیں، چمن میں مکانات کے گرنے سے 6 افراد جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہو چکے ہیں، مواصلاتی نظام بھی متاثر ہے، بجلی متعدد علاقوں میں 3 روز سے غائب ہے۔

    مستونگ میں بھی برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، رابطہ سڑکیں تاحال بند ہیں ، دشت، اسپلنجی اور دیگر علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہے، کوئٹہ کراچی شاہراہ لکپاس کے مقام پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے جزوی بحال کر دی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور دیگر ادارے امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

    خیبر پختون خوا میں مالاکنڈ ڈویژن میں وقفے وقفے سے بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، چترال میں شدید برف باری سے کئی سڑکیں بند ہو چکی ہیں، محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لواری کے مقام پر شدید برف باری کی وجہ سے ٹریفک معطل ہے، وادی کیلاش، دروش، گرم چشمہ روڈ اور چترال بونی روڈ شدید برف باری سے بند ہیں۔ شانگلہ میں بارش کے ساتھ برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

  • شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    شمالی علاقہ جات میں سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

    اسکردو: ملک کے بالائی علاقوں میں پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جس کے بعد سردی کا 20 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسکردو سمیت بالائی علاقوں میں سردی نے 20 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے قبل 1999 میں اسکردو میں درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا تھا۔

    گزشتہ چند روز سے بلتستان میں شدید سردی ہے اور پارہ منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ہے۔ بالائی علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    شدید سردی کے سبب شمالی علاقوں کے ندی، نالے اور دریا جم گئے ہیں، آئندہ 24 گھنٹے کے بعد موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ کل سے بالائی علاقوں میں ایک بار پھر برفباری کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بھی اسکردو ملک کا سرد ترین شہر قرار دیا گیا ہے۔ ٹھنڈ بڑھنے سے بلتستان کے بالائی علاقوں میں شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

    شیلا، گلتری اور شغر تھنگ کا زمینی رابطہ ایک ماہ سے بدستور بند ہے اور لوگوں نے حکومت سے فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے۔